ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے SAC فیصلے کی سراہنا کی
جموں //ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ریاستی انتظامیہ کونسل (SAC) کی جانب سے رہبر تعلیم ٹیچروں کے بارے میں لئے گئے فیصلے کی سراہنا کی ۔اس سلسلہ میں ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ایک میٹنگ زیر قیادت کمیٹی کے چیئر مین عبدالقیوم وانی منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے لیڈران و اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس میٹنگ کے دوران اراکین نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ،سیکریٹری سکول ایجوکیشن اجیت کمار ودیگران اعلیٰ آفیسران کی جانب سے رہبر تعلیم ٹیچروں کی مانگوں کی طرف توجہ مرکوز کر نے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئر مین عبدالقیوم وانی نے رہبر تعلیم ٹیچروں ،ہیڈ ماسٹروں ،رمسا اسکیم کے تحت کام کر رہے ماسٹروں و ہیڈ ماسٹروں کو درپیش مسائل کی جانب توجہ مرکوز کرنے اور اس سلسلہ میں ریاستی انتظامیہ کونسل کی میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ملازمین اپنی مانگوں کو لے کر ایک لمبے عرصہ سے احتجاج کر رہے تھے تاہم ریاستی انتظامیہ کی طرف سے لئے گئے فیصلے سے اب ان ملازمین میں امید کی ایک کرن جاگی ہے ۔انہوں نے ملازمین کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کونسل کی میٹنگ میں ملازمین کی جو مانگیں رہ گئی ہیں ان کے بارے میں انتظامیہ سے بات چیت کی جائے گی ۔انہوں نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک ،گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ،سیکریٹری سکول ایجوکیشن ،چیف سیکریٹری ،ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں اور ملازمین کی مانگوں کو اجاگر کرنے میں حمایت دینے والی تمام تنظیموں کا شکریہ ادا کیا ۔اس میٹنگ میں ونود شرما ،گنیش کھجوریہ ،محمد افضل بٹ ،پیر نثار احمد ،سلیم ساگر ،جماعت علی ،شوکت علی بیگ ،یوگ راج ۔راجیش جموال ،راجندر گپتا ،درشن شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔
تالاب تلو میں ینگ پنتھرز کی میٹنگ
جموں //ینگ پنتھرز کارکنوں کی جانب سے’یوا سینا‘مہم کے سلسلہ میں تالاب تلو میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ینگ پنتھرز کے ضلع صدر ترسیم سنگھ کی قیادت میں منعقد کی گئی میٹنگ کے دوران کئی نوجوانوں نے پارٹی کی ’یوا سینا ‘مہم میں اپنی رجسٹریشن کروائی ۔اپنے خطاب میں ترسیم سنگھ نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ جموں کی عوام کو اپنا حق دلانے کیلئے پنتھرز پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی مہم میں زیادہ سے زیادہ شمولیت اختیار کی جائے ۔اس دوران ینگ پنتھرز کی جانب سے وارڈ کمیٹی کو بھی تشکیل دیا گیا جس میںہمانشو کو صدر جبکہ امت رگواترہ کو نائب صدر منتخب کیا گیا ۔اس میٹنگ میں سنیل شرما ،وکرنت شرما ،ارجن سوری ،راہل کمار ،اجے سنگھ منہاس ودیگران بھی موجود تھے ۔
۔KNITگرین ماڈل اکیڈمی نے یوم تاسیس منایا
جموں //KNITگرین ماڈل اکیڈمی کی طرف سے یوم تاسیس کے موقعہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں وکشمیر سکول ایجوکیشن کی چیئر مین پروفیسر وینا پنڈتا بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔تقریب کے افتتاح میں سکول پرنسپل نے اکیڈمی کی سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں طلباء کی کارکر دگی کا نمایا ں طور پر پیش کیا گیا ۔اس دوران منتظمین کی جانب سے ایک رنگا رنگ تمدنی و ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران سکولی بچوں نے کشمیر ی ،پنجابی ،راجستھانی ڈانس کے علا وہ دیگر سرگرمیوں میں بھی شرکت کی ۔