بیک وارڈ طبقہ کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا :اراکین
جموں //آل جموں و کشمیر سٹیٹ بیکورڈ کلاسز یونین کے اراکین نے ریاستی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ طبقہ کے لوگوں کے جذبات کیساتھ کسی بھی کھلواڑکوبرداشت نہیں کیا جائے گا ۔اس سلسلہ میں تنظیم کے اراکین کا ایک اجلاس بیکورڈ کلاسز یونین کے سنیئر ممبر عبدالقادر کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں متعدد ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر میں گزشتہ 72برسوں سے مذکورہ طبقہ کے لوگوں کو ایک سازش کے تحت 27فیصددریزرویشن نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے اس پسماندہ طبقہ کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔مقررین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کر تے ہو ئے کہاکہ حکمرانوں کی طرف سے او بی سی طبقہ کو ایک لمبے عر صہ سے اپنے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور اسی وجہ سے ریاست میں طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے منڈل کمیشن رپورٹ کو لاگو نہیں کیا جارہا ہے ۔مقررین نے کہاکہ اس وقت ریاست کے تینوں خطوں کے علا وہ ہر ایک ضلع اور تحصیل سطح تک بیکورڈ کلاسز کے اراکین اپنا حق لینے کیلئے متحد ہو چکے ہیں تاہم اب ریاست میں مذکورہ طبقہ کیساتھ کسی بھی قسم کی کھلواڑ کو برداشت نہیں کیاجائے گا ۔مقررین نے کہاکہ ہر باز انتخابات قریب آتے ہی او بی سی طبقہ کو گمراہ کیا جاتا ہے لیکن انتخابات کے بعد اس طبقہ کیساتھ کئے جارہے وعدوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔اراکین نے او بی سی طبقہ کے لیڈران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سیاسی جماعتوں کا دامن چھوڑ کر تنظیم میں شامل ہو جائیں تاکہ او بی سی طبقہ کے لوگوں کو 27فیصد ریزرویشن دلانے کیلئے اپنا رول ادا کیا جائے ۔اس اجلاس میں محمد رشید ،محمد شبیر ،سوم راج ،محمد یونس ،جاوید احمد ودیگران بھی موجود تھے ۔
مہا شیو راتری پر عوام کو مبارکباد پیش
جموں //نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ریاستی عوام کو مہا شیو راتری کے تہوار کی مبارکباد پیش کی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں این سی لیڈران نے ریاستی عوام کو مبارکبادپیش کرتے ہو ئے امید ظاہر کی کہ اس تہوار کی آمد سے ریاست میں امن و امان اور آپسی بھائی چارے کی فضاء مزید مضبوط ہو گی ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ان تہواروں کے ذریعہ عقیدت ،آپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنا ریاست جموں وکشمیر کی ایک قدیم ثقافت ہے۔عمر عبداللہ نے اپنے بیان میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس مذکورہ تہوار ریاست میں امن و آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ان کے علا وہ پارٹی نے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ،صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا ،ناصر اسلم وانی ودیگر لیڈران نے بھی ریاستی عوام کو مہا شیو راتری کے موقعہ پر مبارکباد پیس کی ہے ۔
نٹرنگ تھیٹر میں ہندی ڈرامہ ’اُتھل پتھل ‘پیش
