ہر شکایت کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ،مؤثر اَزالے پر زور
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج یہاں بینکٹ ہال میں ایک’ میگا عوامی رابطہ پروگرام‘ کی صدارت کی جس میں متعدد عوامی وفود، اَفراد اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے مسائل، شکایات اور ترقیاتی مطالبات پیش کئے۔وزیر موصوفہ نے شرکأ سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل بغورسُنا اور یقین دِلایا کہ حکومت عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ’عوامی رابطہ پروگرام‘ اِنتظامیہ اور لوگوںکے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے اور حکمرانی کو شہریوں کی ضروریات کے لئے زیادہ قابل رَسائی اور جوابدہ بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کے اَزالے میں فعال کردار اَدا کریں اور شکایات کو مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر شکایت کو سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ دیکھا جائے اور جوابدہ حکمرانی سرکاری اِداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے ناگزیر ہے۔سکینہ اِیتونے کہا، ’’عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
اَفسران کو یقینی بنانا ہوگا کہ پیش کئے گئے مسائل مقررہ مدت کے اندر حل ہوں اور شہریوں کو سرکاری خدمات حاصل کرنے میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘اُنہوںنے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے مختلف محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی ضروری ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدہ فیلڈ وزٹ کریں، زمینی سطح پر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں اور عوام کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور حل کرنے کے لئے ان کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھیں۔پروگرام کے دوران مختلف وفود نے صحت سہولیات میں توسیع، تعلیمی اِداروں کی اَپ گریڈیشن، سڑکوں کی بہتری، صحت و تعلیم کے محکموں میں خالی اَسامیوں کو پُر کرنے، شہری سہولیات میں بہتری اور مستحق افراد کو مختلف فلاحی سکیموں میں شامل کرنے جیسے مطالبات پیش کئے۔ وزیر سکینہ اِیتونے متعدد معاملات میں موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیںاورمتعلقہ محکموں کو مزید جائزے کی ضرورت والے معاملات پر ایکشن ٹیکن رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دِی۔اِس دوران سکینہ ایتو نے کل جموں و کشمیر میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ کی کارکردگی اور کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک جامع جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ وزیر نے سرکاری صحت کی دیکھ بھال کے اداروں میں معیاری ادویات ، سرجیکل استعمال کی اشیاء ، تشخیصی سامان اور طبی آلات کی بلا تعطل دفستیابی کو یقینی بنانے میں جے کے ایم ایس سی ایل کے اہم کردار پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی خدمات کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی صحت کا خیال رکھنے کیلئے ایک ذمہ دار اور اچھی طرح سے نگرانی کا نظام بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