پی ڈی پی خواتین کی بہبودکیلئے کوشاں:وجے ڈوگرہ
جموں//یوم خواتین کے موقعہ پرپی ڈی پی خواتین ونگ کی طرف سے پارٹی دفترمیں میٹنگ منعقدکی گئی جس کی صدارت پی ڈی پی خواتین ونگ کی صدروجے ڈوگرہ نے کی۔اس دوران میٹنگ میں خواتین ونگ ضلع صدوراوردیگرخواتین پارٹی کارکنان نے شمولیت کی۔اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے وجے ڈوگرہ نے حکومت کی پالیسیوں کی ستائش کی۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں قائم حکومت خواتین کی ترقی اورانہیں اختیاردینے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمدسعیدصاحب نے بہت کم وقت میں عورت کوبااختیاربنانے کیلئے بے شمارپروگرام اوراسکیمیں شروع کیں۔ڈوگرہ نے کہاکہ موجودہ سرکارخواتین کوبااختیاربنانے کی وعدہ بندہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی خواتین کی بہبودکیلئے مختلف بہبودی سکیموں کی عمل آوری کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے اس بات پرزوردیاکہ خواتین پارٹی کومضبوط بنائیں۔انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ سماج کی ترقی کیلئے آگے آئیں ۔میٹنگ میں وجے ڈوگرہ کے علاوہ جسمیت پانڈے، گردیپ کور، جسی گاندھی، رجنی شرما، نگہت چودھری،پروین اختراورانتیادیوی وغیرہ موجودتھیں۔
ملازموں اور پنشنروں کے حق میںمہنگائی بھتہ قسط واگذارکرنے کامطالبہ
جموں//مرکزی سرکاری ملازموںکو جنوری 2018سے مہنگائی بھتہ کی2فیصد قسط واگزار ہونے کے پیش نظر آل جموں و کشمیر لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے صدر عبدالمجید خان نے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے ملازموں اور پنشنروں کے حق میں بھی جلد2فیصد منگائی بھتہ کی قسطہ جلد واگزار کرے تاکہ روز بروز بڑھ رہی منگائی کے اس دور میں ملازموں کو کچھ راحت مل سکے۔فیڈریشن کے چیف نے ریاستی سرکار سے کہا کہ وہ اپریل2018میں ریاست کے سرکاری ملازموں کے حق میں ساتویں مرکزی تنخواہ کمیشن کی سفارشات کو عملی جامہ پہنانے کے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اس سلسلے میں بغیر کسی تاخیر کے آرڈر جاری کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈیلی ویجروں کی یومیہ اجرت /350روپے کرنے، لمبر داروںکے مشاہرے میں اضافہ کرنے اور آنگن واڑی ورکروں،ہیلپروں، آر ای ٹی ٹیچروںکے مطالبات پورے کرنے اور پنشنروں کو ماہانہ 1000روپے میڈیکل الائونس دینے کا مطالبہ کیا۔
ڈینٹل کالج وانسٹی ٹیوٹ میں اورینٹیشن لیکچر
جموں//ڈینٹل پلسز اکادمی کی جانب اندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج اور انسٹی چیوٹ آف ڈینٹل سائنسزسہورا جموںمیں اپنی قسم کے پہلے اورنٹیشن لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ڈاکٹر گیانندراتریش آتھرڈنیٹل ایکسپلورنے اس موقعہ پر لیکچر دیا۔جبکہ ڈاکٹر نیہا سیٹھی نے آئی ڈی ایس سہورامیں تمام ڈینٹل مضامین سے متعلق پرزنٹیشن پیش کی۔ڈینٹل پلس اکادمی ایک اہم ادارہ ہے جہاں پر ایم ڈی ایس کی کوچنگ دی جاتی ہے۔اور اس ادارہ کے بہت سارے طلبأ نے نیٹ ۔ ایم ڈی ایس کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔ڈی پی اے کی جانب سے 11مارچ2018کو جموں میں سکالر شپ ٹیسٹ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔
مہلاکانگریس کاخواتین کیلئے بیداری مہم چلانے کااعلان
صحت و صفائی کے بارے میں جانکاری دی جائے گی
