سرینگر//معروف گلوکارہ حقانی جمیلہ خان نے ہفتہ کے روز اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔اس سلسلے میں پارٹی ہیڈکواٹر پر ایک تقریب پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر کپواڑہ راجہ منظور، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ڈی ڈی سی چیئرمین سرینگر آفتاب ملک، ڈی ڈی سی وائس چیئرمین سرینگر بلال بھٹ اور ضلع آرگنائزر شوپیان اتھر ریشی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر محمد اشرف میر کہاکہ اپنی پارٹی ’صداقت پر مبنی سیاست‘کے اصول پر کاربند ہے جس کیلئے زمینی سطح پر مخلصانہ کاو¿شیں درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کے دروازے اُن سبھی کے لئے کھلے ہیں جوکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں موجودہ انتظامیہ کے غیر سنجیدہ رویہ کی وجہ سے مختلف ترقیاتی پروجیکٹ جمود کا شکار ہیں جس سے موجودہ صورتحال تشویش کن ہے۔ انہوں نے کہا”اپنی پارٹی وسیع پیمانے پر لوگوں کی مشکلات کا حل چاہتی ہے، منتخبہ جمہوری حکومت کی عدم موجودگی میں ترقیاتی کام رُکے پڑے ہیں اِس لئے ایک جوابدہ حکومت وقت کی اہم ضرورت ہے“۔ اس موقع پر جمیلہ خان نے بہترین سیاسی پلیٹ فارہم فراہم کرنے پر پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا اور زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ عوامی بہبود کے لئے کام کرنے کا عزم کیا۔