تقریب کے دوران گزشتہ بورڈ امتحانات کے علا وہ کھیلوں ودیگر سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے طلباء کو انعامات سے بھی نوزا گیا ۔اپنے خطاب میں پروفیسر وینا پنڈتا نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی تعلیم کے علا وہ کھیلوں و تمدنی سرگرمیوں میں بھی شرکت کریں ۔انہوں نے سکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بچوں کو معیاری تعلیم سے نوزا جائے گا ۔
کے سی پبلک سکول میں 20ویں یوم تاسیس پر تقریب
جموں //کے سی پبلک سکول نے اپنے 20ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر جموں یو نیورسٹی کے جنرل زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام میں جموں کے میئر چندر موہن گپتا بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ انیل گوسوامی ،سابقہ ہوم سیکریٹری پرویز احمد دیوان اور سابقہ اے ڈی جی پی ایس ایس وزیر بھی موجود تھے ۔تقریب کے دوران سکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جس کے دوران تعلیمی میدان کے علا وہ دیگر شعبوں میں بچوں کی جانب سے دیکھائی گئی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔سکول انتظامیہ و طلباء کی جانب سے اس دوران ایک رنگا رنگ کلچرل پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا ۔سکول انتظامیہ نے مختلف عہدوں پر فائز سابقہ طلباء کو انعامات سے بھی نوازا ۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں سکول منتظمین کی طرف سے ریاست میں معیار ی تعلیم فراہم کرنے اور بچوں کے روشن مستقبل کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔انہوں نے طلباء کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ وہ تعلیم کے علا وہ دیگر شعبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر یں ۔
سنیئر نیشنل شطرنج چمپئن شپ شروع
جموں //گوجر دیش چیریٹیبل ٹرسٹ میں میں سنیئر نیشنل شطرنج چمپئن شپ2018 شروع کردی گئی ہے ۔اس چمپئن شپ میں مختلف ریاستوں سے کل 162شطرنج کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ۔اس چمپئن شپ کے افتتاحی پروگرام میں آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے سیکریٹری بھارت سنگھ چوہان بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ سپورٹس آفیسر عبدالقیوم اور ڈویژنل سپورٹس آفیسر روی سنگھ بھی موجود تھے ۔بھارت سنگھ چوہان نے مذکورہ چمپئن شپ کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹورنامنٹ منعقد کروانے سے ریاست نے نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہو نگے ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں بلکہ ایک معقول پلیٹ فارم فراہم کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔
شیعہ فیڈریشن کامنڈی حادثے پر اظہار تاسف
جموں//شیعہ فیڈریشن نے پونچھ کے منڈی علاقے میں پیش آئے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ یہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے جس میں اب تک تیرہ افراد کی جانیں جاچکی ہیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک پل میں منڈی کے کئی گھرانے اجڑ گئے ہیں اور مرنے والوں کے لواحقین بے سہارا بن کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوردراز علاقوں میں آج بھی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے جس کی طرف حکومت کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ آئے روز سڑک حادثات رونماہوتے ہیں جن میں قیمتی جانیں تلف ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ ان کی کشادگی کی جانی چاہئے اور خالی دعوئوں سے کچھ حاصل نہیںہوگا۔ عاشق خان نے کہاکہ بدقسمتی سے حکام خواب خرگوش میں سوئے رہتے ہیں اور ان کی طرف سے کوئی حادثہ ہوجانے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاجاتاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ مرنے والوں کے لواحقین کے گھر کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے اور زخمیوں کا مفت علاج کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ وہ غمزدہ کنبوں کے ساتھ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ۔
سکھ تنظیموں نے کرتار پور راہداری کھولنے کا خیر مقدم کیا
جموں // سکھ تنظیموں نے کرتار پور راہداری کھولنے پر ہندو ستان و پاکستان حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیصلے کا استقبال کیا ۔اس سلسلہ میں متعدد سکھ تنظیموں جن میں سکھ دانشور سرکل ،انٹر نیشنل سکھ فیڈریشن ،سٹوڈنٹ فیڈریشن اور سکھ یوتھ کی ایک میٹنگ ایس نریندر سنگھ خالصہ کی قیادت میں منعقد ہو ئی جس میں ان تنظیموں کے اراکین نے دونوں حکومتوں کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ سکھ طبقہ کی ایک بڑی مانگ کو پورا کیا گیا ہے جس کے بعد سکھ گورو نانک کی آخری آرام گاہ کی زیارت کرسکیں گئے ۔یہاں جاری بیان میں سکھ لیڈران نے پاکستانی وزیر اعظم اور آرمی چیف کی جانب سے سکھ طبقہ کیلئے ظاہر کی گئی ہمدردی کیلئے شکریہ ادا کیا ۔اس میٹنگ میں ایس نریندر سنگھ خالصہ ،رانجیت سنگھ ،راجندر سنگھ ،امن دیپ سنگھ ،ایس دویندر سنگھ ،سریندر سنگھ ،اندر پال سنگھ اور منمو ہن سنگھ کے علا وہ دیگر سکھ لیڈران نے بھی شرکت کی ۔
جموں ٹریڈ انڈسٹریز انجمنوں سے بجٹ سے پہلے کی مشاورتی میٹنگ
جموں //گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے جموں میں کئی ٹریڈ ایسوسی ایشنوں سے بجٹ سے پہلے کی مشاورتی میٹنگوں کا اہتمام کیا۔ ان میٹنگوں میں فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں ، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری ، پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس ، آل جموں ہوٹیلز ایسو سی ایشن اور بار ایسوسی ایشن کے علاوہ دیگر انجمنوں کے نمائندوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری ، ایکسائز کمشنر ، کمشنر سٹیٹ ٹیکسز اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔صلاح کار نے کہا کہ ان میٹنگوں کا بنیادی مقصد بجٹ سے پہلے متعلقین سے مختلف اہم معاملات کے حوالے سے ضروری تجاویز حاصل کرنا ہے ۔پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس جموں کے وفد نے جی ایس ٹی نرخوں میں معقولیت لانے ، جی ایس ٹی قوانین میں آسانی لانے سمیت دیگر مطالبات پیش کئے ۔کنفیڈریشن انڈین انڈسٹری کے وفد نے جی ایس ٹی ری فنڈ ، ٹول ٹیکس ، سیاحتی شعبے کو انڈسٹری شعبے کی طرح فوائد دینے ، ہنرمندی کے فروغ اور ان صنعتی اداروں تک سڑک رابطوں کی مانگ کی ۔چیمبر آف ٹریڈرس فیڈریشن کے وفد نے ٹریڈ پالیسی کی تشکیل ، جی ایس ٹی نرخوں میںمعقولیت لانے اور ایل او سی تاجروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کی مانگ کی۔ صلاح کار نے جی ایس ٹی ریٹرن داخل کرنے کے لئے مخصوص سینٹر کھولنے کی مانگ پر پرنسپل سیکرٹری فائنانس کو اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کے وفد نے چھوٹی صنعتوں کو مراعات دینے ، بجلی ایمنسٹی فراہم کرنے ، مختلف صنعتوں کے لئے خام مال کے تخمینے کے متعلق سر ٹیفکیشن سسٹم اور دیگر مطالبات مشیر کے سامنے رکھے۔ آل جموں ہوٹیلز ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے جموں میں سیاحت کوفروخت دینے کے لئے جموں ٹورازم کو تشہیر کے لئے علاحدہ فنڈ فراہم کرنے ، مبارک منڈی کمپلیکس سمیت دیگر پروجیکٹوں کی تکمیل کی مانگ کی جبکہ جموں ہوٹل اینڈ بار ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے سیاحتی پیکیج ، لائسنسن فیس میں کمی کرنے اور پاور سبسڈی کی مانگ کی۔صلاح کار نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ اُن کی تجاویز کو 2019-20 کے بجٹ کی تشکیل میں دھیان میں رکھا جائے گا۔
