پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں کھڑی کرماڑہ میں موجود گردوارہ یاد گار بھائی بہادر سنگھ جی میں منعقدہ بیسواں مہان گورمت سماگم اختتام پزیر ہوا۔اس موقعہ پربڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پرانتظامیہ کی طرف سے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے۔اس موقعہ پر گردوارہ صاحب کے تاریخی پس منظر سے بھی لوگوں کو آگاہ کیا گیا۔ امرتسر کے بھائی سرندر سنگھ جودپوری کے ہضوری راگی جتھہ کے علاوہ لکھنؤ کے بھائی لکھوندر سنگھ خصوصی طور پر مدعو کئے گئے تھے۔ اس موقعہ پر گورو نانک دیو جی کی تعلیمات سے بھی عقیدت مندوں کو روشناس کرایا گیا۔ جگجیت سنگھ، جسونت سنگھ، سرتاج سنگھ، گوراسس سنگھ، منمیت سنگھ کے راگی جتھوں نے بھی گوربانی کیرتن کیا۔اس موقعہ پر ایم ایل سی چرنجیت سنگھ خالصہ نے انتظامات کی سراہنا کی اور کہا کہ ایسے پروگرام کرناوقت کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سابقہ ایم ایل سی ترلوچن سنگھ وزیر نے بھی خطاب کیا اور عقیدت مندوں پر زور دیا کیا گرنتھ صاحب کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔آل انڈیا سکھ سٹوڈنٹ فیڈریشن کے ہرچرن سنگھ خالصہ نے سکھ طبقہ کے مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم پیش کیا۔نو تعینات شدہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو، ایس ایس پی راجیو پانڈے، اے ایس پی انوار الحق، ڈی وائی ایس پی موہن لال شرما، منیش گپتا کمانڈر 93 انفرا بریگیڈ،جج عدنان سعید کے علاوہ کئی مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