محکمہ اطلاعات کا دیش راج کے اعزاز میں الوداعیہ
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے محکمہ کی کلچرل وِنگ میں بحیثیت میوزک کمپوزر کام کر رہے دیش راج کو آج گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا۔ وہ 42برس تک اپنی خدمات انجام دینے کے بعد کل سبکدوش ہورہے ہیں۔اس حوالے سے آج ڈی آئی پی آر کی کلچرل وِنگ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر ( ہیڈ کوارٹر) سجاد یحییٰ نقاش کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر افسران اور ملازمین اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب کے دوران محکمہ کے فنکاروں نے ایک رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات نے مختلف سطحوں پر محکمہ میں دیش راج کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں سبکدوشی کے بعد ایک خوشگوار زندگی کے لئے نیک خواہشات دیں۔ناظم اطلاعات نے مزید کہا کہ محکمہ کی کلچرل وِنگ کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتیوں کا مظاہر ہ کرنے کا ایک پلیٹ فارم مہیا ہوسکے۔منیر الاسلام نے اس طرح کا پروگرام منعقد کرنے کے لئے کلچرل آفیسر رمن جوشی کی بھی تعریف کی۔جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار نے بھی اس موقعہ پر دیش راج کی خدمات کو اُجاگر کیا اور انہیں نیک خواہشات دیں۔اس دوران دیش راج کو محکمہ اطلاعات کی طرف سے ایک مومنٹو بھی عطا کیا گیا۔
چکروئی کے 27مستحقین میں 15لاکھ روپے کے چیک تقسیم
جموں//صحت عامہ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے جورا رکھ ، سائی اور سچیت گڈھ دیہات سے تعلق رکھنے والے 27مستحقین میں 15لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کئے جن کے مویشی پچھلے سال سرحد پار کی شلنگ سے مارے گئے تھے۔ وزیرنے کہا کہ متاثرین کو یہ معاوضہ اس وقت نہیں دیا جاسکاتھا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھایا اور اسے اب سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔شیام چودھری نے حکومت نے مختلف زمروں کے مویشیوں کے لئے الگ الگ شرحیں منظور کی ہیں۔اس سے پہلے وزیر نے پرائمری ہیلتھ سینٹر چکروئی میں بی جے وائی ایم میں بلڈ گروپنگ مہم کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر نے منتظمین کے اس قد م کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مریضوں کی قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملے گی۔وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور خون کا عطیہ دے کر سماج میں ایک مثبت رول ادا کریں۔
لکھن پور میں مہاراجہ گلاب سنگھ کا مجسمہ نصب ہوگا
کٹھوعہ// جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے آج لکھن پور میں اس جگہ کا دورہ کیا جہاں مہاراجہ گلاب سنگھ کا مجسمہ نصب کیا جارہا ہے۔اس سے پہلے وزیر موصوف نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مفصل تبادلہ خیال کر کے اس ضمن میں خدو خال طے کئے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوہدایت دی کہ وہ مجسمہ لگانے کی جگہ کا تعین کر کے باقی تیاریاں بھی مکمل کریں۔وزیر نے کہاکہ مہاراجہ گلاب سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست کے اس پہلے مہاراجہ کو خراج عقیدت ادا کیا جائے اس موقعہ پر کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
پھولبانی نفع بخش صنعت :جاوید مصطفی میر
