ہنرمندی کے مرکزی وزیرمملکت کا پٹن دورہ
ہینڈی کرافٹ کلسٹر میں دستکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال
بارہمولہ //جموں کشمیر کے عوام تک رسائی کے مرکزی حکومت کے خصوصی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے سکل ڈیولپمنٹ اور اَنٹرپرینیور شپ راجیو چندر شیکھر نے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے کا دورہ کیا اوروہاں میر گنڈہینڈی کرافٹ کلسٹرسے وابستہ مقامی کاریگروں سے بات چیت کی ۔وزیر مملکت نے ہینڈی کرافٹ کلسٹر کی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ دستکاری شعبے کی اَپ گریڈیشن اور ترقی کے لئے کاریگروں نے اَپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے سکل ڈیولپمنٹ و اَنٹرپرینیور شپ راجیوچندر شیکھر نے مقامی کاریگروں کے شاندار فن اور ہنر پر خوشی کا اِظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے مختلف پروگرام اور سکیمیں شروع کی ہیں جن کا مقصد مقامی فن و ہنر پر مبنی روایتی صنعتوں کو فروغ دینا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سکل اِنڈیا پروگرام سے مقامی کاریگروں کی حوصلہ اَفزائی پر خصوصی زور دیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دستکاری صنعت سے حاصل ہونے والی آمدنی کی شرح میں تیزی سے اِضافہ ہوگا۔
بملورہ گاندربل کا نوجوان نالہ سندھ میں غرقاب
گاندربل//ارشاد احمد// گاندربل کے مضافاتی گائوں میں ایک جوان سال نوجوان نالے میں ڈوب گیا۔ بملورہ کا 18 سالہ عازم قیصر شاہ ولد قیصر احمد اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ سائیکل پر گھومنے نکلا تھا جس دوران ارژ کے مقام پر عازم نالہ سندھ میں نہانے اترا ۔ لیکن وہ نہانے کے دوران ہی نالہ سندھ کی لہروں میں گم ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے غرقاب ہوگیا۔اس موقعہ پر چھوٹے بھائی کی چیخ پکار سن کر مقامی لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے لڑکے کی تلاش شروع کردی۔کافی تلاش کے بعد آدھ کلومیٹر دور ملہ پورہ کے مقام پراسکی لاش بازیاب کرلی گئی۔
تیلگو فلم ساز جموںکشمیر میں شوٹنگ کرنے کے خواہاں
حیدرآباد //تیلگو سنیما کے فلم سازکشمیرمیں اپنی فلموں کی عکس بندی کرنے کے خواہاں ہیں۔اِس بات کا اِظہار تیلگو فلم پروڈیوسر کونسل اور تیلگو فلم ڈائریکٹر س ایسو سی ایشن کے اَفسران نے یہاں جموںوکشمیر سیاحتی محکمہ کے اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں کیا۔محکمہ سیاحت کے اَفسران کی ایک ٹیم اِن دِنوں حیدر آباد کے دورے پر ہے تاکہ سیاحتی تجارت ، میڈیا ، فلم سازوں اور دیگر شراکت داروں کے اَرکان سے تبادلہ خیال کرے۔دورانِ میٹنگ اَفسران نے اِن آرگنائزیشنوں کے عہدہ داروں کو جے اینڈ کے اِنتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی فلم پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا جس کے تحت فلموں کی عکس بندی کی تمام اِجازتوں کو سنگل وِنڈو کلیئر نس میکانزم کے تحت لایا گیا اور اِس کے علاوہ پروڈیو سروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں شوٹنگ کا اِنتخاب کریں۔تیلگو فلم پروڈیوسر کونسل اور تیلگو فلم ڈائریکٹرس ایسوسی ایشن کے عہدیداران جن میں ٹی پرسانا کمار ، موہن وڈلاپٹلا اور این شنکر اور تماریڈی بھاردواج شامل ہیں ،نے محکمہ سیاحت کے اس اقدام کو سراہا تاکہ وہ جموں و کشمیر میں فلمی سیاحت کو فروغ دے سکے۔افسران کی ٹیم نے گولکنڈہ گالف کورس میں حیدرآباد گالف ایسوسی ایشن کے اَفسران سے بھی ملاقات کی جس کی سربراہی اس کے صدر سی دیاکر ریڈی نے کی۔
جے کے منرلز کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی سرنوتشکیل کو ہری جھنڈی
