سنگھپورہ میں آگ کی واردات | تین مکان خاکستر ،لاکھوں روپے ملکیت کا نقصان
عاصف بٹ
کشتواڑ //چھاترو کے سنگھپورہ ملک پورہ میں سوموار اور منگل کی درمیا نی رات کو آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین مکان جل کر خاکستر ہو ئے ہیں اور اس واقعہ میں لاکھوں روپے ملکیت کا نقصان ہوا ہے ۔ یہ حادثہ 12 بجے کے قریب ملک پورہ میں اس وقت پیش آیا جب لوگ گہری نیند سوئے ہوئے تھے۔آگ کے شعلوں کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور محکمہ فائر سروس نے فوج کی مدد سے آگ بھجانے کی کارروائی شروع کی اور کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا تاہم تب تک
غلام احمد ملک ولد کبیر ملک، محمد امین ولد احمد ملک و سجاد حسین ولد علی محمد ملک کے تین مکانات مکمل طور جل چکے تھے جن میں لاکھوں روپے ملکیت کی املاک موجود تھی راکھ ہو گئی ۔ مقامی لوگوں نے آگ لگنے کی وجوہات کو شارٹ سرکٹ بتایا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ محکمہ پی ڈی ڈی کی لاپرواہی کے سبب آگ لگی ہے کیونکہ بجلی کی ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں کے ساتھ بندھی ہوئی تھی جو مکان کے نذدیک تھی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پی ڈی ڈی کو موقع پر پہنچ کر جائزہ لینا چاہئے اور متاثرین کو ہوئے نقصان کی برپائی کی جانی چاہئے ۔ایک مقامی خاتون نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں ان کے گھر میں شادی تھی اور شادی کیلئے لایا گیا تمام سامان جل کر راکھ ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس سے مانگ کی ہے کہ علاقے کیلئے ایک گاڑی فراہم کی جائے تاکہ آگ کے حادثات پر بروقت قابو پایاجاسکے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر ریڑکراس عملہ نے متاثرین میں کمبل بالٹیاں و کھانے کی اشیا ء تقسیم کی۔
سابقہ ایم ایل سی مڑواہ عبدالعزیز وانی نہ رہے | سابق وزیر سجاد کچلو سمیت کئی لیڈران کا اظہار تعزیت
عاصف بٹ
کشتواڑ //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق قانون ساز کونسل کے رکن عبدالعزیز وانی کا سوموار کو 95 سال کی عمر میں مڑواہ میں انتقال ہوا۔انکی موت پر نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما و سابق وزیر مملکت سجاد احمد کچلو نے تعزیتی اجلاس میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ معلوم رہے کہ عبد العزیز وانی مرحوم بشیر احمد کچلو کے زمانے سے ہی نیشنل کانفرنس میں سرگرم کارکن تھے اور وہ ان کے قریبی ساتھیوں میں بھی شمار ہوتے تھے۔ بتایا جاتا ہے وانی کافی وقت سے علیل تھے اور سوموار کو انکا مڑواہ میں ہی انتقال ہوا۔کچلو نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ مرحوم وانی پارٹی کے ایک مضبوط ستون تھے ، جنہوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں کی خدمت کیلئے وقف کی جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوںنے غمزہ کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے بھی دعا ء کی ۔ اس موقعہ پر قاضی جلال الدین ، تنویر احمد کچلو ، امتیاز احمد زرگر ، شکیل احمد کمال ، شیخ سجاد احمد ، پوجا بھنڈاری ، ولی محمد گری ، سروپ چند ، راجندر کمار گھئی ، فاروق احمد بٹ، ذاکر حسین ، طاہر مسعود ، سبش چندر ، پیارے لال ، لیاقت علی (جگنو) ، بابو لال بندر ، عمران احمد قاضی ، آصف قاضی ، فردوس چودھری ، اخلاق بٹ ، خالد میر ، ایاز میر کے علاوہ نیشنل کانفرنس کشتواڑ کے دیگر کارکنان نے بھی مرحوم کی موت پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ۔
کشتواڑ پولیس کے ذریعہ عوام میں ماسک کی تقسیم