جموں//پھولبانی کے وزیر جاوید مصطفی میر نے کہا ہے کہ پھولبانی شعبے میں کافی وسائل موجود ہیں لہٰذا کسانوں بالخصوص نوجوانوں کو ان وسائل اور اس کے فوائد کے بارے میں روشناس کرانے کی اہم ضرورت ہے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے آج یہاں فلوری کلچر محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پھولبانی کی وزیر مملکت پریاسیٹھی بھی اس موقعہ پرموجود تھیں۔جاوید مصطفی میر نے پھولبانی صنعت کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں کے دوران اس سیکٹر میں کافی ترقی ہوئے ہے اور یہ اس کا دائرہ بھی وسیع سے وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پھول اُگانے والوں کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں کاشت کاری کے جدید تقاضوں کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہئیں تاکہ انہیں اپنی پیداوار کی اچھی خاصی آمدن حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے ریاست میں پارکوں اور باغوں میں ہو رہے تمام کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوںنے محکمہ کو فعال بنانے کے لئے متعلقہ افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیداری کیمپوں کا بھی انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ پھولبانی کے سکیموں کے فوائد عام لوگوں تک پہنچ سکیں۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ محکمہ فلوری کلچر اس وقت جموں صوبے میں ایک ہزار کنال پر محیط 310پارکوں اور باغات کا رکھ رکھائو کررہا ہے ۔اس موقعہ پر مزید بتایاگیا کہ سناسر میں ٹولپ پھولوں کے مختلف اقسام کی کاشت کامیابی سے کی گئی ہے ۔ وزیر نے ریاست کی موسمی اور جغرافیائی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پھولبانی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پھولوں کی پیداوار بڑھنے کے ساتھ ساتھ آمدنی کے ذرائع میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے عنقریب اختراعی اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے پھول اگانے والوں کو ہر سطح پر مراعات دینے کی بھی یقین دہانی کی۔جاوید مصطفی میر نے ان پارکوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا جنہیں جِم کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے ۔ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں ببیلا رکھوال کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
کونسل پینل نے محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا
کرگل میں خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت
جموں//جموں وکشمیر قانون کونسل کی محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ آج ایم ایل سی سریندر کمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دورا ن محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان اسمبلی شوکت حسین گنائی ، ٹھاکر بلبیر سنگھ، ایس چرنجیت سنگھ ، غلام نبی مونگا اور فردوس احمد ٹاک نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، سپیشل ڈی جی پولیس ہیڈ کوارٹر وی کے سنگھ، اے ڈی جی سیکورٹی منیر خان، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ، آئی جی پی آرمڈ دانش رانااور محکمہ پولیس کے کئی دیگر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور داخلہ محکموں کی مختلف شاخوں کی سرگرمیوں کے بارے میںکمیٹی کو جانکاری دی۔کمیٹی نے پولیس محکمہ کے کام کاج سے جڑے امور کو زیر بحث لا کر کئی نکات کی نشاندہی کی جن میں بہتری لانے کی کافی گنجائش موجود ہے ۔کمیٹی نے کہا کہ لداخ خطے کے لئے ایک علاحدہ پولیس رینج ہونا چاہیئے تاکہ نظام کو مزید موثر بنایا جاسکے ۔ کمیٹی نے کرگل کے لئے ایک خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز بھی رکھی ۔کمیٹی نے پولیس اور سیکورٹی تنصیبات کے نزدیک سرکاری زمین پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر محکمہ پولیس کی جدید کاری ، بنیادی ڈھانچے کو بڑھاو ا دینے اور لداخ خطے میں پولیس اہلکاروں کے تبادلے اور تعیناتی جیسے معاملات بھی زیر بحث لائے گئے ۔سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی ، کونسل سیکرٹریٹ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
جموں بٹھنڈہ فضائی سروس کا آغاز
