حکومت وقف املاک کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے:چوہدری اختر
جموں//گوجربکروال اصلاحی کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ مسلم املاک پرہورہے قبضوں اوران کیغیرقانونی طورسے مسماری کے سلسلے کوروکاجائے۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق گوجربکروال اصلاحی کمیٹی کااجلاس منعقدہوا۔اس دوران میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین نے کہاکہ مخلوط حکومت کی حصے دارجماعت بی جے پی جموں میں مختلف زیارتوں اورقبرستانوں پرجبراً جے سی بی مشینیں لگاکر انہیں منصوبہ بندسازش کے طورپرمسمارکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایساکرنامسلمانوں کے جذبات کومجروح کرنااورہندومسلم بھائی چارے کوزک پہنچانااورپرامن ماحول کوپراگندہ کرنے کے مترادف ہے۔چوہدری اخترحسین نے کہاکہ وقف املاک پرقبضہ کرنے والوں کوبھاجپاکے وزراء اورممبران اسمبلیوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ چھتریاں سچیت گڑھ میں 30کنال وقف اراضی پرغیرقانونی طورپرسٹیڈیم تعمیرکیاگیا،ٹیہ چوہانہ میں 24کنال سے130درخت کاٹے گئے ،بشناہ باغ جوگیاں قبرستان جو1884میں 65کنال تھامحض 2کنال رہ گیاہے۔انہوں نے کہاکہ چوہالہ ،گیگاں،کھاریاں ،نانڈاآرایس پورہ میں بھی قبرستانوں پرقبضہ کرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقف املاک کے ریکارڈبھی تبدیل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آرایس پورہ میں محکمہ مال کاریکارڈ تین دفعہ نذرآتش کرکے فرقہ پرستوں نے نام تبدیل کائے جبکہ مڑھ،اکھنوراورآرایس پورہ میں مسلمانوں کے قبرستان پربھی قبضہ کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ انتہائی حساس معاملا ت پرحکومت کی خاموشی پرتشویش کااظہارکیا۔ اس دوران اجلاس میں امیرالدین کسانہ، فرنان علی ،بشیرنون،فتح علی وغیرہ بھی موجودتھے۔
ڈی جی پی اتوارکوپالتوجانوروں کے شوکاافتتاح کریں گے
جموں//’جانوروں پرمظالم کی روکتھام‘کے موضوع پراتوارکے روز منعقدہونے والی مجوزہ ورکشاپ کاافتتاح چیئرپرسن پولیس وائیوز ویلفیئرایسوسی ایشن بھارتی وید کریں گی جبکہ ورکشاپ کے دوران ڈائریکٹرجنرل آف پولیس ایس پی وید ’پالتوجانوروں‘کے شوکاافتتاح کریں گے۔ورکشاپ کاانعقاد ایس یووی آئی ڈی ایچ اے ۔جانوروں کی بہبودکیلئے قائم سماجی تنظیم کی جانب سے کیاجارہاہے ۔اس دوران ورکشاپ کامقصدجانوروں پرہونے والے مظالم کی روکتھام اوران کی صحت سے متعلق امورات زیربحث لائے جائیں گے۔ورکشاپ میں لوگ اپنے پالتوجانوروں کے ساتھ شریک ہوں گے اورپالتوجانوروں کے شومیں 200سے زیادہ پالتوجانورحصہ لیں گے۔شوکے دوران ریبیزکی ٹیکہ کاری،ڈی وارمنگ ،ٹکس ٹریٹ منٹ وغیرہ اہم حصے ہوں گے۔
جامع مسجد پل توی میں عظمت مصطفی کانفرنس منعقد
جموں//جامع مسجدشریف حنفیہ غوثیہ پل توی جموں میں یک روزہ عظمتِ مصطفی ؐکانفرنس کاانعقادکیاگیاجس میں کثیرتعدادمیں عاشقان رسول ؐنے شرکت کی۔اس دوران حضرت مولانا عبدالرشیددائودی مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں شرکاء سے سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مطابق اپنی زندگی گذارنے پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ حضوراکرم ؐ اوردیگرانبیاء کرام کی عظمت پرجس قدربیان کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کے دورمیں مسلمانوں کے مسائل کی اصل وجہ حضوراکرم ؐ کی تعلیمات سے دوری ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ دنیاکی محبت کواپنے دلوں میں پیدانہ ہونے دیں۔اس دوران کانفرنس کی صدارت حاجی عبدالمجیدنے کی۔اس موقعہ پر دیگرعلماء کرام نے بھی خیالات کااظہارکیا۔مجلس ہذامیںموجودمعززافرادمیںمفتی محمدرفیق نعیمی ،خطیب جامع مسجد ،مولانامحمدیونس قادری ،حافظ قاری عبدالرشید مصباحی ،مولانابشیراحمد قادری،حافظ وقاری مولانامحمداقبال اشرفی،مولانانثاراحمد خان سابقہ وزیر، قاری منظوراحمد ودیگران شامل تھے۔
کاوفدوزیرمال سے ملاقی EPTWS
