مشیرکاکامن سروس مراکز کا دورہ
کے سکندن کی دیہی عوام کوبیدارکرنے کی تلقین
جموں //گورنر کے مشیر کے سکندن نے ریاست میں قایم کامن سروس مراکز کی کارکردگی کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے پر زور دیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ دیہی عوام ان مراکز سے مستفید ہوں ۔ انہوں نے پنچوں اور سرپنچوں کو نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے نئے ڈیجٹل ایپس کو مقامی زبانوں میں دستیاب رکھنے پر بھی زور دیا تا کہ متعلقہ لوگ اس سہولیت سے مستفید ہوں ۔ کے سکندن آج یہاں جموں ضلع کے مختلف کامن سروس سیکٹروں بشمول سی ایس سی آر ایس پورہ کے دورے کے دوران محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے ۔ مشیر موصوف نے متعلقین سے کہا کہ وہ ریاست کے ہنر مندوں کو سی ایس سیز کے ساتھ جوڑیں اور آن لائین پورٹل قایم کریں تا کہ مصنوعات کے معیار اور مارکیٹ کی قیمتوں کے بارے میں اطلاعات صارفین کو دستیاب ہوں ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو مزید ہدایات دیں کہ وہ محکمہ ہینڈی کرافٹس سے ہنر ندوں کی تفصیلی فہرست حاصل کریں ۔ کے سکندن نے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے پر زور دیا اور متعلقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحقین کو سی ایس سیز پہنچنے کو یقینی بنائیں تا کہ یہ مستحقین ریاستی و مرکزی سیکٹر کے تحت چلائی جا رہی سکیموں سے مستفید ہوں ۔ مشیر موصوف نے متعلقہ تحصیلدار کو ہدایت دی کہ وہ قطعب نظام پنچایت زندی بلاک میراںصاحب میں کھیل کے میدان کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کریں تا کہ عرصے دراز سے التوا میں پڑی عوامی مانگ پوری کی جا سکے ۔
مہلوکین کے ورثا کوایکس گریشیااور
زخمیوں کے مفت علاج فراہم کیاجائے:تاریگامی
جموں//سی پی آئی (ایم )لیڈرمحمدیوسف تاریگامی نے ادہم پورضلع کے سروئیں سرعلاقہ میں پیش آئے دلدوزسڑک حادثہ پرگہرے افسوس کااظہارکرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ظاہرکی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ادہم پورضلع کے سروئیں سرعلاقہ میں پیش آئے سڑک حادثے میں 6افرادجان بحق جبکہ 32دیگرزخمی ہوگئے تھے۔سی پی آئی (ایم )لیڈرمحمدیوسف تاریگامی نے جان بحق ہونے والے افرادکے لواحقین کیلئے ایکس گریشیاریلیف اورزخمی افرادکومفت علاج ومعالجہ فراہم کرنے کامطالبہ کیاہے۔
گورنر کا قاضی افضل کے انتقال پر اظہاردُکھ
جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے سابق وزیر قاضی محمد افضل کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔
پی ڈی پی کا قاضی افضل کوخراج عقیدت پیش
جموں//پی ڈی پی نے سابق وزیرقاضی محمد افضل کی وفات پران کی خدمات کویادکرتے ہوئے انہیں شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔سابق وزیر قاضی محمدافضل جومنگل کے روزانتقال فرماگئے کی یادمیں پی ڈی پی کاایک تعزیتی اجلاس منعقدہواجس میں پارٹی لیڈران نے دومنٹ کی خاموشی اختیارکرکے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعاکی۔میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی لیڈران نے قاضی افضل کی طرف سے جموں وکشمیرمیں جمہوریت کومستحکم کرنے اورعوامی مسائل کے ازالہ کے حوالے سے خدمات کویادکیا۔قاضی افضل جو مرحوم مفتی محمدسعیدکے قریبی ساتھی تھے اورانہوں نے 2002 کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے قدآورلیڈرعمرعبداللہ کوشکست دے کرریاست کی تاریخ میں نیاباب رقم کیاتھا۔مقررین نے کہاکہ ایک عام پی ڈی پی ورکرکے سامنے عمرعبداللہ کی ہار سے عوام کااعتمادجمہوریت پربحال ہوا۔اس دوران پی ایچ ای ،انسدادسیلاب کے وزیرکی حیثیت سے مفتی محمدسعیدکی قیادت والی مخلوط حکومت کے دوران انجام دی گئی خدمات پربھی روشنی ڈالی گئی۔انہوں نے کہاکہ قاضی افضل نے ریاست کی نہروں کی ڈی سلٹنگ کے کام کوموثرڈھنگ سے چلاکرعوام کے مسائل کانمٹارہ کیا۔مقررین نے مزیدکہاکہ قاضی محمدافضل ایک دوراندیش رہنماتھے اوران کی وفات سے ریاست میں جوخلاپیداہواہے اس کاپرہوناممکن نہیں ہے۔میٹنگ کے دوران خیالات کااظہارکرنے والوں میں سریندرچوہدری ایم ایل سی، حمیدچوہدری، فقیرچند، فلیل سنگھ، سکھویندرسنگھ،ٹی ایس باجوا،ویدمہاجن،دمن بھسین، آرکے بالی، راجندرمنہاس، وریندرسنگھ سونو،ست پال چاڑک، ای پیٹر، بلبیرسنگھ ،وجے ڈوگرہ، سرجیت کورل ودیگران شامل تھے۔
عالمی یوم جنگلی حیاتیات کے موقعہ پرگورنرکا پیغام
جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقعہ پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے یہ دن ہر برس تین مارچ کو منایا جاتا ہے ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ ورلڈ وائیلڈ لائف ڈے ہمیں حیاتیاتی تنوع کو تحفظ دینے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے ۔ اس سال کے دن کا موضوع ہے ’’پانی کے نیچے زندگی ۔ برائے عوام‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ اس موضوع کے ذریعے سے ہمیں سمندری زندگی کی گوناں گونیت سمجھنے اور اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے کا ایک بڑا موقعہ دستیاب ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی بدولت نہ صرف ماحولیاتی بہبود کو فروغ حاصل ہوتا ہے بلکہ اس سے سماجی اقتصادی، سائینسی اور تعلیمی پہلوؤں کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے ۔
سکھ تنظیموں نے پاکستانی وزیراعظم کے جذبہ خیرسگالی کو سراہا
اقوام متحدہ سے عمران خان کونوبل امن انعام کیلئے نامزدکرنے کی اپیل
جموں//مختلف سکھ تنظیموں پرمشتمل سکھ انٹلیکچولس سرکل نے خطے میں امن کوترجیح دینے کیلئے پاکستانی وزیراعظم کے جذبہ خیرسگالی کی ستائش کی ہے۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق مختلف سکھ تنظیموں بشمول شرومنی اکالی دل(امرتسر)،جے اینڈکے، انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن جے اینڈکے ،سکھ انٹلیکچولس سرکل جے اینڈ ،اکال پورکھ کی فوج ،جے اینڈکے اورجے اینڈکے سکھ سٹوڈنٹس فیڈریشن کاایک مشترکہ اجلاس منعقدہواجس میں مقررین نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان اوراس کے آرمی چیف کی ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کوملک واپس بھیجنے کیلئے ظاہرکئے گئے جذبہ خیرسگالی کی تعریف کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیراعظم کی اس سنجیدگی سے خطے میں امن کی فضابحال ہوئی ۔اس دوران میٹنگ میں ایس نریندرسنگھ خالصہ، بہادرگردیوسنگھ،ایس راجندرسنگھ کشمیر، بھارت رام سنگھ، ایس منموہن سنگھ خالصہ ،ایس رنجیت سنگھ ،ایس سورن سنگھ،ایس دویندرسنگھ،ایس امرجیت سنگھ،ایس منجیت سنگھ ،ایس امن دیپ سنگھ اورایس سرجیت سنگھ نے میڈیاکے نام جاری بیان میں پاکستان کی طرف سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کورہاکرنے کیلئے پاکستانی وزیراعظم ،سول انتظامیہ وفوج کے رول کوسراہا۔سکھ لیڈران نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ دونیوکلیائی ممالک کے مابین تصفیہ طلب مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے مذاکرات کی راہ ہموارکریں۔ انہوں نے خطے میں دہشت گردی ،افواہ بازی، سٹوڈیوزمیں پاگل پن اوربیمارذہنیت کے رجحانا ت پرقدغن لگانے کیلئے سنجیدہ اقدامات پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیراعظم کی طرف سے بات چیت کی پیش کش کامثبت جواب دیاجاناچاہیئے ۔سکھ لیڈران نے اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کونوبل امن انعام کیلئے نامزدکرے جس نے جنگی حالات میں امن کی فضابحال کی ۔
غیر منظم سیکٹر کیلئے پینشن سکیم
ایس اے سی نے پی ایم ۔ ایس وائی ایم کی عمل آوری کو منظوری دی
جموں//ریاستی انتظامی کونسل کی میٹنگ یہاں گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ریاست میں 15 فروری 2019 سے پردھان منتری شرمیوگی مان دھن سکیم کی عمل آوری کو منظوری دی گئی ۔ مرکزی حکومت نے غیر منظم سیکٹر کیلئے اس بڑی پینشن سکیم کا اعلان 2019 کے عبوری بجٹ میں کیا تھا ۔ سکیم کی بدولت اس سیکٹر کے ورکروں کو اولڈ ایج تحفظ حاصل ہو گا اور مختلف زمروں کے غیر منظم ورکروں کو اس سکیم کے دائرے میں لایا جائے گا ۔ یہ سکیم اُن غیر منظم ورکروں کیلئے عملائی جائے گی جن کی ماہانہ آمدن 15 ہزار روپے سے زاید نہیں ہو گی اور جنہیں اپنے نام پر بنک کھاتہ ہو گا اور وہ آدھار کارڈ بھی رکھتے ہوں َ ۔ 18 سے 40 برس تک کی عمر کے غیر منظم ورکر اس سکیم کے حقدار ہوں گے ۔ سکیم کے تحت 60 برس تک کی عمر کے بعد ورکروں کو انتہائی کم پریمیم پر 3 ہزار روپے ماہانہ کا پینشن حاصل ہو گا ۔ پی ایم ۔ ایس وائی ایم سکیم کو محنت و روز گار کی مرکزی وزارت اور ایل آئی سی کے اشتراک سے عملایا جائے گا ۔ درج کئے گئے ورکر کی وفات کے بعد اُس کی اہلیہ 50 فیصد پینشن حاصل کرنے کی حقدار ہو گی ۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں دس لاکھ غیر منظم ورکر ہیں جن میں سے 3.60 لاکھ درج کئے گئے ہیں ۔ غیر منظم سیکٹر کے ورکروں میں سے 38 فیصد ورکر 18 سے 40 برس کی عمر کے دائرے میں آتے ہیں اور انہیں اس سکیم کی حد میں لایا جائے گا ۔ سکیم میں درج شدہ مستحق ورکر اور اس کے شریک حیات کو تحفظ حاصل ہو گا ۔ اس سکیم کو محنت و روز گار محکمے کی طرف سے عملایا جائے گا اور محنت و روز گار محکمے کے انتظامی سیکرٹری ریاست بھر میں اس سکیم کی عمل آوری کیلئے نوڈل افسر کی حثیت سے تعینات کئے گئے ہیں ۔