نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کیلئے
۔34 فکیلٹی ممبران کی لیٹرل اِنٹری کے ذریعے تعیناتی کو منظوری
جموں//ریاستی انتظامی کونسل کا اجلاس گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقدہ ہوا جس میں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں سے تعلق رکھنے والے34 فکیلٹی ممبران اور سنیئر کنسلٹنٹ/ کنسلٹنٹس کی اننت ناگ، بارہ مولہ، کٹھوعہ اور راجوری میں قائم کئے جارہے نئے میڈیکل کالجوں میں لیٹرل انٹری کے ذریعے تعیناتی کے صحت و طبی تعلیم محکمہ کے منصوبے کو منظوری دی گئی۔ان نئے میڈیکل کالجوں میں ان ڈاکٹروں کی بحیثیت فکیلٹی ممبران تعیناتی کی شرط پر ہوگی کہ وہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کے ہیڈ کاؤنٹ ٹسٹ پاس کریں اور اگر وہ یہ ٹسٹ پاس نہ کرسکے تو انہیں واپس اپنے پیرنٹ محکمہ کو بھیجا جائے گا اور وہ میڈیکل کالج میں تعیناتی کا دعوی نہیں کرسکتے ہیں۔صحت محکمہ سے تعلق رکھنے والے کنسلٹنٹس اور سنیئر کنسلٹنٹ کی پروفیسراور ایسوسی ایٹ پروفیسر کی تعیناتی کے لئے لازمی ہے کہ انہیں ڈی پی سی یا جموں وکشمیرپبلک سروس کمیشن کی کنفرمیشن حاصل ہو۔فیصلے کی رُو سے نئے میڈیکل کالجوں میں ایم سی آئی رہنما خطوط کے مطابق فکیلٹی کی تعیناتی ممکن ہوسکے گی اور انہیں2019 سے ان کالجوں میں ایم بی بی ایس کے پہلے بیچ کا داخلہ شروع کیا جاسکے۔صحت و طبی تعلیم محکمہ نے کشمیر صوبے اور جموں صوبے میں گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیںتا کہ وہ لیٹرل انٹری کے ذریعے فکلیٹی ممبران کی حیثیت سے تعیناتی کے لئے درخواست دینے والے اہل ڈاکٹروں کا انتخاب عمل میں لائیں۔واضح رہے کہ ہر ایک میڈیکل کالج کے لئے مختلف زمروں کی675 اسامیاں وجود میں لائی گئی ہیں۔انٹری سطح کی اسسٹنٹ پروفیسر کی اسامیاں جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کو ریفر کی گئی ہیں اور بھرتی عمل جاری ہے اور اس سلسلے میں کئی اسامیوں کے لئے تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اسی طرح نان گزٹیڈ سطح کی اسامیاں جے کے ایس ایس بی کو ریفر کی گئی ہیں۔ان میڈیکل کالجوں کے قیام سے مختلف اضلاع میں سکینڈری اور ٹرشری سطح کے طبی نگہداشت کی سہولیات میں بہتری آئے گی اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کو طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ملازمین کو ڈی اے کی ادائیگی کی ستائش
جموں //آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے ریاستی گورنر انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کیلئے ڈی اے قسط کی ادائیگی کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ ملازمین کو فراہم کئے جارہے میڈیکل الاونس میں اضافہ کیا جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں آل جموں و کشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر عبدالمجید خان نے ملازمین کو ڈے اے کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کی کہ حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کو دئیے جاری میڈیکل الاونس کو تین سو سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کیا جائے ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں لگا تار اضا فہ ہو تا جارہاہے جبکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس مہنگائی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ملازمین کو بھی سہولیات میسر کرے ۔آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر نے ریاستی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاستی کی تعمیر و ترقی کیلئے آپسی اشتراک اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے کام کریں۔
دسمبر 2018 میں جیو صارفین کی تعداد میں اضافہ