جموں//تعلیم اور سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے آج جموں ہوائی اڈے سے جموں سے بٹھنڈی کے لئے ائیر انڈیا پرواز کو جھنڈ ی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس نئی پرواز سے عام لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا بالخصوص سیاحتی سرگرمیوں کوبھی تقویت بخشنے میں مدد ملے گی۔یہ پرواز دونوں اطراف سے چلا کرے گی۔ پرواز نمبر 91-611جموں سے صبح 9بجکر 15منٹ پر روانہ ہوا کر ے گی اور یہ 10بجکر 20منٹ پر بٹھنڈا پہنچاکرے گی جبکہ 91-612 بٹھنڈا سے صبح 10بجکر 50منٹ پر جموں کے لئے روانہ ہوا کرے گی اور یہ دِن میں 12بجے جموں پہنچا کرے گی۔
بالی نے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں اضافی بلاک پر جاری تعمیر اتی کام کا معائنہ کیا
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں مجوزہ اضافی بلاک کی تعمیر کی سائیٹ کا معائینہ کیا جس کی تکمیل کی بدولت گائنی کالوجی وارڈ اور لیبر روم کو استحکام بخشا جاسکے گا۔انہوںنے اس موقعہ پر پروجیکٹ کے ڈی پی آر پر بھی غور و خوض کیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹرپون کوتوال ، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندارینہ ، ایس ای آر اینڈ بی ڈی آر بھگت ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مدن لال ، ایچ او ڈی گائنی ڈاکٹر اندو کول ، میڈیکل سپرا نٹنڈنٹ ایس ایم جی ایس ڈاکٹر آر اکے سانگرا ،ڈپٹی میڈیکل سپرا نٹنڈنٹ ڈاکٹر میناکشی کوتوال اس موقعہ پر موجو دتھے۔وزیر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ لگ بھگ تین سو گاڑیو ں کے لئے ایک کثیرالمنزلہ پارکنگ کے لئے مناسب جگہ کی نشاندہی کریں۔انہوں نے ایک جدید لیبارٹری کو قائم کرنے ، گائنی وارڈ اور لیبر روم میں تین سو بستروں کی اضافی جگہ کا انتظا م کرنے کی بھی ہدایت دی۔میڈیا افراد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جی ایم سی اور ایس ایم جی ایس ہسپتالوں میں مریضوں کا رَش پچھلے چند برسوں سے بہت بڑھ گیا ہے اور ان مریضو ں کے لئے مزید بسترو ں کی گنجائش پیدا کرنے کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک بسترے پر تین مریضوں کے لئے جگہ بنانی پڑتی ہے جس سے متعلقہ مریضوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔اس سلسلے میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ ان دونوں ہسپتالوں میں مریضوں کو داخل کرنے اور انہیں بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لئے جگہ کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے ۔
مسروقہ موٹرسائیکل برآمد
جموں//گاڑیو ں کے چوروں کے خلاف چیتک آپریشن کے تحت جاری مہم کے سلسلے میں دمانہ پولیس نے ایک گاڑی چور کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد کیا ۔ 3فروری 2018ایک شخص انیل مہرہ ولد راج کمار ساکنہ درگاہ نگر بن تالاب جموں نے پولیس چوکی چنور میںاپنے موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JK02Ar-9039کے چوری ہوجانیکی رپورٹ درج کرائی تھی۔پولیس نے گمشدہ موٹر سائیکل کی برآمدگی کے ایک ٹیم تشکیل دے کر تلاش اور چھاپوں کا کام تیز کردیا ۔ اس دوران اجے شرما ولد کمل دیوساکنہ گھر ماجور تحصیل چوکی چوراکو گرفتار کیا پوچھ تاچھ کے دوران اس نے چوری کا اقرار کیا ۔
ایک کلو بھکی سمیت 1گرفتار
جموں//منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے لئے جموں پولیس کی جانب سے جاری سنجیونی آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرایس ڈی پی او آرایس پورہ سریندر چوہدری کی قیادت میں پولیس نے جندر مائلومیں ناکے کے دوران ایک موٹر سائکل زیر رجسٹریشن نمبر JK02BS-5262کو روکا جسے شیر خان عرف ببلی والد علی احمد ساکنہ کوتھے بہادر خان چلا رہے تھے ، پولیس کو دیکھتے ہی اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن چوکس پولیس اہلکاروں نے اس دبوچ لیا ۔ تلاشی کے دوران اس سے ایک کلوبھکی برآمد کی گئی ۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن آر ایس پورہ میں کیس درج کرکے مزید تفتیش کاکام شروع کردیا گیا ہے۔
