موبائل پر کورونا کا دوسرا ڈوز لگانے کا پیغام وصول
نشاط میں فوت ہوئے شہری کے لواحقین حیران
سرینگر //نیوز ڈیسک//نشاط سرینگر کے رہنے والے68سالہ شخص کے لواحقین اُس وقت حیران ہوگئے جب 10نومبر کی شام 6بجکر 48منٹ پر محکمہ صحت کی جانب سے موبائیل فون پریہ پیغام بھیجا گیا کہ مذکورہ شخص نے کورونا وائرس کی دوسری ڈوز کو کامیابی کے ساتھ لگایا ہے۔لواحقین کے مطابق مذکورہ شخص کو 25اپریل کو ویکسین کا پہلا ڈوز دیا گیا تھاتاہم وہ 31مئی کو فوت ہوگیا۔ لواحقین نے بتایا کہ 10نومبر کی شام کو محکمہ صحت میں مرحوم کے نام پر رجسٹر موبائیل نمبر پر رات 6بجکر 48منٹ پر پیغام موصول ہوا کہ ویکسین کا دوسرا ڈوز کامیابی کے ساتھ لگایا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے پیغام میں ویکسین سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے لنک بھی فراہم کیا گیا ۔ مرحوم کے لواحقین نے بتایا کہ یہ کوئی ایک معاملہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی کئی لوگوں کو محکمہ صحت کی جانب سے ویکسین لگانے کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر میر مشتاق نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار کو سنبھالنے کے دوران پیش آئی غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کے اعداد و شمار میں اتنی چھوٹی غلطی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک چھوٹی غلطی ہے۔
تھنہ منڈی میں ٹریکٹرکھائی میں جاگرا نوجوان ہلاک
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے بھٹیاں علاقے میں بنا نمبر پلیٹ کے ایک ٹریکٹر حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر کا چالک اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ایک 22 سالہ نوجوان یاسین احمد ولد راجہ محمدسکنہ بھٹیاںلقمہ جل بن گیا جبکہ ٹریکٹر پر سوار دوسرا آدمی معجزاتی طور پر بچ گیا۔مکینوں نے بتایا کہ یاسین احمد ٹریکٹر چلا رہا تھا تبھی اچانک ٹریکٹر ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ڈرائیورکی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔
گنڈ کنگن میں ڈرلنگ مشین میں بازو پھنسنے سے مزدور زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن//گنڈ کنگن میں ڈرلنگ مشین میںبازو پھنسے سے مزدور زخمی ہوگیا۔ گگن گیر گنڈ میں اپکو کمپنی میں ڈون فیبریکشن میں جمعرات کو اس وقت عاشق احمد ساکنہ پڑابل ژیرون کنگن زخمی ہوگیا جب کام کے دوران ڈرلنگ مشین میں اُس کا بازو پھنس گیا۔ مذکورہ مزدور کو فوری طور پر علاج و معالجہ کیلئے سکمز صورہ لے جایاگیا۔
درجہ چہارم اسامیوں کو پُرکیا جائے
پریس کالونی میں امیدواروں کا احتجاج
بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر میں درجہ چہارم کی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے درخواست دہندہ امیدواروں نے سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے التواء میں رکھی گئی قریب4ہزار اسامیوں کو پُر کرنے کا مطالبہ کیا۔ پریس کالونی میں جمعرات کو ان امیدواروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڑ کو8ہزار775اسامیاں پُر کرنی تھیں تاہم جو فہرست منظر عام پر لائے گئے ان میں صرف5ہزار اسامیوں کو پُر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے سروس سلیکشن بورڈ سے رابطہ قائم کر کے یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ جن امیدواروں کو ایسے ہی چھوڑ دیا گیا ہے،ان کو بھی خاطر میں لیا جائے اور فوری طور پر التواء میں رکھے گئے قریب4ہزار اسامیو ں کو پُر کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ خود کشی جیسا انتہائی اقدام کیلئے مجبور ہونگے۔
’آپ کی زمین آپ کی نگرانی‘
بانڈی پورہ میں جانکاری پروگرام
عازم جان
