جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع پولیس پونچھ کی جانب سے مینڈھر میں ایک شاندار اور پْروقار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس باوقار تقریب میں پولیس، آرمی اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سابقہ ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرمین، سرپنچ حضرات اور سول سوسائٹی کے معززین بھی موجود رہے۔یہ افطار پارٹی ماہِ مقدس رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد عوام اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانا اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کے دوران شرکاء نے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارا اور اجتماعی طور پر روزہ افطار کیا۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات معاشرے میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط بناتی ہیں اور مختلف طبقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی ہم آہنگی اور اعتماد کی فضا قائم رکھنے کے لیے ایسے پروگراموں کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔مقررین نے ضلع پولیس پونچھ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر ضلع پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