بجٹ سے پہلے کی مشاورتی میٹنگیں اختتام پذیر
نوین چودھری نے محکمہ بجلی کے بجٹ منصوبوں کا جائزہ لیا، توانائی کے منصفانہ استعمال پر زور
جموں//پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی صدارت میں اگلے مالی سال کے لئے مختلف محکموں کی بجٹ سے پہلے کی مشاورتی میٹنگیں اختتام پذیر ہوئیں ۔ موصوف نے محکمہ بجلی کے بجٹ منصوبوں کا ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری بجلی ہردیش کمار او رمحکمہ بجلی ، فائنانس اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ ڈائریکٹر بجٹ امتیاز احمد وانی نے بھی شرکت کی۔محکمہ بجلی کے بجٹ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے ریاست بھر میں تمام پاور پروجیکٹوں کی بروقت عمل آوری اور اِن پروجیکٹوں کی نگرانی کی ہدایت دی تاکہ بجلی شعبے میں معقولیات لائی جاسکے۔بجلی کی خرید اور حاصل ہونے والی آمدن میں تفاوت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوین کمار چودھری نے انجینئروں کو بجلی چوری روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے اور ٹرانسمیشن و ڈسٹربیوشن نقصانات کو کم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے بجلی کی چوری کو روکنے کے لئے کئی اقدامات بھی تجاویز کئے ۔ انہوں نے بجلی کے منصفانہ استعمال اور کم بجلی چلنے والے آلات کے استعمال کے بارے میں عوام میں جانکاری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سردی کے ایام میں کشمیر صوبے میں اور گرمیوں کے ایام میں جموں صوبے میں بجلی سپلائی میں معقولیت لانے کے لئے دور رَس اقدامات پر ضرور دیا۔ محکمہ کے کام کاج کو مزید بہتر بنانے کے لئے پرنسپل سیکرٹر نے محکمہ کی مختلف وِنگوں میں عملے کی باقاعدگی لانے پر زور دیا ۔انہوںنے محکمہ کے عارضی ورکروں اور ڈیلی ویجروں کو اندرونی ذرائع سے مشاہرہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ صرف ان معاملات میں تعاون دے گا جن کے لئے اس کی مشاورت حاصل کی گئی ہو۔ انہوںنے مستقبل میں کسی بھی ڈیلی ویجر کام پر نہ لگانے کی صلاح دیتے ہوئے مستقل ملازمین کو زیادہ ذمہ داریاں سونپنے پر زوردیا۔ ہردیش کمار نے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت ، رقومات کی دستیابی ، مستقبل کی ضروریات اور بجلی کے مجموعی صورت حال کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوںنے محکمہ کے کام کاج کی بہتری سے متعلق مختلف معاملات کو اُجاگرکرتے ہوئے اگلے سال کے بجٹ میں انہیں حل کرنے کی تجویز رکھی جسے پرنسپل سیکرٹری فائنانس نے قبول کیا۔
پنشنروں کا وفد گورنر سے ملاقی
جموں//جے اینڈ کے پنشنرس ویلفیئر فیڈریشن سینئر سٹیزن سول سوسائٹی ( جے اینڈ کے پی ڈبلیو ایف ایس سی سی ایس) کا ایکوفد صدر سمپت پرکاش کی قیادت میں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا۔وفدنے گورنر کو پنشنروں ، ملازمین ، عام لوگوں اور بالخصوص ریاست کی کلہم ترقی کے سلسلے میں لئے گئے فیصلوں کے لئے سراہا۔وفد نے میڈیکل الائونس میں اضافے ، نئی اِنشورنس سکیم کے ماہانہ پریمیم کی شرح میں یکسانیت لانے ، تمام فہرست میں موجود طبی مراکز میں دسمبر 2018ء سے آگے بھی مریضوں کو طبی نگہداشت کی فراہمی و دیگر معاملات گورنر کے گوش گزار کئے ۔گورنر نے ڈیلی گیشن کے مطالبات بغور سنے اور اُنہیں پورا کرنے کی یقین دہانی دی۔
