کپوارہ میں لاپتہ کمسن کی لاش جنگل سے بر آمد
کپوارہ //اشرف چراغ // شمالی ضلع کپوارہ میں لاپتہ ایک کمسن لڑکے کی لاش جنگل سے بر آمد کی گئی۔ بہنی پورہ راجواڑ سے تعلق رکھنے والا 10 سالہ اسلم رشید گوجر کئی روز قبل لاپتہ ہو گیا جس کے بعد گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کی اور مقامی پولیس تھانہ میں گمشدگی رپورٹ درج کرائی تاہم آج تک اس کا کوئی اتہ پتہ نہ مل سکا۔ہفتہ کے روز اسلم رشید کی لاش کو مقامی جنگل سے بر آمد کیا گیا۔پولیس نے نعش کولواحقین کے سپرد کرکے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی۔
ہانجی بگ ماگا م میں کرنٹ لگنے سے شہری لقمہ اجل
گاندربل //ارشاد احمد//ہانجی بگ ماگام میں گھر میں تاروں کی مرمت کے دوران ایک شہری لقمۂ اجل بن گیا۔ لطیف احمد شیخ گھر میں تاروں کی مرمت کے دوران اس کا ہاتھ اچانک ننگی تار کو چھوگیا جس کے نتیجہ میں اسے شید جھٹکا لگا اورنیچے گرگیا۔ لطیف احمد کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز پہنچایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت 174کے تحت کیس درج کرلیا۔
قاضی گنڈ میںشہری کی لاش کمرے میں لٹکتی پائی گئی
اننت ناگ //عارف بلوچ //قاضی گنڈ قصبہ کے اپر بازار میںایک سرکاری ملازم کی لاش کرایہ کے کمرے میں لٹکتی پائی گئی ہے۔35سالہ شبیر احمد نائیکو ولد ثناء اللہ ساکنہ واری پورہ کنڈ محکمہ ڈاکخانہ میں ملازم تھا اور کئی برسوں سے قاضی گنڈ میں کرایہ دار کے طور پر رہائش پذیر تھا۔پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ ہمیں ہفتہ کی دوپہر واقعے کی اطلاع ملی جس کے فوراً بعد وہاں ایک ٹیم بھیجی گئی اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال لائی گئی۔ ابتدائی طور پر 174 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد مزید تفتیش شروع کی جائے گی۔ ادھر جونہی یہ خبر پھیل گئی تو لوگوں بڑی تعداد جمع ہوئی اور احتجاج شروع کیا۔ مظاہرین الزام لگا رہے تھے کہ شبیر نائیکو کو کئی ماہ قبل نوکری سے معطل کیا گیاتھا اور اس معاملہ کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے۔
ریشی گنڈ کپوارہ کے سربندمیں خاتون غرقآب
کپوارہ//اشرف چراغ //ریشی گنڈکرالہ پورہ،کپوارہ میں ایک خاتون مقامی سر بند میں غر قآب ہو گئی ۔اطلاعات کے مطابق فضلی بیگم جمعہ 3بجے کہیں جارہی تھی کہ اس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ سر بند میں گر کر غرق ہو گئی ۔مقامی لوگو ں نے فوری طور فضلی کو سربند سے نکال کر مقامی اسپتال کرالہ پورہ پہنچایا جہا ں ڈاکٹرو ں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔مذکورہ خاتون کی لاش کو جب اس کے آبائی گائو ں ریشی گنڈ پہنچایا گیاتو وہا ں کہرام مچ گیا ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سر بند کی دیوار بندی کی جائے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔
پلوامہ میں اسپتال سے گھرپہنچتے ہی خاتون کی موت
پلوامہ //سید اعجاز// پلوامہ میں گھریلوں قرنطین میں ایک خاتون کی موت ہوئی ہے جبکہ اس کے کنبے والوں نے الزام لگایا ہے کہ یہ خاتون علاج نہ ملنے کی وجہ سے فوت ہوئی۔پلوامہ میں ایک 25 سالہ خاتون شاہدہ کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت واقع ہو گئی۔ خاتون کے لواحقین کے مطابق وہ کچھ روز سے بیمار تھی جس دوران انہوں نے اُسے ضلع ہسپتال میں علاج کے لیے بھرتی کیااور خاتون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے اُسے گھر جاکر الگ رہنے کی صلاح دی اور ادویات لینے کا مشورہ دیا۔رشتہ داروں نے بتایاگھر پہنچتے ہی اس نے سینے میں درد ہونے کی شکایت کی اور اس کے بعد اُسے ضلع ہسپتال پلوامہ لایا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔خاتون کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اگر خاتون کورونا مثبت تھی تو اسے ہسپتال میں داخل کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی موت علاج نہ ملنے کی وجہ سے ہوئی ۔متوفی خاتون کے اہل خانہ نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اُ س کے بچوں کی مالی اعانت کی جائے تاکہ یہ بچے آگے جاکر کسی کے محتاج نہ ہوں۔
