ایم شفیع میر
گول/گول کے پرتمولہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی نعش منگل کے روز دلواہ ہل کے جنگلاتی علاقے سے برآمد کی گئی، جس کے بعد علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نوجوان دو روز قبل گھر سے یہ کہہ کر نکلا تھا کہ وہ اپنے ایک دوست کے گھر جا رہا ہے، تاہم کافی وقت گزر جانے کے باوجود وہ واپس نہیں لوٹا۔ دو روز تک کوئی اطلاع نہ ملنے پر اہل خانہ کو تشویش لاحق ہوئی اور انہوں نے گزشتہ روز پولیس تھانہ گول میں نوجوان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
رپورٹ موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کی تلاش شروع کر دی۔ تلاش کے دوران آج منگل کے روز نوجوان کی نعش دلواہ ہل کے جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی۔
متوفی کی شناخت تنویر احمد ولد غلام رسول نجار ساکن پرتمولہ، گول کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
گول پرتمولہ کے نوجوان کی نعش دلواہ ہل کے جنگلاتی علاقے سے برآمد