مرکزی سیکرٹری خوراک نے شہری سپلائز پروگراموں کا جائزہ لیا | اسے مزید شفاف اور ہدف پر مبنی بنانے کیلئے محکمہ کی تعریف کی
سرینگر //مرکزی خوراک اور عوامی تقسیم کے سیکرٹری سدھانشو پانڈے نے سول سیکرٹریٹ سرینگر میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ خوراک شہری سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ( ایف سی ایس اینڈ سی اے ) اور جموں و کشمیر میں سرمائی ذخیرہ اندوزی کے جاری پروگراموں کا جائیزہ لیا ۔ مرکزی سیکرٹری خوراک نے وزیر اعظم غریب کلیان انا یوجنا ( پی ایم جی کے اے وائی ) ، نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ ( این ایف ایس اے ) ، مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیموں کے تحت مستحقین کو سبسڈی والے اناج کی تقسیم کا بھی جائیزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔ مرکزی سیکرٹری نے محکمے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پی پی پی موڈ پر جموں و کشمیر کے اسپتالوں میں تیمارداروں کیلئے کمیونٹی کچن شروع کرنے کے امکانات تلاش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ کام قابلِ بھروسہ این جی اوز یا سماجی تنظیموں کو تفویض کریں جن سے کمیونٹی کچن شروع کرنے کیلئے کہا جائے گا ۔ شروع میں کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک ، شہری رسادات اور امور صارفین زبیر احمد نے مختلف فلاحی اقدامات کی صورتحال اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی اور پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ مرکزی سیکرٹری نے مختلف شعبوں میں ایف سی ایس اینڈ سی اے کی طرف سے کی گئی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے نظام کو ہموار کرنے اور اسے مزید شفاف اور ہدف پر مبنی بنانے کیلئے ان کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے بعض علاقے نامساعد موسمی حالات کی وجہ سے ناقابلِ رسائی رہتے ہیں اور مستحقین کیلئے انتہائی مشکل ہو جاتے ہیں اس کے پیش نظر انہیں چھ ماہ کا راشن ایک ہی بار فراہم کیا جانا چاہئیے ۔ مرکزی سیکرٹری نے محکمہ سے تمام مسائل کی فہرست بنانے کو بھی کہا تا کہ انہیں فوری طور پر حل کرنے کا طریقہ کار بنایا جائے ۔ میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈائریکٹر فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز کشمیر ، جنرل منیجر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا جے اینڈ کے ، چیف اکاؤنٹس آفیسر ایف سی ایس اینڈ سی اے ، پروجیکٹ منیجر ، اسٹیٹ پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ ، فوڈ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز کشمیر ڈویژن اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ ڈائریکٹر فائنانس محکمہ خوراک شہری سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، ڈائریکٹر فوڈ سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز جموں ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پلاننگ ) محکمہ خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔
چیف سیکرٹری نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا
ٹرانسفارمر کی مرمت کے مناسب انتظام ، غیر شیڈول بجلی کی کٹوتی میں کمی کیلئے ہدایات جاری
جموں //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جموں /کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ ، چیف انجینئرز اور محکمہ کے دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری نے اہم شہروں میں 12 گھنٹے اور دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے اندر خراب ٹرانسفارمرز کو تبدیل کرنے کی پہلے کی ہدایت کا جائیزہ لیا اور ٹائم لائین پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ۔ غیر طے شدہ کٹوتیوں کی نگرانی کیلئے انہوں نے سسٹم ایوریج انٹرپشن فریکونسی انڈیکس ( ایس اے آئی ایف ) اور سسٹم ایوریج انٹرپشن ڈوریشن انڈیکس ( ایس اے آئی ڈی آئی ) سے متعلق روزانہ کی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت دی ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طلب اور رسد کا معقول تجزیہ کرے اور فیڈر کے حساب سے بجلی کی اخراج کی مجاز حد کے بارے میں بیداری پیدا کرے ۔ ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ بجلی کا ذمہ دارانہ استعمال اوور لوڈنگ کی وجہ سے ٹرانسفارمر کو ہونے والے نقصان کو کم سے کم کرے گا اور بجلی کی غیر مقررہ کٹوتیوں کو کم کرے گا ۔ انہوں نے محکمہ سے کہا کہ وہ فعال طور پر بجلی کے لوڈ کا انتظام کرے ۔ چیف سیکرٹری نے بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کیلئے باقاعدہ نگرانی اور نفاذ کی مہم چلانے کی ہدایت دی تا کہ صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے بجلی مل سکے ۔
شیو سینا (بالا صاحب ٹھاکرے ) کا جموں میں جے ایم سی کے خلاف احتجاج
جموں// شیو سینا (بالا صاحب ٹھاکرے ) کے جموں و کشمیر یونٹ نے جمعے کے روز یہاں جموں میونسپل کارپوریشن کے خلاف ایک احتجاجی ریلی بر آمد کی۔احتجاجی جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے میونسپل کونسل کے ملازموں کو سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔اس موقع پر فرنٹ کے صدر منیش سہانی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی کمشنر اور دیگر عملے کو جواب دینا ہوگا کہ جب کوئی قرار داد ہی پاس نہیں ہوئی تو دکانوں کے آگے پیلی لکریں ڈالنے کی کارروائی کیونکر انجام دی گئی۔انہوں نے کہا کہ کارپویشن کے لوگوں نے قانون توڑا ہے لہذ ا ان کو سز ملنی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔موصوف نے کہا کہ اگر ہماری مانگوں کا پورا نہیں کیا گیا تو ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔انہوں نے ہفتے کو جموں بند کی کال بھی دی اور تمام تجارتی انجمنوں سے اس کی حمایت کرنے کی اپیل بھی کی۔
ضلع رامبن میں زیر تعمیر پی ایم جی ایس وائی سڑکیں برسوںسے تشنہ تکمیل
پنچایتی نمائندوں کا محکمہ پر غیر معیاری میٹریل اور سست روی سے کام کرنے کا الزام
کھڑی۔ مہو رابطہ سڑک پر غیر معیاری میکڈم بچھانے کاالزام، کام لوگوں نے بند کیا
محمد تسکین
بانہال // مرکزی سرکار کی طرف سے گائوں گائوں سڑک پہنچانے کیلئے پرائم منسٹر گرامین سڑک یوجنا سکیم ضلع رام بن کے علاقوں میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین کیلئے مبینہ طور پر سونے کی کان بنی ہوئی ہے اورایک دہائی پہلے شروع کی گئی رابطہ سڑکوں پر غیر معیاری کاموں کے خلاف لوگوں کی طرف سے اٹھائی جا رہی آوازیں حکام کی طرف سے برابر نظر انداز کر دی جارہی ہیں اور لوگ مشکلات سے دوچار ہیں۔پہاڑی ضلع رام بن کے بلاک کھڑی ، رامسو ، اْکڑال اور گنڈی داڑم سب ڈویڑن گول کے دیہی ترقیاتی کونسل کے چیئرمین کرلیپ سنگھ بالی ، سجاد حسین حجام ، جاوید اقبال منہاس اور شفیق احمد کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے سڑکوں کی تعمیر میں سست روی کے ساتھ ساتھ مبینہ طورپرغیر معیاری میٹریل کا بھی استعمال کیا جارہا ہے اور جاری کاموں پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کی نگرانی نا کے برابر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگارا ، دھنمستہ ، کھڑی۔ سراچی ، بانہال۔ منگت ، تتا پانی۔ ہالہ ، ہارا۔ کالی مستہ اور بھیم داسہ کی رابطہ سڑکیں ایک دہائی سے تشنہ تکمیل ہیں جبکہ چملواس نیل رابطہ سڑک کے کچھ حصے پر پچھلے تیس سالوں کے بعد اب میکڈم بچھایا جارہا ہے ۔ بلاک کونسل چیئرمینوں نے الزام لگایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی ڈویژن رام بن اور ڈویژن بانہال کے ملازمین اور افسروں کی ملی بھگت کی وجہ سے درجنوں سڑکوں کا کام مکمل طور سے ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹھیکیدار من مرضی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور معاوضہ کی رقم ادا کئے بغیر ہی لوگوں کی ملکیتی اراضی اور درختوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کھڑی کی ترگام رابطہ سڑک پر اب تک کروڑوں روپئے کی رقم خرچ کی گئی ہے لیکن اس سڑک کے بیچ میں موجود ایک ڈھانچے کو منہدم کرنے کیلئے سرکاری احکامات کو عملانے میں پی ایم جی ایس وائی پچھلے چھ سالوں سے مسلسل ناکام ہے جس کی وجہ سے ترگام اور کملہ کی بھاری آبادی کو جوڑنے والی یہ رابطہ سڑک صرف چھوٹی مسافر گاریوں کی آمدورفت کے ہی قابل ہے۔اس دوران سب ڈویژن بانہال میں کھڑی – مہو رابطہ سڑک پر پی ایم جی ایس وائی کی طرف سے سڑک کے کچھ حصوں پر غیر معیاری میکڈم بچھانے کے خلاف آڑ مرگ ، باوا اور مہو کے لوگوں نے احتجاج کرکے میکڈم کا کام پچھلے تین روز سے روک دیا ہے اورعوامی دبائو کے بعد جمعہ کے روز محکمہ پی ایم جیا یس وائی اور ٹھیکیدار اس سڑک پر روڑی اور پتھر ڈالنے کیلئے راضی ہوگئے ہیں اور اک یعنی سنیچر سے میکڈم کا رکا پڑا کام دوبارہ بحال ہونے کی امید ہے ۔ کھڑی ، بانہال مقامی کانگریس لیڈر عبدالرشید منہاس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی کے ٹھیکیدار کی طرف سے چھ ماہ کی تاخیر کے بعد کھڑی۔ مہو روڈ پر سردیوں کے ان ایام میں غیر معیاری میکڈم کو بیلچوں سے بچھایا جارہا ہے جو رقومات کو ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی نہ سولنگ کی گئی ہے اور ناہی اسے صاف کیا گیا ہے بلکہ دھول مٹی پر یہ میکڈم بچایا جارہا ہے جو ساتھ ساتھ اکھڑ بھی رہا ہے۔ انہوں نے حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ جب یہ تمام معاملہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے سپرانٹنڈنٹ انجینئر بٹوت راجیش گپتا کی نوٹس میں لایا گیا تو انہوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مہو سڑک پر غیر معیاری میکڈم بچھانے کا یہ معاملہ اس نامہ نگار کے توسط سے ہی ان کی نوٹس میں آیا ہے اور انہوں نے ایگزیکٹیوانجینئر بانہال سے کہا ہے کہ وہ علاقے میں جونیئر انجینئرکو بھیج کر ہفتے تک انہیں رپورٹ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں کل 48 سڑک پروجیکٹ مختلف مراحل سے گذرہے ہیں اور آئندہ مارچ تک انہیں مکمل کرنے کی امید ہے جبکہ اپ گریڈیشن کے آٹھ پروجیکٹوں کی کاغذی لوازمات کو پورا کیا گیا ہے اوراس سال دسمبر اور آئندہ سال جنوری میں ریاست اور مرکز میں ہونے والی اعلی سطحی میٹنگوں کے بعد ان آٹھ پروجیکٹوں کو منظوری ملنے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں اسی سال ہوئی ان کی تعیناتی کے بعد سے وہ تمام کاموں کی از خود نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور جائز شکایتوں کی سختی سے جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں پی ایم جی کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے بعد پی یم جی تیسرے مرحلے کے کام آئندہ سال شروع کئے جائینگے اور یہ مرحلہ 2024۔25 تک جاری رہیگا ا اور اس کے بعد بھی مرحلہ وار طریقے سے یوں ہی کام چلتے رہیںگے۔
عمر عبداللہ خطہ چناب و پیرپنچال کے 8روزہ دورے پر روانہ
بانہال میں پُرتپاک استقبال، ضلع رام بن کی ورکنگ کمیٹی ممبران کیساتھ تبادلہ خیالات
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ خطہ چناب اور پیرپنچال کے 8روزہ دورے کیلئے روانہ ہوئے۔ اس دوران پارٹی سے وابستہ لیڈران اور عہدیداران نے اُن کا بانہال پہنچنے پر پُرتپاک خیر مقدم کیا۔ اُن کے ہمراہ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر اور سیاسی صلح کار تنویر صادق بھی تھے۔ بانہال میں پارٹی کے ضلع صدر رام بن سجاد شاہین اور صوبائی صدر یوتھ اعجاز جان کے علاوہ ضلع رام بن کی ورکنگ کمیٹی کے ممبران نے اُن کا خیرمقدم کیا۔ اس موقعے پر عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران اور عہدیداران کیساتھ تبادلہ خیالات کیا اور پارٹی پروگرواموں اور تنظیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ضلع رام بن کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری بھی حاصل کی ۔ پارٹی لیڈران نے لوگوں کے مسائل و مشکلات، جن میں خصوصاً بجلی اور پینے کے پانی کی قلت، سڑکوں کی خستہ حالی، بے روزگاری اور دیگر اہم مسائل اُجاگر کئے۔ عمر عبداللہ نے پارٹی عہدیداران پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں مشکل ترین دورسے گزر رہے ہیں اور ایسے میں ہمیں متحدہ رہنا چاہئے اور ثابت قدم رہ کر لوگوں کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرنی ہے۔
لوگوں کی مشکلات حل کرنے کاواحد حل منتخب عوامی حکومت:منجیت سنگھ
اودھم پور//اپنی پارٹی صوبائی صدرجموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے کا واحد حل منتخب حکومت ہے کیونکہ بیروکریسی جان بوجھ کر ترقیاتی کاموں میں تاخیر کر رہی ہے جس سے پچھلے تین سالوں کے دوران لوگوں کے اندر اجنبیت اور احساس محرومی کا احساس بڑھ رہا ہے۔ منجیت سنگھ سابقہ ایم ایل اے فقیرناتھ اور ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ کی طرف سے یہاں منعقدہ ایک پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس پروگرام کے دوران کئی سرکردہ لوگوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں وجے شرما، سوم دت، بالی رام، دھرم پال شرما، سورم چند، پرتھپال ، امت کمار، اشوک کمار، گوند رام، محمد دین، محمد اسحاق، نصیرہ بیگم، اوتم کمار بٹی، پون کمار ، اوتم چند، سمت کمار، اکشے کمار، ریتک کمار، ساہیل کمار، ویشال، پرتاپ کمار، روہت کمار وغیرہ قابل ِ ذکر ہیں۔ جماعت میں مذکورہ افراد کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے کہاکہ اپنی پارٹی سبھی خطوں، اضلاع، تحصیلوں اور گاؤں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ سابقہ وزیر نے کہاکہ حکومت زمینی سطح خاص کر دیہی علاقہ جات میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور پچھلے تین سالوں کے دوران ترقی کے لحاظ سے نظر انداز کیاگیا۔ یہ اس لئے ہورہا ہے کیونکہ بیروکریسی کچھ بھی زمینی سطح پر نہیں کیا اور لوگ خود کو الگ تھلگ محسوس کر رہے ہیں، دیہی علاقہ جات میں اُن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کا درجہ گھٹا کر اِس کو یوٹی بنانے سے لوگ غصہ ہیں، حکومت کو بلاتاخیر اسمبلی انتخابات سے قبل جتنا جلدی ممکن ہوسکے انتخابات کرانے چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ منتخب حکومت لوگوں کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے اور وہ بیروکریسی کو بھی ذمہ دار بناتاہے اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب منتخب حکومت ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ نے مختلف ترقیاتی امور اور درج فہرست ذات کو علاقہ میں درپیش مشکلات ومسائل کو اُجاگرکیا۔ صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا نے حکومت پرزور دیا ہے کہ کسانوں کے دیرینہ مطالبات تسلیم کئے جائیں جوکہ پچھلے ایک سال سے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کسان ملک کی مختلف ریاستوں کی نمائندگی کر رہے ہیں، اُن کے مطالبات بشمول ایم ایس پی فکس کر دینے چاہئے تاکہ ایک سال کے زائد عرصہ سے جاری احتجاج ختم ہو۔ ضلع صدر اودھم پور ہنس راج ڈوگرہ نے بھی پارٹی کی مضبوطی کے لئے تنظیمی امور پر بات کی جبکہ ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت نے اودھم پور میں درج فہرست برادری کو درپیش سماجی مسائل کی طرف حکومتی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر یوتھ ونگ صوبائی صدر جموں وپل بالی، ضلع نائب صد ر اودھم پور جگدیو سنگھ، کیول کرشن کمانڈو، ضلع جنرل سیکریٹری ست پال چلوترہ، حاجی نور محمد، یوتھ صدر ضلع اودھم پور اجیت کمار، ایس سی سیل انچارج اودھم پور شام سندر اور ضلع کارڈی نیٹر بھوپندر سنگھ بھی موجود تھے۔
