خواص میں نوجوان کے قتل کا معاملہ
پولیس نے کارروائی کے دوران 2ملزمان کو گرفتار کیا
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے خواص علاقہ میں ایک نوجوان کو اس کے گھر میں ہی قتل کرنے کے سلسلہ میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ خواص کے کیری گندنہ علاقہ میں بلوندر سنگھ ولد سورج سنگھ نامی نوجوان کو اس کو گھر میں ہی گھس کر قتل کردیا گیا جبکہ قاتلوں میں ایک اس کا رشتہ دار بھی شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حملے ے دوران بلوندر سنگھ نامی نوجوان کو سخت چوٹ آئی جس کی وجہ سے اس کی موت واقعہ ہو گئی ۔اس واقعہ کی پولیس کو جانکاری موصول ہوتے ہی پولیس چوکی خواص کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی جبکہ اس دوران پولیس سٹیشن بد ھل سے ایس ایچ او کی قیادت والی ایک ٹیم بھی موقعہ پر پہنچی ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کی شناخت کر کے ان کی گرفتاری کےلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان جرم کرنے کے بعد ریاسی کی جانب فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے تاہم اس دوران پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان کی شناخت کلدیپ سنگھ ولد وکیل سنگھ اور کاکا ولد عبدالشکور کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 69/21 درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
نوشہرہ میں بجلی کٹوتی سے صارفین سخت پریشان
سیوٹ گریڈ سٹیشن سے سپلائی جلد فراہم کرنے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے بل مسلسل ارسال کئے جارہے ہیں لیکن بجلی کٹوتی بھی لگاتار کی جارہی ہے اور محکمہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صارفین کو بجلی کی معقول فراہمی کےلئے سیوٹ میں گریڈ سٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے لیکن سٹیشن مکمل ہونے کے باوجود بھی اس گریڈ سٹیشن سے بجلی سپلائی نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ اور سندر بنی سب ڈویژنوں میں بجلی کی سپلائی میں آرہے خلل کو دور کرنے کےلئے سیوٹ علاقہ میں گریڈ سٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے جبکہ اس پر بھاری فنڈز بھی خرچ کئے گئے ہیں ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن نوشہرہ میں جوبیس گھنٹوں میں بجلی صرف 4گھنٹوں تک ہی سپلائی کی جارہی ہے ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد سیوٹ گریڈ سٹیشن سے بجلی سپلائی شروع کی جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
نوشہرہ کالج میں آن لائن پوسٹر بنانے کا مقابلہ
نوشہرہ //گور نمنٹ ڈگری کالج نوشہرہ میں عالمی یوم منشیات اور اس کے مضر اثرات کے سلسلہ میں ایک آن لائن پوسٹر بنانے کے مقابلے کا اہتمام کیا گیا ۔ریڈ وبن کلب اور کالج منتظمین کے اشتراک سے منعقدہ آن لائن مقابلے کے دوران طلباءنے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کالج منتظمین نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام کو منعقد کرنے کا اصل مقصد طلباءکو منشیات کے استعمال سے ہونے والے مضر اثرات کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا ۔اس دوران مختلف نوعیت کے 20پوسٹر بنائے گئے ۔ان پوسٹروں کے ذریعہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباءنے منشیات کے مضر اثرات کو اجاگر کیا جبکہ منتظمین نے بہترین پوسٹر بنانے کے سلسلہ میں ان کی زمرہ بندی کی اور معیاری کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
راجوری میں چوری کے دو معاملات حل ،چور گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع راجوری میں چوری کے دو معاملات کو حل کرتے ہوئے گھمبیر براہمناں علاقہ میں ایک درگارہ پر چور ی کرتے وقت ایک چور کر گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ 21اور 22جون کی درمیانی شب اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گھمبیر براہمناں علاقہ میں کچھ مشکوک نقل و حرکت ہو رہی ہے جس کے بعد ایس ایچ او منجا کوٹ فاروق احمد نے ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی کی قیادت میں ایک کارروائی کے دوران ایک شخص کو مذکورہ علاقہ سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عارف حسین ولد عبدلحسین سکنہ درہال کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص گھمبیر براہمناں میں ایک درگارہ سے چوری کرنے کی کوشش کررہا تھا جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 98/2021پولیس سٹیشن منجا کوٹ میں درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔تفتیش کے دوران مذکورہ ملزم نے اقرار کرتے ہوئے کہاکہ 12اور 13جون کو اس نے مذکورہ علاقہ کے ایک مندر سے بھی چوری کی تھی جبکہ اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے درج کل دو مزید معاملات بھی حل کئے گئے ۔
چائلڈ لائن نے انسداد منشیات کا دن منایا
حسین محتشم
پونچھ// چائلڈ لائن پونچھ نے سرحدی گاو¿ںمیں انسداد منشیات کے دن پر ایک تقریب منعقد کی۔ اس دوران نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کیا گیااور ڈیمو کے ذریعے انسانی صحت پر منشیات کے مضر اثرات کی وضاحت کی۔ چائلڈ لائن کی ٹیم نے معاشرے میں ان کے کردار کے بارے میں بھی شرکاءکو بتایا۔ انہوں نے کہا اگر کسی کو بھی ان کی مدد کی ضرورت ہو تو وہ ہیلپ لائن نمبر 1098 اور 100 کے ذریعے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ معاشرتی برائی کو روکا جا سکے۔ اس موقع پر نوجوانوں پر اس بات پر زور دیا کہ وہ معاشرے تمام لوگوں کو تمباکو نوشی ، گٹکا ، شراب اور دیگر مہنگی منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کریں۔ کوآرڈی نیٹر چائلڈ لائن سبزار احمد نے کہا اس دور میں سب سے زیادہ منشیات نوجوانوں کو خراب کررہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی نوجوان یا بچہ ایک بار لطف اندوز ہونے کے لئے منشیات کا استعمال کرتا ہے تو یہ اسے کبھی بھی اس جال سے باہر نہیں آنے دیتا ہے۔ یہ موت تک چلتا ہے۔ منشیات پھیپھڑوں ، منہ ، گلے اور جسم کے دیگر حصوں کی وجہ سے انسانی جسم میں پھیلتی ہیں اور اس شخص کی جان لے لیتی ہیں۔ انہوں نے شرکاءسے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں۔