لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم رکھنے کیلئے ایل جی انتظامیہ کا شکریہ | ڈاکٹر فاروق کی کووِڈ کیخلاف صف اول پر کام کرنے والوں کی ستائش
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کووِڈ کی وبائی صورتحال کے دوران رمضان المبارک میں عوام کو بنیادی ضروریات فراہم رکھنے پر لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ماہ صیام میں لوگوں کو اشیائے ضروریہ اوردیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔پارٹی صدر نے امورصارفین وعوامی تقسیم کاری،صحت میونسپلٹی ،پی ڈی ڈی،جل شکتی محکموں سے وابستہ ہزاروں ملازمین کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو موجودہ کٹھن حالات میں بھی لوگوں کو تمام ضروری خدمات بہم رکھنے میں دن رات لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ عالمی وبائی بیماری کی وجہ ست قومی سطح پرمعمولات زندگی مفلوج ہوگئے ہیںتاہم یہاں زمینی سطح پربجلی،پانی،امور صارفین اوردیگرمحکموں کے ملازمین اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر لوگوں کو خدمات بہم پہنچانے میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کم سے کم ان کی کوششوں کی سراہنا کرسکتے ہیں اور اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ دنیا اور آخرت میں ان کو جزائے خیر عطا کرے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے ہیلتھ ورکروں، بجلی ، واٹر ورکس، میونسپلٹی اور دیگر محکموں کے ملازمین نے جس طرح سے خود کو اپنے اہل خانہ اور عزیزوں سے الگ کیا ،اُس کیلئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ڈاکٹر اور طبی و نیم طبی عملہ، جن پر ہر وقت اس وبائی بیماری کی لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہوتا ہے، اپنے فرائض انجام دینے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ان جانثاروں نے لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی نیندیں حرام کیں اور کئی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں بھی گنواں بیٹھے۔‘‘ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں تمام رضاکار تنظیموں اور افراد کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19 کا مقابلہ کرنے کیلئے صف اول میں کام کرنے والے لاکھوں گمنام ستارے ایسے ہیں جو گھر گھر سروے، صفائی ستھرائی، جانچ، ٹیسٹنگ، ٹرسینگ، بیداری مہم اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ میں اپنی اور اپنی پارٹی کی طرف سے ایسے لاتعداد جانثاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔آپ ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں اور میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو تندرستی ، صحت، ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔
بڈشاہ پُل سے چھلانگ لگانے والی لڑکی کی لاش 6روز بعد برآمد | اننت ناگ میں خاتون کرنٹ لگنے سے ہلاک
سرینگر//اننت ناگ میں ایک خاتون بجلی کرنٹ لگنے سے فوت ہوئی ہے ۔ جبکہ سرینگر کی اُس دوشیزہ کی لاش کو 6روز بعد دریائے جہلم سے برآمد کی گیاجس نے بڈشاہ پُل سرینگر سے دریا میں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی ختم کی تھی ۔سی این آئی کے مطابق اننت ناگ کے اکن گم اچھہ بل میں بدھ کے روز اُس وقت کہرام مچ گیا جب ایک خاتون گھریلو کام کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئی اگرچہ خاتون کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔ مہلوک خاتون کی شناخت فریدہ اختر اہلیہ شبیر احمد کمہارکے بطور ہوئی ہے ۔ دریں اثناء پنزی نار علاقے میں دریائے جہلم میں ریت نکالنے والوں نے آج ایک خاتون کی نعش دریاء سے برآمد کی جس کو فوری طور پرپولیس نے اپنی تحویل میں لیا اور معاملے کے حوالے سے چھان بین شروع کی جس دوران پتہ چلا کہ دوشیزہ نے 6روز قبل سرینگر کے بڈشاہ پُل سے دریاء میں چھلانگ لگائی تھی اور کافی تلاش کے باوجود بھی اس کی نعش نہیں ملی تھی تاہم اب یہ دریائے جہلم میں پنزی نار علاقے سے برآمد کی گئی ہے ۔ مذکورہ دوشیزہ بٹہ مالو کی ایس ڈی کالونی سے تعلق رکھتی تھیں اورنامعلوم وجوہات کی بنا ء پر خود کشی کی تھی۔ ادھر پولیس نے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے ورثاء کے حوالے کردیا ۔
