مغل شاہراہ کی ’بحالی مہم ‘ | شدید برفباری کے باعث برف صاف کرنے کا کام متاثر

سمت بھارگو
راجوری//تاریخی مغل روڈ پر برف صاف کرنے کا کام منگل کو شدید برف باری کے باعث متاثر ہوا اور پیر کی گلی کے قریب سڑک پر چند معمولی برفانی تودے بھی گرے۔مغل روڈ ایک اہم سڑک لنک ہے جو وادی کشمیر کے شوپیاں ضلع کو جموں صوبے کے پونچھ ضلع سے جوڑتا ہے اور یہ پونچھ ضلع کے بفلیاز سے شروع ہو کر شوپیاں ضلع کے ہیر پورہ تک جاتا ہے۔مغل شاہراہ پر برف صاف کرنے کا آپریشن تین ہفتے قبل شروع کیا گیا تھا اور اس آپریشن کے لئے جموں کشمیر میکینکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی مشینری کو تعینات کیا گیا تھا۔جونیئر انجینئر مبشر زرگر نے بتایا کہ برف باری کا آپریشن زور و شور سے جاری ہے اور بفلیاز کے نقطہ آغاز سے 42 کلومیٹر تک سڑک کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔پیر کی گلی تک 1.5 کلومیٹر سڑک اب بھی برف کی زد میں ہے جسے صاف کیا جانا ہے۔انجینئر مبشر زرگر نے تاہم کہا کہ منگل کو برف صاف کرنے کا کام اس وقت متاثر ہوا جب پیر کی شام خراب موسم کے باعث علاقے میں تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ بفلیاز کی جانب سے 42 کلومیٹر کا حصہ صاف ہے لیکن 1.5 کلومیٹر ابھی صاف ہونا باقی ہے اور اب برف کی صفائی کا دوبارہ شروع ہونا مناسب موسمی حالات پر منحصر ہے۔