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے کویڈ – 19 وبائی مرض کے بارے میں لوگوں میں شعور پیدا کرنے کیلئے منگل کو کشتواڑ کے عام لوگوں میں ماسک تقسیم کئے۔ انسپکٹر دیویندر سنگھ ، انسپکٹر عابد بخاری ،ایس ایچ او پی ایس کشتواڑ اور دیگر افسران نے کشتواڑ پولیس کے ذریعہ ماسک تقسیم کرتے ہوئے لوگوں کو آگاہی فراہم کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں اور ماسک کا استعمال کریں کیونکہ ماسک کے استعمال سے وہ اس وبائی بیماری سے بچ سکتے ہیں ۔ایس ایس پی کشتواڑ نے اس دوران لوگوں سے اس وائرس پر قابو پانے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاترا کی منسوخی کا فیصلہ | یاتریوں کی حفاظت کیلئے لیا گیا ہے: مہنت دیپندرا گری
سرینگر// (یو این آئی) چھڑی مبارک (بھگوان شیو کی چاندی کی چھڑی) کے محافظ مہنت دیپندرا گری نے کہا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کی منسوخی کا فیصلہ یاتریوں کی حفاظت کے لئے لیا گیا ہے۔
انہوں نے عقیدت مندوں سے اپیل کی کہ وہ پوتر گھپا کے آن لائن درشن سے استفادہ حاصل کریں۔
مہنت دیپندرا گری نے منگل کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا’’سوامی امرناتھ جی کی سالانہ یاترا پچھلے سال کی طرح امسال بھی منسوخ کی گئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’اگرچہ یہ خبر خواہش مند یاتریوں کیلئے اچھی نہیں ہے لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر نیز یاتریوں اور رضاکاروں کی حفاظت کے تناظر میں یہ فیصلہ قابل سراہنا ہے‘‘۔دیپندرا گری نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے سال اس وقت تک کورونا وائرس کا پوری طرح سے خاتمہ ہو چکا ہوگا اور یاترا معمول کی طرح ہوگی۔انہوں نے کہا’’میری عقیدت مندوں سے گزارش ہے کہ وہ پوتر گھپا کے آن لائن درشن سے استفادہ ضرور حاصل کریں‘‘۔مہنت دیپندرا گری نے کہا کہ امسال 22 اگست کو جب چھڑی مبارک پوتر گھپا میں پہنچے گی تو ہم سب بھگوان امرناتھ جی سے کورونا وائرس کے فوری خاتمے کے لئے دعا مانگیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا’’ہمیں امید ہے کہ سوامی امرناتھ جی ہماری اس دعا کو پورا کریں گے‘‘۔
ڈی سی رام بن نے پنچایت سطح کی سہولیات کا جائزہ لیا
رام بن // ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت اسلام نے منگل کو بلاک گندھاری اور رام بن کی مختلف پنچایتوں کا دورہ کیا تاکہ پنچایت سطح پر کوویڈ کیئر سنٹرز میں سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں کوویڈ 19 سیفٹی پروٹوکول پر عمل درآمد اور ایس او پیز کی پاسداری کی جاسکے گی۔دورے کے دوران ڈی سی کے ہمراہ تحصیلدار رام بن محمد رفیق اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اس دوران ڈی سی نے پی آر آئی اور عملہ کے ممبروں سے بات چیت کی اور ان مراکز میں بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے گھروں میں بند مریضوں کی ویکسینیشن جانچ اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ڈی سی نے تحصیل سطح کی انتظامی کمیٹیوں اور محکمہ صحت کے دیگر سینئر افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیہی سی سی سی میں تمام مقررہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے علاوہ ازیں کوویڈ 19 متاثرہ افراد کی جلد بحالی کیلئے مناسب دیکھ بھال کریں۔ڈی سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔
ما بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کی گنجائش نہیں: ڈی سی کشتواڑ