بارہمولہ میں میوہ باغ سے نوجوان کی لاش برآمد
سرینگر//بارہمولہ کے دلنہ علاقے میں بدھ کے روز ایک نوجوان کی لاش میوہ باغ سے پُراسرار طور پربرآمد کرلی گئی ۔ اس واقعے سے علاقے میں سراسمگی پھیل گئی جبکہ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے ۔سی این آئی کے مطابق بارہمولہ کے شیپورہ دلنہ میں بدھ کی صبح ایک میوہ باغ سے نوجوان کی لاش بر آمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے شیپورہ دلنہ میں بدھ کی صبح کچھ لوگوں نے ایک میوہ باغ میں ایک نوجوان کی لاش دیکھی اور فوری طور اس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی متعلقہ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم جائے واردارت پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیکر اس کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچایا ہے ۔ اس دوران پولیس نے ابتدائی چھان بین کاآغاز کیا ہے اور نوجوان کی موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے ۔
شوپیاں میں تلاشیاں | مزید 3دیہات کا آپریشن
شوپیان //شاہد ٹاک// بدھ کو شوپیان ضلع میں مزید 3دیہات میں تلاشیاں لی گئیں۔بدھ کی صبح سدھو نامی گائوں کا62آر آر ، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے مشترکہ طور پر محاصرہ کیا اور خانہ تلاشیاں لیں۔فورسز کو گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کا شبہ تھا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ مذکورہ گائوں میں فوجی کیمپ بھی قائم ہے۔دوسری تلاشی کارروائی رانی پورہ شوپیان گائوں میں کی گئی۔مذکورہ گائوں کا34آر آر ، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے کریک ڈائون کیا اور جنگجوئوں کو ڈھونڈنے کی کارروائی کی لیکن گائوں میں کوئی جنگجو موجود نہیں تھا۔تیسری تلاشی کارروائی کھر وارہ شوپیان میں انجام دی گئی جہاں34آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے آپریشن گروپ نے ناکہ بندی کی ۔ لیکن یہاں بھی کوئی جنگجو موجود نہیں تھا۔
کانگریس کاکووڈامدادی ٹاسک فورس | آزاد کو سربراہ بنانے پر پردیش کانگریس کاخیرمقدم
سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی کے کہنہ مشق رہنما غلام نبی آزاد کو ہائی کمانڈ کی طرف سے کووِڈ امدادی ٹاسک فورس کاسربراہ مقرر کرنے کاخیرمقدم کیا ہے۔یہ ٹاسک فورس پارٹی کی کوروناراحت کاری سرگرمیوں کے تال میل کی نگرانی کرے گا۔ایک بیان میں جموں کشمیر پردیش کانگریس کے نائب صدر غلام نبی مونگا نے کہا کہ پارٹی کے سینئررہنمائوں کی ایک ورچیول میٹنگ میں مرکزی ہائی کمانڈ کی طرف سے غلام نبی آزاد کو یہ ذمہ داری سونپے جانے کا خیرمقدم کیا گیا۔انہوں نے آزاد کو اس کام کیلئے منتخب کرنے کیلئے سونیا گاندھی کے فیصلے کاخیرمقدم کیا۔لیڈران نے میٹنگ میں کہا کہ آزاد صاحب کی بطور مرکزی وزیرصحت کے کارکردگی کافی بہتر تھی اور انہوں نے ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیرمیں صحت کے شعبے کو بڑھاوا دینے کیلئے قابل قدر کام انجام دیا۔ان لیڈروں نے کہا کہ غلام نبی آزاد ایک پرخلوص سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی میں لوگوں کی بھلائی اور بہبودی کیلئے ہروہ کام انجام دیا جو انہیں تفویض کیا گیا۔اس وقت بھی پارٹی ہائی کمانڈ کا فیصلہ لوگوں کو راحت دلائے گاجو کووِڈ کی تباہ کاریوں کوجھیل رہے ہیں ۔انہوں نے کانگریس ورکروں پرزوردیا کہ وہ اس مشکل وقت میں لوگوں کو ہرقسم کی امداد بہم پہنچائیں۔میٹنگ میں مونگا کے علاوہ پیرزادہ محمد سعید،تاراچند،جی ایم سروڈی،محمدانوربٹ وغیر نے شمیولیت کی۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی تشددسے انسانیت شرمسار | مسلم ممالک کی خاموشی مجرمانہ :متحدہ مجلس علماء
