لمبیڑی میں مشکوک ریڈیو سیٹ ودیگر سامان برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں فوجی کی جانب سے شروع کی گئی ایک تلاشی مہم کے دوران بندوق کی ایک گولی اور ریڈیو سیٹ برآمد کرلیا گیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ایک خفیہ جانکاری موصول ہونے کے بعد لمبیڑی کے ڈھیرہ گائوں میں ایک تلاشی مہم شروع کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی جانب سے شروع کردہ مشترکہ کارروائی کے دوران اے کے 47رائفل گولی اور ایک ریڈیو سیٹ ضبط کرلیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ خفیہ اعلاع موصول ہونے کے بعد مذکورہ علاقہ کا محاصر ہ کرکے تلاشی مہم شروع کی گئی تھی ۔ایس ڈی پی او نوشہرہ نے اس تلاشی مہم کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ تلاشی مہم کے دوران ڈھیرہ لمبیڑی علاقہ میں سے مذکورہ ہتھیار ضبط کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔
راجوری اور پونچھ کے دیہات میں تلاشی مہم جاری
سمت بھارگو
راجوری //جمعہ کو سکورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے متعدد علاقوں میں تلاشی مہم مسلسل جاری رکھی گئی ۔انتظامیہ کے مطابق دونوں سرحدی اضلاع میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم شروع کی گئی تھی جو کہ گزشتہ کئی روز سے مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری ضلع کے بدھل ،بھرو کالا کوٹ ،تھنہ منڈی ودیگر علا قوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم چلائی گئی تھی جس کہ جمعہ کے روز بھی جاری رہی ۔انہوں نے بتایا کہ سندر بنی اور راجوری میں مشتبہ افراد کی موجودگی کے سلسلہ میں ملی جانکاری کے بعد مذکورہ علاقوںمیں مہم چلائی جارہی ہے ۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی علاقوں میں جمعہ کے روزبھی تلاشی مہم جاری رکھی گئی ۔
راجوری میں خاتون کی مشکوک موت
والدین نے قتل کا الزام عائد کر کے تحقیقات کی مانگ کی
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کی تریاٹھ تحصیل میں ایک خاتون کی ہوئی مشکوک موت کے بعد والدین نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔والدین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گھریلو تشدد کر کے خاتون کو قتل کر دیا گیا ہے ۔مرنے والی خاتون کی شناخت انجلی دیوی زوجہ راج کمار سکنہ کانچی موڑ تریاٹھ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ خاتون کی لاش چھت کے پنکھے کیساتھ لٹکی ہوئی ملی تاہم اطلاع ملنے کیساتھ ہی پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میںلے کر جانچ کے سلسلہ میں کالاکوٹ ہسپتال منتقل کر دیا ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی موت کا معاملہ مشکوک ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد اس سلسلہ میں تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیاہے۔اس دوران مکینوں نے کا لاکوٹ تا تریاٹھ سڑک کو بند کر کے احتجاج کیا او ر معاملہ کی مکمل تحقیقات کی مانگ کی ۔
سرنکوٹ قصبہ میں مکینوں کو پانی کی قلت کا سامنا
بختیارکاظمی
سرنکوٹ //سرنکوٹ قصبہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مکینوں کو مشکلا ت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہورہی ہے لیکن محکمہ کی جانب سے عوام کو معیاری سپلائی فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ میں سپلائی فراہم کرنے والی لائنوں میں سے کئی ایک جگہوں سے پانی خارج ہورہا ہے تاہم محکمہ کی جانب سے اس کی مرمت میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ سپلائی لائن کی موڑ کئی دنوں سے جموں میں مرمت کے سلسلہ میں چھوڑ دی گئی ہے لیکن اس کو آج تک واپس ہی نہیں لایا گیا۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکو ٹ قصبہ میں جلدازجلد پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مکینوںکی دقتیں کم ہو سکیں ۔
محکمہ پی ایم جی ایس وائی کیخلاف احتجاج
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر پر کانگریس لیڈر فاروق خان کی قیادت میں مظاہرین نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کیخلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں لیکن ان کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں و مسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تحصیل میں کئی ایسی سڑکیں موجود ہیں جن کی کٹائی کے بعد کئی برسوں سے ان کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں برباد ہورہی ہے جبکہ کئی ایک رہائشی گھر بھی سڑکوں سے بہنے والے پانی کی زد میں آکر تباہ ہورہے ہیں ۔مظاہرین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت تعمیر ہورہی سڑکوں کو جلدازجلد مکمل کیا جائے ۔
