جے ایم سی کی بلڈنگ آپریشن کنٹرولنگ اتھارٹی کا اجلاس
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کی بلڈنگ آپریشن کنٹرولنگ اتھارٹی کا ایک اجلاس کمشنر جے ایم سی پنکنج مگوترہ کی قیادت میں منعقد کیا گیا ۔اس اجلاس کے دوران عمارتوں کی تعمیر کیلئے اجازت کے 54معاملات کو حل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ان معاملات کو حل کئے جانے سے جموں میونسپل کارپوریشن کو مالی آمدنی کے علا وہ تعمیراتی ایجنسیوں کو تعمیرات کی اجازت بھی مل گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جے ایم سی کمشنر نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بلڈنگ آپریشن کنٹرولنگ اتھارٹی کا اجلاس لگا تار بنیادوں پر منعقد کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عمارتوں کی تعمیرکی اجازت دی جاسکے ۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ غیر قانونی تعمیر ات نہ کریں اور اس سلسلہ میں متعلقہ انتظامیہ سے قانونی طریقہ کار سے اجازت لے کر کام شروع کریں جبکہ قانون کی خلاف ورکزی کرنے والے کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس اجلاس میں جوائنٹ کمشنر جے ایم سی ،اسٹنٹ کمشنر جموں ،اے ای ای جے ایم سی ودیگر آفیسران نے بھی شر کت کی ۔
اکھنور میں طبی و یٹرنری کیمپ منعقد
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //فوج کی جانب سے اکھنور کے راجوال علا قہ میں طبی و ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران مریضوں اور مویشیوں کی طبی جانچ کے علا وہ ان کو ادویات بھی فراہم کی گئیں ۔اس کیمپ کے دوران فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے علا وہ موسم سرما میں ہونے والی بیماریوں اور احتیاطی تدابیروں کے بارے میں بیدار کیا ۔طبی کیمپ کے دوران علاقہ کے 820مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی گئیں جبکہ اسی دوران 1250مویشیوں کی جانچ کرنے کے علا وہ ادویات فراہم کی گئیں ۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولیات کا شکریہ ادا کر تے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی فوج عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرتی رہے گی ۔
کویندر گپتا نے اسمبلی حلقہ گاندھی نگر کا دورہ کیا
نیوزڈیسک
جموں //سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ اور بھاجپا سنیئر لیڈر کو یندر گپتا نے اسمبلی حلقہ گاندھی نگر کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو در پیش مسائل اور تعمیر اتی پروجیکٹوں پر ہو رہی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔دورے کے دوران بھاجپا سابقہ ریاستی نائب وزیر اعلیٰ نے اسمبلی حلقہ کے بائیو علا قہ میں واٹر سپلائی اسکیم کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ میں بھاجپا کے دورے حکومت میں کئی تعمیر اتی پروجیکٹوں کو شروع کر نے کے علا وہ پایہ تکمیل تک بھی پہنچایا گیا ہے ۔واٹر سپلائی اسکیم کے بارے میں بولتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گوسوامی کالونی کے لوگوں کی ایک بڑی مانگ تھی جس کو پورا کیا گیا ہے اور اس پائپ لائین کے مکمل ہو نے کے بعد علا قہ میں عوام کو پانی کیے سلسلہ میں درپیش مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت عوام کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کر نے کی وعدہ بند ہے جبکہ اس سلسلہ میں کئی ایک فلاحی اسکیموں کو شروع کیا گیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ ریاست میں ہوئے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے صاف ظاہر ہے کہ عوام بھاجپا کی کارکر دگی سے خوش ہیں ۔انہوں نے کا نگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 60برسوں سے پارٹی نے عوامی جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا لیکن بھاجپا کی مرکزی حکومت نے اپنے چار برسوں کے دورا ن عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی فیصلے کئے ہیں ۔انہوں نے پی ڈی پی اور نیشنل کا نفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے ریاستی تعمیر و ترقی کیلئے کوئی واضح ایجنڈا ہی نہیں اپنایا جس کی وجہ سے ابھی تک ریاستی عوامی کو بنیادی سہولیات ہی میسر نہیں ہو سکیں ۔
