عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر// ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل منکوٹ کے گاوں گھانی (ڈھلہ) سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون فریدہ بی زوجہ ذاکر حسین جٹ پر کچھ افراد نے مبینہ طورپر حملہ کر کے اُس کو شدید زخمی کردیا ۔متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان محمد فیصل ولد محمد کبیر، محمد کبیر ولد نور حسین، ریحان علی عرف کالا، محمد سجاد، علی بیگم زوجہ محمد کبیر، شاہ بیگم دختر بیرو (ساکنان اْچھاد/گھانی، محلہ ہری گلہ، تحصیل مینڈھر) اور مقبول حسین ولد باکا محمد ساکن بلہار (ساگرہ) نے ان اور ان کے کمسن بچوں کے ساتھ مبینہ طور پر شدید تشدد کیا۔
فریدہ بی نے بتایا کہ ان کا شوہر سعودی عرب میں ہے جبکہ وہ اپنے دو کمسن بیٹوں کے ساتھ مقامی گائوں میں مقیم ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مارچ 2025 میں محمد فیصل نے ان سے دو بیل ایک لاکھ دس ہزار روپے میں خریدے تھے اور ایک ماہ کے اندر ادائیگی کا وعدہ کیا تھا، تاہم متعدد بار تقاضوں کے باوجود رقم ادا نہیں کی گئی۔خاتون کے مطابق 10 اپریل 2026 کی رات کو ملزم محمد فیصل نے انہیں فون کر کے اگلی صبح رقم لینے کے لیے بلایا۔ جب وہ 11 اپریل کی صبح تقریباً 7 بجے ملزم کے گھر پہنچیں تو وہاں پہلے سے موجود تمام ملزمان نے انہیں روک کر لاٹھیوں اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وہ بمشکل موقع سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں، تاہم ملزمان نے ان کا پیچھا کیا اور ان کے کمسن بیٹوں طیب ذاکر اور شعیب ذاکر کو بھی بے رحمی سے مارا پیٹا۔ اس حملے میں خاتون اور ان کے بچوں کو شدید چوٹیں آئیں۔مقامی افراد کے موقع پر پہنچنے کے بعد صورتحال پر قابو پایا گیا اور متاثرہ خاندان کی جان بچائی گئی۔ بعد ازاں زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا جہاں خاتون زیرِ علاج ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔متاثرہ خاتون نے حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور تمام ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل سمیت متعلقہ دفعات کے تحت فوری معاملہ درج کیا جائے۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہے ۔