محتشم احتشام
پونچھ//مغل شاہراہ پر رواں سرما کے دوران ٹریفک کی مسلسل بحالی پر جہاں ضلع پونچھ کے عوام نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے، وہیں اب بڑی مسافر گاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات نے ایک نئی تشویش کو جنم دیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایس آر ٹی سی اور نجی بڑی بسوں کو مغل شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس سال ضلعی انتظامیہ نے برف باری کے باوجود مغل شاہراہ کو کھلا رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کیے، جس سے پونچھ اور وادی کشمیر کے درمیان زمینی رابطہ برقرار رہا۔ ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام نے کہا کہ برف ہٹانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں غیر معمولی مستعدی دکھائی گئی۔ اسی طرح ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں فاروق قیصر اور ان کی ٹیم نے بھی مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے مسافروں کو سہولت فراہم کی تاہم، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں پر انحصار نے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ایک مقامی طالب علم نے بتایا کہ اسے سری نگر جانے کیلئے چھوٹی گاڑی میں دوگنا کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے، جو اس کے لیے مالی بوجھ بن چکا ہے۔ اسی طرح ایک مریض کے لواحقین نے شکایت کی کہ مریض کو ہسپتال لے جانے کے دوران نہ صرف زیادہ کرایہ دینا پڑتا ہے بلکہ سفر بھی غیر آرام دہ ہوتا ہے۔تاجروں نے بھی اپنی پریشانیوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی گاڑیوں کی عدم دستیابی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ ایک مقامی دکاندار کے مطابق مال کی ترسیل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس سے نہ صرف اخراجات بڑھ رہے ہیں بلکہ منافع بھی کم ہو رہا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ اگر بڑی بسوں کی سروس بحال کر دی جائے تو مسافر مناسب کرایہ ادا کر کے آرام دہ سفر کر سکیں گے، جس سے طلبہ، مریضوں اور عام شہریوں کو بڑی راحت ملے گی۔ انہوں نے مغل شاہراہ کو خطے کی معاشی اور سماجی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بس سروس کی بحالی سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ علاقائی تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس عوامی نمائندوں کی موجودگی میں مغل شاہراہ پر بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا، جس سے لوگوں کو کافی سہولت حاصل ہوئی تھی۔ سابق سرپنچ عبدالرزاق خاکی اور نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما شہزاد احمد خان نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد مثبت فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کے عوام اب انتظامیہ کے حتمی اقدام کے منتظر ہیں تاکہ مغل شاہراہ پر بڑی مسافر بسوں کی بحالی کے ذریعے ایک محفوظ، سستا اور آرام دہ سفری نظام ممکن بنایا جا سکے۔