مینڈھر//سرحدی علاقوں کی عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر شہزاد ملک نے کہاکہ ان علاقوں میں طبی خدمات کا حال شرمناک ہے اور لوگ بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں ۔ سب ڈیویژن مینڈھر کے اڑی اور جابہ علاقوں میں لوگوں کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ مینڈھر میں طبی خدمات کی فراہمی کے دعوے سراب ہیں اور سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں بھی خدمات فراہم نہیں جس کے نتیجہ میں معمولی سے علاج کیلئے مریضوں یا زخمیوں کو یاتو راجوری یاپھر گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں جاناپڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے اور حاملہ خواتین اس طرح کے نظام سے بری طرح سے متاثر ہورہی ہیں جبکہ سرحدی کشیدگی میں متاثر ہونے والے افراد کو بھی علاج کی سہولت نہیں ملتی ۔ ڈاکٹر شہزاد ملک نے کہاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آزادی کے ستر سال بعد بھی لوگوں کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں اور نہ ہی مقامی نمائندوں کی طرف سے ان کے مسائل کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں نے یہاں کی عوام کو طبقوں میں تقسیم کررکھاہے اور ان کا اسی سے کام چلتاہے اوراسے سے وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