ٹنگمرگ//سیاحتی مقامات درنگ ٹنگمرگ اور یوسمرگ میں مواصلاتی نظام ناقص ہونے کے نتیجے میں سیلانیوںاورمقامی آبادی کوسخت مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔کورونا معاملات میں کمی آنے کے ساتھ ہی لوگوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرنا شروع کردیا ہے لیکن کئی سیاحتی مقامات پر پہنچ کر سیلانیوں کو موبائل نیٹ ورک کی عدم فراہمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوراگر کہیں نیٹ ورک ہے تو وہ بہت ناقص ہوتا ہے۔یہی حال ٹنگمرگ سے تین کلو میٹر دور درنگ علاقے کا بھی ہے۔یہ علاقہ بہت خوبصور ت ہے اور گلمرگ جانے والے لوگ درنگ کی خوبصورتی اور ٹھنڈے پانی سے بھی لطف اندوز ہونا پسند کرتے ہیں۔یہاں پہنچنے والے سیلانیوں کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن سے محض تین کلو میٹر دور ہونے کے باوجود یہاں موبائل نیٹ ورک انتہائی ناقص ہے بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ یہاں پہنچتے ہی انسان دنیا سے کٹ کر رہ جاتا ہے تو بیجا نہ ہوگا۔سیلانیوں اور مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور موبائل کمپنیوں کے منتظمین سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ادھر یوسمرگ میں بھی مواصلاتی ٹاور نصب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ یوسمرگ ایک صحت افزاءمقام ہے اور قدرتی حسن سے مالا مال ہے لیکن حکام نے اس سیاحتی مقام کو مکمل طور نذر انداز کیاہے جس کی وجہ سے یہاں پہنچنے والے سیلانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