ماہ رمضان کا دوسرا جمعہ، فرزندان توحید نے ضابطوں کے تحت نمازاداکی
حسین محتشم+عظمیٰ یاسمین
پونچھ+راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی ہی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع میں کووڈ ایس او پیز کے تحت رمضان کے دوسرے جمعہ کے دوران فرزندان توحید نے نماز ادا کی ۔سرحدی ضلع پونچھ میں نمازِ جمعہ اور باجماعت نمازوں کے اجتماعات محدود رکھنے کی انتظامیہ کی ہدایات پرعمل کر تے ہوئے ماہ مبارک رمضان کے دوسرے جمعہ کو فرزندان توحید نے نماز ادا کی اس دوران ضلع بھر کی مساجد میں نمازیوں نے سماجی دوری اختیار کر کے اور ماسک پہن کر نماز جمعہ میں شرکت کی۔تمام مساجد میں انتظامیہ کمیٹیوں کی طرف سے ہاتھ دھونے کا انتظام کیا گیا تھاجبکہ مساجد کی انتظامیہ کے ممبران تمام آنے والے نمازیو ںکو احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنے کی اپیل کر تے رہے۔خطبہ جمعہ کے دوران اکثر آئمہ نے نمازیوں کو کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر احتیاط کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا ایسا کرنے سے نہ صرف اپنا تحفظ کر رہے ہیں بلکہ اس سے دوسرے بھی وبائی مرض سے محفوظ رہیں گے۔ضلع پونچھ کی تمام تحصیلوں میں بھی فرزندان توحید نے کورونا کے ضابطوں کے نفاذ کے ساتھ نمازجمعہ اداکی۔اس دوران تمام مساجد میں لوگوں نے کی نماز جمعہ میں وبا کے خاتمے کی دعا کی اور گناہوں کی معافی طلب کی۔اسی طرح قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات کی تمام مساجد میں ہزاروں فرزندان توحید نے رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ ادا کیا۔ اس مبارک موقع پر علمائے کرام نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ سے متعلق بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کریں اور اس سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ یاد رہے کہ پورے علاقے میں رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ نہایت ادب و احترام کے ساتھ ادا کیا گیا۔اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ رمضان مبارک کا رحمتوں بھرا عشرہ ختم ہو چکا ہے اور اور کل سے مغفرت کا عشرہ شروع ہورہا ہے۔ اس میں اپنے لئے اور رسول پاکﷺکی ساری امت کے لئے اللہ تعالی سے بخشش مغفرت طلب کریں اور اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ایک بار پھر اس ماہ مقدس کی عظیم دولت سے ہمیں نوازااور اپنی عبادت کرنے کا ایک عظیم موقع بخشا۔اس موقع پر تمام مساجد کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر نمازیوں کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ماسک پہنیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں، سینیٹائزرز کا استعمال کریں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلے اور نہ بازاروں کا رخ کریں۔
مساجد میں کووڈ ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں علماء نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کے پیش نظر مساجد میں احتیاطی تدابیر کیساتھ ہی داخل ہوں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا کیساتھ ساتھ ملک بھر میں کورونا وائرس کیسوں میں زبردست اچھال آچکا ہے جبکہ سماج میں ہر ایک شخص کو چاہئے کہ وہ اس قدرتی وبا ء سے بچنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی معمول کا کام کاج کریں ۔انہوں نے کہاکہ رمضان ماہ میں ہر مسلمان کو چائے کہ وہ سماجی دوری بنائے رکھے اور ایس او پی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریںتاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے ۔رمضان کے دوسرے جمعہ کے دوران اپنے خطاب میں علماء نے کہاکہ للہ کا عذاب تب شروع ہوتا ہے جب مسلمان بد عملی غیبت چغلی چوری شہوت پرستی جیسے بد اعمالیوں کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک مسلمان کو چاہئے کہ وہ توبہ استغفار کرنا جاری رکھیںجبکہ مساجد میں بغیر احتیاطی تدابیر کے نہ آئیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔
ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے مسافر پریشان
انتظامیہ سے متبادل بسیں چلانے کی اپیل
سمت بھارگو
راجوری //پبلک ٹرانسپورٹروں کی جانب سے شروع کی گئی ہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔گاڑیوں کی عدم موجودگی کے دوران مسافر پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انتظامیہ کی جانب سے کووڈ کے پیش نظر مسافر گاڑیوں میں 50فیصد سوریاں لوڈ کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں نے ہڑتال کر دی ہے ۔ٹرانسپورٹر مانگ کررہے ہیں کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے جبکہ کم سواریاںلو ڈ کرنے کی وجہ سے ان کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ اب مسافر کرائیوں میں اضافہ کیاجائے ۔ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ ا س سلسلہ میں ان کی ہڑتال پورے جموں وکشمیر میں کی جارہی ہے جبکہ ان کی ہڑتال مانگیں پوری ہونے تک جاری رہے گی ۔مسافروں نے ٹرانسپورٹروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ ہر دوسرے ماہ ہڑتال کر دی جاتی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کیلئے کوئی معقول بندوبست ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی آمد ورفت کیلئے کوئی متبادل بندوبست کیا جائے ۔
پونچھ میں دوسرے دن بھی گاڑیاں بند رہی
حسین محتشم
