مشیر بٹھناگر کا پہلگام دورہ | عوامی اہمیت کے اداروں کا معائنہ سب ضلع ہسپتال کی نئی عمارت کی پیش رفت کا جائزہ لیا

پہلگام //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے سنیچر کو پہلگام کا دورہ کیا اور مختلف عوامی خدمات کے اداروں کا معائنہ کیا ۔ دورے کے دوران مشیر بٹھناگر نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ( ایس ڈی ایچ ) پہلگام کا دورہ کیا اور ہسپتال کی طرف سے عوام کو فراہم کی جا رہی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کا جامع جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور اس کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا۔ مشیر نے دورے کے دوران ہسپتال کی نئی عمارت میں جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا اور ان کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے انہیں ہدایت دی کہ اس عمارت پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تا کہ یہ پروجیکٹ بروقت مکمل ہو اور اسے عوامی استعمال کیلئے وقف کیا جائے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اس کے جاری کاموں کی پیش رفت کا باقاعدہ جائیزہ لیں تا کہ پہلگام کے پسندیدہ سیاحتی مقام ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے باشندوں کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عمارت کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ دورے کے دوران مشیر کو متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر نے اس نئی عمارت کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثنا مشیر بٹھناگر نے سرکاری ویٹر نری ہسپتال پہلگام کا بھی دورہ کیا اور لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائیزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود عملے سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ علاقے میں موجود جانوروں کی بڑی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام مطلوبہ ادویات سہولت پر دستیاب رکھیں۔ مشیر نے علاقے میں جلد کی بیماری کے بارے میں بھی دریافت کیا اور افسران پر زور دیا کہ وہ مویشیوں کی آبادی کو فوری طور پر ویکسین لگوائیں تا کہ بیماری کے اثرات پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ ویٹر نری ہسپتال میں مشیر بٹھناگر نے نقل مکانی کرنے والی آبادی کے اندراج کیلئے لائیو سٹاک کاؤنٹر کی نقل و حمل کا بھی معائینہ کیا اور مویشیوں کی نقل مکانی کیلئے بھیڑ پالنے کے محکمہ کی طرف سے قبائلیوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا موقع پر ہی جائیزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو مویشیوں کی آبادی کی آسانی سے نقل مکانی میں قبائلیوں کو سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا اور ان سے کہا کہ وہ جن راستوں سے گذرتے ہیں ان پر کئی مقامات پر کلینک قائم کریں۔ اس موقع پر مشیر نے کئی قبائلیوں اور مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل اور مطالبات کو غور سے سْنا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ اس دوران مشیر بٹھناگر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول پہلگام کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے کام کاج اور کارکردگی کا جائیزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر موصوف نے ادارے کے کلاس رومز ، لیبارٹریز اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا اور اسکول کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ یہاں کے طلباء￿ کو بہترین اور جدید ترین سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے پرنسپل سے کہا کہ وہ انسٹی ٹیوٹ میں تمام مطلوبہ انفراسٹرکچر قائم کریں جیسا کہ این ای پی 2020 کے تحت تصور کیا گیا ہے تا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے مقاصد کو پورا کیا جا سکے اور یہاں کے طلباء￿ کو بہترین تعلیم فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر مشیر نے ادارے کے طلباء اور عملے سے بھی بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران مشیر بٹھناگر نے کہا کہ موجودہ ایل جی کی انتظامیہ نے تعلیم کے شعبے کو بہت اہمیت دی ہے اور انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کے ساتھ دور دراز کے علاقوں میں جدید تعلیم کی فراہمی کیلئے سخت کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں مشیر بٹھناگر نے گورنمنٹ ہائی سکول لاری پورہ پہلگام کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ دورے کے دوران مشیر نے ادارے کے کلاس رومز اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا اور کلاس رومز میں طلباء سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے اسکول کی انتظامیہ کے ساتھ مختصر بات چیت بھی کی۔ بات چیت کے دوران مشیر نے ادارے کے عملے پر زور دیا کہ وہ این ای پی 2020 کے تقاضوں کے مطابق اپنے تدریسی طریقوں کو تیار کریں تا کہ طلباء کو موجودہ دور کی اہمیت کا ضروری علم اور تعلیم فراہم کی جا سکے۔