بازاروں میں چیکنگ
مٹھائیوں کے نمونے جانچ کیلئے لئے گئے
عاصف بٹ
کشتواڑ//دیوالی کے تہوار کے پیش نظر انتظامیہ نے ملاوٹی مٹھائیاں بیچنے والوں پرشکنجہ کسناشروع کردیا اور آج محکمہ فوڈسیفٹی نے قصبہ کے کی دوکانوں کی مٹھائیوں کے نمونے جانچ کیلئے لئے۔اس موقعہ پر فوڈ سیفٹی افسر کشتواڑ رجنی بھگت نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پریہ خصوصی ڈرائیو چلائی جارہی ہے جس کے تحت دودھ ، دہی، مٹھائیوں کے نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دیوالی کے موقعہ پر لوگوں کو اچھی مٹھائیاںو دودھ فراہم ہونا چاہئے جسکے لئے کہ یہ سپیشل مہم چلائی جارہی ہے۔ انھوں نے دوکانداروں سے عوام کو اچھی مٹھائیاں بیچنے کو کہا بصورت دیگر انکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے 4 نئے معاملات
۔3 مریض صحتیاب ،468204 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں کورونا وائرس کے 4 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 3 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران چار افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور تین مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 30 شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7701 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 468204 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
کووڈ ایس او پیزکی خلاف ورزی پر13ہزار کا جرمانہ
۔ 1650 ٹیکے لگائے گئے، 1215 نمونے جمع کئے گئے
رام بن//پورے ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے انفورسمنٹ مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں کو چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 13,200 روپے جرمانہ وصول کیا۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ کووڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں اپنے قریبی CVC پر لیں۔ضلع امیونائزیشن آفیسررام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ ضلع میںآج تقریباً 1650 افراد کو پہلی اور دوسری کووِڈ ویکسین لگائی گئی۔چیف میڈیکل آفیسررام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ کے بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1215 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 343 RT-PCR اور 872 RAT نمونے شامل ہیں۔علاوہ ازیں ضلع میں مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 1650 افراد کو کووڈ ویکسین دی گئی ہے۔
ٹھٹھارکہ میں تحصیل معاملہ پر کوٹ کا فیصلہ خوش آئند
عوام نے کیا عدالت عالیہ کا شکریہ، کہا جلد تحصیل کا قیام عمل میں لایا جائے
زاہد بشیر
گول//2014ء میں جموںوکشمیر میں نئے انتظامی اکائیوں کے قیام کے حکم نامہ کے تحت ٹھٹھارکہ میں تحصیل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پر یہاں پر تحصیل کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا جس پر مقامی لوگوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے علاقے کے سابق نائب سرپنچ محمد سلیم نے کہا کہ انہوں نے بذات خود بذریعہ وکیل انجو دیوان رینا کے ذریعے سے ہائی کوٹ جموں و کشمیر اور لداخ جموں میں ایک درخواست دائر کی تھی اور آج جو اُس کا فیصلہ 19اکتوبر2021کو عدالت عالیہ کی طرف سے آیا وہ یہاں کی عوام کے حق میں ہے اور عدالت نے اندر چھ ماہ تحصیل کا قیام عمل میں لانے کا حکم دیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہاکہ عدالت عالیہ کے اس فیصلے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور گورنر یو ٹی جموںو کشمیر سے استدعا کرتے ہیں کہ جلد از جلد ٹھٹھارکہ میں تحصیل کا قیام عمل میں لایا جائے تا کہ یہاں کی عوام کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔
رام بن کے 389 ایس سی طلباء کیلئے
۔ 11.67 لاکھ روپے پری میٹرک سکالر شپ جاری
رام بن//محکمہ سماجی بہبود رام بن نے مرکزی اسپانسرڈ اسکیم کے تحت 389 ایس سی زمرے کے طلباء کیلئے پری میٹرک اسکالرشپ کے طور پر 11.67 لاکھ روپے کی رقم جاری کی۔ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وحیدالرحمٰن نے بتایا کہ "پری میٹرک اسکالرشپ 389 ایس سی زمرے سے تعلق رکھنے والے اور بٹوت اور گول کے تعلیمی زونز کے مختلف سکولوں کے 9ویں اور 10ویں کلاس میں زیر تعلیم طلباء کے حق میں منظور کیا گیا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم کا مقصد ایس سی اور دیگر زمرے کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے اور جاری رکھنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس سے تعلیمی اداروں میں ایسے بچوں کے ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔
رام بن میں تعمیراتی کارکنوں کی رجسٹریشن
ڈی سی نے نوڈل افسر کا تقرر کیا
رام بن // ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے اسسٹنٹ لیبر کمشنر کو نوڈل افسر مقرر کیا ہے تاکہ ای-شرام پورٹل پر تعمیرات اور دیگر مزدوروں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جاسکے تاکہ وہ سرکاری سکیموں کے مختلف فوائد حاصل کرسکیں۔ اسسٹنٹ لیبر کمشنر کو نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاکہ ای شرم پورٹل پر رجسٹریشن کی تعداد میں ہفتہ وار بہتری اور استفادہ کنندگان کی سہولت کو یقینی بنایا جاسکے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد موبائل نمبر 9419125420 پر نوڈل آفیسر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈی سی نے غیر منظم شعبے کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف سماجی تحفظ اور روزگار پر مبنی اسکیموں کے فوائد تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ای-شرم پورٹل پر خود کو رجسٹر کریں۔انہوں نے کہا کہ ای-شرم پورٹل کا مقصد غیر منظم شعبے کے کارکنوں کا ایک قومی ڈیٹا بیس بنانا ہے جو مختلف پیشہ ورانہ شعبوں جیسے تعمیرات، سڑکوں کی فروخت، گھریلو کام، زراعت اور باغبانی، صحت، سماجی بہبود اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں کام کرتے ہیں۔ڈی ڈی سی نے کہا کہ دیہی ترقیات، بلدیات، آئی سی ڈی ایس، زراعت، باغبانی اور صحت کے محکموں کے ضلعی افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آنگن واڑی اور منریگا کارکنوں، کسانوں اور پھلوں کے کاشتکاروں اور آشا کارکنوں کو ای-شرم پورٹل پر رجسٹر کرنے کے لیے رہنمائی اور مشورہ دیں۔ کامن سروس سینٹر یا خود رجسٹریشن لنک تاکہ وہ حکومت کی مختلف اسکیموں کی مراعات حاصل کرسکیں۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس
ڈوڈہ //لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت نیاز احمد راہی ضلع صدر ڈوڈہ منعقد ہوا جس میں گذشتہ روز ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔اس دوران انہوں نے محکمہ صحت عامہ سے سبکدوش ملازم غلام رسول آہنگر کی وفات پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک شریف النفس و مخلص انسان تھے۔انہوں نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