سانبہ //مس انڈیا ملٹی نیشنل دیپشکا شرما نے ہفتہ کے روز پنچایت گھر سنگوالی میں وومن سیلف ہیلپ گروپ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ایڈیشنل ڈی سی سانبہ ارون منہاس اور ایس ڈی ایم گھگوال ریتو مہاجن بھی اس موقعہ پر موجود تھے جنہوں نے سیلف ہیلپ گروپش کے قیام اور ان کی حصولیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گروپ دیہاتی خواتین کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ مس انڈیا نے خواتین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے کام کاج اور مستقبل کے منصوبہ جات کے متعلق پوچھا ۔ خواتین کے ساتھ ہوئی اس بات چیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سیلف ہیلپ گروپ پورے ملک کی خواتین کے لئے حوصلہ افزاء امید بن کر ابھر سکتے ہیں جو کہ ایک انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے خواتین کو خود کفیل بننے کے لئے اپنے اندر اعتماد پیدا کرنے کی صلاح دی اور کہا کہ وہ ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔ اس سے قبل مس انڈیا نے سانبہ کے مختلف اسکولوں کا دورہ کر کے اپنی کامیابی کے بارے میں طلباء اور اساتذہ کو بتایا اور اپنے تجربات ان کے ساتھ سانجھا کئے ۔ نوڈ ل آفیسر راجیش ہیرا، بی ڈی او گھگوال وشو جیت سنگھ اور دیگرا ن بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