سرینگر//مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی ظلم وجبر اور رمضان المبارک کے آخری عشرے میں نہتے نمازیوں کو تشددکانشانہ بنانے کی متحدہ مجلس علماء نے مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں جاں بحق کئے گئے افراد بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ایک بیان کے مطابق متحدہ مجلس علماء نے صہیونی جارحیت اور بربریت کیخلاف شدیدردعمل کااظہار کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور تقدس کی پامالی کوبنیادی انسانی حقوق اور اصول وانصاف کی بیخ کنی قرار دیا۔بیان میں کہا گیا کہ حالیہ اسرائیلی تشدد انسانیت کو شرمسار کرنے والی حرکت ہے اور اس سے صیہونی اور قابض قوتوں کے مکروہ عزائم بے نقاب ہو گئے ہیں۔بیان میں مجلس علما نے اسلامی ملکوں اور دنیا بھر کے انصاف پسند اقوام و ممالک کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے انکی بے حسی کو حد درجہ افسوسناک اور شرمناک قرار دیا۔بیان میں مجلس نے انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو آگے آکر بڑھتی ہوئی اسرائیلی بربریت اور جارحیت کو لگام دینے اور مظلوم فلسطینیوں کے جان و مال اور عزت وآبرو کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔
جارحیت ناقابل قبول:نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور بیت المقدس میں 25ویں رمضان سے جاری دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کیخلاف جاری مظالم کو فوری طور روکنے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کی ضرورت پر زوریا ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگراور دیگررہنمائوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دیا ۔ انہوں نے اسرائیلی دہشت گردی میں معصوم فلسطینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ پارٹی لیڈران نے اس بات پر افسوس کا اظہار کہا کہ اسرائیلی بربریت کیخلاف اقوام متحدہ کے اقدامات صرف اور صرف مذمتی بیانات تک ہی محدود ہیں اور عملی طور پر کوئی بھی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر بڑے بڑے مسلم ممالک کی خاموشی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نام نہاد اسلامی مملکتیں امریکہ کی خوشنودی کیلئے فلسطینی مسلمانوں کیخلاف جاری اسرائیلی جارحیت کا تماشا دیکھ رہے ہیںاور ایک مذہتی بیان جاری کرنے سے بھی پرہیز کررہے ہیں۔ نیشنل کانفرنس قیادت نے عالمی برادری، خاص طورپر اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل کو اس بربریت کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور اُمت مسلمہ کی حفاظت کیلئے ایک جُٹ ہوکر آگے آئیں۔
صیہونی کارروائیاں بربریت:سوز
سرینگر//سابق مرکزی وزیرپروفیسرسیف الدین سوزنے فلسطین میں واقع مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر غور کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرناچاہیے اورمسجداقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرنے کیل علاوہ اسرائیل کو ایسی کارروائیوں سے بازرکھنے کیلئے جامع اقدام کئے جانے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح اسرائیل اپنی دہشت گرد کاروائیوں سے فلسطینی عوام پر طرح طرح کے مظالم ڈھا رہا ہے۔انہوں نے مزیدکیاکہ مجھے لگتا ہے کہ امن پسند ممالک مسجد اقصی پر اسرائیلی حملے کی مذمت کریںگے ۔میں فلسطین کے علاقے میں واقع مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
کووِڈ لاک ڈائون کی خلاف ورزی | 145گرفتار،678پر جرمانہ عائد،92ایف آئی آردرج
سرینگر//کووِڈ لاک ڈائون اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میںگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے وادی میں 145 افراد کوگرفتار کرکے92ایف آئی آر درج کئے جبکہ کووِڈ لاک ڈائون اور کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے678 افرادسے 109200روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔اس کے علاوہ پولیس نے بڈگام اور کولگام اضلاع میں کورونا رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے اورغیرقانونی طورکان کنی کرنے میں استعمال ہونے والی15گاڑیوں کو بھی ضبط کیاجبکہ ہندوارہ اور گاندربل میں چار دکانداروں کو بھی دھر لیاگیاجوکووِڈ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔کورونالاک ڈائون کے نفاذ کی عمل آوری کا معائنہ کرنے کے دوران ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا نے بازاروں کا معائنہ کیا اور ناکوں کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ سپرانٹنڈنٹ پولیس مشکوراحمد ،ایس ڈی پی اوہندوراہ اور تحصیلدار ہندوارہ بھی تھے۔