جموں مئیر نے ستواری اور نئی بستی کا دورہ کیا
جموں //مئیر جموں میونسپل کارپوریشن چندر موہن گپتا نے ستواری اور نئی بستی علا قوں کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔اس دورے کے دوران وارڈ نمبر 23کے کونسلر پون سنگھ جموں میونسپل کارپوریشن کے آفیسرا ن و سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے گلیوں میں صفا ئی ستھرائی ،نالیوں کی مرمت ،گلیوں میں لائٹس کا خراب ہو نا ،پارکوں میں صفائی ،آورہ کتوں و مویشیوں سے درپیش مسائل کی شکایت کی ۔چندر موہن گپتا نے متعلقہ آفیسران کو موقعہ پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ علا قہ میں عوام کو درپیش مسائل کو جلداز جلد حل کیا جائے ۔انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ میونسپل کارپوریشن کیساتھ تعاون دے کر معاملات حل کروائیں ۔موصوف نے علا قہ میں میونسپل کارپوریشن کے زیر تحت جاری تعمیراتی پروجیکٹوں کا جائزہ بھی لیا ۔
کانگریس کے ایس سی سیل کا اجلاس
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //پردیش کا نگریس کمیٹی کے شیڈول کاسٹ سیل کا ایک اجلاس شہیدی چوک جموں میں منعقد ہوا جس کے دوران ایس سی طبقہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اس اجلاس میں پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کانگریس پارٹی کے دلت لیڈران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماج کے پسماندہ طبقہ کو کا نگریس کے دور میں فراہم کی گئی سہولیات کے بارے میں بیدار کریں ۔غلام احمد میر نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے عوام کو اپنے سیاسی مفاد کیلئے تقسیم کرنے کیلئے ایک پالیسی اپنائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے حالیہ چار برسوں کے دوران شیڈول کاسٹ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی جامع پالیسی اپنائی ہی نہیں گئی ۔میٹنگ کے دوران اراکین نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ ایس سی طبقہ کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں 3فروری سے صوبائی سطح پر کنونشن کا اہتمام کیا جائے گا ۔اس میٹنگ میں ایس سی سیل کے چیئر مین گورو رام ،پارٹی سنیئر لیڈر مولہ رام ،رمن بھلہ ،گر بچن کماری رینہ ،رویندر شرما ودیگر لیڈران نے بھی شرکت کی ۔
بھوال ادہم پور میں بیداری پروگرام
ادہم پور //ضلع ادہم پور کے بھوال علا قہ میں جموں و کشمیر سٹیٹ وومنز ڈیو لپمنٹ کارپوریشن (JKSWDC)کی طرف سے خواتین کیلئے بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری کیمپ کے دوران علا قہ کی خواتین کو جموں و کشمیر سٹیٹ وومنز ڈیو لپمنٹ کارپوریشن کے زیر تحت چلائی جارہی فلاحی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس بیداری پروگرام کے دوران ڈسٹر کٹ وومنز ڈیو لپمنٹ کار پوریشن ادہم پور کے آفیسر روی کمار نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں خواتین کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ کارپوریشن کے زیر تحت چلائی جا رہی اسکیموں بالخصوص NMDFC،NBCFDC اور لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے کیلئے فراہم کیا جا رہے بینک لون کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا یا جائے ۔ جموں و کشمیر سٹیٹ وومنز ڈیو لپمنٹ کارپوریشن کے ملازمین نے شرکاء سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ وہ ’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو‘اور سوچھ بھارت ابھیان کے سلسلہ میں عام لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس بیداری پروگرام میں سنیل کمار ،سنجے جنڈیال ،امت کمار ودیگران نے بھی شرکت کی ۔
لوک جن شکتی پارٹی نے وومنز سیل کا افتتاح کیا
نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جموں //لوک جن شکتی پارٹی کی طرف سے مٹھی میں پارٹی کے وومنز سیل کا افتتاح کیا گیا ۔اس سیل کے افتتاحی پروگرام میں پارٹی کے قومی ترجمان سنجے صراف بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سنجے صراف نے پارٹی کی خواتین ونگ کی ریاستی صدر انیتا چاندپوری کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ریاست میں خواتین کی بیداری اور پارٹی کی مضبوطی میں ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔انہوں نے پارٹی ورکروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ لوک جن شکتی پارٹی کو ریاست میں مزید مضبوط کرنے کیلئے کام کریں ۔اس موقعہ پر بودھ راج شرما ،رندیپ سنگھ ،رویندر شرما ،ستویر کور ،ودیگران بھی موجود تھے ۔
قومی ایشٹیڈو چمپئن شپ میں کامیابی پر ریاستی ٹیم کی ستائش
جموں //13ویں قومی ایشٹیڈو چمپئن شپ میں ریاست کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بٹوال انڈیا نامی ایک سماجی تنظیم نے پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس چمپئن شپ میں ریاستی ٹیم نے ٹرفی کے علا وہ سونے کے 3،چاندی کے 2اور کانسے کے 2میڈل حاصل کئے تھے ۔ ایشٹیڈوایسوسی ایشن جموں وکشمیر کی زیر تحت چمپئن شپ میں شرکت کر نے والی ٹیم کی محنت اور کامیابی کی تعریف کی گئی ۔
پنشن کیسوں کو سبکدوشی سے 6ماہ قبل جمع کرنے کی ہدایت
جموں //ریاستی حکومت کے شعبہ مالیات نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملازمین کی سبکدوشی سے چھ ماہ قبل ان کے پنشن کے کیسوں کو اکائونٹ جنرل کے دفتر میں جمع کر وایں ۔اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کی سبکدوشی کے بعد ان کے پنشن کاغذات کو جمع کر وایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان معاملات کو حل کر نے میں غیر ضروری طور پر تاخیر ہوتی ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ہر ایک محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملازمین کے پنشن کیسوں کو ان کی سبکدوشی سے چھ ماہ قبل ہی اکائونٹ جنرل کے دفتر میں جمع کرواہیں ۔
سوپور واقعہ جنگی جرائم :پیپلز مومنٹ
جموں//جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے 26 برس قبل سوپور میں مارے گئے ساٹھ سے زائد افراد کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیر میں پیش آئے اس قسم کے واقعات کو جنگی جرائم سے تعبیر کیا ۔ سینئر حریت رہنمااور پیپلز مومنٹ کے چیر مین میر شاہد سلیم نے اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 6جنوری 1993کو بارڈر سکیورٹی فورسز سے وابستہ اہلکاروں نے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساٹھ سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جومہذّب انسانی تاریخ کا ایک شرمناک واقعہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ قصبہ سوپور کے باشندے آج بھی اس واقعہ کو یاد کر کے کانپ اٹھتے ہیں ۔حریت رہنما نے کہا کہ فورسز نے کشمیر میں داخل ہو نے کے گزشتہ ستر برسوں کے دوران کئی سارے قتل عام انجام دئے ہیں جن میں درجنوں معصوم شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے،جن میں کئی سارے واقعات میں بین الاقوامی دباؤ کے تحت تحقیقات کے احکامات بھی صادر کئے گئے مگر کسی بھی قتل عام کی تحقیقات کو منظرِ عام پرلایا گیا اور نہ ہی قصور واروں کو سزا دی گئی اور اس طرح ان معصوم شہدا ء کے پسماندگان آج بھی حصولِ انصاف کی خاطر در در کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں۔
سینارٹی فہرستیں اپ ڈیٹ کی جائیں
حکومت کی تمام محکموں کو ہدایت جاری
جموں//حکومت نے آج تمام محکموں سے کہا کہ وہ سینارٹی فہرستوں کو فوری طور اپ ڈیٹ کرنے کو یقینی بنائیں ۔ جی اے ڈی کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکیولر کے مطابق تمام انتظامی سیکرٹریوں سے کہا گیا ہے کہ اُن کے ماتحت محکموں میں کام کر رہے ملازمین کی سینارٹی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل فوری طور شروع کیا جائے تا کہ موثر طریقے پر کیڈر مینجمنٹ اور تمام کیڈر کنٹرولنگ حکام اس بات کے پابند ہوں کہ سینارٹی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل باقاعدہ طریقے پر جاری رہے ۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ جی اے ڈی نے ہمیشہ سینارٹی فہرستوں کی لگاتار اپ ڈیشن یقینی بنائی جائے اور گورنر نے سروس معاملات کا جائیزہ لیتے ہوئے تمام انتظامی محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ معیاد بند طریقے پر سینارٹی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کریں ۔
