برفباری کے دوران پھنسے مسافروں کو ریسکیو کیا گیا، غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل
سمت بھارگو
راجوری//مغل روڈ پر پیش آئے ایک بڑے برفانی تودے کے واقعہ کے بعد بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے بروقت اور منظم کارروائی کرتے ہوئے 20 سے زائد گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا۔ یہ واقعہ 26 اور 27 مارچ کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب شوپیاں سے پونچھ کی جانب جانے والی متعدد گاڑیاں اچانک برفانی تودے کی زد میں آکر پھنس گئیں۔اطلاعات کے مطابق شدید برفباری کے باعث پیر کی گلی اور بفلیاز کے درمیان مغل روڈ کا ایک حصہ برفانی تودے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں کئی گاڑیاں راستے میں ہی رک گئیں اور مسافر شدید مشکلات میں گھر گئے۔79 روڈ کنسٹرکشن کمپنی (آر سی سی) کے آفیسر کمانڈنگ ایشش رنجن نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر کارروائی شروع کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات کے باوجود متعلقہ جونیئر انجینئر نے فوری طور پر مشینری اور عملے کو متحرک کیا۔ریسکیو آپریشن کے دوران کھدائی کرنے والی مشینوں (ایکسکیویٹرز) اور افرادی قوت کی مدد سے تمام پھنسے ہوئے گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ بروقت کارروائی کی بدولت کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جو کہ ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔بی آر او کے اہلکاروں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت نے نہ صرف مسافروں کو محفوظ نکالا بلکہ مغل روڈ کے متاثرہ حصے پر ٹریفک کی بحالی کو بھی ممکن بنایا۔ادھر حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، خاص طور پر سیاحت یا تفریح کے مقصد سے سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔آفیسر کمانڈنگ نے خبردار کیا کہ رات کے وقت ریسکیو اور سڑک کی صفائی کے کام انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں اور کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مقررہ اوقات میں ہی سفر کیا جائے اور راستے میں غیر ضروری طور پر رکنے سے اجتناب کیا جائے، خاص طور پر پیر کی گلی ٹاپ جیسے حساس مقامات پر سیاحتی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