سکیٹر منیر ٹھوکر کی عزت افزائی
جموں //لوکل فنڈ آدٹ اینڈ پینشن ڈائریکٹوریٹ نے اپنے ایک ملازم سکیٹر منیر احمد ٹھوکر کی عزت افزائی کی ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں رولر سکیٹنگ چیمپین شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ اس چیمپین شپ کا انعقاد جے اینڈ کے رولر سکیٹنگ ایسوسی ایشن نے شیوا رولر انسٹی چیوٹ پیر کھو جموں میں کیا تھا ۔ اس میں ایچ سی کلاسیکو ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا اور منیر اس ٹیم کے حصہ تھے ۔
ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیرکااجلاس
کلریکل کیڈرملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت دورکرنے کامطالبہ
جموں//جموں وکشمیرگورنمنٹ ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی ۔کے کاایک اجلاس ایکسائزاینڈٹیکسیشن کمپلیکس ریل ہیڈکمپلیکس میں مشتاق احمدخان کی صدارت میں منعقدہوئی جس میں تنظیم کے دیگرعہدیداران بشمول ایس بلویندرسنگھ (صوبائی صدر) ،نذیراحمدبٹ سینئرنائب صدر،روی سنگھ بھائو ، ایس امریک سنگھ ساسن، امریک سنگھ چب،ایس کرپال سنگھ، رنبیرسنگھ ، ست پال ، ایس نریندرسنگھ، رومیش سنگھ بھائو، شیوکمارشرما ،گنیش شرما، محمدوسیم ،تلک راج ،روی سنگھ، سجاداقبال، محمدسلیم ،اندھی کمار ،دیپک کمار، سریندرکمار، محمداسحاق ملک، دیپک شرما،محمدکبیر ، اشفاق احمد ،کیول کرشن ،فضل دین، اخلاق احمد ودیگران موجودتھے۔اس دوران مقررین نے کلریکل کیڈرکے ملازمین کی تنخواہوں میں پانچویں تنخواہ کمیشن سے چلی آرہی تفاوت دورکرنے ، ساتویں تنخواہ کمیشن کولاگوکرنا،ایس آراو 520 میں ترمیم کرنا ودیگرمطالبات کوپوراکرنے کی حکومت سے پرزوراپیل کی گئی۔ایجک ۔کے کے ریاستی صدربشمول صوبائی صدورنے نذیراحمد بٹ کوبلامقابلہ ریاستی صدرجے اینڈکے کمرشل ٹیکسز(این جی ) ایمپلائزایسوسی ایشن نامزدکیا۔
صاف ستھرامومنٹ کااجلاس
گوجرہوسٹلوں کی حالت زارپراظہارتشویش
جموں//صاف ستھرامومنٹ کااجلاس تنظیم کے چیئرمین شوکت چوہدری کی صدارت میں منعقدہواجس میں تنظیم کے عہدیداران نے شرکت کی۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے شوکت چوہدری نے گوجربکروال طبقہ کے مسائل پرتشویش کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت خانہ بدوش گوجربکروالوں کونظراندازکررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیشترگوجربکروال آبادی سرکاری سکیموں کے فوائدسے محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال ہوسٹلوں میں وارڈن حضرات کی لوٹ کھسوٹ سے طبقہ کیلئے جاری ہونے والی رقومات کاغلط استعمال ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہوسٹلوں میں وارڈنوں کوپوچھنے والاکوئی نہیں ہے اوربچوں اوربچیوں کومناسب سہولیات دستیاب نہیں ہورہی ہیں ۔انہوں نے ہوسٹلوں میں رقومات کے خردبردکی ویجی لینس تحقیقات کامطالبہ کیا۔ شوکت چوہدری نے اوقاف اسلامیہ پرزوردیاکہ وہ دیگراضلاع کے لوگوں کے بجائے جموں کے مقامی مسلمانوں کودکانیں الاٹ کریں ۔
سدھرا ن کی محلہ میں پینے کے پانی کی قلت
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈ 71میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے عوام کا پریشان ہونا قدرتی بات ہے متعلقہ حکام سے جب اس بارے میں شکایت کی جاتی ہے تو ان کاسیدھا سا جواب ہوتا ہے کہ موٹر سٹر گئی ہے ۔نکی محلہ میں تو پانی سپلائی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے۔اس محلہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اس نظام کو درست نہ کیا گیا تو وہ محکمہ پی ایچ ای کے خلاف مظاہرے کرنے کے لئے سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔
نروال میں ’پیغام حق کانفرنس‘ 7جنوری کو
جموں//اراکین انتظامیہ کمیٹی مرکزی جامع مسجد کنزالایمان کریانی تالاب نروال بالا جموں کاایک اجلاس قاری شبیراحمدنوری کی صدارت میں منعقدہوا۔اس دوران مقررین نے کہاکہ مرکزی عیدگاہ کریانی تالاب نروال جموں میں 7 جنوری بروزاتوار2018کوایک عظیم الشان پیغام حق کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے جس میں ریاست و بیرون ریاست سے کثیرتعداد میں علمائے کرام ومفتیان عظام بالخصوص ہندوستان کے مشہور خطیب و عالم بے باک مناظراہلسنت قاطع کفروضلالت ناشرمسلک اعلیٰ حضرت حامیء اہلسنت شہنشاہ خطابت حضرت علامہ ومولاناقاری سخاوت حسین رضوی مرادآبادی یوپی سے تشریف لارہے ہیں لہذا تمام اہل ایمان سے گذارش کی جاتی ہے کہ جلسہ ھٰذا میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں تشریف لاکر آنے والے علمائے کرام کے نورانی بیانات سے اپنے دلوں کو منورومجلّی فرمائیں اور ثواب دارین حاصل فرمائیں ۔اس دوران بتایاگیاکہ پروگرا م صبح 9بجے سے شروع ہوکر شام 04بجے اختتام پذیر ہوگا ۔
سیاسی نظر بندوں کے حقوق کا تحفظ کیاجائے:شاہد سلیم
راجوری // جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے ملک کی مختلف جیلوں میں نظر بند سیاسی قیدیوں کے حقوق کو تحفظ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اپنا رول ادا کریں ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ آئے دن جموں کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میںمقید نظر بندوں کو طرح طرح سے ظلم و زیادتی اور خوف و حراس کا شکار بنایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تہاڑ جیل میں علیل کئی سینئر حریت قائدین کو طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جس سے ان کی حالت مزید ابتر ہو رہی ہے۔پیپلز مومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ آئے دن بھارت کی مختلف جیلوں سے قیدیوں پر حملہ کر کے انہیں زدو کوب کرنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جو کہ ایک تشویشناک صورتِ حال ہے ۔میر شاہد سلیم نے الزام عائد کیا کہ سیاسی قیدیوں کی تذلیل اور خوفزدہ کر کے انہیں اپنے اصولی موقف سے باز رکھاجارہاہے جو کہ انتہائی قابلِ مذمّت ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں کشمیر کو ایک پولیس سٹیٹ میں منتقل کر کے تمام شہریوں کے بنیادی اور انسانی حقوق کو معطّل کر رکھا ہے اور پولیس جسے اور جب چاہے گرفتار کر لیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل کئے بنا ریاست میں امن بحال نہیں کیاجاسکتااور نہ خطہ میں پائی جانی والے غیر یقینی کے بادل چھٹ سکتے ہیں۔ حریت لیڈرنے بھارتی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنے تاریخی پس منظر میں حل کر کے خطہ میں امن و آشتی اور تعمیر ترقی کے دور کا آغاز کرے۔