سرما آتے ہی سب ڈویژن مڑواہ کی تنہائی کا سفر بھی شروع
۔50ہزارآبادی باقی دنیا سے منقطع،ہمہ موسمی سڑک کیلئے بونڑا چنجر ٹنل کی تعمیر کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ کی عوام نے بونڑا چینجر ٹنل کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے جس سے50000 آبادی پر مشتمل علاقہ کی عوام پوراسال ضلع ہیڈکوارٹر سے جڑی رہے گی۔اگرچہ سابق سرکاروں نے عوام سے ٹنل تعمیر کرنے کے وعدے تو کئے لیکن ابھی تک انھیں پورا نہ کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر بونڑا چنجر ٹنل تعمیر ہوتا تو دنوں کا سفر چند گھنٹوں میں پورا ہوتا لیکن آج بھی عوام کو کافی اذیتوں کاسامنا کرکے اپنی منزل تک پہنچنا پڑتا ہے۔علاقہ موسم سرما میں چھ ماہ تک دوسرے مقامات سے کٹ کررہ جاتا ہے اور لوگوں کو ضلع ہیڈکوارٹر پہنچنے کیلئے تین دن کا پیدل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔ اگر اس ٹنل کی تعمیر ممکن ہوتی تو عوام محض چند گھنٹوں کے اندر کشتواڑ پہنچ جاتے۔علاقہ مڑواہ کی عوام کو مڑواہ پہنچنے کیلئے سنتھن ، متی گاورن، مرگن و انشن کے راستے جانا پڑتا ہے جبکہ موسم سرما میں سنتھن شاہراہ بند ہونے کے بعد ڈوڈہ بٹوت ، رام بن بانہال ، اننت ناگ ، متی گاورن ، مرگن و انشن سے ہوتے ہوے مڑواہ پہنچنا پڑتا ہے۔مڑواہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان رﺅف لون نے بتایا کہ صرف چاہ پانچ ماہ تک ہی راستہ آمدورفت کیلئے کھلا رہتا ہے، ہمیں سال بھرکھلا رہنی والی سڑک چاہئے لیکن گزشتہ 30سال سے کشتواڑ ڈنگڈور نواپچی روڈ کی تعمیر ہورہی ہے تاہم ابھی تک محض چند ہی کلومیٹرسڑک تعمیر ہوپائی ہے اور ابھی بھی 60کلومیٹرکا راستہ پیدل طے کرنا پڑتاہے ۔انہوںنے کہا کہ اگر جموں کے لیڈران جموں جموں کے نعرے لگاتے ہیں تو کیا مڑواہ جموں کا حصہ نہیں ہے،علاقہ میں آج بھی بجلی ، مواصلاتی نظام نہیں ہے اور جان بوجھ کر ہمیں پسماندہ رکھا گیا ہے اور ہمارے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا جاتا ہے۔رﺅف نے کہاکہ اگرچہ مرکزی سرکار نے کئی سال قبل بونڑا چینجر ٹنل تعمیرکرنے کیلئے سروے کرنے کو کہا تھا لیکن ابھی تک اس پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی جبکہ سابقہ وزیر و ایم ایل اے کشتواڑ نے بھی وعدہ تو کیا تھا لیکن کچھ نہ ہوسکااور لوگ مسلسل مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوںنے مذکورہ ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ یہ علاقہ ہمہ موسمی سڑک رابطہ سے باقی دنیا سے جڑا رہ سکے۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کا صرف 1 مثبت کیس
دو مریض صحتیاب، 536539 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں کووڈ 19 کا صرف 1 مثبت کیس سامنے آیا ہے اور دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کووڈ جانچ کے دوران صرف ایک شخص کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے اور دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 19 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7755 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوو¿ڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 536539 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر20ہزار کا جرمانہ
۔ 1112 ٹیکے لگائے گئے، 1531 نمونے جمع کئے گئے
رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے نافذ کرنے والی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں کو چہرے کے ماسک پہنے بغیر گھومنے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 19,600 روپے جرمانہ وصول کیا۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی CVC پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراک لیں۔ضلع امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ آج رامبن ضلع میں 1112 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔چیف میڈیکل آفیسرڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1531 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 338 RT-PCR اور 1193 RAT نمونے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع میں مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 1112 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔
ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن کا راج گڑھ میں عوامی رسائی پروگرام
رام بن//ضلع ترقیاتی کونسل رام بن کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کونسل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضلع کی مجموعی ترقی اور تمام مستحقین اور نوجوانوں پر مبنی اسکیموں کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی کوششیں کرتی رہے گی۔ڈاکٹر شان راج گڑھ میں ایک پبلک آو¿ٹ ریچ پروگرام کے دوران مقامی عوام سے بات چیت کر رہی تھیں۔ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام نے حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کی گئی مختلف شعبوں کی سکیموں پر بھی روشنی ڈالی اور تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اسکیموں کو باالخصوص دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں مکمل طور پر نافذ کریں ۔چیئرپرسن نے ڈی ڈی سی، بی ڈی سی، پی آر آئی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ دیں، جو کسی بھی اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے محکمہ جنگلات کو تمام جنگلات کی بندش پر باڑ لگانے کی ہدایت کی اور عملدرآمد کرنے والی ایجنسیوں کو منظور شدہ ترقیاتی کاموں کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے یقین دلایا کہ راج گڑھ میں ایجوکیشن زون بنانے کے معاملے کو محکمہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ جے پی ڈی سی ایل سے کہا گیا کہ وہ دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے لکڑی کے کھمبوں کی تبدیلی کا کام تیز کرے۔دریں اثنا، ڈی سی نے اے ایل سی کو ہدایت کی کہ وہ راج گڑھ کے علاقے میں ای شرم رجسٹریشن کیمپ منعقد کرے تاکہ اس اسکیم کے تحت تمام اہل افراد کا احاطہ کیا جا سکے۔ انہوں نے باغبانی اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت دی کہ وہ بلاک میں بیداری کیمپ منعقد کریں تاکہ لوگوں کو ان کی اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔افسران نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق مسائل کا جواب دیتے ہوئے ایک ایک کر کے تمام لوگوں کی بات سنی۔چیئرپرسن نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کو مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔
گندوہ میں 60 کنال 4 مرلہ سرکاری اراضی بازیاب
ڈوڈہ//انسداد تجاوزات مہم کو جاری رکھتے ہوئے گندوہ میں مقامی انتظامیہ نے 60 کنال اور 4 مرلہ سرکاری اراضی کوبازیاب کرایا جس میں گوالو (بھلیسہ) گاو¿ں کی 3 کنال روشننی اراضی بھی شامل ہے جو خسرہ نمبر 393 کے تحت آتی ہے۔نائب تحصیلدار کاکو بھارتی کی سربراہی میں محکمہ محصولات کی ٹیم نے اس مہم کی قیادت کی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اراضی پر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے اور یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ تمام تجاوزات کی واپسی نہیں ہو جاتی۔
ہیروئن اور غیر قانونی شراب ضبط،چار گرفتار