باندی پورہ //ضلع بانڈی پورہ میں ’’آپ کی زمین آپ کی نگرانی‘‘ کے عنوان سے ایک جانکاری پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام کی صدارت ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے انجام دی جبکہ اے ڈی ڈی سی علی افسر خان، اے ڈی سی ظہور احمد میر، اسٹنٹ کمشنر ریونیو پرویز رحیم ،ضلع انفارمیشن افسر جہانگیر آخون، تحصیلدار سمبل ذیشان طاہر اور دیگر ضلع افسران موجود تھے۔ اس دوران’ آپ کی زمین آپ کی نگرانی ‘کے حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر نے جو اقدام کئے ہیں ان کی جانکاری لوگوں تک پہنچانے کی تلقین کی گئی ۔
منشیات کا خاتمہ اوراس کے متاثرین
لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام جانکاری پروگرام
ارشاد احمد
گاندربل//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل کے زیر اہتمام گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج ہتھبورہ گاندربل میں ’منشیات کے متاثرین اور اس کا خاتمہ ‘کے موضوع پر قانونی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی گاندربل تبسم جی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پروگرام میں پرنسپل گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج ہتھبورہ گاندربل شائستہ جی ،کالج میں تعینات عملہ،پینل سے منسلک وکلاء، پی ایل وی اور پولی ٹیکنیک کالج میں زیر تعلیم طلبا نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران شگفتہ نبی نے شرکا ء کو منشیات کے استعمال سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور منشیات کے استعمال سے ہونے والے متاثرین کو فراہم کی جانے والی قانونی امداد سے متعلق مسائل پر مفصل روشنی ڈالی۔
حبہ کدل میں 2افراد برائون شوگر سمیت گرفتار
سرینگر//سرینگرپولیس نے جمعرات کو حبہ کدل میں2افرادکی گرفتاری عمل میں لاکراُن کی تحویل سے برائون شوگربرآمد کیا ۔ پولیس ترجمان نے بتایاکہ کرالہ گنڈ تھانہ سے وابستہ ایک پولیس ٹیم نے جمعرات کو حبہ کدل میں ایک گاڑی زیرنمبرJK01T-1250کوروک کراسکی تلاشی لی ۔گاڑی میں سوار2افرادکی تلاشی کے دوران پولیس اہلکاروںنے اُن سے برائون شوگر ضبط کیا ۔ برائون شوگراورگاڑی کوضبط کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس نے دونوں ملزموںادریس احمد ساکن سویہ بگ بڈگام اورعبدالاحد ساکن گنگ بگ سرینگرکوگرفتارکیا۔دونوں کوکرالہ گنڈ تھانہ منتقل کیاگیا،جہاں اُن کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس زیرایف آئی آرنمبر37/2021درج کیاگیا۔
ہائر سیکنڈری سکول گنڈ حسی بٹ میںنعتیہ مشاعرہ
نامور شعراء اور نعت خوانوںکی شرکت
سر ینگر /// گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول گنڈ حسی بٹ عید میلاد کی مناسبت سے ایک نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد ہواجس کی صدارت معروف ادیب اور مصنف پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی۔جن شعراء نے نعتیہ مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا ان میں ادبی مرکز کمراز کے سربراہ محمد امین بٹ، شاہناز رشید، فیاض تلگامی، غلام حسن غمگین، شوکت انصاری، حسن اظہر، نذیر احمد نذیر، یوسف سلیم، سابق علی سابق، دلشاد مصطفی، امان اور کلثومہ شامل ہیں۔اس موقع پر اسکول کے مدیر میر شبیر نے کہا کہ نعتیہ مشاعروں کا انعقادعشق رسولؐ کی ایک کڑی ہے اور نعتیہ کلام ہمارا مذہبی، تہذیبی و ادبی ورثہ ہے اوراس روش کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پروگرام کے اختتام پرمیر شبیر نے سبھی شعراء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کا
مولانا ظہور احمدسے اظہار تعزیت
