پی ڈی پی نے جموں کیلئے سیاسی مفادات کودائوپرلگایا
ڈاکٹرکرن سنگھ کابیان حقیقت سے بعید :رفیع میر
جموں//پی ڈی پی نے ڈاکٹرکرن سنگھ کے محبوبہ مفتی سے متعلق دیئے گئے ریمارکس کے ردعمل میں کہاکہ پی ڈی پی نے جموں کے فائدے کیلئے سیاسی مفادات کودائوپرلگایااور کانگریس لیڈر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔یہاں جاری پی ڈی پی ترجمان رفیع احمدمیرنے کہاکہ پی ڈی پی واحدسیاسی جماعت ہے جس نے سیاسی مفادات کوخطرے میں ڈال کر ریاست کے تمام خطوں کی ترجمانی کی اورریاست کے سیکولرتانے باے کوتحفظ فراہم کیا۔میرنے کہاکہ ڈاکٹرکرن سنگھ ریاستی امورات کے ماہرہیںاورریاست کے تاریخی موڑکے اہم گواہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی سے متعلق ڈاکٹرکرن سنگھ کے ریمارکس غیرمناسب ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے جموں،کشمیراورلداخ خطوں میں آپس میں جوڑنے میں کلیدی رول ادا کیاہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی نے ہمیشہ جموں کے مفادات اورعوام کی امنگوں کااحترام کیاہے۔انہوں نے کہاکہ اس پایہ کے لیڈرنے ایسابیان کیوں دیایہ سمجھ سے بالاترہے۔
پی ڈی پی مہلاونگ میں نامزدگیاں
جموں//جے اینڈکے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی ریاستی نائب صدروومن ونگ جموں سرجیت کورنے پارٹی کوزمینی سطح پرمضبوط بنانے کیلئے مہلاونگ میں ضلع صدر،زون صدراوربلاک صدرکے طورپرنامزدگیاں عمل میں لائی ہیں ۔یہاں جاری ایک حکمنامے کے تحت عمل میں لائی گئی نامزدگیاں اس طرح ہیں زاہدہ چوہدری کوضلع صدرپونچھ ،وجے کورکوضلع صدرکٹھوعہ اربن ، ویشنوشرماکو ضلع صدرادہم پور، کویتاشرما کوزون صدرجموں ویسٹ ،نریندرکورکو بلاک صدرنامزدگیاہے۔
تیلی بستی بڑی براہمناں میں بیداری کیمپ کاانعقاد
۔WDC کی خواتین بہبودسکیموں کی جانکاری دی گئی
جموں/جموں وکشمیرسٹیٹ وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے تیلی بستی بڑی براہمناں میں ایک بیداری کیمپ کاانعقاد کیاگیاجس میں خواتین کی بہبودسے متعلق کارپوریشن کے زیرنگرانی چلائی جارہی سکیموں کی جانکاری دی گئی۔ اس دوران تقریب میں ڈائریکٹرایس ای بی آئی ایس کے شرما مہمان خصوصی تھے۔اس موقعہ پروومنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کٹھوعہ کے کلدیپ سنگھ پٹھانیہ نے کارپوریشن کی خواتین بہبودسکیموں بشمول این ایم ڈی ایف سی ، این بی سی ایف ڈی سی، این ایچ ایف ڈی سی ،ڈبلیوای پی اورایجوکیشن لون سکیموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہاکہ خواتین کارپوریشن کی سکیموں سے مستفیدہوکراپنی اقتصادی حالت کومستحکم بناسکتی ہیں۔ڈائریکٹرایس ای بی آئی ،ایس کے شرمانے خواتین کارپوریشن کی سکیموں کااستفادہ حاصل کرنے کیلئے آئیں توان کی مالی حالت بہترہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کارپوریشن خواتین کومختلف سکیموں کے تحت کم شرح سودپرقرضہ فراہم کرتاہے تاکہ خواتین خودروزگارکے وسائل پیداکرسکیں۔ ایس کے شرمانے بیٹی بچائو۔بیٹی پڑھائو اورسوچھ بھارت ابھیان کی خصوصیات کے بارے میں شرکاء کوجانکاری دی اورزمینی سطح پرخواتین بہبودسکیموں کی جانکاری عام کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔اس موقعہ پر یونس مٹو، محمدقیوم، سماجی کارکن مدن چوہان ودیگرسٹاف ممبران بھی موجودتھے۔
ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاوفدچیف سیکریٹری سے ملاقی
جموں//ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے لیڈران کے ایک وفدنے عبدالقیوم وانی کی صدارت میںریاستی چیف سیکریٹری بی وی آرسبرامنیم سے ملاقات کی ۔اس دوران اساتذہ کے نمائندوں نے چیف سیکریٹری کاایس ایس اے ٹیچروں کامسئلہ حل کرنے کیلئے لئے گئے تاریخی فیصلے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ اس دوران چیف سیکریٹری نے وفدکو انڈرگریجویٹ ٹیچروں سے متعلق پیداہوئی کنفیوژن جلد دورکرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفدنے ریاستی چیف سیکریٹری کاایس ایس اے ٹیچروں، ہیڈٹیچروں، رمساماسٹروں اورہیڈماسٹروں کے حق میں ساتویںتنخواہ کمیشن کے نفاذ ،اسامیوں کووجودمیں لانے اورتنخواہیں سٹیٹ سیکٹرکے ساتھ جوڑنے کیلئے شکریہ اداکیا۔اس دوران مانگ کی گئی کہ گریجویٹ اورانڈرگریجویٹ ٹیچروں کیلئے یکساں آرڈرجاری کیاجائے گا۔اس موقعہ پر چیف سیکریٹری نے واضح کیاکہ 7700اسامیاں پہلے ہی وجودمیں لائی گئی ہیں ۔اس دوران وفدمیں غازی عبدالعزیز ، گنیش کھجوریہ،محمدافضل بٹ، پیرنثاراحمد،سلیم ساگر، یوگ راج سنگھ ،خادم رضا، بھارت بھوشن ،محمدعلی، غلام نبی گنائی ودیگران بھی موجودتھے۔
کارپوریٹررچھپال بھاردواج کی عزت افزائی
جموں//بٹوالس انڈیا(سماجی تنظیم )کاایک اجلاس شہزادپورکوٹھی میں منعقدہواجس میں حال ہی میں چنے گئے میونسپل کارپوریشن جموں کے کارپوریٹرنائب صوبیدار رچھپال بھاردواج کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقعہ پربولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ہمیں فخرہے کہ پہلی مرتبہ بٹوال برادری سے تعلق رکھنے والاشخص کارپوریٹربناہے۔ انہوں نے بھاردواج کے تئیں نیک تمنائوں کااظہارکیا اورتوقع کی کہ وہ اپنے فرائض کوتندہی سے انجام دیں گے۔اس دوران میٹنگ میں تنظیمی عہدیداران بشمول چیئرمین جی آرکیتھ،سبھاش موٹن، آرایل کیتھ، لال چندموٹن، حوالدار دیس راج کیتھ، گاری لال لکھوترہ اورتاراچندموٹن شامل تھے۔
مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس کی بحالی
خورشیدگنائی نے دوبارہ استعمال سے متعلق اقدامات کا جائیزہ لیا
جموں /گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس کو دوبارہ استعمال کرنے کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری تمدن محمد سلیم ششگر، سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ایم راجو، ڈائریکٹر آرکائیوز، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز مُنیر الاسلام، ناظم سیاحت جموں او پی بھگت، ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مُبارک منڈی جموں ہیری ٹیج سوسائٹی محترمہ دیپکا شرما اور دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سنرکشن مُنیش پنڈت بھی موجود تھے، جنہوں نے مبارک منڈی کمپلیکس کی بحالی کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کے سلسلے میں ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن دی۔خورشید گنائی نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ اس کمپلیکس پر جاری کام کی بدولت یہ ہیری ٹیج کمپلیکس بین الاقوامی سطح کا سیاحتی مرکز اُبھر کر آنا چاہئے۔مشیر موصوف نے مزید کہا کہ مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس پر جاری کام کی بدولت ریاست کے تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے ہُنر مندوں کو اپنا ہُنر دکھانے کا موقعہ دستیاب ہورہا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پروجیکٹ کی بدولت چوک چبوترہ سے مبارک منڈی اور پنجتیرتھی سے مبارک منڈی کے راستوں کے علاوہ پنجتیرتھی میں قائم اے آئی آر عمارت کے بالمقابل پارکنگ کی سہولیت کو بھی ترقی دی جارہی ہے۔