اوڑی نوجوان کی 4سال بعد واپسی | پولیس و فوج کے سامنے خود سپردگی
اوڑی//ظفر اقبال//اوڑی بارہمولہ میں غیر قانونی طور پر سر حد پار کرنے والے ایک شخص نے چار سال بعد واپس آکر خود کو بارہمولہ پولیس اور فوج کے حوالے کیا۔ پولیس بیان کے مطابق اکتوبر 2017 میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر جانے والا ہتھ لنگہ اوڑی کا 36 سالہ شخص شبیر احمد چیچی ولد غلام محمد چیچی منگل کی شام واپس آیا جس کے فوراً بعد اس نے خود سپردگی کی۔مذکورہ نوجوان پاکستان زیر انتظام کشمیر میں غیرقانونی طور پر داخل ہوا تھا اور وہ مظفر آباد میں رہائش پذیر تھا۔وہ منگل کواپنے گھر پہنچا اور خود کو فورسز کے حوالے کیا۔ پوچھ گچھ کے ابتدائی مرحلے میں مذکورہ شخص سے کوئی ہتھیار بر آمد نہیں ہوا۔اسکے خلاف متعلقہ قانون کے تحت پولیس تھانہ اوڑی میں کیس درج کیا گیا ہے۔
لاک ڈائون سے متاثرہ آبادی کو مالی امداد دی جائے:سی پی آئی(ایم)
سری نگر//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے سیکریٹری غلام نبی ملک نے جموں کشمیرمیں کووِڈ لاک ڈائون سے متاثرہ مزدوروں،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کاریگروں اور دیگر لوگوں کے لئے مالی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ- 19بحران نے معاشی طور کمزورطبقے کی آبادی کو مشکل میں ڈالدیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ لاک ڈائون کی وجہ سے ہزاروں دستکار وں،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدورکنبوں کی بقاء کو مشکل میں ڈالدیا ہے۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو کام نہیں مل رہا ہے اور ہزاروں کاروباری افراد اپنے ملازمین کو تنخواہ نہیں دے پارہے ہیںاور نہ ہی انہیں کام پر رکھ سکتے ہیں ۔خطے کے سینکڑوں مزدور جو موسم سرما میں ہماچل،پنجاب ،ہریانہ،دہلی،راجستھان اور دیگر جگہوں پر کام کی تلاش میں جاتے تھے اس سال کووِڈ کی وجہ سے نہیں جاسکے ۔دستکاریوں سے وابستہ ہزاروں افراد کو سردیوں میں مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں کو جاتے تھے کو اس بار جلدی واپس لوٹنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ ایم کے تحت آشا، آنگن واڑی کارکنان اور مددگار ، مڈ ڈے میل ورکر ، سی پی ڈبلیو ، منریگا ملازمین ، تعمیراتی کارکن،ضرورت پر مبنی مزدور ،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور مہینوں سے اجرت کے بغیر ہیں اور موجودہ لاک ڈاؤن نے ان کے مالی مسائل کو مزید خراب کردیا ہے۔ غیر منظم شعبے میں لاکھوں افراد کے معاش کا خاتمہ ہوا ہے ، مہاتما گاندھی دیہی روزگار گارنٹی اسکیم (منریگا) کے تحت کام کے دنوں کو موجودہ 100 دن سے بڑھا کر 200 دن کرنے کی ضرورت ہے۔ غیر رسمی اور غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والے تمام کارکنوں کے لئے جن کی روزی روٹی متاثر ہوئی ہے انہیں مالی اعانت فراہم کرنے کے لئے ایک فنڈ کی ضرورت ہے ۔اس کے علاوہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور خوردہ تاجروں کے لئے ایک سال کے لئے بینک کے قرضوں پر سود موقوف کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
کووِڈعلاج کیلئے مخصوص اسپتالوں میں سازوسامان کی کمی:ٹریڈ الائنس
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے کروِڈ- 19 کے علاج کیلئے مخصوص اسپتالوں میں ضروری ساز و سامان کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان اسپتالوں میں آکسیجن سے لیس بستروں کی تعداد کو بڑھایا جائے اور دیگر ساز و سامان کو بھی دستیاب رکھاجائے۔ اعجاز شہدار نے کہا کہ جہاں روز افزوں کرونا کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسپتالوں میں ان بیماروں کو رکھنے کی گنجائش بھی ختم ہو چکی ہے وہیں انتظامیہ کو چاہے کہ وہ مزید اسپتالوں اور طبی سہولیاتی مراکز کی کرونا بیماری سے نپٹنے کے طور پر نشاندہی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرینگر کے صدر اسپتال سمیت رعناواری اسپتال اور باقی ماندہ شفاء خانوں میں بھی کویڈ بیماروں کا علاج و معالجہ کرنے کیلئے مخصوص بستروں پر مریض زیر علاج ہیں اور باقی مریضوں کو رخصت کیا جا رہا ہیں۔ شہدار نے کہا کہ اس میں انتظامیہ اور بالخصوص محکمہ صحت جنگی و ہنگامی بنیادوں پر دیگر جگہوں اور شفا خانوں کی بھی نشاندہی کریں جہاں کرونا بیماری میں مبتلا مریضوں کا علاج و معالجہ ہو سکے۔ کشمیر ٹریڈ لائنس کے صدر نے ان اسپتالوں کی انتظامیہ کی کار کاردگی پر بھی سوالیہ نشان لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جواہر لعل نہرو یادگاری اسپتال جو کہ شہر کے قلب میں واقع ہے اور پائین شہر اور ملحقہ علاقوں کے مریضوں کا علاج و معالجہ وہاں پر ہوتا ہے،میں گزشتہ15روز سے15سے20کووِڈ اموقت واقع ہوئی۔انہوں نے اسپتال کی بد انتظامی پر سوالیہ نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اسپتال کے انتظام وانصرام میں سدھار لایاجائے۔
ترال میںRT.PCRٹیسٹوں کا رپورٹ آنے میں تاخیر
سری نگر// ترال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بیچ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ میں تاخیر پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ تاخیر کی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس دوران انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ 24گھنٹوں کے اندر تمام ٹیسٹ رپورٹ آئیں گے ۔ کے این ایس کے مطابق لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ میں تاخیر ہو رہی ہے۔علاقے میں کووڈ کے لیے بھیجے گئے تقریباً سات سو نمونے جانچ کے لیے جی وی سی ہسپتال سرینگر بھیجے گئے لیکن ہنوز ان کی رپورٹ آنا باقی ہے جس کی وجہ سے آبادی میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔علاقے میں ہوم آئیسولیشن میں رکھے گئے افراد نے بھی الزام لگایا ہے کہ کووڈ ایس او پیز کے مطابق وقت گزارنے کے باوجود محکمہ صحت کے اہلکار ان کا دوبارہ ٹیسٹ نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں یہ بھی پتہ نہیں چل پا رہا ہے کہ وہ صحت یاب ہیں یا نہیں۔الطاف احمد ساکن حکیم محلہ ترال بالا نے بتایا کہ ان کا کمسن بیٹا پندرہ روز قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوا تھا لیکن محکمہ صحت کے اہلکار نے اس کا دوبارہ ٹیسٹ نہیں کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے ڈر ہے کہ وہ احساس کمتری کا شکار ہو کر کہیں ہلاک نہ ہو جائے ۔علاقے میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں کی جانچ میں تاخیر کے بارے میں میڈیا سے بھی نہیں بتایا جا رہا ہے۔ علاقے کے ایک سینئر صحافی سید اعجاز نے بتایا کہ انہیں بھی اس حوالے سے مختلف دیہات سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ مقررہ ایام کاٹنے کے بعد درجنوں افراد گھروں میں قرنطین میں ہیں اور محکمہ صحت کی طرف سے ان کی جانچ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔
’بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار‘
سرینگر //صدر اسپتال سرینگر کے نرسنگ عملہ نے نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کو وباء میں بہترین خدمات فراہم کریں گی۔ نرسنگ عملہ کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کے دوران پوری دنیا میں نرسوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے بائوجود بھی وہ سرینگر اور دیگر اضلاع میں اپنی فرائض کو بہترین طریقے سے انجام دے رہی ہیں۔صدر اسپتال سرینگر کی اسسٹنٹ میٹر مس شپو نے بتایا ’’ کورونا وائرس متاثرین میں اضافہ کی وجہ سے شعبہ صحت کا ہر سیکٹر دبائو میں ہے مگر کشمیر کے مختلف اسپتالوں میں کام کرنے والی نرسیں عالمی وباء کے دوران بھی کام کرنے کیلئے تیار ہیں‘‘۔ انہوں نے نرسنگ عملہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ’’ نرسیں فرنٹ لائن ورکر ہیں جو اعتماد کے ساتھ کام کررہی ہیں تاکہ سرکار ، سماج اور پوری انسانیت کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے دوران نرسیں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کررہی ہیں اور اُمید ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کورونا کو ہرانے میں کامیاب ہونگے۔ انہوں نے صدر اسپتال میں داخل مریضوں کے لواحقین کی سراہنا کی جو غیر ضروری طور پر اسپتال نہیں آتے ہیںکیونکہ نرسنیں بغیر کسی مشکلات کے مریضوں کی خدمت کرتی ہیں۔
