اے ایس این سکول نے انٹر سکول پینٹنگ کمپٹیشن منعقد کیا
جموں//اے ایس این ہائیر سکینڈری سکول چھنی ہمت نے انٹرسکول پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا۔ مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 80 طلاب نے حصہ لیا۔ چوتھی سے ساتویں جماعت کے طلاب نے’ کلین انڈیا‘اور آٹھویں سے دسویں جماعت کے طلاب نے ’ سیو ارتھ‘ کے موضوع پر مقابلے میں حصہ لیا۔افتتاحی تقریب میں ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ منیر الاسلام نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ جموں میونسپل کارپوریشن کی سیکرٹری سنیتا مہتا مہمان ذی وقار تھیں۔اس سلسلے میں اختتامی تقریب پر آئی جی پی ( ر) عبدالقیوم منہاس مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔گورنرمنٹ ہائیر سکینڈری سکول چھنی ہمت کی پرنسپل پروین اختر اور آرٹ ٹیچر نیشا رانی نے جج کے فرائض انجام دئیے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ناظم اطلاعات نے اس طرح کی سرگرمیوں کو سکولوں میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بچوں کو اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے لئے پلیٹ فارم مہیا ہوسکے۔اختتامی تقریب پر عبدالقیوم منہاس نے کہا کہ بچو ں میں مقابلے کرانے سے ان کی شخصیت میں نکھار آتا ہے۔
گوجر بکروال طبقہ کو نظر انداز کرنے کا الزام
جموں //گجر بکروال دیش تحریک و انصاف جموں کی طرف سے جموںمیں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ میٹنگ تنظیم کے ریاستی صدر چوہدری نزاکت حسین کی صدارت میں منعقد کی گئی۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ جموں سے تعلق رکھنے والے گجر بکروال طبقہ کو سرکار نظرانداز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھڑے طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ نے عرصہ دراز سے حکومت کے سامنے کچھ جائز مطالبات رکھے تھے ، پر ابھی تک غور نہیں کیا گیاجبکہ دفاتر سرمائی راجدھانی منتقل ہوگیا ہے ۔کھٹانہ نے مزید کہا کہ سرکار کو دفاتر کی منتقلی پر کروڑوں روپے کی رقم خرچ ہو گئی لیکن ان خانہ بدوشوں کے لئے ضروری ادویات ،پانی کی دستیابی اور ٹینٹ کی دستیانی کے لئے کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پسماندہ طبقہ حکومت کی طرف سے عدم توجہ کے شکار ہے اور ان کے مطالبات پر بڑے عرصہ سے غور نہیں کیا جا رہا ہے۔کٹھانہ نے حکومت سے مانگ کی کہ ان کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے اور’فارسٹ ایکٹ ‘جو ہماری دیرینہ مانگ ہے اس کو بھی فوری طور پرریاست میں لاگو کیا جائے۔اس موقع پر صدر کے علاوہ سراج الدین،اسلم چوہدری،علی حسین،جماعت علی اور تنظیم کے دوسرے ممبران موجود تھے۔
سکاسٹ نے عالمی ویٹرنری ڈے منایا
کونسلنگ اور پلیس منٹ پر لیکچر کا اہتمام
جموں//ویٹرنری ڈے کی مناسبت سے شیرکشمیر زرعی یونیورسٹی جموں میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ، ڈین ویٹرنری سائنس و انیمل ہسبنڈری پروفیسر ایم ایم ایس زماں نے اپنے استقبالیہ میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈٓلی۔ انہوں نے ویٹرنری شعبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں اس شعبہ کو فروغ دینے کے لئے مزید محنت اور جانفشانی سے کام کرنے کی اپیل کی۔ ویٹرنری ڈاکٹروں کو بہتر ین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ معالجین ہیں جو خدا کی طرف سے پیدا کردہ بے زبان مخلوق کا علاج کرتے ہیں۔ پروفیسر کے ایس رسم ڈائریکٹر ایکسٹنشن جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی کے طور پر موجو د تھے، نے اساتذہ اور طلاب کو یوم ویٹرنری کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔ اس موقعہ پر پروفیسر جے ایس سودن کی دیکھ ریکھ میں مفتی اینٹی ریبیز ویکسنیشن پروگرام بھی منعقد کیا گیا ۔ دوسروں کے علاوہ پروفیسر سنیل کمارنے بھی موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دریں اثنا ء یونیورسٹی میں کونسلنک اور پلیس منٹ پر لیکچر اہتمام بھی کیا گیا۔ اینمل اور ویٹرنری سائنس شعبہ کے طلاب نے ایڈیشنل سیکریٹری گورنمنٹ ڈاکٹر اویس کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جس میں انہوں نے یونیورسٹی میں کونسلنگ، پلیسمنٹ اور سیول سروس امتحانات پر لیکچر دیا جس سے طلبہ مستفید ہوئے۔انہوں نے طلبہ پر روز دیا کہ اپنے اندر قابلیت اور صلاحیت پیدا کریں تاکہ ہر منزل با آسانی پا سکیں۔اس موقع پر ڈاکٹر ایم ایم ایس زما، پروفیسرکمال شرما، ڈا کٹر سباش کشیپ، پرفیسر سنجے گلیریا موجود تھے۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی پر تقریبات منعقد
منہگائی بھتہ کی قسط واگزار ی کو ملازموں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا
جموں//آل جموں و کشمیر لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کی کال پر پونچھ ، سورنکوٹ، مینڈھر ، نوشہرہ ، راجوری، سندر بنی ، اکھنور، بشنا ہ ، سانبہ ، ہیرا نگر ، کٹھوعہ، بلاور ، بسولی، رام بن ، بھدرواہ ، کشتواڑ، ادہم پور ، رام نگر، ریاسی اور دیگر تحصیلوں کے ملازمین پریڈ گرائونڈ جموں میں جمع ہوئے اور صدر عبدالمجید خان کی قیادت میں ایک جلوس نکالاجو کہ پریڈ پرانی منڈی ، سٹی چوک، رگھوناتھ بازار سے ہوتا ہوا شہیدی چوک پہنچااور ایک ریلی کی صورت میں تبدیل ہوگیا ۔ اس ریلی سے ہنس راج شرما ، عبدالمجید خان ، کابلاسنگھ، صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن ، کرشن سنگھ، جنرل سیکرٹری فیڈریشن ، اور آر کے مینی سابق صدر پلس 2لیکچرراور دیگر مقررین نے یوم مئی کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا ، جنہوں نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے تھے۔عبدالمجید خان نے ریاست کے سرکاری ملازموں اور پنشنروں کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفاراشات اور جنوری 2018سے منہگائی بھتہ کی قسط واگزار کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کرنے کے لئے ریاستی سرکار کا شکریہ ادا کیا اور اس ملازموں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا ۔انہوں نے سرکاری ملازموں کو میڈیکل الائونس ماہانہ 300روپے کے بجائے 1000روپے دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیروں ااور ممبران اسمبلی کو ماہانہ میڈیکل الائونس دس ہزار روپے دیا جاتا ہے جبکہ طبعی ضروریا ت سبھی کو ایک جیسی ہیں اس لئے سرکاری ملازموں اور پنشنروں کو میڈیکل الائونس کم از کم ماہانہ ایک ہزار روپے دیا جانا چاہیے۔خان نے ڈیل ویجروں کی اجرتیں ماہانہ 400روپے کرنے اور لمبرداروں ، آنگن واڑی ورکروں / ہیلپروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے ، کلرکوں کی تنخواہوں میں میں پائے جارہے تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ۔
گاندھی نگر میں کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز
پروجیکٹوں کی تکمیل سے لوگوں کو بہتر خدمات فراہم ہونگی: سپیکر
جموں//ریاستی قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے گاندھی نگر حلقہ انتخاب میں کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کرایا۔ان کاموں میں ستوار ی سے آر ایس پورہ سڑک کے دوسرے کلومیٹر سے پانچویں کلومیٹر تک کی میکڈمائزیشن شامل ہے جس پر دو کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر موصوف نے کہاکہ حلقے میں لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامع ترقیاتی منصوبے عملائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل سے لوگوں کو بہتر خدمات فراہم ہوں گی اور لوگوں کے دیرینہ مطالبات پورے ہوں گے۔کویندر گپتا نے ان لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ان کے مسائل کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔انہوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔مختلف محکموں کے افسران اور انجینئر صاحب بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چکوری میں ’’گرام سوراج ابھیان‘‘ پر جانکاری مہم