جموں //جموں و کشمیر میں ملک کی بڑی مواصلاتی کمپنی جیو کی طرف سے دسمبر ماہ میں صارفین کی تعداد میں نمایا اضافہ ریکاڈ کی اگیا ۔TRAI کی جانب سے شائع کئے گئے اعداد و شمارکے مطابق حالیہ دسمبر ماہ میں ریاست جموں وکشمیر میں مواصلاتی کمپنی جیو کے 98,773 نئے صارفین کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی جبکہ اس کے بر عکس بھارتی ائیر ٹیل کے صارفین کی تعداد میں 20ہزار کی کمی جبکہ آئیڈیا اور ووڈافون کے صارفین کی تعداد میں 25ہزار صارفین کم ہوئے ۔اعداد وشما ر کے مطابق سبھی مواصلاتی کمپنیوں میں سے جیو مواصلاتی کمپنی کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہو جبکہ بی ایس این ایل کمپنی کے صارفین کی تعداد میں 23 ہزار کی کمی ریکاڈ کی گئی ۔ان عداد و شمار کے مطابق دسمبر 2018تک ریاست جموں وکشمیر میں کل صارفین کی تعداد 1.15 کروڑ تھی جن میں ائیر ٹیل کے 56.4لاکھ ،جیو کے 33.09ودیگر مواصلاتی کمپنیوں کے صارفین کی تعداد 25لاکھ تک ہے ۔
غیر تکنیکی ڈائریکٹر تعینا تی کیخلاف محکمہ زراعت کے ملازمین کا احتجاج جاری
جموں //انتظامیہ کی جانب سے محکمہ زراعت میں مبینہ طورپر غیر تکنیکی ڈائریکٹر تعینات کئے جانے کیخلاف ملازمین نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ملازمین کے مطالبات کو سنجیدگی کیساتھ لے ۔ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈی نیشن کمیٹی کے بینر تلے کئے جا رہے احتجاج کے دوران مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈی نیشن کمیٹی کے چیئر مین پردیپ کمار شرما نے کہاکہ زراعت کا شعبہ ملکی و ریاستی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے تاہم ریاستی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کو غیر سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو تعینات کیا ہے۔موصوف نے کہاکہ انڈین کونسل آف ایگریکلچر ریسرج (ICAR)نے حال ہی میں جاری ایک نوٹیفکیشن زیر نمبر 3-3/2017-EMمیں زراعت اور اس سے منسلک دیگر شعبوں میں آفیسران و پروفیسروں کی تعیناتی کیلئے اہلیت رکھی ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے زیر نمبر184-GADکے تحت ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو بطور ڈائریکٹر ایگریکلچرل جموں تعینات کیا گیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ محکمہ زراعت کے تحت کئی فصلوں کو تیار کیا جاتا ہے اور ان فصلوں میں ہونے والی مختلف بیماریوں ودیگر جانکاری کیلئے ایک تکنیکی طورپر ماہر ڈائریکٹر کی ضرورت ہے تاکہ محکمہ کو بہتر سمیت میں گامزن کیا جاسکے تاہم ریاستی انتظامیہ نے مذکورہ عہدے پر ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو تعینات کر دیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ کو نقصان ہو سکتا ہے ۔کمیٹی اراکین نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے سابقہ حکم نامے کو منسوخ کر تے ہوئے محکمہ میں تکنیکی طور پر ماہر ڈائریکٹر کو تعینات کرے ۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری
جموں //گورنر س گریوینس سیل کے تحت گورنر کے صلاح کار کے کے شرما اور کے سکندن نے ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجنوں وفود سے بات چیت کی اور اُن کی شکایات سنیں۔کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں صلاح کاروں نے 60وفود سے ملاقات کی اور اُن کے مطالبات اور شکایات بغور سنے۔مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران ،چیف انجینئر ، صوبائی اِنتظامیہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے اور لوگوں کی شکایات دُور کرنے کے سلسلے میں صلاح کاروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات درج کئے۔