تھنہ منڈی میں دو منشیات فروش گرفتار
طارق شال
تھنہ منڈی // راجوری پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نزیر احمد ڈار نے پولیس کی ایک ٹیم اسسٹنٹ سب انسپکٹر الطاف حسین کی قیادت میں تشکیل دی جس نے تھنہ منڈی پل کے پاس ناکہ لگا کر گاڑیوں کی تلا شی شروع کی جس دوران تلاشی کی گئی جن کی تحویل سے پولیس کے مطابق نشہ آور اشیابرآمد ہوئیں۔ ان کی شناخت جاوید احمد واگھے ولد عبدالغنی سکنہ زیون شوپیان اور منظور احمد وانی ولد عبدالحمید وانی سکنہ راجنگر شوپیان کے طور پر ہوئی ہے جو پیدل عظمت آباد سے راجوری کیطرف پیدل جا رہے تھے۔تاہم پولیس کو دیکھتے ہوئے اپنا راستہ تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن ناکہ پر موجود پولیس پارٹی نے ان کو تھوڑی دور ی سے پکڑ لیا۔ پولیس نے جب انکی تلاشی لی تو 4 چھلیاں چرس منظور احمد اور 3 چھلیاں چرس جاوید احمد کے قبضے سے برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ان دومنشیات فروشوں کو حراست میں لیکر ان کے خلاف مقدمہ زیر نمبر98 /2018 زیر دفعات 8/20/29این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔
پٹواریوں کی ہڑتال ستائیسویں روز بھی جاری رہی
حسین محتشم
پونچھ// آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی کال پر پٹواریوں نے اپنے مطالبات پرپچھلے 27 روز سے ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔پونچھ میں بھی لگاتار ہڑتال چل رہی ہے۔اس دوران ایک بار پھر پٹواریوں نے ضلع کے صدر مقام پر دھرنا دے کر اپنے مطالبات سرکار کے سامنے رکھے۔ پٹواریوں کی تنظیم کے تحصیل صدر حویلی سلمان علی میر نے کہا کہ حکومت نے ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا ہے لیکن اب عمل درآمد نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ نئے پٹواریوں کی گریڈ تفاوت، پٹواریوں اور گرداوروں کی ترقی، نئے پٹوار حلقوں اور گرداور سرکلوں کا قیام، پٹوار خانوں کی تعمیر، نجی عمارتوں میں قائم پٹوار خانوں کیلئے کرایہ کی منظوری، نائب تحصیلدار کی براہ راست بھرتی پر پابندی، پٹواریوں اور گرداوروں کے مشاہرے میں اضافہ اور شہر جموں اور سرینگر میں پٹوار ایسوسی ایشن کیلئے کنونشن سنٹروں کا قیام عمل میں لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ مطالبات پورے ہونے تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔پٹواریوں کی اس ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناہے اور ان کے روز مرہ کے کام نہیں ہورہے۔عام لوگوں کا کہنا ہے کہ پٹواری سرکاری مشینری کا ایک اہم جز ہیں اورحکومت کو ان کے ساتھ بات چیت کرکے معاملات حل کرنے چاہئیں تاکہ کام متاثر نہ ہونے پائے۔ضلع کے دوسرے تحصیل صدر مقامات پر بھی پٹواریوں کی طرف سے ہڑتال کی جارہی ہے۔
سڑک حادثے میں دوافراد زخمی
بدھل //بدھل میں ایک سڑک حادثے کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ٹپرزیرنمبرJK11C-1501بدھل بریری علاقے میں سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جاگراجس کی وجہ سے اس کا ڈرائیور اوراس کے ساتھ سوار ایک اور شخص زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سی ایچ سی کنڈی منتقل کیاگیا۔بی ایم او کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے بتایاکہ دونوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاہے۔زخمیوں کی شناخت محمد شکور ولد محمد یوسف ساکن تتہ پانی اور محمد شکور ولد محمد رفیق ساکن لدھیوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ایس ایس اے اساتذہ بی ایل ڈبلیو ذمہ داری سے مستعفی
