منجاکوٹ //پیر پنچال پیپلز ویلفیئرفورم نامی تنظیم نے منجاکوٹ علاقے کے ساتھ امتیاز برتنے کا الزام عائد کیاہے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے چیئرمین استخار علی خان نے الزام لگایاکہ موجودہ حکومت راجوری بالخصوص منجاکوٹ علاقے کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے اور یہاں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو کئی طرح کی مشکلات درپیش ہیں ، ان کے آدھار کارڈ نہیں بن رہے ، سڑک روابط نہ کے برابر ہیں جبکہ بجلی اور پانی کی سپلائی کا حال بھی خراب ہے لیکن حکومت کوئی اقدام نہیں کررہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ علاقے میں طبی سہولیات بھی فراہم نہیں اور نہ ہی لوگوں کو مرکزی معاونت والی سکیموں سے فائدہ دیاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ منجاکوٹ کے لوگ دن بدن پسماندگی کاشکار بنتے جارہے ہیں اور ان کے مسائل کا کہیں حل نہیں ہورہا۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل پر کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہاہے۔ انہوںنے حکومت سے مانگ کی کہ عوامی مسائل پر توجہ دے کر انہیں حل کیاجائے اور لوگوں کے ساتھ سوتیلا سلوک نہ کیاجائے ۔ اس موقعہ پر محمد افسر ، محمد نواز شاہ ، محمد وکیل مرزا ودیگران بھی موجودتھے ۔