سری نگر//اَیڈیشنل چیف سیکرٹری فائنانس ڈیپارٹمنٹ اَتل ڈولو نے ڈیجیٹل پے منٹس پر مرکزی حکومت کے ’ڈیجیٹل اِنڈیا مشن‘ کے تحت ایک روزہ ورکشاپ میں شرکت کی جس کا اہتمام یہاں ایس کے آئی سی سی میں نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف اِنڈیا (این پی سی آئی ) ، گورنمنٹ آف اِنڈیا ، فائنانس ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر نے کیاتھا۔فائنانشل کمشنر فائنانس (ایڈیشنل چیف سیکرٹری ) اَتل ڈولو جو اِس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے، نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ڈیجیٹل پے منٹس میں بہت آگے بڑھ چُکا ہے او رجموںوکشمیر بھی مالیاتی شمولیت کے حصول کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ’ ڈیجیٹل اِنڈیا مشن‘ کو ڈیجیٹل طور پر بااِختیار سوسائٹی اور علمی معیشت میں تبدیل کرنے کا ایک نظریہ ہے جس میں لوگوں اور معیشت کے دیگر شراکت داروں کے درمیان فیس لیس ، کیش لیس او رکانٹیکٹ لیس لین دین ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان ڈیجیٹل اِنقلاب کی راہ پر گامزن ہے اور مختلف ایجنسیوں جیسے فنٹیک پلیئرس، ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والے اور بینکوں کے درمیان تعاون میں اِضافہ ہوا ہے۔اَتل ڈولو نے کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کے دوران بڑھتے ہوئے لین دین پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وَبائی بیماری نے ڈیجیٹل پے منٹ کی صنعت کو فروغ دینے کا ایک بڑا موقع پیش کیا ہے۔اُنہوں نے ٹرانزیکشن کے ڈیجیٹل موڈ کو لین دین کا سب سے آسان طریقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پے منٹس کے دوران رازداری کے علاوہ زیادہ شفاف او ر جواب دہی ہے۔اُنہوں نے ڈیجیٹل پے منٹس کے کردار پر مزید روشنی ڈالی اور کہا کہ بنیادی ہدف مالی شمولیت او رلوگوں کی معاشی ترقی بالخصوص معاشی طور پر محروم لوگوں کے لئے ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے گئے ہیںجہاں ہر ایک کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے اور سب کو فائدہ پہنچے گا۔ڈائریکٹر جنرل بجٹ ایم وائی اِیتو ، ڈائریکٹر جنرل آڈِٹ اینڈ انسپکشن فیاض احمد لون ، کمشنر سٹیٹ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ شوکت اعجاز بٹ ،سٹیٹ نوڈل آفیسر ( این پی سی آئی ) جے اینڈ کے وِکاس سیروہی ، محکمہ خزانہ کے سینئر اَفسران ، مختلف محکموں کے نمائندے ، جے ایند کے بینک اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفراد نے ایک روزہ ورکشاپ میں حصہ لیا۔