جموں//بین الاقوامی یوم خواتین کے سلسلے میں جموں و کشمیر پردیش مہلا کانگریس کی جانب سے یکم مارچ سے 8 مارچ تک ایک مہم کا اہتمام کیا گیا اس دوران سماج کے پچھڑے ہوئے طبقوں خصوصی طور سے خواتین کو صحت و صفائی کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔اس دوران وندنا منکوٹیہ، سنتوش شرما،سشماچوہدری،گیتا ڈوگرہ،وینا کماری،بھوپندر کور کی جانب سے ضلع کے متعدد مقامات پر بیداری کیمپوں کا اہتمام کیا گیا جن میں خواتین کو ان کے بنیادی حقوق ، تعلیم کے حصول اور صحت و صفائی کے بارے میں ضروری جانکاری فراہم کی گئی۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ خواتین کو قانون سازیہ ، پنچائتوں اور لوکل باڈیز میں 33فیصد ریزرویشن دینا گانگریس کی ہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنا نے کے لئے تمام ضلع صدور کا شکریہ ادا کیا گیا۔ پوار نے اس موقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ سال 2019سے قبل خواتین ریزرویشن بل پاس کرائیں۔انہوں نے کہا کہ مہلاکانگریس خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
مختلف شعبوں میںخواتین کی حصولیابیاں
وومن کالج گاندھی نگرمیں تقریب کاانعقاد
جموں//گورنمنٹ پی جی کالج برائے خواتین گاندھی نگر کی جانب سے یوم خواتین کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ کالج کی پرنسپل پروفیسر کوشل سموترہ نے اس موقع پر خواتین کی جانب سے زندگی کے مختلف شعبوں میںحصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خواتین کی حصولیابیوں کو اجا گر کیا۔اس موقعہ پر کالج کی کافی تعداد میں طالبات اور تدریسی عملہ بھی موجود تھا۔
پنتھرس آفس سکریٹری کی والدہ کا انتقال
پارٹی کا تعزیتی اجلاس، رنج و غم کا اظہار
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے ایکزیکیوٹیو آفس سکریٹری سہدیو سنگھ کی والدہ ملام دی کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرنے کے لئے یہاں پنتھرس پارٹی کے نئی دہلی میں واقع ہیڈکوارٹر میں ہنگامی میٹنگ کی گئی۔ محترمہ ملام دی کا دو ہفتہ قبل نئی دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ وہ69برس کی تھیں۔پنتھرس پارٹی کی تعزیتی میٹنگ میں محترمہ ملام دی کے کنبہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا نیز ان کی روح کو سکون کے لئے دعا کی گئی۔محترمہ ملام دی کاپڑ گاوں ، ڈسٹرکٹ پوری گڑھوال، اتراکھنڈ سے تعلق رکھتی تھیں ۔ ان کے لواحقین میں تین بیٹے، ایک بیٹی اور کنبہ کے دیگر لوگ شامل ہیں۔پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے تعزیتی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پنتھرس پارٹی کے ایکزیکیوٹیوآفس سکریٹری کی والدہ کے افسوسناک اور اچانک انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وائس چیئرمین جے کے سیمنٹس لمٹیڈ وزیراعلیٰ سے ملاقی
جموں/وائس چیئرمین جے کے سیمنٹس لمٹیڈ انجینئر نذیر احمد یتونے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی ۔انہوں نے انڈرٹیکنگ سے جڑے کئی معاملات وزیرا علیٰ کی نوٹس میں لائے اور ان کے حل کا مطالبہ کیا۔ وائس چیئرمین نے موجودہ خسارے کی صورتحال سے باہر آنے کے لئے جے کے سیمنٹس کو ایک مرتبہ مالی تعاون دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے مختلف محکموں کی ادائیگیوں کو کو کلیئر کرنے ، بجٹری تعاون ، مائیگرنٹ سیلری اور کئی دیگر معاملات بھی وزیراعلیٰ کے سامنے رکھیں۔وزیراعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پر مناسب کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔
ایمز پروجیکٹ :ویاس نے پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں/چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران سانبہ اور اونتی پورہ میں تعمیر ہور ہے ایمز پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، تعمیرات عامہ ، پی ایچ ای ، بجلی اور محکمہ جنگلات کے انتظامی سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈویژنل کمشنر جموں اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر سی پی ڈبلیو ڈی کو اراضی کی منتقلی ، بجلی ، پانی ، سڑک رابطوں کی فراہمی اور تار بندی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے تمام اہم کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ سی پی ڈبلیو ڈی کی طر ف سے پروجیکٹوں پربنیادی کام شروع کیا جاسکے ۔انہوں نے پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم سے کہا کہ وہ متواتر طور متعلقہ محکموں کے ساتھ پیش رفت کا جائزہ لیا کریں۔
