بٹوت میں منشیات سمیت تین گرفتار
ایم ایم پرویز
بٹوت// جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں بٹوت علاقے سے ہفتہ کے روز پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس کی اطلاع کے مطابق ملزمان وکاس احمد ولد اشفاق احمد، امجد علی ولد مبارک علی اور مزمل احمد ولد مجاہد علی تمام ساکن صادق آباد ڈوڈہ- کو رام بن سے جاتے ہوئے ایک کار نمبر JK06-8086 کو روک کر چیکنگ کی اور اس سے 10 گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا۔اسی ضمن میں پولیس تھانہ بٹوت میں این ڈی پی ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 128/2021 زیر دفعہ 08/21/22/29درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
چھ ماہ بعد ضلع ہسپتال کشتواڑکی سی ٹی سکین مشین فعال
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع ہسپتال کشتواڑ میں گزشتہ چھ مارہ سے ناکارہ پڑی سی ٹی سکین مشین نے کو گزشتہ روز پھر بحال کر دیا گیا ہے، جس سے مقامی لوگوں نے قدرے راحت کی سانس لی ہے۔ ضلع میں موجود واحد سی ٹی سکین مشین میں تکنیکی خرابی کے سبب یہ مشین بند پڑی تھی جس کی مرمت پر تقریباً دس لاکھ روپے درکار تھے۔ مقامی لوگوں کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ پر اس مشین کو فعال بنانے کیلئے مسلسل دبائو بنایا جا رہا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز بالآخر اس مشین کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے بتایا کہ گزشہ چھ ماہ سے زائد عرصے سے یہ مشین خراب تھی جس کے سبب مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، وہیں اُنہیں اس سہولت کیلئے میڈیکل کالج ڈوڈہ یا جموں منتقل کیا جا رہا تھا۔
ڈوڈہ میں کویڈ 19 کے 6 نئے مثبت معاملات
اب تک 6لاکھ کے قریب ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ میں ہفتہ کے روز کویڈ۔ 19 کے 6 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کویڈ جانچ کے دوران چھ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 44 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7802 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اب تک کویڈ 19 سے 134 افراد فوت ہوئے ہیں اور 588710 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
سنگلدان میں مبینہ آتشزدگی کی واردات
چھاپڑی فروشوں کی ریڑھیاں خاکستر
زاہد بشیر
گول//ضلع رام بن کے علاقہ سنگلدان کے بازار میں گزشتہ شب اچانک آگ لگنے سے تین ریڑھیاں جل کر خاکستر ہو گئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ان ریڑھیوں میں آگ نمودار ہوئی اور وہاں موجود پولیس کے جوانوں نے یہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پا لیا وہیں فائر سروسز کی گاڑی ھی وہاں پہنچی لیکن تب تک تینوں ریڑھیاں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکی تھیں۔ لوگوں نے واقع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنگلدان میں اس سے پہلے بھی کئی حادثے ہوئے لیکن فائر سروسز کی گاڑی کبھی موقع پر نہیں پہنچی۔ اُن کا کہنا ہے کہ فائر سروسز اسٹیشن سنگلدان سے تقریباً 16 کلومیٹر کی دوری پر ہونے سے علاقے میں پہنچنے میں تاخیر ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے کی مانگ کے سنگلدان میں ایک فائر سروس سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں مزید نقصان ہونے سے بچا جا سکے۔
ڈوڈہ میں موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل
بانہال// ہفتے کی شام دیر سے ملی اطلاعات کے مطابق ضلع ڈوڈہ میں رام بن سے ملانے والی ایک اندرونی رابطہ سڑک پر آلسی نالہ ، ٹاپ نیل (عسر بلاک ) کے مقام موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں ایک شخص کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی ہے۔ زرائع نے مہلوک نوجوان کی شناخت گلزار احمد ولد عبد العزیز شیخ ساکنہ گڑھ کے طور کی گئی ہے۔ مزید تفصیل کا انتظار ہے۔ اس سے پہلے ہفتے کی دوپہر بعد کشتواڑ کے نزدیک ایک واٹر ٹینکر کے حادثے میں تین افراد لقمہ اجل ہوئے ہیں۔
لوک عدالت میں ریاسی کے 1005 مقدمات کا تصفیہ
ریاسی// ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی ریاسی کے زیر اہتمام چار بینچ کی قومی لوک عدالت نے ہفتہ کے روز یہاں 1005 مقدمات کا تصفیہ کیا۔ ایگزیکٹو چیئرمین جے کے ایل ایس اے جسٹس علی محمد ماگرے کی ہدایت اور چیئرمین ڈی ایل ایس اے ریاسی آر این واٹل کی نگرانی میں پی آر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریاسی نے دیوانی، فوجداری کمپاؤنڈ ایبل، چیک باؤنس، ریکوری کے معاملات، ایم اے سی ٹی، ازدواجی اور قبل از قانونی چارہ جوئی کے معاملات کی سماعت کی۔ کل 1332 مقدمات کی سماعت ہوئی، چار بینچ کی قومی لوک عدالت نے 1105 مقدمات کا تصفیہ کیا اور 26لاکھ 13ہزار 403 کی رقم وصول کی۔سکریٹری، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی، ریاسی نے مذکورہ قومی لوک عدالت کے انعقاد کو مربوط کیا۔