جے آر پی کی انسپکشن کیلئے پری کمیشننگ عمل میں لانے کیلئے تکنیکی کمیٹی تشکیل
جموں//حکومت نے آج جموں روپ وے پروجیکٹ کو چالو کرنے کے سلسلے میں اُس کا انسپکشن کرنے کیلئے ایک تکنیکی کمیٹی تشکیل دی ۔ جی اے ڈی کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامے کے مطابق کمیٹی میں چیف انجینئر میکنیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جموں ، چیف انجینئر ایم اینڈ آر ای جموں ، سپر نٹینڈنگ انجینئر ( سول ) جموں اور ڈپٹی انجینئر ( میکنیکل ) جے اینڈ کے سٹیٹ کیبل کار کارپوریشن گلمرگ شامل ہوں گے ۔ تکنیکی کمیٹی کو جے اینڈ کے ائیرل روپ وے ایکٹ 2002 کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی ۔
خواہشمند کارخانہ داروں کے 190 معاملات کو منظوری
جموں//سٹیرنگ کمیٹی نے جے کے ای ڈی آئی کے 190خواہشمند کارخانہ داروں کے معاملات مختلف سکیموں کے تحت منظور کئے ۔ کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت کی صدارت میں 119 ویں سٹیرنگ کمیٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سیڈ کیپٹل فنڈ سکیم ( ایس سی ایف ایس ) اور 63 ویں یوتھ سٹارٹ اپ لون سکیم ( وائی ایس ایل ایس ) کے تحت معاملات کو منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر ایم آئی پرے ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی فطیل متو ، ڈائریکٹر ایمپلایمنٹ وائی پی سمن ، ایڈیشنل سیکرٹری محنت و روز گار مشتاق احمد سمنائی و دیگر متعلقہ اور سیکٹورل افسران موجود تھے ۔ ایس سی ایف ایس سکیم کے تحت 288 معاملات میں سے 168 معاملات کو منظوری دی گئی جبکہ وائی ایس ایل ایس کے تحت 52 معاملات میں سے 22 کی منظوری دی گئی ۔
حکومت لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے
ہر محکمے کی کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کرے گی: کے کے شرما
جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا کہ تمام محکموں کی کارکردگی اور خدمات میں بہتری لائی جا رہی ہے تا کہ لوگوں کی شکایات کاکم سے کم وقت میں ازالہ کرنے اور فلیگ شپ سکیموں کی تیز تر عمل آوری یقینی بنائی جا سکے ۔ مشیر موصوف آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے درجنوں وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ شرما نے کہا کہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے ایک منظم طریقہ کار عمل میں لایا گیا ہے تا کہ لوگوں کی مشکلات اور معاملات کو جلد از جلد دور کیا جائے ۔ لگ بھگ 20 وفود اور 150 افراد مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے مشیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے پر لوگوں کی مشکلات دور کرنے اور اُن کی شکایت کا ازالہ کرنے کے اقدامات کریں ۔ سرکاری ملازمین کے کئی وفود کی شکایات سُننے کے بعد مشیر موصوف نے متعلقہ محکموں کیسربراہان کو ہدایت دی کہ افرادی قوت سے متعلق معاملات متعلقہ محکموں کو جلد از جلد حل کرنے چاہئیں تا کہ ریاستی محکموں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے ۔ دیو سر میونسپل کمیٹی کے ایک وفد نے ٹاؤن ایریا کمیٹی میں ترقیاتی سرگرمیوں کو جاتی رکھنے کیلئے رقومات کی واگذاری کی درخواست کی ۔ جمووالہ پنچایت کوٹرانکا سے آئے ہوئے ایک وفد نے تعمیراتِ عامہ اور صحت عامہ سیکٹروں سے متعلق معاملات کے بارے میں مشیر موصوف کو آگاہ کیا ۔ این ایچ آر ایم کے تحت تعینات کئے گئے لنک والنٹئیرز کا ایک وفد بھی اپنے مطالبات لیکر مشیر موصوف سے ملاقی ہوا ۔ کشمیری مائیگرنٹ یوتھ ، ڈوڈہ کے کاشتی گڑھ علاقے کا ایک وفد ، بگلیار پروجیکٹ کے نیڈ بیسڈ ٹیکنیشنوں ، آرم پورہ سوپور کا ایک وفد ، سنجواں کے چھتہ گاؤں کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے مطالبات پیش کئے ۔ مشیر موصوف نے تمام وفود اور افراد کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے ۔