ٍپونچھ//اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ایس ایس اے کئی اساتذہ نے بوتھ لیول افسریعنی بی ایل ڈبلیو کی ذمہ داری سے استعفیٰ دے دیاہے۔ان ٹیچروں نے سرنکوٹ،مینڈھر،پونچھ و دیگر مقامات پر اپنے استعفیٰ دے دیئے۔انہوں نے اپنے تحریری استعفیٰ میں اس کی متعدد وجوہ بتائی ہیں جن میں تنخواہوں کی مستقل بنیاد پر عدم ادائیگی،ساتواں تنخواہ کمیشن نہ دینے اور تنخواہیں ڈی لنک کرنے و مصروف تدریسی شیڈیول قابل ذکر ہیں۔ان اساتذہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں استعفیٰ سونپ دیئے۔
مینڈھر اور سرنکوٹ میں مارکیٹ چیکنگ
جاویداقبال/بختیار حسین
مینڈھر//تحصیل انتظامیہ مینڈھر اور سرنکوٹ نے عید سے قبل بازار وں کی چیکنگ کرکے خاطی دکانداروں پر جرمانہ عائد کیا۔مینڈھر انتظامیہ نے چیکنگ کے دوران دکانداروں سے ستائیس سوروپے جرمانہ وصول کیا۔اس دوران تحصیلدار مینڈھر جہانگیر خان ،نائب تحصیلدارتعارف حسین شاہ،ٹی ایس او مینڈھر خالق چوہدری،ڈاکٹر جاوید چوہدری و پولیس ٹیم نے پورے بازار کا معائنہ کیا جس دوران خاطی دکانداروں پرستائیس سوروپے جرمانہ عائد کیاگیا۔انتظامیہ کی ٹیم نے دکانداروں کو سختی سے انتباہ دیاکہ وہ ناجائز منافع خوری سے اجتناب کریں اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھتے ہوئے صارفین کو صاف وشفاف اشیافروخت کریں۔ دریں اثنا سرنکوٹ میں بھی پولیس و انتظامیہ نے عید کے پیش نظر بازار کی چیکنگ کی۔اس دوران خاطی دکانداروں سے سترہ سو روپے جرمانہ وصول کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی کہ قوانین کی بہر صورت پیروی کی جائے۔اس دوران ایس ڈی ایم سرنکوٹ ، ڈی ایس وائی سرنکوٹ ، ایس ایچ او سرنکوٹ،ٹی ایس او سرنکوٹ اور دیگر افسران بھی ٹیم میں شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے عید انتظامات کا جائزہ لیا
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ایگزیکٹو افسر میونسپل کونسل ،ایگزیکٹو انجینئر اور پی ایچ و دیگر افسران کے ہمراہ عید گاہ پونچھ کا دورہ کرکے عید الفطر کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران پر زور دیاکہ بہترسے بہتر انتظامات دستیاب رکھے جائیں تاکہ کسی کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے صفائی ستھرائی، بجلی اور پانی کی بلا خلل فراہمی اوردیگر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی انوار الحق،ایڈمنسٹریٹر اوقاف ریاض آتش اور چیئرمین و ممبران عید گاہ کمیٹی بھی موجودتھے۔
حکومت ہند پاکستان سے بات چیت کرے:جاوید رانا
جاوید اقبال
مینڈھر//ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے ریاستی و مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاریں خاموش بیٹھی ہیں اور ہمارے جوان سرحد پر جانیں قربان ہو رہے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز سانبہ سیکٹر میں چار بی ایس ایف کے اہلکاروں کی ہلاکت پر سخت افسوس کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کو پاکستان کے ساتھ بات کرکے فائرنگ کے سلسلہ کو بند کروانا چاہیے تاکہ ہمارے جوان بلا وجہ شہید نہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت خاموش ہے اور جوان بارڈر پر مر رہے ہیں اور کئی آبادی والے علاقے ہجرت کر چکے ہیں۔انہوں نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایس ایس اے سے وابستہ اساتذہ کئی دنوں سے ماہ رمضان میں اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کے لیڈران خاموش بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فوری طور ایس ایس اے سے وابستہ اساتذہ کی مانگوں کو پورا کیا جائے اور ان کو ساتویں پے کمیشن کے تحت تنخواہیں دی جائیں جبکہ ان کی تنخواہیں بھی ڈی لنک کی جائیں تاکہ اساتذہ کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ آنگن واڑی ورکر اور ہلپرز کے مطالبات بھی پورے کئے جائیں جو کئی عرصہ سے احتجاج کررہی ہیں۔