شری رگھوناتھ جی سیوا سمیتی کے ایک وفد نے تاریخی مندر کو شرائیز ایکٹ کے تحت لانے اور ایک علاحدہ گورننگ باڈی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ ہوٹل اینڈ لاج ایسو سی ایشن جموں نے جموں کے صنعتی سیکٹر کے طرز پر بجلی فیس میں رعایت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈرائی فروٹ ایسو سی ایشن نے اخروٹ ودیگر خشک میوئوں سے جی ایس ٹی کوہٹانے کی مانگ کی ۔آل کشمیر مکس پلانٹ اونرس ایسو سی ایشن ، موڈا بنڈی پٹھالاپرانا درور کٹرہ ، ہوم گارڈ ایسو سی ایشن ،موہر کا وفد ، دھنوال رام نگر، بے روز گار سیاحتی پروفیشنل ، جکیڈا ، کشمیری مائیگرنٹ ، ناگ سین کشتواڑ ،ارناس دار مری ،ٹھکرا کوٹ ریاسی ، کالی دھار، پی ایچ ای درجہ چہارم ملازمین ،مِلک فیڈریشن پلانٹ کے سبکدوش ہوئے ملازمین ،ریوینو ، صنعت ،ٹرانسپورٹ و دیگر کئی وفود صلاح کاروں سے ملے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صلاح کاروں نے تمام وفود اور افراد کی طرف سے اُجاگر کئے گئے مسائل و مشکلات بغور سنے اور اُنہیں یقین دلایا کہ گورنر اِنتظامیہ معیاد بند طریقے پر اُن کے مسائل حل کرنے کے اقدامات کرے گی۔
گورنر کی شکایتی سیل نے 50672 شکایات کا نپٹارہ کیا
جموں //جموں و کشمیر گورنر س گریوینس سیل ( جے کے جی جی سی ) میں 20؍ جون 2018ء سے اب تک 51184شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 50672 شکایات کو متعلقہ حکام کو بھیج کر نپٹارہ کیا گیا جبکہ 512شکایات کا ازالہ زیر عمل ہے۔اِس کے علاوہ گورنر کے ہدایت پر گورنر کے صلاح کار سری نگر اور جموں میں شیڈول کے مطابق مختلف وفود اور افراد کے ساتھ باقاعدہ میٹنگیں منعقد کرتے ہیںاور اِن شکایات کا نپٹارہ یقینی بنانے کے لئے جائزہ میٹنگوں کا انعقاد کرتے ہیں۔
گورنمنٹ ڈگری کالج نیلی نالہ کا سنگ بنیاد رکھاگیا
ادہم پور//منصوبہ بندی و نگران محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے نیلی نالہ میں حالیہ منظور شدہ گورنمنٹ ڈگری کالج کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر پیوش سنگلا ، اے ڈی ڈی سی اشوک کمار، اے سی آر وقار گری ، اے سی ڈی نیلم کھجوریہ و دیگر ضلع افسران کے علاوہ علاقے کے معزز شہری اور نمائندے اس موقعہ پر موجود تھے۔روہت کنسل نے اس موقعہ پر کہا کہ نیلی نالہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام سے علاقے کے 25ملحقہ دیہات سے تعلق رکھنے والے 22000نفوس مستفید ہوں گے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اودھمپور اس سے قبل چار کالج قائم تھے اور اب حکومت نے ضلع کے دُور دراز علاقوں کی مانگ کو پور اکرتے ہوئے چار نئے کالج تعمیر کرنے کو منظوری دی ہے جس کی بدولت ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے منظر نامے کو فروغ ملے گا۔روہت کنسل نے کہا کہ دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنا گورنر انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔اُنہوں نے مزید کہاکہ نئے کالج کیمپس تعمیر کرنے کے لئے 45کنال 16مرلہ سٹیٹ لینڈ کالج حکام کو فراہم کیاجارہا ہے۔ اُنہوں نے ایس ای تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ پر فوری طور کام شروع کریں ۔اُنہوں نے پرنسپل ڈگری کالج اودھمپور کو بھی ہدایت دی کہ وہ موجودہ سیشن سے طلباء کے لئے کلاس شروع کریں اور اس مقصد کے لئے مقامی لوگوں نے پنچایت گھر اور کمیونٹی ہال عمارات وقف کی ہیں۔اِس سے قبل مقامی لوگوں اور علاقے کے منتخب نمائندوں نے پرنسپل سیکرٹری کا خیر مقدم کیا اور ضلع کے پہاڑی علاقے میں چار نئے ڈگری کالج تعمیر کرنے کے لئے گورنر اِنتظامیہ کی طرف سے منظوری دینے کا شکریہ ادا کیا۔
ذہنی طور معذور افراد کیلئے ریسورس روم ایٹ ہوم کاافتتاح
