گاڑیوں میں فحش گانوں پر پابندی کا مطالبہ
جموں// جموںشہر میں چلنے والی میٹا ڈوروں میں ائور لوڈنگ اور فحش گانوں کی وجہ سے عام لوگ خصوصی طور سے خواتین اور کالجوں اور سکول جانے والی طالبات پریشان ہیں۔طالبات اور خواتین کاکہناہے کہ اس سلسلے میں انہوں نے اخبارات کے ذریعہ ٹریفک حکام سے گزارش کی تھی مگر ابھی تک اس کا کوئی اثر دکھائی نہیںدے رہا ہے۔ان کاکہناہے کہ اگر کوئی سواری ڈرائیوروںکو قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے روکے تواسے بے عزت کیاجاتاہے اور افسوسناک بات ہے کہ ٹریفک اہلکاروں کی موجودگی میں ان گاڑیوں میں فحش گانے بجائے جاتے ہیں ۔لوگوں کاکہناہے کہ وہ حکومت سے گزارش کرتے ہیںکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے ۔
گورنراوروزیر اعلیٰ کی گور پرب پر مبارک باد
جموں//گورنر این این ووہرااور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو گورو گوبند سنگھ جی کے جنم دوس پر مبارکباد پیش کی ۔ اپنے مبارکبادی پیغام میں گورنر نے کہا کہ گورو گوبند سنگھ جی ایک بہادر جنگ باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فلسفی اور شاعر بھی تھے جو مساوت ، بھائی چارے اور خواتین کیلئے عزت و احترام پر مبنی سماج کیلئے کوشاں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم گورو کی تعلیمات ایک بہتر اور منصفانہ معاشرتی نظام کے قیام کیلئے مثعل راہ ہیں ۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ یہ مبارک دن ریاست کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی ، مذہبی روا داری اور بھائی چارے کا پیامبر بن کر آئے گا ۔ وزیر اعلیٰ ، محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو گورو پورب یعنی سکھ مذہب کے دسویں گورو، گورو گو بند سنگھ جی کے جنم دیوس پر مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیرا علیٰ نے کہا کہ اس عظیم گورو کی تعلیمات ایک مساوی اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر مذہبی ہم آہنگی کا مسکن رہا ہے اور ایسی تقاریب اور تہوار بین طبقاتی روابط مزید مستحکم بنانے میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کے عوام کی خیرو عافیت کے لئے دعا کی۔
پنچایتی چنائو میں ریزرویشن دینے کی اپیل
جموں//گوجر بکروال طبقہ کو مجوزہ پنچایتی انتخابات میں ریزرویشن دئیے جانے کامطالبہ کرتے ہوئے سماجی کارکن پوسوال نے گورنر کے نام ایک مکتوب تحریر کیا ہے ۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق انہوں نے ماضی میں بھی گورنر کو اس حوالہ سے یادداشت پیش کی گئی تھی۔ انہوں نے ٹرائبل سب پلان میں گوجر طبقہ کیلئے فنڈز مختص کئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جب کہ اگلے ہفتہ ریاستی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جا رہا ہے ،گورنر کو اس سلسلہ میں مطلوبہ ہدایا ت جاری کرنا چاہئیں۔ اس کے علاوہ گوجروں کو مختلف ایوانوں میں نمائندگی دینے کے لئے ان کے ارکان کی نامزدگیاں بھی کی جائیں جب کہ اس سلسلہ کی شروعات پنچ اور سرپنچ سطح سے شروع کرنے کے لئے پنچایتی الیکشن میں ریزرویشن فراہم کی جائے۔
فاروق گنائی کاپنچایتی انتخابات میں
آزاد امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان
عظمیٰ نیوز
جموں// سماجی و سیاسی کارکن اور صحافی ایڈوکیٹ فاروق احمد گنائی نے مجوزہ حلقہ انتخابات ڈورو شاہ آباد کے پنچایتی انتخابات میں باصلاحیت و با کردار نوجوانوں کو بطور آزاد امیدوار کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پریس کے لئے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر چہ پنچایتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی چنائو میں سیاسی جماعتوں کی اہمیت بہت کم ہو گئی ہے اور لوگ امیدوار کو دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں ، چاہے پارلیمنٹ کے چنائوں ہوں، اسمبلی، بلدیات یا پنچایت کے صرف اچھا اور مقبول امیدوارہی چنائو جیتنے کی ضمانت ہو سکتا ہے ۔ گنائی نے سیاسی جماعتوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیڈر صرف حقیر نجی مفادات کے لئے اصولوں اور عوامی وقار کا سودا کرتے آئے ہیں اور لوگ بھی ان کی چالوں سے واقف ہو گئے ہیں اس لئے لوگوں کے پاس سیاسی لیڈروں کا کوئی متبادل نہیں ہے ۔