ایجنڈا آف الائنس
چیف سیکرٹری نے کارروائی کا جائزہ لیا
جموں/چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے آج یہاں انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دورا ن ’ایجنڈا آف الائنس ‘ کی محکمانہ بنیادوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔کمشنر سیکرٹر ی جی اے ڈی نے میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے کی جارہی کارروائی کا خاکہ پیش کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف محکموں کی طرف سے ایجنڈا آف الائنس میں درج ایجنڈا نکات کو پورا کرنے کے عمل میں مزید بڑھاوا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کارروائی کو ایجنڈا آف الانس کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے قائم کی سب کمیٹی کو پیش کیا جانا چاہیئے۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اَپ ڈیٹیڈ سٹیٹس رپورٹ جی اے ڈی کو پیش کریں۔
اے ایس ایچ محکموں کے کام کا ج کا جائزہ
کوہلی کا ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور
جموں/پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے متعلقہ محکموں سے کہا ہے کہ وہ تمام ترقیاتی پروجیکٹوں پر ہور ہے کام میں سرعت لائیں۔انہوںنے خاص طور سے سٹاک اسسٹنٹ ٹریننگ انسٹی چیوٹ بڑی براہمنا ، پولٹری فارم نگروٹہ اور بیلیچرانہ کا ذکر کیااور کہا کہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندراندر مکمل کیا جانا چاہیئے ۔وزیر نے اس موقعہ پر آے کے وی وائی ، ڈی ای ڈی ایس اور پولٹری ڈیولپمنٹ پروگراموں کی عمل آوری اور حصولیابیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ملازمین کو درپیش کئی معاملات کو بھی زیر بحث لایا ۔انہوں نے ادویات کی خرید سے جڑے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے کہا کہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں مناسب عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو ان محکموں کی سکیموں سے روشناس کرایا جانا چاہیئے تاکہ وہ سکیموں سے زیادہ سے زیادہ سے استفادہ کرسکیں۔اس میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن آرکے بھگت ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں وائی ڈی شرما کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگرا علیٰ افسران بھی موجود تھے۔
جنگلات اراضی پر ناجائز قبضہ ناقابل برداشت : لال سنگھ
جنگلات کی اراضی کی حد بندی کرنے کی ہدایت دی
جموں/جنگلات و ماحولیا ت کے وزیر چودھری لال سنگھ نے جموں صوبے کے ڈویژنل فارسٹ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کر کے باز یاب کی گئی جنگلی اراضی کی فوری حد بندی کرائیں تاکہ اس پر مزید ناجائز قبضہ نہ کیا جاسکے ۔ اس حوالے سے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے کہا ہے کہ اس اراضی پر ناجائز قبضے کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔پی سی سی جنگلات روی کیسر کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجو دتھے۔وزیر نے افسروں پر زور دیاکہ وہ ان سرکاری ملازمین اور نجی افراد کی فہرست تیار کریں جو جنگلات پر ناجائز قبضہ کرنے میں ملوث ہوںتاکہ ان کے خلاف فارسٹ ڈیپارٹمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔لال سنگھ نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے پاس کافی وسائل موجود ہیں اور ہوشیار نہ رہنے کی صورت میں پورے جنگلات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک حد بندی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ وہ ریاست بھر میں جنگلاتی اراضی کو غیر قانونی قبضے سے چھڑا سکیں۔