حکومت جموں وکشمیر کی عوام کے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے:خشبو بھگت
کٹھوعہ//اپنی پارٹی لیڈر خشبو بھگت نے ضلع کٹھوعہ میں ورکروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس کا مقصد زمینی سطح پر پارٹی کیڈر مضبوط کرناتھا۔ اس اجلاس کے دوران اسمبلی انتخابات کے لئے آنے والے پروگراموں اور ممبرشپ مہم شروع کرنے کے لئے ایجنڈہ طے کرنا تھا۔ اس دوران درجنوں نوجوانوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خشبو بھگت نے حکومت نے جموں وکشمیر کے ساتھ نارواسلوک روا رکھا ہے۔ موصوفہ نے کہاکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں نوجوانوں اور کسانوں کے مسائل پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔اس سے قبل اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے والد سید محمد اقبال بخاری کے ایصال ِ ثواب کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
میلن میں لگی آگ ، پولیس فوج و فائرسروس نے بروقت قابو پایا
عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ کے قریبی علاقہ میلن میں لگی آگ پر محکمہ پولیس ، فوج ،ریڈکراس ، فائرسروس و رضاکارانہ تنظیموں کی بروقت کاروائی سے قابو پالیا گیا۔ آگ بعد دوپہر ملین گاوں کے قریبی ہی رکھی گئی گھاس میں لگی جسے قریب دوکنال رقبے پر موجود گھاس مکمل طور جل کر راکھ ہوگئی اور آگ آبادی کی طرف مزید پھیلتی گئی جسکے بعد محکمہ فائر سروس ، پولیس ، فوج و رضاکارانہ تنظیم ہلال ہیلتھ کے رضاکاروں نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اس پرقابو پالیا اور اسے مزید پھیلنے سے روکا۔
پولیس نے 72 یوم آئین منایا
عاصف بٹ
کشتواڑ// یوم دستور کے سلسلے میںضلع پولیس لائنز کشتواڑ میں ایک متاثر کن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی ، ڈی ایس پی ہیڈکواٹرو ڈی ایس پی ڈار بھی موجود تھے۔ایس ایس پی کشتواڑ ایس ایچ شفقت حسین بٹ نے آئین ہند کا تمہید پڑھ کر سنایا اور عہدہ لیا جس پر افسران اور جوانوں نے عمل کیا۔ کشتواڑ پولیس نے تمام ماتحت یونٹوں میںبھی یوم آئین منایا جہاں متعلقہ پولیس سربراہان نے تقریبات کی صدارت کی۔
'ہندوستانی آئینی اقدار کی خوبصورتی'
کلچرل اکادمی کے زیر اہتمام ڈوڈہ میں محفل مشاعرہ منعقد
اشتیاق ملک
ڈوڈہ/ /'آزادی کا امرت مہاتسو' کی مناسبت سے یوم آئین کے قومی دن پر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر و لینگویجز کے زیر اہتمام 'ہندوستانی آئینی اقدار کی خوبصورتی' کے موضوع پر ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی چناب کے نامور شعراء نے اردو، گوجری، کشمیری و بھدرواہی و دیگر زبانوں میں اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ٹاؤن حال ڈوڈہ میں منعقد مشاعرہ ساگر صحرائی کی صدارت میں منعقد ہوا جبکہ ضلع انفارمیشن آفیسر محمد اشرف وانی بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔کلچرل آفیسر صلاح الدین طاہر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ہندوستانی آیئن پر بھی روشنی ڈالی۔یہ پروگرام اکیڈمی کے سیکرٹری راہول پانڈے (آئی اے ایس) و ایڈیشنل مرکزی سیکرٹری سنجیو رینا کی ہدایات پر منعقد کیا گیا۔
فرقہ وارانہ سیاست سے عوام ہوشیار رہے:سجاد کچلو
پارٹی کارکنوں و عوام سے عمر عبداللہ کے دورہ چناب کو کامیاب بنانے کی اپیل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کی خواہاں ہے.فرقہ وارانہ سیاست کو فروغ دے کر مذہبی، علاقائی، لسانی و رنگ و نسل کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کرنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان باتوں کا اظہار سابق وزیر و زونل صدر چناب ویلی نیشنل کانفرنس سجاد احمد کچلو نے ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں منعقد پارٹی کارکنوں کی میٹنگ سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزیر و صوبائی نائب صدر خالد نجیب سہروردی نے ضلع صدر ظفراللہ راتھر،یوتھ ضلع صدر نوید ہاشمی و دیگر پارٹی کارکنوں کی موجودگی میں کچلو کو شال پہنا کر استقبال کیا۔