اکھنور میں تربیتی و بیداری مرکز کا افتتاح
جموں//سیکرٹری فلوری کلچر محمد جاوید خان نے ڈائریکٹر کی موجودگی میں اکھنور میں تربیتی سہولیات کے مرکز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آتما سکیم کے تحت محکمہ پھولبانی کی طرف سے منعقدہ ایک روزہ تربیتی و بیداری پروگرام کا آغاز کیاجس کا عنوان ’’کمر شل فلوری کلچر‘‘رکھا گیا تھا۔اس موقعہ پر پروجیکٹ ڈائریکٹر سنیل مصری ،جوائنٹ ڈائریکٹر پران ڈولو ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایس کے سلطان ، ڈسٹرکٹ فلوری کلچر افسروِکرانت شرماا ور محکمہ کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر خطا ب کرتے ہوئے سیکرٹری پھولبانی نے کہا کہ محکمہ نے فارم پروڈکشن کو فروغ دینے کے لئے کسانوں کی تربیت کے لئے جدید تکنیک شروع کی ہے جس کی بدولت کسانوں کو آمدنی دوگنی ہوگی ۔اُنہوں نے اس پروگرام کا اہتمام کرنے کے لئے محکمہ کو مبارک باد دی اور اُنہیں ایسے پروگراموں سے کسانوں کو بھرپور استفادہ کرانے پر زور دیا۔ ڈائریکٹر فلوری کلچر ببیلا رکھوا ل نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور ریاست میں پھولبانی کو ترقی دینے کے لئے مختلف سکیموں کے ذریعے کسانوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کے بار ے میں خاکہ پیش کیا۔اس موقعہ پر کئی کسانوں نے پھولبانی سے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں سیکرٹری موصوف کو آگاہ کیا۔ سیکرٹری موصوف نے کسانوں کو یقین دِلایا کہ محکمہ اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔
ہائی کورٹ میںقومی لوک عدالتوں کا اِنعقاد
جموں//عدالتوں میں اِلتوا میں پڑے معاملات میں کمی لانے کی غرض سے جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی نے جموں اور سرینگر کے ہائی کورٹوں کی دونوں وِنگوں میں قومی لوک عدالتو ں کا اہتمام کی۔لوک عدالتوں کا انعقاد چیف جسٹس جموں اینڈ کشمیر ہائی کورٹ ( جے اینڈ کے سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سربراہ ) جسٹس گیتا متل اور ایگزیکٹیو چیئرمین جے کے اینڈ لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس راجیش بنڈل کی سربراہی میں کیا گیا۔یہ پروگرام ہائی کورٹ کے جسٹس اور چیئر مین ہائی کورٹ لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس علی محمد ماگر کی خصوصی رہنمائی میں انعقاد کیا گیا۔ عدالتوں میں اِلتوا میں پڑے کیسوں میں کمی لانے کے علاوہ لوک عدالتوں کا انعقاد لوک عدالت کے طریقے سے لوگوں کو معاملات حل کرنے کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔ہائی کورٹ کے دونوں وِنگوں میں کیسوں کے نپٹارے کے لئے تین بنچ تشکیل دئیے گئے تھے۔لگ بھگ 413معاملات جن میں 110 ایم اے سی ٹی ، 30 ایس ڈبلیو پی معاملات ، 2 بینک ریکوری ، 27 لیبر تنازع,138NI 19 ، 21او ڈبلیو پی ، 20 گھریلو تنازعات ، 13,561-A ،4 ریوینو ، 163 پری لٹگیشن ( بینک) ، 3پر لٹگیشن ( ایس ڈبلیو پی ) ، 1 پر ی لٹگیشن (لینڈ) یہ کیس قومی لوک عدالت میں اُٹھائے گئے۔لگ بھگ 22معاملات نمٹائے گئے جن میں 9 ایم اے سی ٹی ،4 ایس ڈبلیو پی معاملات ، 1 او ڈبلیو پی اور 8 پر ی لٹگیشن( بینک )اور 9 ایم اے سی ٹی کیسوں میں 7447777روپے کی رقم معاوضے کے طور پر وصول کی گئی۔
لون نے بلائنڈ ہوم اور ہوم فار ایجڈ میں سہولیات کا جائزہ لیا