سرینگر//بلال فرقانی// حکومت نے جموں کشمیر منرلز لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کے سر نو قیام کو ہری جھنڈی دکھائی۔ جمعہ کو سرکار کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا کہ جموں کشمیر منرلز لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کے سر نو قیام سے متعلق سابق حکم ناموں کی پیش رفت اور جموں کشمیر منرلز لمٹیڈ کے میمورنڈم اینڈ آرٹیکل ایسو سی ایشن کے دفعہ63کی شق3 کے تحت سر نو قیام کو منظوری دی گئی۔ حکم نامہ کے مطابق اس بورڈ آف ڈائریکٹروں کی6 رکنی ٹیم کی سربراہی چیف سیکریٹری ارن کمار مہتہ کو سونپی گئی ہے،جبکہ ڈائریکٹروں میں محکمہ خزانہ کے مالیاتی کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) اتل ڈھلو،محکمہ عموی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی، محکمہ منصوبہ بندی،ترقی و نگرانی کی انتظامی سیکریٹری سشما چوہان، ڈائریکٹر جیالوجی ایند مائننگ او پی بھگت اور جموں کشمیر منرلز لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وکرم گپتا شامل ہیں۔
ڈیوٹی جوائن کرنے کے منتظرپنچایت اکائونٹس اسسٹنٹوں کااحتجاج
سرینگر// وادی سے تعلق رکھنے والے پنچائت اکائونٹ اسسٹنٹ کے منتخب شدہ امیدواروںنے کئی ماہ قبل منتخب ہونے کے باجود تا حال اُن کی تقرری نہ کروانے کے خلاف سرینگر میں احتجاج کیا۔جمعہ کو پریس کالونی لالچوک میں متعدد نوجوان جمع ہوئے اور احتجاج کرنا شروع کیا۔ احتجاجی نوجوانوںنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کو لیکر نعرے درج تھے۔احتجاج میں شامل سمیر احمد شاہ نے بتایا کہ پنچائت اکائونٹس اسسٹنٹ اسامیوں کیلئے انہوں نے 10نومبر2020کو امتحان دیئے جو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر لئے گئے جبکہ بعد میں منتخب امیدواروں کی فہرست کو بھی جاری کیا گیا مگر ابھی تک انہیں محکمہ میں جوائن کرنے کی اجازت بھی دی نہیں جا رہی ہے۔ شاہ نے کہاکہ جوائن نہ کرنے کی وجہ سے منتخب امیدواروں کی سماجی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ وہ شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں اور معاشی لحاظ سے بھی وہ دگرگوں حالات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انکاا صرف مطالبہ ہے کہ انہیںجلد سے جلد جوائن کرنے دیا جائے۔
ٹنگمرگ کے شہری نے خود کو پھانسی دی
ٹنگمرگ// مشتاق الحسن //سولندہ ٹنگمرگ میں ایک جوان نے خود کو پھانسی پر لٹکا کراپناخاتمہ کیا۔ٹنگمرگ قصبے سے چار کلو میٹر دور سولندہ گاوں میں جمعہ دوپہر کو اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب 35سالہ مشتاق احمد بٹ ولد مرحوم غلام قادر بٹ نے اپنے کمرے میں خود کو پھانسی دیکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرڈالا ۔ٹنگمرگ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر سب ڈسڑکٹ اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کیلئے وارثوں کے حوالے کی ۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ نوجوان نے کیونکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
جموں کشمیرکی1720آشاورکرNIOSامتحان میں شامل
سرینگر //جموں وکشمیر کے این ایچ ایم کے 1720 آشاورکر ان نے ’این آئی او ایس‘ سرٹیفیکیشن امتحان میں شرکت کی ۔ نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر کے کل 1720 تسلیم شدہ سوشل ہیلتھ ایکٹیوسٹس (ASHAs) نے سنیچر کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن سکولنگ (NIOS) کے سرٹیفیکیشن کیلئے تھیوری امتحان میں شرکت کی ۔یہ امتحان جموں وکشمیر کے تمام اضلاع میں کووِڈ 19 پروٹوکول پرعمل کرتے ہوئے منعقد کیا گیا ۔اس امتحان میں جموں خطہ کی 87 تربیت یافتہ آشا ورکروں میں سے 87 آشاورکر امتحان میں حاضر ہوئیں۔ تربیت یافتہ 118 میں سے 116 ڈوڈہ ، 120 تربیت یافتہ میں سے 120 کٹھوعہ 80 میں سے 80کشتواڑسے امتحان میں شامل ہوئی۔ اسی طرح پونچھ میں 116،راجوری میں 175۔رام بن میں 86۔ریاسی میں 59،اودھمپور میں 17نے اس امتحان میں شرکت کی ۔ کشمیر صوبہ میں اننت ناگ میں 120،بانڈی پورہ میں 96،بارہمولہ میں 109،بڈگام میں 116،کولگام میں 120،کپوارہ میں 116،پلوامہ میں 117اور 69شوپیاں ضلع سے اس امتحان میں شامل ہوئیں ۔