ریاسی//ضلع پولیس ریاسی نے تین بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور غیر قانونی شراب سمگلر کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ممنوعہ منشیات ہیروئن اورناجائز شراب برآمد کی۔چیک پوسٹ بالینی پر ریاسی پولیس کی ٹیم نے گاڑیوں کی چیکنگ اور چیکنگ کے دوران مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور ایک موٹر سائیکل کو روکا جس کی رجسٹریشن نمبر JK02AP 7907 ریاسی سے کٹرا کی طرف چل رہی تھی۔چیکنگ کے دوران بائیک سوار روی کمارولداوم پرکاش ساکنShapanoضلع ریاسی کے ڈیرہ بابا کے قبضے سے 2 گرام ہیروئن (چٹا) جیسا مادہ برآمد ہوا۔اس معاملے پر ایف آئی آر نمبر 253/2021 زیردفعہ8, 21, 22 NDPS ایکٹ پولس اسٹیشن کٹرا میں درج ہے اور ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، گاڑی کے ساتھ ممنوعہ منشیات کو ضبط کیا گیا ہے ۔ادھرپولیس اسٹیشن ریاسی کی ٹیم نے ایک مخصوص اطلاع پر بس اسٹینڈ ریاسی کے قریب ایک ناکا لگایااور کیہر سنگھ ولد پریم سنگھ ساکن دھنور ارناس نامی ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی اور اس کے قبضے سے 45 بوتلیں (750 ملی لیٹر) شراب برآمد کی۔ اس معاملے پر ایف آئی آر نمبر 225/2021 زیردفعہ48(a) ایکسائز ایکٹ پولیس اسٹیشن ریاسی میں درج ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہے۔اس دوران پولیس اسٹیشن ارناس کی ٹیم نے ناجائز شراب کشید کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک سنیتا دیوی زوجہ بکیل سنگھ ساکن متلوٹ تحصیل تھورو کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 9 لیٹر ناجائز (دیسی) شراب برآمد کی۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 126/2021 زیردفعہ48(a) ایکسائز ایکٹ تھانہ ارناس میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ایک اور واقعہ میں پولیس تھانہ ارناس نے ایف آئی آر نمبر 127/2021 زیردفعہ 48(a)(e), 50 ایکسائز ایکٹ کے تحت ایک ناجائز شراب سمگلر جگ دیو سنگھ ولدلکشمی داس ساکن تھب تھنول کے خلاف مقدمہ درج کیا اور 5 لیٹر ناجائز شراب برآمد کی۔ اس کے قبضے سے شراب اور ناجائز ڈسٹلیشن یونٹ تباہ کر دیا گیا جس پر ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
ٹھاکرائی کشتواڑ سے کانگریس
اورنیشنل کانفرنس ورکرز اپنی پارٹی میں شامل
کشتواڑ//کشتواڑٹھاکرائی سے کانگریس اورنیشنل کانفرنس ورکروں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب پارٹی ضلع نائب صدر ٹھاکر رونک سنگھ اور ضلع یوتھ صدر شاہد بٹ منعقد ہوئی جس میں انہوں نے نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کیا۔ ٹھاکر رونک سنگھ اور شاہد بٹ نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُن سے متعلقہ علاقوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کی سیاست صداقت پر مبنی ہے، اور اِس جماعت نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ لوگوں کے روز مرہ مسائل کو اُجاگر کیاجائے۔ روز اول سے ہی پارٹی نے عوام سے جڑے اُن معاملات کو اُجاگر کیا اور حل کروایا ہے۔ پارٹی کی ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری ہے اور انشا اللہ اِس کو بھی جلد پورا کروایاجائے گا۔
ڈوڈہ میں راشن کارڈوں کی 100 فیصد آدھار سیڈنگ مکمل
ڈوڈہ//فوڈ سیول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز ڈوڈہ نے ضلع کے تمام NFSA اور غیر NFSA استفادہ کنندگان کے راشن کارڈ کی سو فیصدآدھار سیڈنگ مکمل کر لی ہے۔اس کے ساتھ ہی ڈوڈ پنے یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے UT کے چند اضلاع کے گروپ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔محکمہ کے مطابق راشن کارڈز کی آدھار سیڈنگ اہم ہے کیونکہ یہ نقل اور جعلی راشن کارڈوں کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے اور براہ راست فائدہ کے پروگراموں کو لاگو کرنے کے قابل بنانے کے لیے درست ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔مزید، انہوں نے کہا کہ آدھار کے استعمال سے افراد کی شناخت کی لاگت کم ہوتی ہے اور حکومت کو اسکی اسکیموں کے نفاذ میں شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے۔