اس دوران انہوں سابق وزیر اعلیٰ و پارٹی صدر عمر عبداللہ کے دورہ چناب کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ورکروں و عوام سے ان کے دورے کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجوں سے نجات دلا سکتی ہے اور اس جماعت نے ہر مشکل دور میں اپنے سیکولر نظریہ کو برقرار رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی و آپسی بھائی چارے کو قائم و دائم رکھا ہے۔کچلو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کبھی بھی نفرت کی سیاست کو پنپنے نہیں دیا ہے اور کچھ لو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے فرقہ پرستی کا زہر پھیلا کر سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے ایسی جماعتوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔
ریذیڈنٹ کمیشن کشمیر ہائوس نے 72واں یوم آئین منایا
نئی دہلی// ریذیڈنٹ کمیشن جے ایند کے ہائوس نے 72 واں یوم آئین منایا جس میں 26؍ نومبر 1949ء کو ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا اور 26؍ جنوری 1950ء کو عملایاگیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نیرج کمار نے کہا کہ یوم آئین ان تمام عظیم شخصیات کو خراجِ عقیدت کے طور پر منایا جارہا ہے جنہوں نے ہندوستان کو اِس کا آئین دینے کے لئے اَنتھک محنت کی ۔اُنہوں نے ہندوستانی آئین کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر کو ان کی عظیم شراکت اور سماجی و سیاسی افہام و تفہیم کے لئے یاد کیا۔ ریذیڈنٹ کمیشن کے سینئر اَفسران اور عملے کے اَرکان بھی موجود تھے۔ادھرآزاد ہندوستان کے آئین کو اَپنانے کی یاد میں اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( آئی یو ایس ٹی ) نے آج ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں آی یو ایس ٹی کے وائس چانسلر ، رجسٹرار ، ڈینز ، اَفسران ، سربراہان اور عملے کے اراکین نے شرکت کی۔دورانِ تقریب شرکأ نے آئین کی تمہید پیش کی اور ان تمام عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے آئین کی تشکیل کے لئے اَنتھک محنت کی۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر آئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل احمد رومشو نے غربت ، امتیازی سلوک ، استحصال ، بھوک ، بیماری اور بیماری کو ختم کرنے اور سادہ اور پُر امن زندگی گزارنے کا ماحول بنانے کے مقصد کے ساتھ سب کو متحد ہونے پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی آئین نے ہمیں ہماری ذمہ داری اور فرائض کے ساتھ ہمارے حقوق دیئے ہیں اور ہر فرد کو اپنے فرائض اور ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی جس سے اس کے حقوق خود بخود مل جاتے ہیں۔ تقریب کے دوران کووِڈ ۔19 ایس او پیز اور کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) پر سختی سے عمل کیا گیا۔ادھرجموںوکشمیر اِنسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ ،پبلک ایڈمنسٹریشن ایند رورل ڈیولپمنٹ نے آئی ایم پی آر ڈی مین کیمپس سری نگر میں اَپنے ڈائریکٹر جنرل سوربھ بھگت کی نگرانی میں یوم آئین منایا۔جے اینڈ کے امپارڈ نے آزاد جمہوری ہندوستان کے لئے ہندوستان کے آئین کی منظوری کی یاد میں یوم آئین منایا۔آئین کی تمہید پڑھنا یوم آئین کی تقریب کا ایک اہم حصہ ہے ۔دریں اثنأ ، اِسی طرح کی تقریب امپارڈ ریجنل سینٹر جموں میں بھی منعقد ہوئی۔
box
کے وِی آئی بی نے صنعت بھون جموں میں یوم آئین منایا
