سرینگر//پنڈت برادری ایک اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت نیشنل کانفرنس اقلیتی سیل کے صدر پنڈت ایم کے یوگی کررہے تھے، نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقی ہوا۔ اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی موجود تھے۔ وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو اُن مصائب اور مشکلات سے آگاہ کیا جو مہاجر پنڈتوں کو باہرکی ریاستوں میں درپیش ہیں۔ وفد نے کہا کہ جموں میں مقیم مہاجر پنڈتوںکو معقول رہائشی سہولیات میسر نہیں ہیںجس کی بناء پرانہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کو رات کے اندھیرے میں جس سازش کے تحت کشمیرچھوڑ کرچلے جانے کیلئے مجبور کیا گیا اُس کی سچائی ابھی تک سامنے کیوں نہیں لائی جارہی ہے؟ جن لوگوں نے پنڈتوں کو ہجرت کرنے کیلئے مجبور کیا انہوں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو اڑھائی ماہ کے اندر اندر واپس اپنے گھروں کو واپس لایا جائیگا لیکن 31سال گزر جانے کے باوجود بھی ایسا نہیں ہوا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کو کشمیرسے چلے جانے کیلئے مجبور کرنے کے پیچھے کشمیریوں کو بدنام کرنے کابھی ایک مقصد تھا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موقعہ پرست اور مفاد پرست عناصر اپنے حقیر مفادات کیلئے کشمیری پنڈتوں کا استحصال کررہے ہیں اور ہماری پنڈت برادری آسانی سے ان عناصر کے بہکائوے میں آجاتے ہیں۔ انہوں نے پنڈتوں پر زور دیا کہ وہ آپسی صفوں میں اتحاد قائم کریں کیونکہ آپ لوگ ٹولیوں میں بٹ کر رہ گئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے ، یہی نیشنل کانفرنس کا موقف رہا ہے اور آج بھی ہے ،ہماری جماعت اپنے پنڈت بھائیوں کی باعزت واپسی کے متمنی ہیں۔ اس موقعے پر گذشتہ روز نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والے شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپورٹرس، پنچ اور سرپنچ بھی موجود تھے۔