پونچھ//ٹرانسپورٹروں کی طرف سے صوبہ جموں کے تمام اضلاع میں ہڑتال کی وجہ سے پونچھ ضلع میں مکمل پہیہ جام رہاجس دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔عوامی حلقوں میں اس بات پر سخت ناراضگی پائی جارہی ہے کہ سرکار نے اس صورتحال میں سرکاری ٹرانسپورٹ کو بہم نہیں رکھا۔ٹرانسپوٹروںنے انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں میں گنجائش سے پچاس فیصد کم سواریاں ہی بیٹھانے کے ہدایت نامہ کی ایک بار پھر مذمت کی گئی ۔پونچھ قصبہ سمیت ضلع کی تمام تحصیلوں میں ہر طرح کی مسافر بردار گاڑیوں بشمول،بسوں،منی بسوں،سومو گاڑیوں نے مکمل ہڑتال کی۔بیشتر مال بردار اور مسافر بردار گاڑیاں بھی بس اڈوں میں دن بھر کھڑی نظر آئیں۔ اس دوران رابطہ سڑکوں اور بین ضلع سڑکوں پر بھی مال و مسافر بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہی۔ٹرانسپورٹ ہڑتال سے سرکاری و نجی دفاتر اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ تمام سڑکوں میں مسافروں کو سڑک کناروں پر گاڑیوں کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مسافروں نے سرکار کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپوٹروں کے ہڑتال کے چلتے انہیں مختلف روٹوں پر سرکاری ٹرانسپورٹ چلانے کا انتظام کرناچاہئے تھا۔ادھر ٹرانسپوٹروں کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ عوام پریشان ہو لیکن وہ لوگ اتنا نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ جب تک ان کے مطالبات حل نہیں ہوں گے وہ اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے۔
منجاکوٹ میں تیل خاکی کی شدید قلت
صارفین پریشان ،سہولیت فراہم کرنے کا مطالبہ
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں تیل خاکی کی شدید قلت کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے انتظامیہ و متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رمضان ماہ میں بھی ان کو تیل جیسی سہولیت فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سحری و افطار کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی جاتی ہے جبکہ ان کے پاس تیل خاکی بھی دستیاب نہیں ہوتا جبکہ ان کو گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنا پڑتی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس سے تحصیل میں محکمہ امو ر صارفین و عوامی تقسیم کاری کی جانب سے تیل خاکی کی سپلائی ہی فراہم نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔صارفین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ تحصیل میں تیل خاکی سپلائی کیا جاسکے ۔
سجاد پونچھی کا فرید صابری کے انتقال پر اظہار تعزیت
پونچھ //پونچھ کے معروف شاعر و سماجی کارکن شیخ سجاد پونچھی نے معروف قوال فرید صابری کے انتقال پر گہر ے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام کے مطابق سجاد پونچھی کی قیاادت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں خالد میر،عاصف میر،عباس موسوی،امتیازمیر،پرویز ملک آفریدی ودیگران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر سجاد پونچھی نے فرید صابری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوالی کی دنیا میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور انہوں نے جو نقوش چھوڑے ہیں وہ ہمیشہ باقی رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ خود فرید صابری سے ملاقات کرتے رہے ہیں اور وہ ایک بہترین قوال ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی تھے جن کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلاکو پْر نہیں کیاجاسکے گا۔انہوں نے کہاکہ وہ مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔
چرس سمیت 2گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے منشیات اسمگلنگ کیخلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے چرس کے 17رولز کیساتھ 2افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ پولیس پوسٹ چنگس کی ایک ٹیم انسپکٹر اشیش چوہدری کی قیاد ت میں معمول کی چیکنگ پر تھی کہ اسی دوران اہلکاروں نے 2مشکوک افراد کو دیکھا جو پولیس سے بچنے کی کوشش کررہے تھے تاہم پولیس اہلکار ان کو روکنے میں کامیاب ہو گئے ۔ان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضہ سے چرس نما اشیاء کے 17رولز بر آمد کرلئے گئے جبکہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 180/21 درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ دونوں کی شناخت عبدالکادر ولد نظیر احمد اور عمران حسین ولد محمد اشاق کے طورپر ہوئی ہے ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں ۔
کھڑی گائوں میں پانی سپلائی متاثر
علاقہ میں پانی کی قلت ،محکمہ خاموش
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے کھڑی گائوں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہو نے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی سپلائی بند ہوئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لے رہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ 20دنوں سے پانی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے لیکن متعلقہ ملازمین سپلائی بحال کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت خواتین میلوں کاپید ل سفر کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ میں کام کررہے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ علاقہ کی پانی سپلائی بحال کی جاسکے ۔