سیکریٹری سیاحت نے کمپلیکس کامعائینہ کیا
جموں//سیکرٹری سیاحت ریگزن سیمفل نے مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس کے دورے کے دوران کمپلیکس کی بحالی کے سلسلے میں جاری اقدامات کا جائیزہ لیا۔انہوں نے باریک بینی سے رائل کورٹ یارڈ، گڑوائی خانہ، بڑی ڈیوڈی اور رائل کورٹ پر جاری کا م کا معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر تمام جاری کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔سیکرٹری سیاحت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو یقین دلایا کہ اس پروجیکٹ پر رقوما ت کی فراہمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبارک منڈی جموں ہیری ٹیج سوسائٹی دیپکا کے شرما، ڈائریکٹر ٹورازم جموں او پی بھگت اور کنسلٹینسی فرم کے نمائندے اس موقعہ پر موجود تھے۔
ریاست میں نئے ڈگری کالجوں کاقیام
کمیٹی نے سفارشات کو حتمی شکل دی
جموں /خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے یہاں ریاست بھر میں نئے ڈگری کالجوں کے قیام کے سلسلے میںسفارشات کو حتمی شکل دی گئی اور اس سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سریتا چوہان ، سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو ، اعلیٰ تعلیم کے سپیشل سیکرٹری چودھری رشید اعظم انقلابی اور ڈی جی پلاننگ ستویر کور موجود تھیں۔میٹنگ کے دوران نئے ڈگری کالجوں کو قائم کرنے کے لئے مقامات کی نشاندہی اور حکومت کی طرف سے پہلے ہی منظور شدہ کالجوں کی حالات پر غور و خوض کیا گیا۔ ان نئے کالجوں میں طلاب کی انرولمنٹ و دیگر معاملات پر سیر حاصل بحث کے بعد کمیٹی نے متعلقہ رِپورٹ کو حتمی شکل دی تاکہ اس رِپورٹ کو حکومت کے سامنے پیش کیا جاسکے ۔یہ رِپورٹ منظوری کے لئے ریاستی انتظامی کونسل کو بھیجا جائے گا۔
جے کے ایس سی پی ایس کی تیسری ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ منعقد
جونائل جسٹس سسٹم کی عمل آوری کیلئے بجٹ کو منظوری دی گئی
جموں//جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ چائلڈ پروٹیکشن سوسائٹی( جے کے ایس سی پی ایس) کی تیسری ایگزیکٹو کمیٹی نے جونائل جسٹس سسٹم کی عمل آوری کے لئے یہاں ایک میٹنگ کے دوران بجٹ کو منظوری دی۔سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون جو جے کے ایس سی پی ایس ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن بھی ہیں، نے کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ کے دوران جموں اور سرینگر میں فوری طور شیلٹر ہوم قائم کرنے جیسے بڑے فیصلے لئے گئے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے لڑکیوں کے لئے2 اور لڑکوں کے لئے ایک شیلٹر ہوم کی تعمیر کے لئے پہلے ہی اراضی کی نشاندہی کی ہے اور تعمیرات عامہ محکمہ اس سلسلے میں ضروری ڈی پی آر تیار کررہا ہے۔