جموں // جموں کشمیر گرامیں بنک برانچ چکوری کی طرف سے ’’گرام سوراج ابھیان‘‘کے بارے میں جانکاری مہم کا اہتمام کیا گیا ۔تحصیل دار سوچیت گڑھ مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔انہوں نے جانکاری دیتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ گرام سوراج ابھیان مرکز کی طرف سے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ایک سکیم تیار کی گئی ہے اس لئے ایسے سکیموں سے مستفید ہونے کے لئے لوگوں کو آگے آنا چاہئے۔اس موقع پر ریجنل منیجر نے لوگوں کوبنک کی طرف سے پردھان منتری جن دھن یوجنا ،پردھان منتری جیون بھیما یوجنااور پردھان منتری سورکھشا بھیما یوجنا جیسی سکیموں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دی۔اس جانکاری مہم میں جموں گرامیں بنک کے ریجنل منیجر کے ایل شرما،مئکرو فینانس منیجر ویپن گپتا ،رشپال چوہدری،ہرجیت راج وغیرہ موجود تھے
دوشیزہ امرتسر سے بازیاب
جموں//پولیس کے مطابق ضلع کٹھوعہ سے اغوا کی گئی ایک چھوٹی لڑکی کو امرتسر سے برآمد کرکے اغوا کا ر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔لڑکی کے والد نے گذشتہ روز بلاور پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی تھی ۔ لڑکی کی تلاش کے لئے ایک پویس ٹیم تشکیل دی گئی ، پولیس نے اغوا شدہ لڑکی کی تلاش کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے ڈالے آخر کار اس لڑکی کو امرتسر سے برآمد کیا گیا اور ملزم محمد صدیق کو گرفتار کیا گیا اور لڑکی کو وارثوں کے سپرد کیا گیا ۔
جھپٹ مار گرفتار
جموں //پولیس نے چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں ملوث ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اقبال جرم کیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم سے سات موبائل فون اور دیگر اشیاء برآمد کی گئی اور مزید اشیا کی برآمدگی کی توقع ہے ۔
گوجر لیڈر نے طبقہ کو درپیش مطالبات وزیر اعلیٰ سے اٹھائے
سید اعجاز
جموں// گوجر بکروال لیڈرر محمد یاسین پسوال جموں میں وزیر اعلی کے ساتھ ملاقی ہوا اور انہیںطبقے کو درپیش مشکلات کے حوالے سے آگاہ کر کے مختلف مطالبات اٹھائیں۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق جموں کشمیر گوجر بکروال کانفرنس کے جنرل سیکریٹری اور پی ڈی پی لیڈرچودھری محمدیاسین پسوال نے جموں میں ریاستی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کر کے انہیںطبقے کو درپیش مشکلات کے سے آگاہ کر کے دیگر کچھ مطالبات اٹھائے۔ محمدیاسین پسوال نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے مختلف معاملات اٹھائے جن میں ترال میں گوجر بکروال گرلز ہوسٹل ،نگروٹھ ،کھنموہ گوجر بستی کے لئے بورویل ،بب سیر منڈک پال کو کلسٹر ولیج کا درجہ دینے کے علاوہ ترال وہاب صاحب پستونہ روڑکی فوری تعمیر کے علاوہ جموں صوبے کے مختلف علاقوں کے کچھ مطالبات وزیر اعلی کے سامنے رکھیں ہیں۔جو وزیر اعلیٰ نے غور سے سن کر انکی منظوری کا کی یقین دہانی کی ہے جبکہ پسوال نے آصفہ کیس میں وزیر اعلیٰ کی بہادی کو سراہنا کر کے پورے طبقے کی طرف سے انکا شکریہ ادا کیا ہے ۔
جموں یونیورسٹی کے 2نان ٹیچنگ ملازم سبکدوش
جموں//جموں یونیورسٹی کے نان ٹیچنگ ایمپلائز یونین نے اسسٹنٹ رجسٹرار سنیل ساہی اور سیکشن آفیسر سدیش شرما کی سبکدوشی پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دوران ڈیوٹی ان کے کام کو سراہا اور داد و تحسین دی گئی۔تقریب کا انعقاد نان ٹیچنگ ایملائز یونین کے چمبر میں کیا گیا۔اس موقع پر یونین کے صدر پاون سنگھ باہو، نائب صدر منوج چوہان ، جنرل سیکریٹری شام لال شرما ، جرنیل سنگھ، گرمیت سنگھ، سنجیو چڈھا ، جوگیندر سنگھ، ، گرشرن سنگھ، کیول کمار، کومل باخشی، سورن دیپ اورپدم شری پدمنی تقریب میں موجود تھے۔