سڑک حادثے میں 1لقمہ اجل
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں پونچھ شاہراہ پر دھندک لسانہ کے مقام پر ایک حادثے میں نکہ منجہاڑ ی کے ایک شخص کی موت واقعہ ہو گئی ہے ۔پولیس انتظامیہ نے بتایا کہ شاہراہ پر دھندک لسانہ کے مقام پر ایک موٹر سائیکل سوار کو حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعدادموقعہ پر جمع ہو گئی جبکہ اس دوران پولیس ٹیم نے موقعہ پر جا کر کاغذی کارروائی مکمل کرکے لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا ۔اس شخص کی شناخت محمد افضل ولد محمد شفیع سکنہ نکہ منجہاڑی کے طورپر ہوئی ہے ۔
ہاکی آسٹرو ٹرف کا کام بروقت مکمل کرنے کی تلقین
حسین محتشم
پونچھ//ڈائریکٹر جنرل ڈی وائی ایس ایس ڈاکٹر سلیم الرحمٰن کی ہدایت پر روی شرما ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ڈی ایس ایس پونچھ نے پونچھ میں سنائیتھک ہاکی آسٹرو ٹرف کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے ٹرف کا تعمیراتی کام انجام دینے والی کمپنی کے انجینئر سے ملاقات کرکے انھیں مقررہ مدت میں کام ختم کرنے کو کہا۔ اس دوران ان کے ہمراہ اس پروجیکٹ کی مانیٹرنگ کمیٹی کے ممبر پون کمار پی ای ایل ، این ایس این آئی ایس ہاکی اور این ایس این آئی ایس ہاکی رنویت سنگھ پی ای ٹی بھی موجددتھے۔ڈائریکٹر پلاننگ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ اس دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرف پونچھ ہاکی کو فروغ دینے کے سلسلہ میں اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے لاکھوں روپے خرچ کر کے سرحدی ضلع کے کھیلاڑیوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
پانی کی سپلائی لائنوں کی مرمت کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ/ /پیپلز فورم پونچھ کے صدر ایڈووکیٹ سنجے رینہ نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پونچھ محکمہ صحت عامہ کے افسران کی نا اہلی کی وجہ سے مختلف مقامات پر پائپ لائنیں خراب ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے پانی کی ایک بڑی مقدار ضائع ہو رہی ہے اور کئی ایک مقامات پر آلودہ پانی مکینوں کو سپلائی کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جب کووڈنے عوام کو پریشان کر رہا ہے پونچھ قصبے کی عوام کو باقاعدگی سے پانی کی فراہمی نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی اور ضلع انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہ کہ پونچھ شہر کے کچھ محلہ جات میں کئی کئی دن تک پانی نہیں چھوڑا جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی لائنوں کی جلدازجلد مرمت کروائی جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
پنچایت شیندرہ لوہر میں نوجوانوں کی کمیٹی تشکیل
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کی ہدایت پر پونچھ کی مختلف پنچائتوں میں نوجوانوں کی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہے تاکہ ان کو سرکاری کاموں میں شامل کرکے ان کے مشورے بھی حاصل کئے جا سکیں۔اس ہدایت نامہ پر عمل کرتے ہوئے حلقہ پنچایت شیندرہ لوہر کے سرپنچ وجاہت حسین بخاری کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں پنچایت کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس دوران نوجوانوں کو سرکار کی جانب سے ان کو فائدہ پہنچانے کیلئے شروع کی گئی مختلف سکیموں کے حوالے سے جانکاری دی گئی۔ اس دوران تمام شرکاء نے با اتفاق رائے شفیق مغل کو صدر منتخب کیاجبکہ وسیم احمد کو نائب صدر اور مقصود احمد کو سیکریٹری منتخب کیا۔ وجاہت بخاری نے اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنچایت میں جو کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کو مزید فعال بنانے کیلئے اس میں مزید نوجوانوں کو جوڑا جائے گا اور ہر وارڈ سے لڑکے لئے جائیں گے۔
پونچھ میں لاوارث لعش کی تدفین
حسین محتشم
پونچھ// اوقاف اسلامیہ پونچھ اور دعوت اسلامی تنظیم نے باہمی اشتراک سے ایک نا معلوم شخص کی تدفین اور آخری رسومات کو ادا کیا گیا۔ گزشتہ روز پرانی پونچھ سے بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی لعش بر آمد ہوئی جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لیکر اسکا پوسٹ مارٹم کروایا جسکے بعد اس کا تعلق مسلم طبقہ سے بتایا گیا ۔جس کے بعد اوقاف اسلامیہ کی ٹیم انسپکٹر عبدالرشید کی سربراہی میں موقعہ پرپہنچی اور لاش کو اپنے قبضہ میں لے کر مختلف جگہوں پر رابطہ قائم کیا لیکن سبھی کی مصروفیات ہونے کی وجہ سے کسی نے انکا تعاون نہیں کیا لیکن جب دعوت اسلامی کی ٹیم کو اس کی اطلاع موصول ہوئی تو انہوں نے رضا کارانہ طورپر لاش کی آخری رسومات ادا کر دی ۔