عشرت حسین بٹ
پونچھ//منڈی میں بی ایس ایف کیمپ کھیت کے قریب پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی اچانک بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں سوار افراد کو چوٹیں آئیں۔زخمیوں کی شناخت محمد اشرف ولد محمد مشتاق سکنہ جالیاں اعظم آباد اور مجید ولد غلام محمد سکنہ کالس چھمبر کے طور پر ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لئے قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعہ کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق حادثہ تیز رفتاری یا گاڑی پر قابو نہ رہنے کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔چوکیدار فاروق احمد سکنہ کھیت، ساوجیاں نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بروقت امدادی کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ مقام پر ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