سرینگر// انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے ایک وفد نے انجمن کے امیرحافظ عبدالرحمان اشرفی کی قیادت میں معروف عالم دین مولانا ظہور احمد مفتاحی مہتمم مدرسہ تقویت الاسلام پوش کریری بجبہاڑہ کے گھر ترگام کھڑی جا کر موصوف کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔وفد نے اس موقع پرتمام انجمن کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا ۔وفد نے مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔ وفد میں امورمکاتب کے صدرمولانا طارق احمدمہتمم مدرسہ شمس العلوم کیلم،سیکریٹری ضلع رام بن مولانا مشتاق احمد رحیمی مہتمم جامعہ حفصہ منڈک باس کھڑی ،رکن انجمن مولانا محمد شفیع ترالی مہتمم دارالعلوم نورالقرآن سنگم، صدر تحصیل ڈورو حافظ اعجاز احمد بلالی مہتمم مدرسہ مفتاح القرآن ٹنجلو وغیرہ شامل تھے۔ وفد نے تحصیل کھڑی کے سینکڑوں علما ء وائمہ مساجد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کئی ایک مدارس کا بھی دورہ کیا ۔
گاندربل پولیس نے بھاری مقدار میں لکڑی ضبط کی
غلام نبی رینہ
کنگن//گاندربل پولیس نے ہاکنار گنڈ جنگل سے بھاری مقدار میں لکڑی ضبط کی۔ پولیس بیان کے مطابق ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پرایس ڈی پی او سید یاسر قادری کی نگرانی میں ایس ایچ او گنڈ عبدالرشید میر کی قیادت میں تھانہ گنڈ کی ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران ہل پتی ہاکنار گنڈ میں جنگلات سے بھاری مقدار میں غیر قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی ضبط کی۔ اس سلسلے میں گنڈ پولیس نے ایک ایف آئی آر نمبر 48/2021زیر دفعہ 379 آئی پی سی 26فارسٹ ایکٹ درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔گاندربل پولیس نے جنگل اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ تیز کیا ہے۔
مہجورنگرکی آبادی کٹوتی شیڈول سے لوگ برہم
سرینگر//مہجورنگرکی فرنڈس کالونی ،روزکالونی اورشدادکالونی سمیت پورے مہجورنگرمیں محکمہ بجلی کے نئے کٹوتی شیدول مشتہر ہونے کے بعد اکثرو بیشتر اندھیرا ہی چھایا رہتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں یہ پتہ ہی نہیں چلتا ہے کہ بجلی کب آئی اور کب گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میںجب متعلقہ ملازمین سے رابطہ کیاجاتاہے تووہ کہتے ہیں کہ ٹرانسفارمر کافیوزاُڑگیا۔لوگوںکا کہنا ہے کہ بجلی سپلائی بحال ہوتے ہی جب لوگ گھروں میں گرمی کیلئے روم ہیٹر وغیرہ چالو کرتے ہیں تو ٹرانسفارمرکافیوز اُڑجاتاہے ۔لوگوں نے اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔جے کے این ایس
لائیگرو میں بجلی کی قلت پر لائیگرو کا اظہار تشویش
سرینگر// پی ڈی پی کے سٹیٹ یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے پورے کشمیر میں بجلی کی قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحران کے فوری تدارک کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی شیڈول پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر بجلی کے "بحران" سے نمٹے۔انہوں نے کہا کہ’’شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں سے بھی شدید بجلی کٹوتی کے بارے میں شکایات موصول ہورہی ہیں۔لوگ، خاص طور پر طلباء ، بجلی کی عدم دستیابی سے پریشان ہیں۔ لائیگرو نے کہا کہ اگر شہر سرینگر میں حالات اتنے ہی تشویشناک ہیں تو چھوٹے قصبوں، بستیوں اور کشمیر کے دوردراز علاقوں میں حالات کیا ہوں گے۔انہوں نے کہا ’’انتظامیہ نیند میں ڈوبی ہوئی ہے، موجودہ صورتحال کارروائی کا تقاضا کرتی ہے۔ بجلی کے بحران سے ترجیحی بنیادوں پر نمٹا جانا چاہئے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سردیوں کے مہینوں میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے‘‘۔
فاروق اندرابی کا بجلی بحران پراظہار ِ تشویش
سرما کے دوران بلاخلل سپلائی یقینی بنانے کی اپیل
سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے صوبہ کشمیرمیں غیر اعلانیہ طویل بجلی کٹوتی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں اندرابی نے کہاکہ سرمائی ایام شروع ہوتے ہی کشمیر میں بجلی کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ نماز کے لئے جانے والے یا دفاتر کے لئے تیار ہونے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ بیشتر وقت صبح کے وقت بجلی کٹ رہتی ہے جبکہ شام کے اوقات میںبھی گھروں میںگھپ اندھیرا رہتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ یہ مسئلہ حل کیاجائے ۔انہوں نے امیدظاہر کی بجلی کٹوتی کی سابق روایت کو ختم کیا جائے اور سرما کے دوران بلاخلل بجلی سپلائی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جی سی ڈبلیو ایم اے روڈ پر کشمیری رسم الخط پر ورکشاپ کا انعقاد
سرینگر// گورنمنٹ زنانہ کالج سرینگر کے شعبہ کشمیری کے زیر اہتمام کشمیری رسم الخط پر تین روزہ ورکشاپ بدھ کو اختتام پذیر ہوا۔سابق چیئرمین مرکز نور، سینٹر فار شیخ العالم اسٹڈیز کشمیر یونیورسٹی پروفیسر بشیر بشیر ورکشاپ کے ریسورس پرسن تھے۔شرکاء کو کشمیری پڑھنے اور اس میں لکھنے کی مہارت سے آراستہ کرنے کے علاوہ، ریسورس پرسن نے کشمیری کو نئے سیاق و سباق میں مطالعہ کرنے، کشمیری اور فلسفہ، لسانیات اور سماجی علوم کے درمیان بین الضابطہ روابط پیدا کرنے، تحقیق اور ترجمے کے نئے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ریسورس پرسن نے ان مواقع پر بھی روشنی ڈالی جو نئی تعلیمی پالیسی 2020 کشمیریوں کے لیے اسکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیم دونوں میں کھولتی ہیں۔قبل اذیں کالج کی پرنسپل ڈاکٹر نسرین امان نے ورکشاپ کے انعقاد پر شعبہ کشمیری کو مبارکباد پیش کی اور شرکاء کو کشمیری رسم الخط سکھانے اور رسم الخط کی تاریخ، ساخت اور استثنیٰ سے روشناس کرانے پر ریسورس پرسن کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر نسرین نے محکمہ کشمیر کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایسی مزید سرگرمیاں شروع کریں۔اپنے افتتاحی خطاب میں سربراہ شعبہ کشمیری، ڈاکٹر نصرت جان نے کثیر لسانی تعلیم کی اہمیت اور ناگزیریت کو نوٹ کرتے ہوئے موثر سیکھنے، تنقیدی سوچ اور ثقافتی شناخت کے لیے مادری زبان کی مرکزیت پر زور دیا۔ اس نے تازہ ترین تحقیق کا حوالہ دیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ کس طرح کسی کی پہلی زبان پر عبور زبان کے صارفین کو دوسری زبانوں کو تیزی سے اٹھانے کے قابل بناتا ہے۔
ذیابیطیس کی اسکریننگ
کشمیر یونیورسٹی میں 17نومبرکوآگاہی کیمپ کا انعقاد
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر کے اشتراک سے ذیابیطس اور اس سے بچاؤ کے بارے میں ایک روزہ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رئیس اے قادری نے کہا کہ پروگرام کے موقع پر یونیورسٹی ایک مفت میڈیکل اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کرے گی جس میں SKIMS کے ماہرین عام لوگوں کی ضروری اسکریننگ بھی کریں گے۔یہ پروگرام 17 نومبر 2021 کو سائنس آڈیٹوریم، شعبہ بائیو ٹیکنالوجی یونیورسٹی آف کشمیر میں ہورہاہے۔پروفیسر قادری نے کہا کہ لوگ یونیورسٹی جا سکتے ہیں اور مفت میڈیکل اسکریننگ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
خوشحال سر میں 25 غیر قانونی تعمیرات مسمار
سرینگر// خوشحال سر کے تاریخی واٹر سرکٹ کے کنارے اور اس کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ سرینگر نے جمعرات کو خوشحال سر کی بحالی کے لیے ایک بڑے پیمانے پر مسماری مہم چلائی۔انسداد تجاوزات مہم ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر شروع کی گئی جس کے دوران تحصیلدار عیدگاہ اشفاق احمد خان کی سربراہی میں ٹیم نے خوشحال سر میں 4 زیر تعمیر رہائشی مکانات اور ایک کمرشل عمارت سمیت 25 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا۔ سر اور جھیل میں موجود 25 کنال سے زائد واٹر باڈی کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرا لیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دو مہینوں میں مسماری کی یہ چوتھی بڑی مہم تھی اور ضلع سری نگر میں تاریخی آبی ذخائر کی بحالی کے لیے 95 تعمیرات کو بلڈوز کیا گیا ہے۔