اسی طرح مختلف چیلنجوں کے باوجود جموں و کشمیر میں غیر تصدیق شدہ آشاؤں میں سے 22 نے آل انڈیا لیول این آئی او ایس امتحان میں شرکت کی۔ آج تک ، جموں و کشمیر کی 41 AS آشا ئوںکو NIOS نے تصدیق کی ہے ، جو تناسب سے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔یاسین چودھری ایم ڈی جے اینڈ کے این ایچ ایم نے امتحان کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ آشائوں کی سرٹیفیکیشن ایک قانونی اور انتظامی فریم ورک فراہم کرنے کیلئے پیش کی گئی ہے جس میں آشا ورکراہل اور ذمہ دار ہوں گی تاکہ سماجی سطح کی دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس امتحان سے آشائوں کی قابلیت اور پیشہ وارانہ کام میں بہتری آئے گی اور ساتھ میں انہیں ادویات کا سیٹ استعمال کرنے اور نگہداشت کی تشخیص کرنے کی اجازت ملے گی اور کمیونٹی کو آشا ئوںکی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار پر یقین دہانی بھی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آشا ء سرٹیفیکیشن پروجیکٹ حکومت ہند کی پہل ہے اور اس سے ان کا کام نکھر کر سامنے آئے گا ۔
اننت ناگ میںگیس ایجنسی سیل
کم وزن والے سلنڈر فروخت کرنے کا شاخسانہ
اننت ناگ //سریگفوارہ اننت ناگ میں سلینڈروں میں گلشن گیس ایجنسی سری یگوفوارہ اننت ناگ کی جانب سے کم وزن والے گیس سلنڈروں کی مبینہ فروخت سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ایس ڈی ایم پہلگام کی سربراہی میں افسران کی ایک ٹیم کو اے ڈی کے ساتھ روانہ کیا۔ ٹیم نے معاملے کی مکمل تحقیقات کی اور پایا کہ کم وزن والے سلنڈر صارفین کو فروخت کیے جا رہے ہیں اور قانونی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔اس کے علاوہ ، ایک ہی ایجنسی کے سلنڈروں کا وزن مختلف مقامات پر کیا گیا تھا اور ان کا وزن بھی طے شدہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔ٹیم نے ایجنسی کے آؤٹ لیٹس کو سیل کردیا اور اس کی خدمات اور آپریشن کو فوری طور پر روکنے کی ہدایت بھی کی۔ ایجنسی کے مالک کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔
ایس ڈی ایم کرنا ہ کا ترقیاتی کاموں کا جائزہ
سرینگر // سب ڈویژنل مجسٹریٹ کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے سنیچر کو افسران کے ہمراہ بٹ پورہ۔ کڑھامہ سڑک پر جاری تعمیری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعمیر کام مقرر ہ وقت کے اندر مکمل کریں ۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ سڑک کی تعمیر 3 کروڑ روپے کی لاگت سے ہو رہی ہے اور اس پر اب تک 90 لاکھ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 7 کلومیٹر کی کل لمبائی میں سے 4 کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے اور باقی سڑک کو مکمل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ایس ڈی ایم نے متعلقہ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کریں اور مقررہ وقت کے اندر پراجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
ولر جھیل میںجاری ڈریجنگ
کناروں پر ابھر رہی اراضی پر قبضہ کرنیکی دوڑ شروع
عازم جان
بانڈی پورہ //شہرہ آفاق جھیل ولر کو عظمت رفتہ رفتہ بحال کرنے کے سلسلے میں جوڈریجنگ ہورہی ہے اس سے ولر جھیل کے کنارے زمین خشک ہورہی ہے جو محکمہ جنگلات اور محکمہ مال کی ہے ۔چنانچہ ڈریجنگ سے پانی کی سطح کناروں سے نیچے جاری ہے اور وسیع رقبہ خشک ہوگیا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ولر وانٹیج گرورہ اور دیگر علاقوں میں بعض افراد نے ناجائز طور پر قبضہ جمایا ہے لیکن متعلقہ محکمہ جات مبینہ طور ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ضلع انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا ہے لیکن ناجائز قبضہ کرنے والوں کو چھوٹ مل رہی ہے ۔مقامی لوگ لیفٹیننٹ گورنر اور ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کررہے ہیں کہ جھیل ولر میں خشک ہورہی اراضی کی تحفظ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
