نئی دلی //مہاراشٹر میں پولیس نے سات کلوگرام (15.4 پاؤنڈ) قدرتی یورینیم ضبط کر کے انتہائی تابکار مادہ 'غیر قانونی طور پر رکھنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ مہاراشٹرا میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے مطابق ضبط شدہ مواد کی مالیت تقریباً 29لاکھ ڈالر ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔مہاراشٹر پولیس نے بتایا کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جگر پانڈیا نامی شخص غیر قانونی طور پر یورینیم مادہ کے ٹکڑے بیچنے جارہا ہے، اس کو پکڑنے کے لیے جال بچھایا گیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس کیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ابو طاہر نامی شخص نے اسے یہ یورینیم کے ٹکڑے دیے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ جب طاہر کو پکڑا گیا تو اس سے بھاری مقدار میں مادہ برآمد ہوا۔ ایک رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ضبط شدہ مواد انتہائی تابکار تھا۔