سرینگر// معروف ٹریڈ یونین لیڈر اور اسلامی اسکالر میر بشیر احمد کنٹھ کا سرینگر میں بدھ کو انتقال ہوا۔وہ ایک شعلہ بیان مقرر تھے،جو کئی مذہبی انجمنوں سے وابستہ رہے ہیں۔موصوف30برسوں تک جمعیت ہمدانیہ جموں کشمیر کے جنرل سیکریٹری بھی رہے جبکہ مسلم پرسنل لاء بورڈ سے بھی وابستہ رہے۔مرحوم شیخ رجب صاحب خانیار میں قریب25برسوں تک زیارت میں نشاندہ کے فرائض بھی ادا کرتے رہے جبکہ انکے والد مرحوم بھی اس زیارت میں خدمات انجام دیتے تھے۔ خانیار سے تعلق رکھنے والے میر بشیر احمد کنٹھ بعد میں احمد کدل سرینگر منتقل ہوئے جہاں پر وہ آخری وقت تک قیام پذیر رہے۔ مرحوم میر واعظ محمد یاسین ہمدانی کے بھی کافی قریب سمجھے جاتے تھے جبکہ انکے والد نے کشمیر چھوڑ دو تحریک میں ایک اہم رول ادا کیا تھا۔ مرحوم میر بشیر احمد کنٹھ ایک معروف ٹریڈ یونین لیڈر بھی تھے اور ملازمین کے مسائل کو ھل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ اپنے ٹریڈ یونین سفر کے دوران صف اول پر ملازمین کے معاملات اور مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ُن کے انتقال پر کئی مذہبی جماعتوں نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اُن کے کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔جمعیت کے صدر عبدالرشید گانی، مولانا شوکت حسین کینگ،محمد یاسین ، فاروق احمد گانی اور جملہ اراکین جمعیت و خدامانِ زیارتِ شاہِ ہمدانؒ اور دیگر بقعہ جات کے خدام نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے میر بشیر احمد کنٹھ کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا اور اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا کہ موصوف پُراستعداد سماجی ، سیاسی ، دینی فرد ہوتے ہوئے ایک وسیع مقرر تھے۔ موصوف نے اپنی ذاتی قابلیت پر مختلف دینی انجمنوں اور رضاکارانہ تنظیموںمیں نمایاں کردار ادا کیا۔ موصوف تحریک کشمیر کے ساتھ بھی وابستہ ہوتے ہوئے ناموافق حالات میں اپنا سیاسی کردار نبھایا۔ موصوف کی وفات سے ایک بلیغ رہنماسے اہل کشمیر محروم ہوگئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات قبول کرکے اُن خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرے جن کیلئے موصوف نے زبردست قربانیاں دیں۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور ضلع صدر ٹرسٹ سرینگر مولانا محمد شفیع نعیمی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی دینی اور سماجی خدمات ہمیشہ یادکی جائیں گی۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