تھنہ منڈی کی میر برادری کو صدمہ
ایک سال سے زیر علاج 6 سالہ بچے کی موت
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کی میر برادری کو صدمہ پہنچاہے۔ محمد علی میر ولد اعجاز احمد میر جسکی عمر چھ سال تھی،گزشتہ ایک سال سے بیرون ریاست زیر علاج تھاجس کی گزشتہ رات نو بجے موت ہوگئی۔ مرحوم کو بذریعہ ہوائی جہاز اپنے آبائی گھر پرانہ تھنہ لایا گیاجہاں سنیچر کی شام کو مرحوم کو سپرد خاک کیاگیا۔ مرحوم کی بے وقت موت سے اسکے والدین اور پسماندگان کو صدمہ پہنچا ہے ۔ تھنہ منڈی کی سیاسی ،سماجی اور ادبی تنظیموں وبیوپار منڈل اراکین نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
پروجیکٹوں میں آنیوالی اراضی
متعدد علاقوں کیلئے ریٹ متعین کئے گئے
پونچھ //متعدد سڑک ودیگرپروجیکٹوں کے تحت آنے والی اراضی کے معاملات حل کرنے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران مختلف علاقوں میں زمینوں کا ریٹ متعین کرنے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس میٹنگ میں 20معاملات زیر بحث آئے جن میںسے دس سب ڈیویژن مینڈھر ، تین اے سی ڈیفنس اور سات منڈی و حویلی تحصیلوں سے تھے جبکہ بارہ کیس پی ایم جی ایس وائی سڑکوں ، دو کیس محکمہ تعمیرات عامہ کی سڑکوں ، تین کیس گریف ، ایک کیس یونیورسٹی کیمپس اور ایک ایک کیس محکمہ سیاحت و محکمہ پولیس سے جڑاتھا ۔اس موقعہ پر پی ایم جی ایس وائی ، تعمیرات عامہ اور گریف کے تحت آنے والی آئندہ سڑکوں کی اراضی کا ریٹ متعین کیاگیا ۔یہ فیصلہ بھی ہواکہ جموں پونچھ راجوری دفاعی سڑ ک کیلئے بھینچ کے مقام 1.60لاکھ فی کنال ، قصبہ میں 1.50لاکھ فی کنال اور چنڈک میں 2.80فی کنال ریٹ رہے گا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین ، کلکٹر لینڈ ایکویزیشن ڈیفنس راجوری پونچھ رینج رامکیش شرما، اے سی آر محمد بشیر لون ، کلکٹر سرنکوٹ عبدالرشید کوہلی ، کلکٹر مینڈھر تنویر احمد و دیگرافسران بھی موجودتھے ۔
منشیات فروشی کا الزام
پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا
راجوری //راجوری پولیس نے ایک اہم کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے منشیات کا دھندہ کرنے والے خاتون کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔پولیس کے مطابق ایک خاتون کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی اطلاع ملنے پرڈی وائی ایس پی آپریشن سکھ دیو سنگھ و ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر جسونت سنگھ کی سربراہی میں پولیس اسٹیشن راجوری و ایس او جی گروپ کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے خاتون کی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی اور بالآخر اسے سنیچر کے روز ناکہ لگاکرگرفتار کرلیاگیا جس کے قبضہ سے نشیلی اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔اس خاتون کی شناخت زینت بیگم زوجہ لعل حسین ساکن کھیورہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے اور پولیس کے مطابق اس کی تحویل سے408ممنوعہ کیپسولوں پر مشتمل 17پتے برآمد ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ راجوری میں ایف آئی آر زیر نمبر 249/2018یو /ایس زیر دفعات 2/21/22این ڈی پی ایس ایکٹ و 48Aایکسائز ایکٹ کا کیس درج کیاگیاہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولیس کی طرف سے حالیہ عرصہ میں کئی منشیات فروشوں کو گرفتار کیاگیاہے جن میںسے کچھ کو پی ایس اے کے تحت جیل بھی بھیجاگیاہے۔
بینک شاخ کو زبردستی منتقل کرنیکا الزام
نوشہرہ کے سیری کے لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سیری گائوں میں جموں و کشمیر بینک کی شاخ کو منتقل کئے جانے کے خلاف مقامی لوگوںنے بینک حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سیری گائوں میں جموں و کشمیر بینک کی شاخ گزشتہ 28سال سے کام کررہی تھی جس کو کچھ لوگ وہاںسے تبدیل کرانے کیلئے کوشاں ہیں جس پر مقامی لوگوں نے احتجاج کیا ۔بڑی تعداد میں مردو زن اکھٹا ہوئے اور انہوںنے بینک حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ گزشتہ روز بینک حکام نے زبردستی بینک میں داخل ہوکر ریکارڈ و دیگر سامان اٹھانے کی کوشش کی جو غیر قانونی و غیر آئینی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی مرضی کے خلاف بینک شاخ کو منتقل کیاجارہاہے ۔سابق سرپنچ بلونت راج نے کہاکہ بینک حکام سینہ زوری کرتے ہوئے اس شاخ کو یہاںسے منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیںاور ایسا ہر گز نہیں ہونے دیاجائے گا۔ انہوںنے وزیر خزانہ و بینک کے چیئرمین سے اپیل کی کہ بینک شاخ کو ہر گز منتقل نہ کیاجائے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجا ج کیاجائے گا۔
بیت الخلاء بلاک کا افتتاح
راجوری //پولیس نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت گورنمنٹ گرلز مڈل سکول فتح پور میں تعمیر کئے گئے بیت الخلاء بلاک کا افتتاح کیا ۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق آئی آر پی سیکنڈ بٹالین نے سکول کی طالبات کو درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے بیت الخلاء بلاک کی تعمیر عمل میں لائی جس کا ایک تقریب کے دوران افتتاح کیاگیا۔اس موقعہ پر مقامی معززین اور سکول عملہ بھی موجود تھا جس نے پولیس کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے مزیدکام ہاتھ میں لینے کی ضرورت ہے ۔تقریب میں بٹالین کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔
سومو کی فوجی گاڑی سے ٹکر
۔6سالہ بچی لقمہ اجل ، ڈرائیور زخمی
پرویز خان
منجاکوٹ //جموں پونچھ شاہراہ پر منجاکوٹ کے ککورہ علاقے میں مینڈھر سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن لڑکی سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گئی ۔پولیس کے مطابق سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر JK14A 5893مینڈھر سے راجوری کی طرف جارہی تھی جو ککورہ کے مقام پرمخالف سمت سے آرہی فوجی گاڑی سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے چھ سالہ لڑکی لقمہ اجل بنی جس کی شناخت ریحانہ کوثر دختر ممتاز احمد ساکن مینڈھر کے طور پر ہوئی ہے ۔اس حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہواہے جس کو ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاہے ۔اس کی شناخت محمد سجاد ولد محمد سلیم ساکن پٹھانہ تیر کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