جموں// چھنی راما میںسیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو نے ذہنی طور معذور افراد کے لئے ریسورس روم ایٹ ہوم کا افتتاح کیا۔ اِس ہوم کو 1979ء میں روٹری کلب نے جسمانی طور معذور افراد کے لئے بطور رہائشی سکول قائم کیا تھا۔اس وقت ڈپٹی کمشنر جموں نے اس سکول کی اِنتظامیہ اپنے ہاتھ میں لیاہے اور محکمہ سماجی بہبود جموں اس سکول کا نظم و نسق سنبھالے ہوئے ہیں۔اس موقعہ پر ساہو نے سکول کے طلبا ء کے لئے ریسورس روم وقف کیا جہاں مختلف تعلیمی سہولیات بہم رکھی گئی ہیں۔اس کے علاوہ بچوں کو تفریح کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔اجیت کمار ساہو نے سکول کے لئے دو سپیشل ایجوکیشن ٹیچر تعینات کرنے کا اعلان کیاتاکہ بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ اُن کے جسمانی نشو و نمامیں بھی بہتری لائی جاسکے۔بعدمیں ضلع ترقیاتی کمشنر جموں رومیش کمار جو اس موقعہ پر موجود تھے نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ذہنی طورمعذور بچوں کی بہبودی کے لئے تمام طرح کے اقدامات کرے گی۔سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا ارون منہاس نے سیکرٹری موصوف اور ڈی ڈی سی جموں کو ریاست بھر میں اِن خاص بچوں کے لئے اُن کے ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے بہبودی کے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔دیگر لوگوں کے علاوہ فیلڈ آفیسر پیر زادہ مشتاق اور سماگراہ شکھشا کے سینئر سٹیٹ کاڈی نیٹر اس موقعہ پر موجود تھے۔
ریاستی اور مرکزی سکیموں کی عمل آوری میں تیزی کی ہدایت
جموں//گورنر کے مشیر کے ،کے شرما نے مختلف ترقیاتی اقدام کے تحت عملائی جارہی ریاستی اور مرکزی سیکٹر کی سکیموں کی پیش رفت میں تیزی لانے کی ہدایات دیں تا کہ دیرپا اثاثے قائم ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع اور علاقوں میں رابطے سہولیات کو فروغ حاصل ہوسکے۔مشیر نے ان باتوں کا اظہار تعمیرات عامہ محکمہ کے کام کاج کا جائیزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایات دیں کہ وہ ناکارہ پڑی سکیموں کا جائیزہ لیں اور التواء میں پڑے مختلف پروجیکٹوں کو کلئیر کرنے کے کام میں تیزی لائیں۔انہوں نے سکیموں کے لئے درکار اجازت نامہ حاصل کرنے کے لئے مختلف محکموں کے مابین باہمی تال میل پر بھی زور دیا۔ کے کے شرما نے افسروں سے کہا کہ وہ ترقیاتی پروجیکٹوں کا لگاتار جائیزہ لے کر اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔میٹنگ کے دوران پی ایم جی ایس وائی کے پروجیکٹوں سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کو جلدا زجلد مکمل کیا جانا چاہئے تا کہ دُور دراز اور دیہی علاقوں میں سڑک رابطے کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ اور کئی دیگر انجنئیر اور افسران میٹنگ میں موجود تھے۔
ایس اے سی نے مختلف خدمات کے53 افسروں کو ترقیوں سے نوازنے کو منظوری دی
جموں//ریاستی انتظامی کونسل کا اجلاس گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقدہ ہوا جس میں مختلف سروسز کے53 افسروں کو ترقیوں سے نوازنے اور ان کی تعیناتی کو منظوری دی گئی۔
قاضی افضل کی وفات پرعاشق حسین کا اظہار دُکھ
جموں//پی ڈی پی کے بانی ممبر عاشق حسین خان نے پارٹی کے سینئر لیڈر قاضی افضل کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ قاضی افضل پی ڈی پی کے ایک مضبوط ستون تھے جن کی موت سے ایک ایسا خلا پیدا ہواہے جس کو پُرنہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے اپنی زندگی میں سماج کے ہر ایک طبقہ اور ہر ایک جگہ خدمات انجام دیں اور جب وہ 2002کی حکومت میں وزیر تھے تو انہوںنے نہ صرف کشمیر بلکہ جموں صوبہ میں بھی ہر جگہ ایسے کام کئے جن کی بدولت انہیں آج بھی یاد رکھتے ہیں ۔عاشق خان نے کہاکہ مرحوم نے نگروٹہ میں پانی کے بحران کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل حل کئے اور دیگر علاقوں کیلئے بھی ان کی خدمات گراں قدر رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قاضی افضل کی موت سے انہیں گہرا دکھ پہنچاہے اور دہ اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