جموں//اویکیوپراپرٹی ٹیننٹ ویلفیئرسوسائٹیکے وفدنے رکن اسمبلی جموں ایسٹ ست شرما کی قیادت میں وزیربرائے مال وپارلیمانی امورعبدالرحمان ویری سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔اس دوران وفدنے اویکیوپراپرٹی کے رہائشیوں کے حقوق پرتبادلہ خیال کیا۔اس دوران ایم ایل اے جموں ایسٹ نے وزیرموصوف کوویلفیئرسوسائٹی کی دیرینہ مانگ کوپوراکرنے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ اس مسئلے کوسابقہ حکومتوں کے ساتھ وقتاًفوقتاً اُجاگرکیاجاتارہالیکن جدوجہدکے باوجودمانگ کوپورانہیں کیاگیا۔ وزیربرائے محکمہ مال وپارلیمانی امور عبدالرحمن ویری نے یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدکرکے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دوران وفدمیں سورج شرما ،جیوتی وید ،محمدشریف ،تیج رام، جمشیداختر، رومیش سودن، رومیش شرما،ونے بھوشن،پرویندرکور، سوشانت گپتا ،سنی چھبر،چوہدری منیر، سریشٹادیوی اوربندی شرما شامل تھے۔
وفود کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات
جموں/بانڈی پورہ ضلع کے حاجن اور اجس علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔وفود نے وزیر اعلیٰ کو اپنی ترقیاتی اور تعلیمی ضروریات سے آگاہ کیا اور انہیں پورا کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کی مداخلت طلب کی۔وفود نے اُن کے اضلاع میں ایک عوامی دربار منعقد کرانے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا او رکہا کہ اس دربار کے بعد ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں نے رفتار پکڑ لی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔
وائیلڈ لائف کے عالمی دِن کے موقعہ گورنر کا پیغام
جموں/گورنر این این ووہرا نے ورلڈ وائیلڈ لائف ڈے جو کہ ہر سال 3؍مارچ کو منایا جاتا ہے کے موقعہ پر مبار ک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا ہے کہ ریاست میں یہ دِن منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ریاست میں موجود حیاتیاتی تنوع کو تحفظ دینے کے حوالے سے عام لوگوں میں بیداری پیدا کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کو تحفظ دینے سے نہ صرف ماحولیاتی توازن مستحکم ہوتا ہے بلکہ ترقیاتی عمل کے مختلف پہلوئوں کو بھی تقویت دینے میں مدد ملتی ہے ۔گورنر نے کہا کہ اس سال اس دِن کا موضوع ہے ’’ بِگ کیٹس ۔پریڈیٹرس انڈر تھرٹ‘‘ کو اس زمرے کے جانوروں کو تحفظ دلانے کے لئے مؤثر ڈھنگ سے استعمال میں لایا جانا چاہیئے ۔انہوں نے سماج کے ہر ایک طبقے پر زور دیا ہے کہ وہ مِل جُل ایسے اقدامات اٹھائیں جن سے وائیلڈ لائف خاص طور سے نابو د ہونے والے اقسام کو تحفظ مل سکے۔
یوسف بٹ کی صدارت میں پرولیج کمیٹی کااجلاس
جموں/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پرولیج کمیٹی کی میٹنگ آج ایم ایل اے محمد یوسف بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دوران ایم ایل اے گاندربل شیخ اشفاق جبار کی طرف سے سے پیش کی گئی ایک مخصوص شکایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ارکان قانون سازیہ عثمان عبدالمجید ، دیناناتھ بھگت ، بشیر احمد ڈار، رویندر رینہ کے علاوہ شیخ اشفاق جبار نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔متعلقہ حکام کی طرف سے اطمینان بخش جواب ملنے کے بعد پینل نے شکایت نمٹانے کا فیصلہ کیا۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل اور اسمبلی کے سیکرٹری ایم آر سنگھ بھی اس موقعہ پر موجو دتھے
تاریگامی گورنرسے ملاقی
جموں/ایم ایل اے کولگام ایم وائی تاریگا می نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن اور معمول کے حالات کی بحالی سے جڑے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انتظامی انتظام کے کام کاج میں شفافیت لانے اور عوامی اداروں خاص طور سے بینکوں میں جواب دہی کو فروغ دینے جیسے امور کو بھی زیر بحث لایا ۔گورنر نے عوامی بہبود کے کاموں کو فروغ دینے کے لئے ایم وائی تاریگامی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تاریگامی پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے اقدامات جاری رکھیں تاکہ لوگ مستفید ہوسکیں۔علاوہ ازیں جموں و کشمیربچاؤتحریک کے صدر اور سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے راج بھون میں ریاست کے گورنر این ۔این ووہرا سے ملاقات کی اور انہیں ریاست کے سیاسی اور اقتصادی صورت سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی انہوں نے گورنر کو ریاست میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری اور کورپشن کے علاوہ چور دروازے سے مختلف محکموں میں ہوئے بھرتی سے بھی جانکاری دی۔عبدالغنی وکیل نے گورنر موصوف سے میوہ صنعت کی ابتر حالت کا بھی ذکر کیا اور کہا میوہ صنعت کے فروغ کے لئے آج تک وادی میں خاص کر سوپور فروٹ منڈی میں جوس فیکٹری اور کولڈ سٹور قائم نہیں کیا گیا ہے۔ساتھ ہی سرکار نے کے۔سی۔سی لان معاف کرنے کا جو وعدہ کیا تھا ۔وہ بھی پورا نہیں کیا۔انہوں نے گورنر صاحب کو ان تمام حالات سے آگاہ کیا ۔جس وجہ سے روز بروز وادی کے نوجوان قومی دھارے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔گورنر صاحب نے عبدالغنی وکیل کو یقین دلایا کہ سرکار ہر وہ اقدام اُٹھانے پابند ہے جس سے ریاست میں امن قائم ہو اور نوجوانوں میںغیریقینیت ختم ہو سکے۔