میٹنگ کے دوران سال2018-19 کے لئے بجٹ کی منظوری۔ اس کے علاوہ سال2019-20 بجٹ تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے چلائے جارہے چلڈرن ہومز کا درجہ بڑھایا جائے گا اور ان ہومز میں قیام پذیر بچوں کے لئے سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔اگلے مالی سال کے دوران ریاست کے بڑے شہروں میں مزید شیلٹر ہوم قائم کئے جائیں گے ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جو کُنبے اپنے بچوں کی نگہداشت نہیں کرپاتے ہیں حکومت انہیں ماہانہ2 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی اور موجودہ مالی سال کے دوران اس سکیم کے تحت1200 بچے مستفید ہوں گے۔اگلے مالی سال کے دوران اس سکیم سے3 ہزار بچے مسُتفید ہوں گے۔ایم ڈی آئی سی پی ایس جی اے صوفی نے اس موقعہ پر بچوں کے تحفظ کے لئے آئی سی پی ایس کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کا خلاصہ پیش کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سماجی بہبود کشمیر رخسانہ غنی، ایڈیشنل سیکرٹری سماجی بہبود بابو رام، ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر جموں بھارت بھوشن، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس ویرجی ہانگلو، ڈائریکٹر جے کے ایس ڈبلیو ڈی سی ناہید سوز اور دیگر افسران موجود تھے۔
کمشنرنے جموں میونسپل کارپوریشن کے کام کاج کاجائزہ لیا
افسران پرشہرکوصاف ستھرابنانے اورسکیموں کی عمل آوری یقینی بنانے پرزور
جموں//کمشنر،جموں میونسپل کارپوریشن نے کارپوریشن کی مختلف ونگوں کے کام کاج کاجائزہ لینے کیلئے میٹنگ منعقدکی جس میں ہرایک ونگ کی کارکردگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران تمام ونگوں کے افسران پرزوردیاگیاکہ وہ عوامی مسائل اورشکایات کاازالہ کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھائیں ۔میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کمشنرجموں میونسپل کارپوریشن پنکج مگوترہ نے افسران سے کہاکہ وہ جموں شہرمیں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتربنانے ،شہرکوہرابھرا،صاف ستھرااور خوبصورت وجاذب نظربنانے کیلئے تعمیروترقی کے کاموں میں سرعت لائیں۔اس موقعہ پرزوردیا گیاکہ شہرکی مختلف وارڈوں کی گلیوں،نالیوں اورسٹریٹ لائٹوں سے متعلق شکایات کاازالہ کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔اس دوران کمشنرجے ایم سی نے کارپوریشن کے ایگزیکٹیوانجینئروں کوہدایات دیں کہ مختلف سکیموں کے تحت جاری کاموں اورمیگاپر وجیکٹوں وفلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کی نگرانی اپنے طورپرکریں۔اس دوران میٹنگ میں پردیپ سنگھ جوائنٹ کمشنر(اے) ،سنیناشرماسیکریٹری، پریم سنگھ اسسٹنٹ کمشنر(ریونیو) ،جوگیندرشرماچیف اکائونٹس آفیسر،ہریندراروڑہ سینئرٹائون پلانر، ڈاکٹرسلیم خان ہیلتھ آفیسرجے ایم سی، شمیم احمدوانی سینئرلاء افسر، پربودھ شرما ایگزیکٹیوانجینئر (سی) ،ارون گپتا ،ایگزیکٹیو انجینئر (ٹی) ،سنجے بھگت ایگزیکٹیوانجینئر(ای) ،جیت راج ،ڈپٹی ڈائریکٹر (پلاننگ) ،راجیش گپتاچیف انکروچمنٹ افسر،ڈاکٹرظفراقبال میونسپل ویٹرنری افسر،طلعت محمودخان چیف ٹرانسپورٹ افسر،انکوش کپورانفارمیٹک افسرموجودتھے۔
گوجربکروالوں کوتحفظ فراہم کرنے کامطالبہ
