پلوامہ حملے کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش
جموں //حالیہ دنوں میں ضلع پلوامہ میں سی آر پی ایف کانوائے پر ہوئے فدائین حملے میںہلاک ہو ئے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نگروٹہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب کے دوران حملے میں ہلاک ہو ئے اہلکاروں کے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اے ڈی جی سی آر پی ایف نے کہاکہ ان سی آرپی ایف اہلکاروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اس تقریب کے دوران صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں تعینات اہلکاروں و آفیسران نے پلوامہ واقعہ میں ہلاک ہو ئے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
جموں سنسکرت سکول کٹھوعہ میں تعزیتی اجلاس
کٹھوعہ //پلوامہ فدائین حملے میں ہلاک ہو ئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کر نے کیلئے جموں سنسکر ت سکول کٹھوعہ میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہو ا جس میں سٹاف ممبران کے علا وہ طلباء نے بھی بڑی تعداد میں شرکرکت کی ۔اس موقعہ پر سکول پرنسپل نے حملے میں ہلاک ہو ئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔تقریب کے دوران طلباء اور سٹاف ممبران نے کہاکہ وہ ملکی فوج کیساتھ کھڑے ہیں ۔
۔1947کے پاک مہاجرین کے مسائل کو حل کرنے کی مانگ
جموں //جموں وکشمیر شرنارتھی ایکشن کمیٹی کی جانب سے چٹھہ میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیٹی کے متعدد اراکین سمیت عام لوگوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر اراکین نے ریاستی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی کی رپورٹ کو جلداز جلد لاگو کیا جائے تاکہ 1947کے پاک مہاجرین کے مطالبات و مسائل حل ہو سکیں ۔کمیٹی اراکین نے کہاکہ اس وقت مہاجرین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو کہ ریاست جموں وکشمیر میں رہائش پذیر ہیں لیکن ان کا اندراج دیگر ریاستوںمیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان مہاجرین کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔جموں وکشمیر شرنارتھی ایکشن کمیٹی کے اراکین نے مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزرات داخلہ پر دبائو ڈال کر مہاجرین کیلئے باقی ماندہ ریلیف وگزار کروائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے جموں وکشمیر شرنارتھی ایکشن کمیٹی کے صدر گردیو سنگھ نے کہاکہ اعلیٰ انتظامیہ کی متعدد بار مہاجرین کے مسائل کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی لیکن یقین دہانیوں کے باوجود ابھی تک عملی طورپر کو ئی بھی قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔انہوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ہر بار مہاجرین کیلئے دی جارہی ریلیف کو وقت کو وگزار کرنے کا وعدہ کیا جاتا ہے لیکن انتظامیہ ہر بار ایسا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کئے جارہے ریلیف پیکیج کے تحت گزشتہ 3برسوں سے صرف 20ہزار مستحقین کو ریلیف پہنچائی جاسکی ہے جبکہ دیگر 16 ہزار ابھی بھی منتظر ہیں ۔کمیٹی اراکین نے ضلع انتظامیہ اور ڈویژنل کمشنر جموں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مہاجرین کو فراہم کی جارہی ریلیف ودیگر سہولیات کے سلسلہ میں معقول انتظامات کئے جائیں ۔اس موقعہ پر نیتر پرکاش ،ماسٹر سرون سنگھ ،اجیش کھجوریہ ،ترلوک سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
مولانا مشتاق کی وفات پر اظہار افسوس
