پونچھ //مسجد اہلبیت علیہم السلام بچتر نگر پونچھ کے افتتاح کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پونچھ ضلع کی تمام تحصیلوں سے فرزندان توحید نے شرکت کی۔ اس تقریب کا پروگرام حسب معمول تلاوت قرآن پاک سے عابد حسین صفوی نے کیا۔ محبوب حسین ونتو نے حمد و نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ بیرونی ریاست سے تشریف فرما عالم دین مولانا اختر عباس جون نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجدیں صرف عبادتوں کے لیے تعمیر نہیں ہوتی بلکہ ان مسجدوں کی تعمیرات دہنی اور دنیاوی مسائل کے حل کے حوالے سے بھی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسجدو ں کا رول ختم کیا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ رسول اللہ نے مسجدوں کو صرف نمازیں پڑھنے کے لیے تعمیر نہیں کی تھی. بلکہ ان مسجدوں سے دینی اور دنیا مسائل بھی حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسجدو ںکو درس گاہ، عدالت کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے. انہوں نے کہا کہ رسول اللہ نے دینی، دنیاوی، سماجی مسائل مسجدوں سے حل کئے ہیں. انہوں نے کہا کہ کہ مسجدیں بوڑھوں کے لیے ہی نہیں بلکہ مسجدیں جوانوں کے لیے ہیں تاکہ وہ اپنے خدا کی عبادت کے ساتھ ساتھ یہاں سے تربیت بھی پائیں. انہوں نے کہا کہ مسجدوں سے تربیت حاصل کرنے والے کہیں بھی ناکام نہیں ہوتے. دوران محفل حجتہ الاسلام مولانا سید مختار حسین جعفری نے کہا کہ روح دین ہم میں آنی چاہیے اس کے لیے عمل کر نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت صرف جنت کے لئے نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد ہے جہاں تک ہمیں پہنچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت ہمیں جذبہ قربانی، جذبہ اخلاق، جذبہ ایثار، جذ بہ فداکاری سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خدا کی طرف بڑھنا چاہیئے تاکہ کامیابی ہمارے قدم چومے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جنہیں اپنا مولامانتے ہیں ان کی ابتدا بھی مسجد اور اختتام بھی مسجد میں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اللہ کے گھر میں جتنا وقت گزرے اتنا گزاروں اور یہاں سے اخلاقیات سیکھو تو جنت ضرور ہمیں ملے گی اختتام پر پوری دنیا میں امن و امان کی دعائیں مانگی گئیں۔