سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے سندربنی سیکٹر میں مناورتوی دریا میں لاپتہ ہونے والے فوج کے ایک جوان کی لاش منگل کے روز تلاش و بچاؤ ٹیموں نے دریا سے برآمد کر لی۔ مذکورہ فوجی جوان پیر کے روز تربیتی مشق کے دوران دریا میں ڈوب کر لاپتہ ہو گیا تھا جس کے بعد فوج اور سول انتظامیہ نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاش مہم شروع کی تھی۔اطلاعات کے مطابق سپاہی اکشیت شرما، جو فوج کی 9 پنجاب رجمنٹ سے وابستہ تھے، سندربنی کے کھوڑ علاقہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سیکٹر میں جاری ایک آپریشنل مشق میں حصہ لے رہے تھے۔ اسی دوران وہ اچانک مناورتوی دریا میں بہہ گئے۔
بعد ازاں یہ واضح ہو گیا کہ سپاہی دریا میں ڈوب گئے ہیں۔ مناور توی دریا راجوری سے نکل کر کھوڑ کے راستے آگے بڑھتا ہے اور بعد میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہو جاتا ہے۔واقعہ پیش آنے کے بعد پیر کے روز ہی فوج نے بڑے پیمانے پر تلاش و بچاؤ آپریشن شروع کیا جس میں سول انتظامیہ کی ٹیمیں بھی شامل ہو گئیں۔ مسلسل جاری اس آپریشن کے دوران منگل کی دوپہر کو غوطہ خوروں اور ریسکیو ٹیموں نے دریا کے پانی کے اندر سے سپاہی کی لاش کو تلاش کر لیا جس کے بعد اسے باہر نکال لیا گیا۔فوج کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور تمام افسران و جوانوں نے 9 پنجاب رجمنٹ کے سپاہی اکشیت شرما کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے 10 مارچ کو ایک تربیتی مشق کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔فوج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وائٹ نائٹ کور غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور بہادر جوان کے اہل خانہ کے لئے صبر و ہمت کی دعا کرتی ہے۔واقعہ کے بعد فوجی حلقوں اور مقامی سطح پر بھی غم کی فضا پائی جا رہی ہے اور سپاہی اکشیت شرما کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