کشتواڑ // ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ COVID مناسب رویہ (CAB) پر سختی سے عمل کریں اور ضلع کوکویڈ19 سے آزاد بنانے میں حکام کی جانب سے جاری کئے گئے رہنما اصولوں پر عمل کریں ۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال کریں ، معاشرتی فاصلہ برقرار رکھیں اور لازمی طور پر ٹیکے لگائیں کیونکہ یہ کورونا کے خاتمہ کا واحد حل ہے اور اسی سے ہم کورونا کو شکست دے سکتے ہیں ۔پریس بریفنگ کے دوران ، انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے سی اے بی کے نفاذ کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور جو بھی شخص ہدایت نامے کی خلاف ورزی کرتا ہے اسے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ما بعد لاک ڈاؤن حفاظتی اقدامات کے موثر نفاذ کیلئے انفورسمنٹ اسکواڈ کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چوگان گراؤنڈ میں عوام کے داخلے پر پابندی ہو گی ، چیک ناکوں کو مضبوط بنایا گیا ہے ، ضلع میں ہفتے کے آخر میں کرفیو کا نفاذ اور عوامی مقامات اور کاروباری اداروں میں اجتماع کی ممانعت ابھی بھی برقرار ہے تاکہ عام لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ صحت اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر دیہی علاقوں میں 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی 80فیصدویکسینیشن کروانے میں کامیاب رہی ہے۔
ریڈیو پروگرام ’ عوام کی آواز‘ | نسرین بی بی نے اپنے نام کا ذکرہونے پر خوشی محسوس کی
سانبہ//ضلع سانبہ کی ملٹی پرپز ہیلتھ ورکر ( ایف ایم پی ایچ) خاتون نسرین بی بی کایہ زندگی کا سب سے خوشی کا لمحہ تھا جب اُنہوں نے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز ‘‘ میں سنا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے خطاب کے دوران اُن کے نام کا ذکر کیاہے۔ماہانہ پروگرام ’’ عوام کی آواز ‘‘ کا سوم قسط 20؍ جون 2021ء کو نشر ہوا جو لیفٹیننٹ گورنر نے فرنٹ لائن ورکروں ، کووِڈ وارئیروں کی محنت ، لگن اور اَنتھک کوششوں کے لئے وقف کیا تھا۔نسرین بی بی بڑی براہمنا کی رہائش پذیر ہے اور ایک طویل عرصے سے محکمہ صحت وطب میں کا م کر رہی ہیں ۔ وہ کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم کے دوران اَپنی خدمات انجام دینے ، چھوٹے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے اور گھر گھر جا کر سروے کرنے سے پُر منڈل زون میں بہتر مشہور ہو گئی ہے۔نسرین بی بی کو یہ جان کر حیرانی ہوئی ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ریڈیو پروگرام کے خطاب میں اُن کی خدمات کو تسلیم کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مریضوں کا علاج و معالجہ کرنا میرا کام ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے میری ٹیم گھر گھر جارہی ہے تاکہ صد فیصد کووِڈ ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔نسرین بی بی نے فارغ وقت کے دوران اَپنی مصروفیات کے بارے میں اِستفسار کرنے پر کہا ہے کہ لوگوں کی مدد کرنا ہمیشہ میرا شوق تھا اور اَپنے فرصت کے وقت میں اَپنے علاقے میں سماجی کام کرنا چاہتی ہوں۔اُنہوں نے کہا ہے کہ کووِڈ وَبائی مرض کی دوسری لہر میں صحت کی دیکھ ریکھ کرنے والے کار کن اور ڈاکٹر طے شدہ گھنٹوں سے زیادہ کام کر رہے ہیں اور حکومت میں اعلیٰ اَفراد کی طرف سے اس کی پہچان واقعی خوشی اور اطمینان بخش ہے۔نسرین بی بی نے فخریہ اَنداز میں کہا کہ کووِڈ ویکسی نیشن مہم شروع ہونے کے بعد سے اُنہوں نے 10,000 لوگوں کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’گزشتہ مہینے ہی میں نے 45 برس عمر سے اوپر عمرکے زمرے میں بقیہ آبادی کا احاطہ کرنے کے لئے شروع کی گئی گھر گھر مہم میں 3000 اَفراد کو حفاظتی ٹیکے لگائے ہیں۔‘‘اُنہوں نے اَپنے آبائی ضلع سانبہ میں تیز رفتار ویکسی نیشن مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ یوٹی کے چار اضلاع میں سانبہ شامل ہے جہاں 45 برس عمر سے زیادہ عمر کے لوگوں کو صد فیصدہدف ٹیکے لگانے کاشرف حاصل ہوا ہے ۔