نرسیں وبائی امراض سے لڑنے میں سب سے آگے | آرینز گروپ کے اہتمام سے ورچول کانفرنس
سرینگر//آرینز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ (اے این) چندی گڑھ نے اس سال بین الاقوامی نرسنگ کا عالمی دن منایا۔ جی این ایم ، اے این ایم اور بی ایس سی کے طلباء اور عملہ و نرسنگ نے ورچوئل پلیٹ فارم پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں دنیا کے لوگوں کو نرسوں کی اصل قدر پر توجہ دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئرمین ، آریانز گروپ نے تقریب کی صدارت کی۔ ڈاکٹر کٹیریا نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نرسیں وبائی امراض اور وبائی امراض سے لڑنے میں سب سے آگے ہیں ، اعلی معیار اور قابل احترام علاج اور نگہداشت مہیا کرتی ہیں۔ ڈاکٹروں اور دیگر ہیلتھ کیئر ورکرز کی طرح نرسیں بھی مسلسل بغیر کسی وقفے کے اعلی معیار کی دیکھ بھال فراہم کر رہی ہیں۔ نرسیں اکثر صحت کے پیشہ ور افراد ہوتے ہیں جنھیں لوگ بحران کی صورتحال میں دیکھتے ہیں۔کٹیریا نے مزید کہا کہ کووڈ19 وبائی مرض نرسوں کے اہم کردار ادا کرنے کی ایک یاد دہانی ہے۔ نرسوں اور دیگر صحت کے کارکنوں کے بغیر ، ہم اس طرح کے پھیلنے کے خلاف جنگ نہیں جیت پائیں گے۔ انہوں نے کہا ، مزید یہ کہ ان پیرامیڈیکل کورسز کی طلب میں کوویڈ کے بعد اضافہ ہوا ہے کیونکہ متعدد بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، جس سے نرسنگ پروفیشنل کے لئے انسانی صحت کی دیکھ بھال کو بہتر معیار کی فراہمی کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔اس موقع پر وجئے لکشمی ، وائس پرنسپل ، آریانز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ نے بھی خطاب کیا۔
ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن برہم | کہا جسمانی طورخاص افراد وظیفہ سے محروم
سرینگر//جسمانی طورخاص افراد کی انجمن جموں و کشمیر ہینڈی کپیڈایسوی ایشن کے صدر عبدالریشد بٹ نے بیوائوں،یتیموں اورجسمانی طور خاص افراد کو عید کے اس مقدس موقعہ پر بھی فراہم کی جانے والی امداد سے محروم رکھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کمزور طبقے کوفوری اقدامات پر زور دیا ہے ۔ عبدالرشید بٹ نے انتظامیہ کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اس موقعہ پر امداد فراہم نہ کرنے کی وجہ سے جسمانی طورخاص افراد ،بیوائوں اور یتیم زبردست مشکلات کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں قائم محکمہ کے دفاتر میں تعینات ملازمین قوانین و ضوابط کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں اور جسمانی طورخاص افراد کو نظر انداز کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔
جمعیت اہلحدیث کا پونچھ کے اعوان خانوادے سے اظہار تعزیت
سرینگر/جمعیت اہلحدیث نے مرحوم محمد شفیع اعوان ساکن پونچھ کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ عرصہ سے پونچھ ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ جمعیت کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے اپنے تعزیتی بیان میں مرحومہ کی جنت نشینی اور بلندی درجات کیلئے دعاکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بلند ہمت خاتون نے اپنے شوہر کی دین حق کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے کام میں ان کا سہارا بن کر ایک مثال قائم کی اور نازک مواقع پر ان کے ساتھ کوہِ استقامت بن کر کھڑی رہی ۔انہوںنے کہا کہ اعوان خاندان اس صبر آزما موقع پر اپنے کو تنہا محسوس نہ کرے بلکہ سا ری جماعت ان کے ساتھ کامل یک جہتی کا اظہار کرتی ہے۔ دریں اثنا جمعیت کے نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی ، مفتی محمد یعقوب بابا المدنی، ناظم اعلیٰ عبدالحکیم وانی، شعبہ صحافت کے سر براہ بشارت بشیر، ضلعی جمعیت پونچھ کے صدر عبداللطیف ریاضی ، مولانا عبدالشہید، عبدالباسط المدنی اور غلام قادر راجوری نے بھی تعزیت کا اظہارکیا ہے۔