جموں//گوجربکروال دیش تحریک انصاف جموں کے صدرنے کرائم برانچ جموں ودیگرایجنسیوں پرہراسانی کاالزام عائد کیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال دیش تحریک انصاف جموں کے صدرچودھری نزاکت کھٹانہ نے کہاکہ کرائم برانچ جموں نے جھوٹے کیسوں میں ملوث کرکے مجھے ہراساں کیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے کرائم برانچ جموں نے 26نومبرکوگرفتارکیاتھااور8 دسمبرکومجھے ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس میرے خلاف عائدکئے گئے الزامات کوثابت نہیں کرپائی۔ انہوں نے کہاکہ کچھ زمین مافیہ نے میرے خلاف ایف آئی آردرج کروائی تھی اوروہ مجھ پرلگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے پریشانی کرنے کے پیچھے کچھ سیاسی لوگ تھے جومیری آوازدباناچاہتے ہیں۔کھٹانہ نے ریاستی سرکارپرزوردیاکہ مجھے ہراساں نہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ میں غریب گوجربکروالوں کیلئے آوازبلندکرتاہوں اس لیے مجھے فرضی کیسوں میں پھنسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے اپنے وکلاء ایڈوکیٹ شاہ محمداورایڈوکیٹ انورچودھری کابھی شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کوان لوگوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہیئے جوزمین مافیہ ہے اورخانہ بدوش گوجربکروالوں کوہراساں نہیں کرناچاہیئے۔کھٹانہ نے کہاکہ ڈرگس سے متعلق کیس مجھ پرلگایاگیا۔انہوں نے کہاکہ میں خودمنشیات کے خلاف ہوں ۔انہوں نے ریاستی گورنرسے مانگ کی کہ گوجربکروال طبقہ کاتحفظ یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔اس دوران پریس کانفرنس میںچودھری شیرعلی،حسن دین،چودھری اسلم،چوہدری رفاقت ودیگران بھی موجودتھے۔
جے ایم سی ٹیم کامختلف بازاروں کامعائینہ
50 کلوگرام
غیرمعیاری گوشت ضبط 6ہزارجرمانہ وصول
جموں//ڈپٹی میئرجموں میونسپل کارپوریشن پورنیماشرما،ہیلتھ افسرڈاکٹر سلیم خان اورمیونسپل ویٹرنری افسرڈاکٹرظفراقبال نے ٹیم کے ہمراہ شہرکے مختلف بازاروں کادورہ کرکے معیاری گوشت اورگوشت سے بننے والی چیزوں کی دکانوں کامعائینہ کیا۔اس دوران ڈپٹی میئرجے ایم سی،ہیلتھ افسراورایم وی او نے گوجرنگر،سی پی اوچوک پنج تیرتھی، نیوپلاٹ،جانی پوراوربن تالاب کادورہ کیااوردکانداروں کوہدایات دیں کہ وہ صارفین کوشفاف اورخالص گوشت دستیاب کریں۔مہم کے دوران جے ایم سی ٹیم نے 50 کلوگرام غیرمعیاری گوشت ضبط کیااور بعدازاں اسے ضائع کیا۔ غیرمعیاری گوشت رکھنے والے دکانداروں سے ٹیم نے 6ہزارروپے جرمانہ وصول کیا۔اس کے علاوہ فروختگی کی سٹمپ نہ ہونے پرگوشت فروخت کرنے والوںکوجرمانہ عائدکیا۔ڈپٹی میئرپورنیماشرمانے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ صاف ستھراگوشت فروخت کریں اوردکانوں پرصاف ستھراماحول رکھیںتاکہ صارفین کی صحت پرمنفی اثرنہ پڑے۔
دکانداروں کوہراساں کرنے کاالزام،گوجرنگرمیں مظاہرہ
جموں//گوجرنگرجموں میں جے ایم سی ٹیم کی طرف سے دکانداروں کوہراساں کرنے کیخلاف مقامی لوگوں ودکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران دکانداروں نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے اہلکاربلاوجہ دکانداروں کوتنگ کرتے ہیں ۔اس دوران سراپااحتجاج لوگوں اوردکانداروں نے جے ایم سی کے خلاف نعرے بازی کی اورمتعلقہ حکا م سے مانگ کی کہ دکانداروں کی ہراسانی کے سلسلے کوبندکروایاجائے ۔