جموں // ادارہ اسلامیہ فاطمہ الزہراسدھرا کے مہتمم اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے صوبائی صدر مولانا مفتی نذیر احمد قادری نے مولانا مشتاق احمد خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں مفتی نذیر احمد قادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا مشتاق احمد خان کی وفات سے ریاست ایک علمی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ۔مولانا مشتاق احمد خان نے اپنی زندگی میں سماج کے لئے دین کے لئے بے پناہ کارنامے انجام دیئے ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مولانا مشتاق احمد خان کی وفات سے ریاست میں ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے جس کاپرہونا ناممکن ہے ۔نذیر قادری نے مولانا مرحوم مغفور کی مغفرت کے لئے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔
نوین چودھری نے اپنے ماتحت محکمہ جات کے کام کاج کا جائزہ لیا
جموں//پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین کمار چودھری نے ایک میٹنگ کے دوران ہینڈ لوم اور ہینڈ ی کرافٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے کام کاج کا جائز ہ لیا۔اِس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ حکومت اِن دو پبلک سیکٹر اِداروں کے پروڈکشن یونٹوں ، تجارتی مراکز اور اِن کی افرادی قوت کا جائزہ لیا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ حکومت نے ہینڈ لوم کارپوریشن کو پانچ کروڑ روپے کا کیپکس گرانٹ جبکہ ہینڈی کرافٹ کارپوریشن کے حق میں 1.75کروڑ روپے کا گرانٹ جاری کیا ہے تاکہ وہ اپنی سرگرمیوں کو دوام بخش سکے۔میٹنگ میں ہینڈ لوم اینڈ ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ محکموں کے ڈائریکٹروں اور کارپوریشنوں کے منیجنگ ڈائریکٹروں کے علاوہ کئی دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے منیجنگ ڈائریکٹروں سے کہاکہ وہ اپنے کاروبار اور افرادی قوت میں جدت لانے کی خاطر ایک جامع منصوبہ مرتب کریں۔کارپوریشنوں سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ ای ۔ مارکیٹ سے اِستفادہ کرنے کے لئے ایک کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کریں۔دریں اثنا پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نے دو علاحدہ علاحدہ میٹنگوں کے دوران سیکاپ اور جیالوجی و مائینگ محکموں کے کام کا ج کا بھی جائزہ لیا۔
گورنر گریوینس سیل نے 49653شکایات کا ازالہ کیا
جموں//جموں وکشمیر گورنرس گریوینس سیل کو 20؍جون 2018ء سے 50078شکایات موصول ہوئیں جن میں 49653شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے انہیں متعلقہ حکام کو بھیج دیا گیا جبکہ 425شکایات کا ازالہ زیرعمل ہے۔گورنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گورنر کے تمام صلاح کار سری نگر اور جموںمیں شیڈول کے مطابق عوامی دربار منعقد کرتے ہوئے وفود و افراد کی شکایات کا ازالہ کرتے ہیں اور شکایات کا ازالہ کرنے کے عمل کا باقاعدہ طور پر جائزہ بھی لیتے ہیں۔
کے سکندن نے پی ایم ۔ کسان رجسٹریشن عمل کا جائزہ لیا
جموں//گورنر کے مشیر کے ۔سکندن نے ریاست میں پردھان منتری کسان سمن ندھی ( پی ایم ۔ کسان ) کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کے عمل کا ضلع وارطریقے پر جائزہ لیا۔صلاح کار نے سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ڈپٹی کمشنروں سے مستحقین کے فارموں کو اکٹھا کرنے ، جانچ پڑتال ، ڈیجیٹائزیشن اور ڈیٹاکو اَپ لوڈ کرنے کی تفصیلات طلب کیں۔کے سکندن نے ضلع اِنتظامیہ کوہدایت دی کہ وہ پروگرام کے رہنما خطوط کے مطابق مقررہ نشانے حاصل کریں۔مشیر موصوف کو بتایاگیا کہ ضلع کپواڑہ میں 65ہزار فارموں کو ڈیجیٹائز کیا گیا اور 57962مستحقین کے ڈیٹا کو پورٹل پر اَپ لوڈ کیا گیا۔بارہمولہ میں 56669 فارموں کو ڈیجیٹائز کیا گیا اور 21000فارموں کو اَپ لوڈ کیا گیا۔بڈگام ، کولگام ، بانڈی پورہ ، اننت ناگ اور ڈوڈہ میں بالترتیب لگ بھگ 52672،42185،37500، 26000اور 26397 کسانوں کے ڈیٹا کو اَپ لوڈ کیا گیا۔اسی طرح کٹھوعہ ، سانبہ ، اودھمپور ،ریاسی ، رام بن ، کشتواڑ ، راجوری ،پونچھ ، سری نگر ،کرگل اور لیہہ کے بالترتیب لگ بھگ 19304،20,000،19000،7000،10269،4000،19997،19000 ،14827،7128اور 3880 مستحقین کا ڈیٹا اَپ لوڈ کیا گیا۔