جموں//سماجی بہبود کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون نے روپ نگر میں قائم گورنمنٹ ریذیڈنشل سکول فار بلائنڈ میں رہائش پذیر لوگوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر لون کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویر جی ہانگلو ، مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جی اے صوفی ، سماجی بہبود جموں کے ناظم ڈاکٹر بھارت بھوشن ، ایڈیشنل سیکرٹری بابو رام اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے۔سیکرٹر ی موصوف نے رہائش پذیر لوگوں کو تعلیم ، خورد نوش اور صحت و صفائی کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوںنے ہوم کے افسران اور عملے کی ان کوششوں کو سراہا جن کے تحت وہ رہائش پذیر لوگوں کو بہتر نظام فراہم کر رہے ہیں۔رہائش پذیر لوگوں کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کی ایک فہرست کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر لون نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام کوششیں انجام دے گی۔بعد میں ڈاکٹر لون نے امپھلا میں ہوم فار ایجڈ اینڈ انفرم کا بھی دورہ کیا اور وہاں رہائش پذیر لوگوں اور عملے کے ساتھ بات چیت کی۔سیکرٹری موصوف نے محکمہ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی طلب کی جس میں ادارے کی بہبودی اور بہتر رکھ رکھائو کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔
صحافیوں کے متعدد وفود ناظم اطلاعات سے ملاقی
جموں//صحافیوں کے متعدد وفود نے ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ طار ق احمد زرگر سے ملاقات کی اور ریاست میں کلہم میڈیا کے منظرنامے اور اس کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر جموں نریش کمار اور محکمہ کے دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ان وفود میں آل جموں نیوز پیپرس ایڈیٹر ایسو سی ایشن صدر ریویندر سنگھ کی قیادت میں ناظم اطلاعات سے ملاقی ہوا ۔ پریذیڈنٹ پریس کلب جموں اشونی کمار اور اُن کے ممبران ،صوبہ کشمیر سے آئے جے اینڈ کے نیوز پیپرس ایڈیٹرفورم کے اے کے سہانی اور کاڈی نیٹر جے کے پریس ایسو سی ایشن جموں کلدیپ گپتا بھی ناظم اطلاعات سے ملاقی ہوئے۔بات چیت کے دوران ان وفود نے ناظم اطلاعات کے سامنے کئی معاملات پیش کئے ۔ ناظم اطلاعات نے صحافتی برادری کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پر غور کیا جائے گا اور اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اُنہوںنے کہا کہ محکمہ ریاست میں موجود صحافتی برادری کے کام کاج میں سہولیت فراہم کرنے کے لئے کئی اقدامات اٹھارہا ہے اور محکمہ آئند ہ بھی صحافتی برادری کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گا۔
یتیم بچوں کاگروپ لکھنو اور دلّی روانہ
جموں//سماجی بہبود کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون نے ریاست کے 243 یتیم بچوں کو یوتھ ایکسچینج پروگرام ’’ وطن کو جانو ‘‘ کے تحت پندرہ دِن کے لئے لکھنو ٔ اور دلّی روانہ کیا۔ پروگرام کا اہتمام سماجی بہبود کے ایس آر سی نے کیا تھا۔اس پروگرام کے تحت طلاب کو ملک کے مختلف تمدنوں اور تہذبوں سے واقفیت کرائی جاتی ہے۔ اس موقعہ پر خطا ب کرتے ہوئے ڈاکٹر لون نے محکمہ کی ان کوششوں کو سراہا جن کے تحت طلاب کو ملک کے دیگر علاقوں میںبھیج کر وہاں کی زبان ، تمدن ، ثقافت اور وہاں کے رہن سہن کے بارے میں جانکاری حاصل ہوتی ۔سماجی بہبود جموں کے ڈائریکٹر ویر جی ہانگلو ، مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس جی اے صوفی ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کونسل رفعت اور محکمہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