جموں//جموںوکشمیر کھادی اینڈ ولیج اِندسٹریز بورڈ ( کے وی آئی بی ) نے جے ایل این صنعت بھون جموں میں وائس چیئرپرسن جے اینڈ کے کے وی آئی بی ڈاکٹر حنا شفیع بٹ کی صدارت میں یوم آئین منایا۔تقریب کا آغاز وائس چیئرپرسن کے ذریعے تمہید پڑھ کر سیکرٹری سی اِی او جے اینڈ کے کے وی آئی بی اتل شرما اور بورڈ کے ملازمین کی موجودگی میں ہوا۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن نے 26؍ نومبر 1949 ء کو ہندوستان کے آئین کو اَپنائے جانے کی یاد منائی جو 26؍ جنوری 1950ء کو نافذہو ا ہے۔اُنہوں نے آئینی ڈرافٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر اوردُنیا کے سب سے بڑے ہندوستانی آئینی تحریری مسودے کو تیار کرنے میں ان کے تعاون کو بھی یاد کیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سی اِی او جے اینڈ کے کے وِی آئی بی نے کہا کہ یوم آئین کو قومی یوم قانون کے ساتھ کے طورپربھی منایا جاتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس دِن کو منانے کا مقصد دُنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کو چلانے کے ساتھ اس کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر کے لئے ہندوستان کے آئین کی اہمیت کے بارے میں بیدار ی پیدا کرنا ہے۔
جے کے آر ایل ایم نے سری نگر میں یوم آئین منایا
سری نگر// ’ یوم آئین‘‘ کی مناسب سے جے کے آر ایل ایم نے ایک تقریب کا اہتمام کیا اور مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے دفتر سری نگر میں اَفسران اور ملازمین کو تمہید پڑھ کر سنائی۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے آئین کے دیباچے میں درج اصولوں کے چارٹر اور چارٹر کو پڑھتے ہوئے تمام اَفسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ بھائی چارے ، سماجی ، معاشی اور سیاسی اِنصاف ، سوچ اوراِظہار کی آزادی ، تمام شہریوں کے درمیان مساوات کو برقرار رکھیں۔بعد میں اس نے جمو ںوکشمیر دیہی روزی رورل مشن کے ذریعے سیلف ہیلپ گروپ ممبران کے درمیان حفظان صحت کے طریقوں کو فروغ دینے کے لئے منعقد کئے گئے ہفتہ بھر کے حفظان صحت کے پروگرام کی ایک اِختتامی تقریب کی صدارت کی۔یہ پروگرام آزادی کا امرت مہااُتسو تقریب کے موقعہ پر شروع کیا گیا ہے۔جے کے آر ایل ایم طرف سے جموں وکشمیر میں 20؍ نومبر سے 26؍نومبر تک قومی صفائی ہفتہ کا اِنعقاد کیا گیا جس میں مشن کے تحت ترقی پانے والے ایس ایچ جی اراکین نے پروگرام میں حصہ لیا۔اِس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کہا کہ جی او آئی نے ایک ہفتہ تک بیداری مہم چلائی تھی ۔جے کے آر ایل ایم نے بیداری مہم کے ذریعے ہر گھر کے 90 فیصد اور اِس سے زیادہ دیہی علاقوں کا احاطہ کیا ہے۔مشن ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ جے کے آر ایل ایم لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ مل کر عوام میں بیداری پیدا کرنے او رکھلے میں رفع حاجت سے پاک بلاکوں کو فروغ دینے کے لئے متعلقہ محکموں سے منسلک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ڈاکٹر سیّد سحرش اَصغر نے کہا کہ ہر فرد دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے ساتھ صاف ستھرا ماحول پید اکرنے کا بھی ذمہ دار ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ کے دوران جموں و کشمیر میں سیلف ہیلپ گروپ کے ممبران نے کئی صفائی پر مبنی سرگرمیاں انجام دیں۔اس نے مہم کی کامیابی کے لئے ایس ایچ جی اراکین کی پورے ہفتے کی کوششوں کو سراہا۔
جموںوکشمیر ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں میں بھی یوم دستور منایا گیا
جموں//جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیوں کے تمام ضلعی عدالتوں میں 72واں یوم آئین منایا گیا۔آئین کو اَپنانے کی یاد میں یوم آئین دستورکی تمہید پڑھ کر منایا گیا۔ہائی کورٹ کے جموں وِنگ میں یوم آئین کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا او روہاں جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر نے آئین کی تمہید پڑھ کرسنائی۔جموں وِنگ کے ججوں میں جسٹس تاشی ربستان، جسٹس سندھو شرما ، جسٹس رجنیش اوسوال ، جسٹس پونیت گپتا اور جسٹس محمد اکرم چودھری نے آئین کی تمہید پڑھنے میں حصہ لیا۔ رجسٹرار جنرل اور دیگر اَفسران اور رجسٹری آف مین ونِگ اور جموں ونگ کے اَفسران نے کارروائی میں حصہ لیا۔ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ میں یوم آئین منانے کے لئے ایک ایسی ہی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور وہاں جسٹس سنجیو کمار نے آئین کی تمہید پڑھ کر سنائی۔سری نگر وِنگ کے ججوں میں جسٹس وِنود چٹرجی کول ، جسٹس سنجے دھر اور جسٹس جاوید اقبال وانی نے آئین کی تمہید پڑھنے کی تقریب میں شرکت کی۔سری نگر کے تمام رجسٹری اَفسران اور عملے کے اَرکان نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔اِسی طرح کی تقریبات جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیوں کے تمام ضلعی صدر مقامات میںاہتمام کیا گیا اور وہاں پرنسپل ڈسٹرکٹ ججوں نے آئین کی تمہید پڑھ کر رہنمائی کی۔ آئین کی تمہید پڑھنا یوم آئین کی تقریبات کا ایک اہم حصہ ہے ۔ آئین کی تمہید پڑھ کر ہم اِس کے نظرئیے کو برقرار رکھنے کے اَپنے عزم ،عزم کی تصدیق اور یقین دِلاتے ہیں۔
نوین چودھری نے ’’نیشنل مِلک ڈے‘‘ کی تقریبا ت سے خطاب کیا
سری نگر//نیتی آیوگ کے سالانہ سروے کے مطابق جموں وکشمیر نے ایک سال کے اَندر زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی درجہ بندی میں 22ویں رینک سے 5 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ کسانوں کی خاندانی کمائی کے لحاظ سے جموںوکشمیر آل اِنڈیا رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔اِن باتوں کا اِظہار پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری محکمے نوین کمار چودھری نے ’’ نیشنل مِلک ڈے‘‘ کی تقریبات کے دورا ن کیا۔پرنسپل سیکرٹری نے بذریعہ ورچیول موڈ ڈیری فارمروں او رمحکمہ مویشی پالن کے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے دودھ کو ’’ زندگی کا امرت‘‘ قرار دیا اور اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سال 2022ء میں دودھ کی پیداوار 30 فیصد سے زیادہ ہوگی ۔ دُودھ کی ضرورت کے لئے پنجاب اور ہریانہ پر زیادہ انحصار کیا جائے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ان کے محکمہ کا مقصد دودھ اور پراسس شدہ دودھ کی مصنوعات کی پیداوار کو بڑھانا ہے ۔ اُنہوں نے ڈیری فارمروں پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بڑی منڈیوں پر قبضہ کرنے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے واقف ہوں اور ان میں سے خواہش مندوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تربیت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔پرنسپل سیکرٹری نے مقامی دودھ کے پروڈیوسروں کے لئے ممکنہ منڈیوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دودھ کی پروسسنگ ، ویلیو ایڈیشن اور ایسی مصنوعات کی برآمد پر زور دیا ۔ اُنہوں نے کہاکہ حکومت پورے ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک دبئی کی منڈیوں تک پہنچنے کے لئے کسانوں کو بڑے پیمانے پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔اُنہوں نے دودھ پیدا کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ دودھ کی پیداوار اور پروسسنگ کے دوران اعلیٰ معیار پر سختی سے عمل کریں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں کا خطہ بہترین معیار ی دودھ کی مصنوعات کے لئے جانا جاتا ہے۔نوین چودھری نے کسانوں کے لئے ان کی انتھک خدمات کی خاطر ویٹرنری ڈاکٹروں کی بھی تعریف کی۔یہ تقریبات کرشی بھون جموں میں منعقد ہوئیں جس میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں ڈاکٹر ڈائیفوڈ ساگر دتاترے، جوائنٹ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر ایم اے ٹاک ، جوائنٹ ڈائریکٹر پولٹری ڈاکٹر طارق پرویز ، ٹیکنیکل آفیسر جنرل ڈاکٹر راجیو منہاس ، ٹیکنیکل آفیسر پولٹری ڈاکٹر ابھینو چوہان کے علاوہ دیگر اَفسران اور ڈیری فارمروں نے شرکت کی۔