ہری سنگھ ہائی سٹریٹ ایسوسی ایشن کی استدعا
بنا ماسک کے گاہکوں کا دکانوں میں داخلہ ممنوع
سرینگر //ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے تمام ممبروں سے کہا ہے کہ وہ بغیر ماسک کے کسی کو بھی اپنی دکانوں یا کاروباری اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں ۔اپنے ایک بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں کویڈ 19 ایس او پیز پر عمل کرنے کی سخت ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں ہم اپنے تمام ممبران سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور کاروباری اداروں میں غیر ضروری رش سے بچنے کی کوشش کریں اور کسی بھی کسٹمر کو ماسک پہنے بغیر اپنی دکانوں میں داخل نہ ہونے دیں۔ممبران مذکورہ معاملے پر رابطہ کرسکتے ہیں یا تجارت اور تجارت کے ارکان سے متعلق کوئی اور مسئلہ ایسوسی ایشن کے درج ذیل عہدیداروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ صدر شیح عارف کریم فون نمبر 9419011170اشوک جان ٹریجریز فون نمبر 9018909586پون کمار نائب صدر فون نمبر 9419091919،شیخ عثمان فاضل سکریٹری جنرل 9419009188اور پرویز احمد گوجواری جوائنٹ سکریٹری جنرل 9419013219شامل ہیں ۔
اپنی پارٹی ضلع کمیٹی پلوامہ کا اجلاس
کھنہ بل میںخواتین ونگ کی میٹنگ
سرینگر//ااپنی پارٹی ضلع اکائی پلوامہ کا ایک جلاس پارٹی مرکزی دفتر ایم ٹو چرچ لین سونہ وار میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے کی۔ اس میں ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، انچارج پلوامہ حلقہ ڈاکٹر میر سمیع اللہ کے علاوہ ضلع اکائی پلوامہ کے بیشتر عہدیداران وممبران موجود تھے۔ جنرل سیکریٹری نے پلوامہ، ترال، پامپور اور راجپورہ اسمبلی حلقوں میں پارٹی سرگرمیاں خاص طور سے ممبر شپ مہم شروع کرنے اور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے پرزور دیا۔اس دوران پنی پارٹی کارڈی نیٹر جنوبی کشمیر سید شوکت غیور اندرابی نے پٹیل باغ گالندر پامپور میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں سابقہ کارپوریٹر محمد یعقوب بھٹ، گلزار احمد شاہ کے علاوہ سماجی کارکن شاہد مامپوری نے شرکت کی۔اپنی پارٹی خواتین ونگ نے ضلع دفتر کھنہ بل میں میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں ضلع کے اندر خواتین کی ممبر شپ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ میٹنگ کی صدارت پارٹی ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر نے کی جس میں ضلع سیکریٹری طارق احمد ویری اور بشیر احمد براگامی بھی موجود تھے۔ اس میں ضلع کے سبھی اسمبلی حلقوں سے خواتین نمائندگان نے شرکت کی۔
پری میٹرک سکالر شپ سکیم
شیڈول ٹرائب طلاب سے درخواستیں طلب
سرینگر// حکومت نے مرکزی معاونت والی اسکیم’’ پری میٹرک اسکالر شپ ٹو ایس ٹی اسٹوڈنٹس‘‘ کیلئے سال برائے2021-22 کیلئے وظیفہ کیلئے درخواستیں طلب کی ہے۔ محکمہ قبائلی امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر دلشادہ اختر کی جانب سے نوٹیفکیشن میں وادی سے تعلق رکھنے والے شیڈول ٹرائب طلاب سے،جو مختلف سرکاری و تسلیم شدہ نجی اسکولوں میں سال2021-22میں 9ویں اور10ویں جماعت میں زیر تعلیم ہے،اور مرکزی معاونٹ والی اسکیم’’ پری میٹرک اسکالر شپ ٹو ایس ٹی اسٹوڈنٹس‘‘ کے تحت وظیفہ کی حصولیابی کی خواہش رکھتے ہیں ،کو مطلع کیا ہے کہ وہ15نومبر2021تک اپنے متعلقہ تعلیمی ادارے کے سربراہ کے پاس مطلوبہ دستاویزات و فارم جمع کریں۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات کی مناسب جانچ کے بعد ان درخواستیں فارموں کو سفارشات کے ساتھ چیف ایجوکیشن افسر کے پاس روانہ کیا جائے گا،جبکہ متعلقہ چیف ایجوکیشن افسر اس کی مزید جانچ کرکے30نومبر تک درخواست فارم معہ امیدواروں کی سفارشی فہرست کو ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور کے دفتر میں جمع کرینگے۔