جاوید اقبال
مینڈھر// رام کنڈ میلے کے آخری روز خطہ پیر پنجال کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور اپنی مذہبی عقیدت کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر دور دراز علاقوں سے آئے زائرین نے مندر کے درشن کیے اور مذہبی رسومات ادا کیں۔میلے کے دوران عقیدت مندوں نے مقدس جل میں اشنان کر کے اپنی روحانی وابستگی کا اظہار کیا، جبکہ پورا ماحول مذہبی جوش و خروش اور عقیدت سے سرشار رہا۔
مختلف مقامات سے آئے ہوئے لوگوں نے نہ صرف عبادات میں حصہ لیا بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارے اور ہم آہنگی کا مظاہرہ بھی کیا۔انتظامیہ کی جانب سے میلے کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے موقع پر تعینات رہے اور زائرین کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔اس کے علاوہ بنیادی سہولیات جیسے پانی، طبی امداد اور صفائی ستھرائی کے بھی مناسب انتظامات کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ میلے میں شریک افراد نے انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق رمکنڈ میلہ نہ صرف مذہبی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہ خطہ پیر پنجال کی ثقافت اور روایات کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ میلے کے اختتام پر زائرین نے علاقے میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے دعائیں کیں۔