۔18گرام ہیروئن برآمد گی کادعویٰ
جموں//پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران18گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس سٹیشن گاندھی نگر کی پولیس نے ٹی ۔ چوک ، پریت نگر ڈگیانہ اور بالمیکی چوک گاندھی نگر میں ناکوں کے دوران ٹی چوک میں ایک بلٹ موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JKO2BM-3594کو روکا جسے سنجیو کمار نامی عرف مناوالد بلوان سنگھ ساکنہ رانی تالاب ڈگیانہ چلا رہے تھے۔تلاشی کو دوران اس کے قبضہ سے 3گرام ہیروین برآمد کی گئی ۔ والمیکی چوک گاندھی نگر میں ناکے کے دوران باہو پلازہ کی طرف سے گاندھی نگر جاتے ہوئے ایک شخص نے جونہی پولیس کو دیکھا تو اس نے بھاگنے کی کوشش کی ، جسے پولیس نے روکا پوچھ تاچھ کے دوران اس کے قبضہ سے 15گرام ہیروین برآمد کی گئی۔ اس کی شناخت امریک سنگھ والد ست نام سنگھ ساکنہ بندھو رکھ کنجوانی کے طور پر کی گئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن میں کیس درج کر مزید تفتیش کاکام شروع کر دیا گیا ہے۔
چند شیکھر آزاد کے یوم وفات پر تقریب منعقد
جموں//چندر شیکھر آزاد کی قربانیوںکو یاد کرنے کے لئے جموں و کشمیر فریڈم فائٹرزایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے یوم وفات کے سلسلے میں ڈوگرہ شوریہ ستھل امب پھلامیں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وید گنڈوترہ اور کرن واتل اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے ہی اس تقریب کا انعقاد کیا تھا۔اس موقعہ پر چندر شیکھر آزاد کے قد آور فوٹو پر پھولوں کے ہار ڈالے گئے اور ان کے اعزاز میں 2منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔مقررین نے آزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی کیونکہ آزاد کی قربانی سے تحریک آزادی کو ایک نئی جلاّملی۔مقررین نے اس موقعہ پر سبھاش چندر بوس،ایس بھگت سنگھ،سکھ دیو،منگل پانڈے،حوالدارعبدل حمید،مہارانی لکشمی بائی اور دیگر شہیدوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔ممبران نے سبھی افسروں اور اہلکاروں کو لگن و تندہی سے کام کرنے کی تلقین کی تاکہ شہیدوں کے خوابوں کو پورا کیا جاسکے۔
یشپال نرمل اعزاز سے سرفراز
جموں//ڈوگری اور ہندی کے مصنف، مترجم، صحافی اور تمدنی فن کار یش پال نرمل کو بچوں کے ناول’’چھٹیاں‘‘تحریر کرنے پر گوگن رام ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ’’شریمتی پیاری دیوی گھاسی سیہاگ ستیہ سمن سے نوازا گیا۔اس سلسلے میں آریہ سماج مندر میں ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ ڈوگری اور ہندی کے ایک نامور شاعر کیول کمار کیول کو ان کی کتاب ’’بیلا مہربان اے‘‘کے لئے ’’پروفیسر شمبودیاسمرتی سمان ‘‘ سے نوازا گیا۔
الطاف بخاری کا اظہار تعزیت
جموں//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے محمد اکبر وانی ( اکہ مام) ، کی اہلیہ اور ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی کی والدہ سیدہ بیگم کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت اداکیا۔ انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔
Contents
محکمہ اطلاعات کا دیش راج کے اعزاز میں الوداعیہ چکروئی کے 27مستحقین میں 15لاکھ روپے کے چیک تقسیم لکھن پور میں مہاراجہ گلاب سنگھ کا مجسمہ نصب ہوگاپھولبانی نفع بخش صنعت :جاوید مصطفی میرکونسل پینل نے محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیاکرگل میں خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی ہدایتجموں بٹھنڈہ فضائی سروس کا آغازبالی نے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں اضافی بلاک پر جاری تعمیر اتی کام کا معائنہ کیامسروقہ موٹرسائیکل برآمد ایک کلو بھکی سمیت 1گرفتار۔18گرام ہیروئن برآمد گی کادعویٰ چند شیکھر آزاد کے یوم وفات پر تقریب منعقد یشپال نرمل اعزاز سے سرفراز الطاف بخاری کا اظہار تعزیت