ڈاکٹر ایم آئی پرے کے اعزازمیں الوداعیہ
جموں/جموں وکشمیر انٹر پرینور شپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم آئی پرے کو گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا جو آج اپنی نوکری سے سبکدوش ہوئے ۔اس حوالے سے جموں میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر پرے کی عزت افزائی کی گئی اور ان کے تعمیری رول کو اُجاگر کیا گیا۔صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت حسین رضوی اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔چندر پرکاش گنگا نے اس موقعہ پر ڈاکٹر پرے کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست میں کارخانہ داری کے جذبے کو پروان چڑھایا اور اُن کی خدمات کو ایک لمبے عرصے تک یاد کیا جائے گا۔ دیگر مقررین نے بھی اس موقعہ پر ڈاکٹر پرے کی بے لوث خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ڈاکٹر پرے نے اپنا کیرئیر امپا میں 1987ء میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر شروع کیا اور انہیں 2003ء میں جے کے ای ڈی آئی کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔
راتھر کی صدارت میں ایتھکس کمیٹی میٹنگ
جموں/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔اس موقعہ پر بارہویں قانون ساز اسمبلی کی دوسری رپورٹ پر تبادلہ خیال ہوا جس سے اس سال بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں پیش کیا گیا تھا۔ارکان قانون سازیہ عبدالرشید ڈار، عبدالمجید لارمی، راجا منظور احمد اور نیلم کمار لنگے نے میٹنگ میں شرکت کرکے کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں ۔ کمیٹی نے اگلی میٹنگوں کے حوالے سے حکمت عملی بھی وضع کی۔دیگر لوگوں کے علاوہ سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
سرحدی علاقوں میںبنکروں کی تعمیرکامعاملہ
جے ڈی یووفد نے گورنر کے ساتھ زیربحث لایا
جموں/جنتا دل یونائیٹیڈ کا ایک چار رکنی وفد پارٹی کے ریاستی صدر جی ایم شاہین کی قیادت میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا۔وفد نے گورنر کو لوگوں کو درپیش مشکلات بالخصوص ملی ٹنسی اور کراس باڈر فائرنگ سے پید ا شدہ مصائب کے بارے میں جانکاری دی ۔ وفد نے سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کے لئے بنکروں کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سلیکشن عمل میں شفافیت لانے کا معاملہ بھی سامنے رکھا۔گورنر نے وفد کے احساسات کی ستائش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبود کے کام جاری رکھیں۔
کوٹ بلوال جیل میں قیدیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں:انجینئر
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند وں کے ساتھ ملاقات کرکے انکے حالات جاننے کی کوشش کی تاہم جیل حکام نے انہیں ملاقات کی اجازت نہ دیکر واپس لوٹا دیا۔انجینئر رشید نے اسے جیل حکام کی ظالمانہ حرکت قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ’’مجھے کوٹ بھلوال جیل کے حکام نے کہا کہ انہیں ڈی جی جیل کی طرف سے سخت ہدایات ہیں کہ کشمیری نظربندوں کے چنندہ افراد خانہ کے سوا کسی کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔حالانکہ اس طرح کے احکامات غیر قانونی،غیر انسانی اور نظربندوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ہیں‘‘۔انجینئر رشید نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب سے سرینگر کے ایک اسپتال سے ایک قیدی پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا ہے حکام نے سبھی نظربندوں اور انکے رشتہ داروںسے ایک طرح کا بدلہ لینا شروع کیا ہے یہاں تک کہ سرینگر کی سنٹرل جیل سے لیکر کوٹ بھلوال تک سبھی جیلوں میں سبھی قیدیوں کو مختلف طریقوں سے ستایا جارہا ہے۔انہوں نے عالمی سطح پر سرگرم انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے جموں کشمیر کی جیلوں کی جانب توجہ کرکے یہاں کے قیدیوں پر ہورہے ظلم کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