شرائین بورڈ کے ارکان گورنرسے ملاقی
جموں//شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے ارکان ڈاکٹر ایس ایس بلوریہ اور شری بی بی ویاس گذشتہ شام راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملے ۔ گورنر نے دونوں ارکان کے ساتھ شری ماتا ویشنو دیوی نائرنن سُپر سپیشلٹی ہسپتال ککڑیال کے کام کاج سے متعلق معاملات پر ارکان کے ساتھ مفصل غور و خوض کیا ۔ انہوں نے تارا کوٹی مارگ کی معین مدت کے اندر تکمیل ، کٹڑہ سے آدھ کواری تک 7.4 کلو میٹر سڑک کی تعمیر اور شرائین بورڈ کے انتظام اور انصرام سے متعلق چند اہم و فوری نوعیت کے معاملات پر بھی دوران میٹنگ غور و خوض ہوا ۔
پینے کے پانی اور آبپاشی سہولیات کی دستیابی اولین ترجیح :شام
جموں//عوام کو معقول پینے کے پانی اور آبپاشی سہولیات دستیاب رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اس کا اظہار وزیر برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شام لال چودھری نے کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ان شعبوں کے تحت شروع کئے گئے پروگراموں کی موثر عمل آوری یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ وزیرموصوف جموں صوبہ میں صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شعبوں کے تحت جاری پروجیکٹوں پر ہو رہے کام کی رفتار کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول میر ظہور بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے میٹنگ کو ان محکموں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول محکمہ کو تمام جاری پروجیکٹوں بشمول واٹر سپلائی سکیموں پر جاری کام کی رفتار میں سرعت لا کر انہیں معین مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے اپنے عملے اور مشنری کو متحرک کرنے کیلئے کہا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ بڑی اور درمیانہ درجے کے آبپاشی کاموں پر مختص 135 کروڑ روپے میں سے 38 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں جبکہ 72 نئی سکیموں پر 30 کروڑ روپے کی لاگت سے کام سرعت سے جاری ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم کے ایس وائی کے تحت 69 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف پروجیکٹوں پر کام جاری ہے جبکہ توی براج پروگرام کے تحت مختص 69.7 کروڑ روپے میں سے 58 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختص 59 کروڑروپے میں سے 28 کروڑ روپے ہوئی اڈے کی توسیع کیلئے آبپاشی سہولیات کو منتقل کرنے پر صرف کئے گئے ۔ صحت عامہ شعبے کا جائیزہ لیتے ہوئے میٹنگ میں بتایا گیا کہ فی الوقت 825 سکیموں پر کام جاری ہے جس میں نیشنل رورل ڈرکنگ واٹر پروگرام کے تحت 711، ایل آئی سی کے تحت 61 اور نبارڈ کے تحت 53 سکیمیں شامل ہیں جن پر اب تک 80.7 کروڑ روپے صرف کئے جا چکے ہیں ۔ میٹنگ میں چیف انجینئر راوی توی ایری گیشن ، چیف انجینئر پی ایچ ای جموں ، چیف انجینئر ایری گیشن جموں اور ان محکموں کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔
سیکرٹری پی ایچ ای کی گورنر سے ملاقات