جموں //نٹرنگ تھیٹر جموں میں مشہور ہندی ڈرامہ’ اتھل پتھل ‘پیش کیا گیا ۔نٹرنگ ڈائریکٹر نیرج کانت کی ہدایت کاری پر مبنی اس ڈرامے میں’ رشتوں میں اعتماد ‘کی عکاسی کی گئی ہے ۔اس موقعہ پر کمانڈنٹ جنرل وی کے سنگھ بطور مہمان خصوصی موجود تھے جنہوں فنکاروں کی صلاحیتوں کی تعریف کی ۔مذکورہ ڈرامے میں ایک لڑکی کے کرایہ کے مکان میںرہائش کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ہے ۔مالویکہ نامی لڑکی ایک دن اپنے کالج سے واپس آئی تو اس نے اپنے کمرے میں دیکھا کہ تمام چیزین بکھری پڑی ہیں ۔لڑکی کوپتہ چلاکہ مکان مالک مایا کے قیمتی زیورات گم ہوئے ہیں جس کے بعد اس نے پورے گھر کی تلاشی لی ہے لیکن اس مکان مالک کو کسی بھی انسان پر کوئی اعتبار نہیں ہوتا۔مکان مالک کے اس عمل کی وجہ سے مذکورہ لڑکی کافی پریشان ہو گئی جس کے بعد مکان مالک مایا نے شام کے کھانے کے وقت لڑکی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں میں چوروں کو برداشت نہیں کر سکتی ۔اس کے بعد مذکورہ لڑکی نے گھر جلداز جلد خالی کر نے کا سوچا اور اپنا سامان پیک کر نا شروع کر دیا تاہم اسی دوران مذکورہ عورت کا خاوند کمر ے میں آتا ہے اور لڑکی کو روکتے ہوئے کہتا ہے کہ زیورات اس نے چوری کئے ہیں کیونکہ اس کے پاس پیسے کم ہو گئے تھے تاہم لڑکی نے ان کے گھر میں رہنے پسند نہیں کیا کیونکہ وہ سوچ رہی تھی کہ اس گھر میں اس کی کوئی عزت نہیں ہے ۔اس ڈرامے میں نکھل ،سمینا کوثر ،ارتی دیوی ،مناکشی بھگت ،برجیش اوتار شرما ودیگران نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔
گورنر ،چیف سیکریٹری اور خورشید گنائی کی عوام کو مہاشیوراتری کی مبارک باد
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے لوگوں کو مہاشیوراتری کے مقدس موقع پر مبارک باد دی ہے جسے ریاست کے کشمیری پنڈت ہیرت کے طور پر مناتے ہیں۔مبارک بادی کے ایک پیغام میں گورنرنے کہا ہے کہ یہ تہوارجو ہمارے عظیم تمدن کی عکاسی کرتا ہے آپسی بھائی چارے ، میل ملاپ اور انسانی اقدار کو بلند کرنے کے لئے منایا جاتا ہے ۔ریاست کے لوگوں کو مہاشیوراتری اور ہیرت مبارک کا پیغام دیتے ہوئے گورنر نے اس موقعہ پر ریاست کی خوشحالی ، ترقی اور امن و امان کے لئے دعا کی۔ریاستی چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے عوام کو مہا شیو راتری کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست صدیوں سے بھائی چارے اور آپسی میل ملاپ قائم رکھتے ہوئے مختلف تہوار مناتے آئے ہیں جن سے سماج کے مختلف طبقوں میں محبت اور الفت کے بندھن مضبوط ہوتے ہیں۔ریاست کے لوگوں کوبالخصوص کشمیر ی پنڈتوں کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ریاست کے امن و امان ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی جبکہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے عوام کو مہا شیوراتری کے مقدس موقعہ پر ریاست کے لوگوں بالخصوص کشمیری پنڈتوں کو مبارک باد دی ہے۔اپنے ایک پیغام میں صلاح کار نے کہا کہ یہ تہوار ریاست کے بھائی چارے اور اعلیٰ تمدن کے اقدار کو مضبوط کرنے کے لئے منایا جاتا ہے ۔مہاشیوراتری کی مبارک باد دیتے ہوئے خورشید احمد گنائی نے ریاست کے امن و امان ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔اسی دوران ریاستی گورنر ستیہ پال ملک مشیر کے کے شرما نے اپنے ایک بیان میں مہاشیوراتری کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار قدیم زمانے سے منایا جارہا ہے اور اس تہوار کی بدولت سماج کے مختلف طبقوں میں بھائی چارے ، اخوت ، محبت اور اعلیٰ اقدار کے جذبے کے تحت تعلقات استوار ہوتے ہیں۔ریاست کے لوگوں بالخصوص کشمیری پنڈتوں کو اس تہوار کے سلسلے میں مبارک باد دیتے ہوئے مشیر موصوف نے ریاست کے لوگوں کے لئے امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعا کی ہے۔ان کے علا وہ گورنر کے مشیر کے سکندن نے ریاست کے لوگوں کو مہاشیوراتری کے مقدس موقعہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاست میں امن و امان ترقی و خوش حالی کی دعا کی ہے۔
