مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی پنچایت بلنوئی میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حد متارکہ کے قریب آباد پنچایت میں اس وقت کوئی بھی سڑک قابل استعمال نہیں جس کی وجہ سے فائرنگ کے دوران بھی مقامی لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنے کے بعد سڑک میں جانا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں 13کلو میٹر سڑک کی تعمیر حالیہ کئی برسوں سے مکمل نہیں ہو سکی جبکہ پنچایت کی 7وارڈوں کے مکینوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن اضافہ ہوتا جاریا ہے ۔لوگوںنے کہاکہ کسی بھی ایمر جنسی کے اوقات میں مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنا پڑتی ہے ۔اسی طرح علا قہ میں قائم کر دہ ہیلتھ سنٹر بھی برائے نام ہے جس میں سٹاف کیساتھ ساتھ ادویات کی قلت ہر وقت رہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلنوئی علا قہ میں قائم ہائی سکول میں اس وقت سٹاف کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل تاریک ہو تا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ سٹاف کی قلت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ مقامی اور ریاستی انتظامیہ سے بھی اپیل کی گئی لیکن ابھی تک طلباء کو سہولیت دستیاب نہیں کروائی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیا جارہاہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ کی 3ہزا ر سے زائد آبادی ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے تاہم انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بلنوئی پنچایت میں بنیادی سہولیات دستیاب کرنے کیلئے متعلقہ محکموں اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