جموں //سیکرٹری صحتِ عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول ،ایم راجو اور چیف انجینئر صحت عامہ اشوک گنڈوترا نے بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔گورنر نے سیکرٹری اور چیف انجینئر پی ایچ ای کے ساتھ پینے کے پانی کی ضروریات میں اضافہ ہونے کے معاملات پر غور و خوض کیا۔اس موقعہ پر فیصلہ کیا گیا کہ سیکرٹری پی ایچ ای سی ای او ماتا ویشنودیوی شرائین بورڈ کے ساتھ میٹنگ کر کے پانی کی ضرورتوں میں اضافے کے مزید مطالبات پر غور و خوض کریں گے۔راجو نے گورنر کو پینے کے پانی اور آبپاشی کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کے بارے میں گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنر نے ان افسران کو تجویز پیش کی کہ وہ جہلم ڈریجنگ پروجیکٹ کی طرف خصوصی توجہ دیں۔
اسمبلی کے ملازمین کے اعزاز میں الوداعیہ
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے آج اپنے تین ملازموں کو اُن کے سبکدوش ہونے پر انہیں پر شفقت الوداعیہ پیش کیا۔ ان ملازموں میں ترسین سنگھ ، محمد قاسم ملک اور پورن چند شامل ہے ۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان ملازمین کی تن دہی اور لگن سے اپنے فرائض انجام دینے کی ستائش کی۔ انہوںنے سبکدوش ہوئے ملازمین کے روشن مستقبل کی دعا کی اور انہیں مومنٹوز اور شال پیش کئے۔اس موقعہ پر اسمبلی کے دیگر ملازمین نے بھی سبکدوش ملازمین کی کارکردگی کی سراہنا کی۔تقریب پر اسمبلی سیکرٹری ایم آر سنگھ ، سپیشل سیکرٹری آر ایل شرما، ایڈیشنل سیکرٹری نسیم جان کے علاوہ اسمبلی کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے۔
پنچایتی انتخابات کا عمل عنقریب: نائب وزیرا علیٰ
کٹھوعہ//دیہی و شہری علاقوں میں سڑک رابطوں میں بہتری لانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج کہا کہ بہتر سڑک رابطہ سے نہ صرف لوگوں کو چلنے پھرنے میں سہولیت فراہم ہوتی ہے بلکہ اس سہولیت کی بدولت علاقے کا سماجی و اقتصادی نظام میں بھی بہتری لائی جاسکتی ہے۔ان باتوں کا اظہار نائب وزیرا علیٰ نے آج ہیر ا نگر ڈگری کالج سے دیال چیک تک 3.5کلومیٹر سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد کیا، جو 4کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ۔اس موقعہ پر میلا موڑ میں ایک عوامی دربا منعقد کیا گیا جس میں ہیر ا نگر، بلاور اور کٹھوعہ تحاصیل کے لوگوں نے نائب وزیرا علیٰ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کے مسائل بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ معیاد بند طریقے پر ان کے مسائل حل کئے جائیں گے۔صحت ، تعلیم ، صحت عامہ اور پی ڈبلیو ڈی سیکٹروں کی حصولیابی کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حلقہ انتخاب بلاور میں پچھلے تین برسو ں کے دوران ترقیاتی کاموں پر 600کروڑ روپے خرچ کئے گئے اور کئی اور پروجیکٹوں پر کام جاری ہے ۔انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت جمہوری اقدار کو بنیادی سطح پر لانے کے سلسلے میں پنچایتی انتخابات کا عمل بہت جلد شروع کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چڑوال سے منگلور تک سی آر ایف کے تحت 18کروڑ روپے کی لاگت سے سڑک تعمیر کی جائے گی۔ایم ایل اے ہیرا نگر کلدیپ راج ، ڈی سی کٹھوعہ روہت کجھوریہ و دیگر ضلع افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔
جی ایم سی میں بنیادی ڈھانچے کی تکمیل میں سرعت لانے کی ہدایت
جموں //صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں دستیاب بنیادی ڈھانچے و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے میڈیکل طلاب کو فراہم کی جارہی تعلیمی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ،پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندہ رینہ ، ممبر ایم سی آئی اور ایچ او ڈی میڈیسنز ڈاکٹر انیل مہاجن ، رجسٹرار اکیڈیمکس ڈاکٹر یشپال شرما ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نصیر احمد وانی ، ڈائریکٹر فائنانس محمد رفیق و دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ جی ایم سی اور اس سے منسلک مسائل کا جائزہ لیں اور ایک ٹھوس تجویز پیش کرے تاکہ جموں وکشمیر کے طلاب کو مختلف سکیموں کے فوائد سے مستفید کیا جاسکے ۔