محکمہ خزانہ کے افسروں کو الوداعیہ دیاگیا
جموں//جموں اینڈ کشمیر فائنانس اینڈ اکائونٹس سوسائٹی اور محکمہ خزانہ کے عملے نے محکمہ خزانہ کے سابق پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری جو اب محکمہ صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری تعینات کئے گئے ہیں کے حق میں الوداعیہ دیا۔اسی طرح سابق ڈائریکٹر جنرل کوڈس رفیع اندرابی جنہیں اب سٹیٹ الیکٹرک سٹی ریگولیٹری کمیشن کا ممبر تعینات کیا گیا ہے کو بھی الوداعیہ دیا گیا۔اس کے علاوہ ڈائریکٹر فائنانس سریش کمار سین جنہوں نے محکمہ میں دو دہائیوں سے اپنے فرائض انجام دئیے کو سبکدوشی پر الوداعیہ دیا گیا۔اس موقعہ پر کئی اعلیٰ افسران موجود تھے جن میں ڈی جی فنڈس کے کے گپتا ، ڈی جی اے ٹی یوسف پنڈت ، ڈی جی اے آئی فیاض احمدلون، ڈی جی بجٹ یعقوب یتواور ڈی اے ٹی جموں افتخار حسین شامل تھے ۔جے اے کے ایف اے نے نئے پرنسپل سیکرٹری خزانہ ارون کمار مہتا جنہوں نے حال ہی میں محکمہ کا عہدہ سنبھالا کا خیر مقدم کیا۔ محکمہ خزانہ کی اکائونٹس آفیسر پریا بڈھیال نے پروگرام کی کارروائی انجام دی جبکہ ڈی جی اے ٹی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔شکریہ کی تحریک ڈی جی بجٹ نے پیش کی۔
خورشید گنائی نے سبکدوش ہوئے افسران کے لئے الوداعیہ دیا
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ایک پُر وقار تقریب کے دوران سابق کمشنر سیکرٹری تمدن سلیم شیشگر ،سابق سیکرٹری پھولبانی جاوید احمد خان اور سابق ڈائریکٹر کالجز ظہور احمد ژاٹ کی سبکدوشی کے سلسلے میں الوداعیہ دیا۔وائس چانسلر جموں یونیورسٹی منوج دھر ، اِنتظامی سیکرٹری سریتا چوہا ن ، سوربھ بھگت اور عبدالمجید کے علاوہ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور تمدن کے اعلیٰ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقعہ پر مشیر موصوف نے سبکدوش ہوئے افسران کی کارکردگی کو سراہا ۔اُنہوں نے اِن افسران کے لئے مستقبل کی کاوشوں میں کامیابی کی دعا کی۔کئی افسران نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ گزارا ہوا وقت اور ان کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے مشیر موصوف کے اس تقریب کے انعقاد کے لئے شکریہ ادا کیا۔مشیرموصوف نے سبکدوش ہوئے افسران کو سوینئر اور گلدستے پیش کئے۔
پنجابی زبان کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی
جموں //جموں وکشمیر پنجابی سہات سنگم (پی ایس ایس )کی جانب سے پنجابی زبان کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔اس سلسلہ میں جموں وکشمیر کلچرل اکیڈمی کے کے ایل سیگل ہال میں ایک ادبی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس پروگرام میں جموں وکشمیر اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈ لینگوئجز کے ایڈیشنل سیکریٹری ارویند سنگھ امن بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ ہندی ،پنجابی اور ڈوگری کے متعدد مصنف بھی موجود تھے ۔اس پروگرام کے دوران ادبی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تیجندر سنگھ ،جنگ ایس ورمن ،امرجیت کور ،سریندر گول ،شمشیر سنگھ ،ٹی آر پریم کو ایورڈ سے نوزا گیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے پنجابی زبان کے فروغ کیلئے ان فنکاروں کی جانب سے کئے گئے کام کی تعریف کی گئی ۔