کولگام میں جماعت کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج
اننت ناگ //عارف بلوچ// کولگام میں پولیس نے ملک مخالف سرگرمیوں کے الزام میں جماعت اسلامی سے وابستہ تین کارکنوں کو نظر بند کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے تین کارکنوں کوکئی دن قبل گرفتار کیا گیا تھا اور آج ان پر جنگجوؤں کو پناہ دینے ، ان کی مدد کرنے اور سازش کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ کارکنوں کی شناخت مدثر حسن میر ،عبدالحیات آلائی اور فاروق احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کے خلاف ایف آئی آر نمبر 35/2021 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لاک ڈائون خلاف ورزیاں
۔121گرفتار،74ایف آئی آر درج،407افراد پر جرمانہ عائد
سرینگر//کورونالاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی بھر میں 121افرادکو گرفتارکرنے کے علاوہ74ایف آئی آر درج کئے جبکہ 407خلاف ورزی کنندگان سے56210روپے بطور جرمانہ بھی وصول کیاگیا۔ایس ایس پی بانڈی پورہ نے ڈی وائی ایس پی بانڈی پورہ کے ہمراہ ضلع کے کئی بازاروں اور دیگر مقامات کا دورہ کیااورامن وقانون کی صورتحال اور فورسزکی تعیناتی کا جائزہ کیا۔کرونالاک ڈائون کی خلاف ورزی اور کووِڈ سے بچائو کے رہنماخطوط کے نہ عملانے کے خلاف کاروائیاں وکشمیر کے تمام اضلاع میں جاری ہیں۔پولیس نے سماج کے ذی شعور طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ کووِڈ سے بچائو کے رہنماخطوط اور قواعدوضوابط کوعملانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور سماج میں بھی اس تعلق سے لوگوں میں بیداری پیداکر نے کوششیں کریں۔پولیس کے مطابق اس سلسلے میں ایسی کارروااں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
کورونا رہنما خطوط کی پاسداری
ڈپٹی کمشنر شوپیان نے ضلع کے عوام کی سراہنا کی
شوپیان// ضلع مجسٹریٹ شوپیاں ، سچن کمار واشیا نے سنیچر کو ضلع کے عوام کو کوڈ 19 ایس او پیز پرعمل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جمعۃ الوداع ، شب قدر اور عید کے مواقع پر لوگوں نے جس طرح ہدایات پر عمل کیا وہ قابل سراہنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ عوام کے اس مناسب طرز عمل نے وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں بہت مدد فراہم کی ہے اور روزانہ مثبت واقعات کی تعدادمیںکمی واقع ہوچکی ہے اور اب آنے والے دنوں میں کیسوں کی تعداد میں مزید کمی متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا ’’ہمیں کسی بھی قیمت پرحفاظتی اقدامات کے معاملے میںلیت و لعل نہیں کرنا چاہئے اور تمام ایس او پیز کی پیروی کرتے ہوئے اس جان لیوا وائرس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنی چاہئے۔واشیا نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو افواہوں پر توجہ نہیں دینی چاہئے بلکہ کسی بھی وضاحت یا امداد کے لئے ضلع ، سب ضلع اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول روم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں آکسیجن سے چلنے والے بیڈ اور افرادی قوت کی کافی تعداد موجود ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ صورتحال قابو میں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھر سے الگ تھلگ مثبت معاملات پر نگاہ رکھیں اور اگر وہ باہر گھومتے ہیں تو ان کی مناسب مشاورت کی جائے یا معاملہ متعلقہ تحصیلداروں کی نوٹس میں لائی جائے۔ڈی سی نے ضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں ، غیرضروری نہ گھومیں ، ماسک لگائیں ، صفائی ستھرائی رکھیں اور ویکسین لینے کے علاوہ دوسرے لوگوں سے بھی رابطے میں نہ آئیں۔ویکسینیشن کے بارے میں انہوں نے اپیل کی کہ 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے جس فرد کو پہلی خوراک نہیں ملی ہے ،وہ قریبی طبی مرکزکا دورہ کرے اور جن لوگوں کو پہلی خوراک ملی ہے وہ بھی دوسری خوراک کے لئے جائیں۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت پر سول سوسائٹی فورم برہم
سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے فلسطین میں اسرائیل کے ظلم وجبر کے خلاف آوازبلند کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں کووِڈ19کی وجہ سے کرفیونافذ ہونے کے باوجود لوگوں نے اسرائیل کی بربریت کے خلاف پرامن احتجاج کیا۔ایک بیان میں سول سوسائٹی فورم نے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے فلسطین میں سینکڑوں معصوم مسلمانوں کو اسرائیلی فوجیوں نے ہلاک کیا ۔وانی نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ دنیامیں کہیں بھی معصوم عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے فلسطینوں کے قتل عام پر اقوام عالم کی خامشی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کووِڈ – 19کی عالمگیر وباء نے جکڑ لیا ہے اور دوسری طرف دہشت گرد ملک اسرائیل فلسطین کے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے ۔وانی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچایااور غزہ میں اسرائیل کی بربریت کے ویڈیوں عام ہورہے ہیں۔وانی نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے کووِڈ رہنماخطوط پر عمل کرتے ہوئے پرامن احتجاج کیا۔
اننت ناگ میں کووڈ جانچ کیلئے ایک اور مرکز قائم
اننت ناگ// ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) غلام حسن شیخ نے ہائرسیکنڈری سکول رانی باغ اننت ناگ میں ٹیسٹنگ مرکز کا قیام عمل میں لایاتاکہ ضلع ہسپتال میں بھیڑ کو کم کیا جاسکے۔اپنے دورے کے دوران اے ڈی سی نے اس سہولت مرکزکا معائنہ کیا اور وہاں جاری ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ اور آر ٹی پی سی آر نمونہ جمع کرنے کی کارروائیوں کی بھی نگرانی کی۔اس موقع پر اے ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکزکی تشکیل کا مقصد جی ایم سی اننت ناگ میں لوگوں کی بھیڑ کو کم کیا جاسکے اور وائرس کے خطرے کو ختم کرنا ہے ۔دریں اثناء قصبے کے لوگوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو بڑے پیمانے پر سراہا ہے۔
گلوبل گروپ امرتسرکا ایکوریٹ گروپ سرینگر کو آکسیجن کنسنٹریٹر فراہم
سرینگر//گلوبل گروپ آف انسٹی ٹیوٹ ، امرتسر نے چیئرمین ایکوریٹ گروپ سرینگرایاز علی کی امداد کیلئے ایک آکسیجن کنسنٹریٹر فراہم کیا ہے جو کووڈ19 کی دوسری لہر کے درمیان جدوجہد کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر ہرمن دیپ سنگھ (ایڈمیشن انچارج) نے کہا کہ عالمی گروپ آف انسٹی ٹیوٹ جذباتی طور پر ایک ٹیم کی رہنمائی کر رہا ہے تاکہ وہ اپنی انسانیت سوز کوششوں کے ذریعہ ملک بھر میں عوام کی خدمت جاری رکھ سکے۔
مرحوم بشیر احمد کنٹھ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے
انجمن اوقاف سرینگر،ڈاکٹر فاروق ،انوار الاسلام اور حقانی ٹرسٹ کا خراج
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے کشمیر کے معرو ف تاجراورسرکردہ سماجی رہنما میر بشیر احمد کنٹھ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری سماج کے تئیں مرحوم کی گوناگوں اور پْر خلوص خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔انجمن نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم میر بشیر احمد کشمیری سماج کو درپیش دینی، ملی اور سماجی مسائل حل کرانے میں مختلف دینی اور سماجی پلیٹ فارموں کے ذریعے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔بیان میں انجمن نے اپنے جملہ اراکین خاص طور پر سربراہ انجمن میرواعظ محمد عمر فاروق صاحب کی جانب سے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی وفات کو سماجی اور دینی حلقوں کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔ادھرکشمیر جمعیت انوارالاسلام نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کیا۔جمعیت نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور جنت نشینی کے لئے دعا کی۔جمعیت کے سربراہ مولانا شیخ غلام محمد نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اُن کے خاص ساتھیوں میں سے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہایت ہی نیک سیرت، صوم و صلواۃ کے پابند تھے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف نے اپنی تمام عمر فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ دینی امور میں صرف کر دی۔ تنظیم کے نائب صدر غلام نبی کینگ،جوائنٹ سیکرٹری و عوامی مہم کے رابطہ کار ڈاکٹر بشیر احمد ننگرو، جنرل سیکریٹری پیر زادہ محمد امین،چیف آرگنائزر جی ایم وانی، صدر ضلع سرینگر و مرکزی رکن فاروق احمد نقاطی، پیر سید بشیر احمد کولگام،سید افتخار کولگام،رفیق احمد ڈار، ایڈوکیٹ نیاز احمد بٹ اورشیخ انوارالحق نے مرحوم کیلئے جنت نشینی کی دعا کی۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گہرے صدمے کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کی وجہ سے سماج میں اعلیٰ مقام حاصل کیا تھا۔ ڈاکٹر فاروق نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی ۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹرمصطفی کمال، سینئر لیڈران مبارک گل، محمد سعید آخون، پیر آفاق احمد اورتنویر صادق نے بھی کنٹھ خاندان کے ساتھ تعزیت کی۔ حقانی میموریل ٹرسٹ نے مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ایک آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیاجس کی صدارت مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے کی۔کانفرنس میں دینی و سماجی انجمنوں اورسرکردہ شخصیات بشمول مولانا شوکت حسین کینگ ، مولانا خورشید احمد قانونگو، فاروق رینزو، محمد اشرف عنایتی، مولانا مبارک حسین نعمانی، سید بلال کرمانی اورابوالحسن فاروقی نے شرکت کی۔نامور معالج اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر غلام قادر علاقہ بند نے امریکہ سے ٹیلی پیغام میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
نیشنل کانفرنس کا پارٹی رہنما غلام حسن بٹ کو خراج عقیدت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سابق رہنما خواجہ غلام حسن بٹ ساکن ڈوروشاہ آباد کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ہمیشہ لوگوں کی خدمات میں مصروف رہتے تھے۔انہوں ے کہا کہ مرحوم بہترین منتظم بھی تھے اسلئے ہمیشہ دیانت اور خلوص کے ساتھ لوگوں کی خدمت کی ۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ،جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، سینئر لیڈران صدر سکینہ ایتو، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، محمد الطاف وانی، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان ، شوکت حسین گنائی،ترجمان عمران نبی ڈاراور شیخ محمد رفیع نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور انکی خدمات کو یاد کیا۔
الطاف بخاری کا اظہار تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے ہفتہ کے روز پارٹی ضلع نائب صدر کپوارہ عبدالرشید بٹ کی چاچی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ بخاری نے مرحومہ کو شریف النفس، نیک سیرت اور مہمان نواز خاتون قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ دُکھ کی اِس گھڑی میں تعزیت کا اظہار کرتاہوں اور مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا گو ہوں‘‘۔پارٹی کے دیگر عہدیداران اور ممبران نے بھی اُن کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
صحافی ارشدرسول کے والد نسبتی فوت
اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر کی تعزیت
سرینگر//روزنامہ گھڑیال اورخبررساں ادارے جے کے این ایس کے مدیر اعلیٰ ارشدرسول کے والدنسبتی خواجہ علی محمدصوفی ولدمرحوم عبدالعزیز صوفی ساکن زیندارمحلہ حبہ کدل سرینگرانتقال کرگئے۔صحافتی حلقوں نے ارشدرسول اوردیگرسوگواروں کے ساتھ تعزیت اورہمدردی کااظہارکیا۔ ایڈیٹرس فورم نے سوگوار کنبے سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے جملہ غمزدگان کے ساتھ مکمل یکجہتی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ فورم کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ادھراپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے ارشد رسول کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