ایڈمنسٹریٹراوقاف اسلامیہ جموں کے ساتھ اظہارتعزیت
جموں//جامعہ اسلامیہ غوثیہ رانجن جموں میں ایک تعزیتی اجلاس منعقدہوا جس میں شرکانے ایڈمنسٹریٹراوقاف اسلامیہ جموں وکیل احمدکی والدہ کے انتقال پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے۔یہاں جاری تعزیتی پیغام میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ رانجن کے مہتمم قاری علی اکبرودیگران نے کہاکہ ایڈمنسٹریٹراوقاف اسلامیہ جموں کی والدہ کی انتقال کی خبرسن کرانتہائی دُکھ پہنچاہے۔انہوں نے کہاکہ مرحومہ ایک نیک خاتون تھیں ۔انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری تعزیتی اوریکجہتی کااظہارکیااوراللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت اورلواحقین کوصبرجمیل عطافرمانے کی دعافرمائی۔
عرس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے میٹنگ منعقد
جموں// عرسِ حضرت باجی غلام محی الدین المعروف کا کا باجی رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ میں کی گئی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے بٹھنڈی میں ایک اجلاس زیر صدرات باجی محمد طاہرمنعقد کیا گیا ۔اس اجلاس کے دوران عرس کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی واضح ہو کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جموں بٹھنڈی میں نزدیک پولیس چوکی بٹھنڈی عرس حضرت باجی غلام محی الدین المعروف کا کا باجی رحمتہ اللہ علیہ عیشمقام اچھناڑ کشمیر آئندہ 8 مارچ 2019 بروز جمعہ سے شروع ہو گا 10 مارچ بروز اتوار کو اختتام پذیر ہو گا عرس کی اختتامی دعا بروز اتوار صبح 11 بجے ہو گی تمام عقیدت مندوں کو عرس میں شمولیت کی دعوت دی جاتی ہے کہ تمام اہل اسلام عرس میں شامل ہو کر عرس کی رونق بڑھائیں اور ثواب دارین حاصل کریں ان بروز ہفتہ 9 مارچ کو درود و اذکار کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کے بیانات بھی ہوں گے لہٰذا تمام لوگ عرس میں تشریف لا کر مشکور ہونے کا موقع دیں آپ کا دعا گو باجی محمد طاہر سجادہ نشین خانقاہِ حضرت حاجی غلام محی الدین المعروف کا کا باجی رحمتہ اللہ علیہ عیشمقام اچھناڑ کشمیر۔
نگروٹہ میں کالج کے افتتاح کیلئے انتظامیہ کا شکریہ ادا
نگروٹہ //جموں وکشمیر صاف ستھرا موئو منٹ نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اسمبلی نگروٹہ میں کالج کے افتتاح پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں موئو منٹ کے صدر شوکت علی چوہدری نے ریاستی انتظامیہ بالخصوص کمشنر سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ،ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ،گورنمنٹ ڈگری کالج پریڈ ،ایم اے ایم کالج کے پرنسپل ،سابقہ ممبراسمبلی نگروٹہ ،سیاسی و سماجی کارکنوں ودیگرا علیٰ آفیسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ نگروٹہ میں کالج کے قیام کے بعد اسمبلی حلقہ میں رہائش پذیر غریب طلباء کو بنیادی سہولیات میسر ہو نگی ۔