ایم ایل اے گاندربل گورنر سے ملاقی
جموں/ایم ایل اے گاندربل شیخ اشفاق جبار میں راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو اپنے حلقے کے مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دی اور یاترا کے راستے میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔گورنر نے ایم ایل اے موصوف کے جذبات کی ستائش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پُر امن ماحول کے قیام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ علاقے میں عوامی بہبود کے لئے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔
میر کی صدارت میں ایسٹمیٹس کمیٹی کااجلاس
کمیٹی کومزیدفعال بنانے کیلئے آراء پیش
جموں/قانون ساز اسمبلی کی ایسٹیمیٹس کمیٹی کی میٹنگ یہاں ایم ایل اے محمد اشرف میر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر کمیٹی کی کارکردگی پر غور و خوض کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیاگیا۔ارکان قانون سازیہ مبارک گل ، حکیم محمد یاسین ، چودھری سکھ نندن کمار ، عبدالمجید پڈر ، چودھری قمر حسین ، شکتی راج پریہار اور ڈاکٹر شہناز گنائی نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی مزید فعال بنانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آرا پیش کیں۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیاگیا کہ 21؍ مارچ2018ء سے کمیٹی ممبئی ، گوااور بنگلور کے سٹیڈی ٹور پر روانہ ہوگی۔سپیشل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی آر ایل شرما کے علاوہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر افسران میٹنگ میںموجود تھے۔
جھونو ۔ دھال پار سڑک کی بلیک ٹاپنگ
ایم ایل اے چننئی نے کام کا آغاز کیا
جموں//ایم ایل اے چننئی دیناناتھ بھگت نے حلقہ انتخاب چننئی میں تین کلومیٹر جھونو۔ دھال پار سڑک پر بلیک ٹاپنگ کام کا آغاز کیاجس پر نبارڈ کے تحت 90لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بھگت نے کہا کہ یہ علاقے کے لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی اور اس کام کی تکمیل سے درجنوں دیہات کو بہتر سڑک رابطے کی سہولیت فراہم ہوگی۔ایم ایل اے نے کہا کہ آر اینڈ بی سیکٹر کے تحت کئی اور ترقیاتی سرگرمیاں حلقہ انتخاب میں جاری ہے ۔
خورشید عالم نے پرولیج کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی
جموں/جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی پرولیج کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل سی محمد خورشید عالم کی صدارت میں یہاں منعقد ہوئی۔ارکان قانون سازیہ ٹھاکر بلبیر سنگھ، صوفی یوسف اور سریندر چودھری نے میٹنگ میں شرکت کی۔ارکان قانون ساز یہ کی طرف سے دی گئی کئی تحریک استحقاق پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا ۔ ان ارکان قانون سازیہ میں قیصر جمشید لون ، سریندر کمار چودھری ، جی ایل رینہ اور محمد مظفر پرے شامل تھے جنہوںنے یہ تحریک چیف الیکٹورل آفیسر ، سپر انٹنڈنگ انجینئر ، الیکٹرک سرکل سوپور اور ایگزیکٹیو انجینئر الیکٹرک ڈویژن کپواڑہ کشمیر ، ریذیڈنٹ کمشنر نئی دلی ، ڈپٹی کمشنر راجوری ، ڈائریکٹر لوکل باڈیز اور ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ کے خلاف پیش کی ۔سپر انٹنڈنگ انجینئر الیکٹر ک سرکل سوپور اور ڈائریکٹر ایسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ کی طر ف سے تسلی بخش جواب دینے پر کمیٹی نے ان کے خلاف تحریک استحقا ق خارج کی۔سپیشل سیکرٹری کونسل محمد اشرف وانی و دیگر سینئر افسران میٹنگ میںموجود تھے۔
نقلی ادویات پر ہاوس کمیٹی کااجلاس
جموں/جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کی نقلی ادویات پر منعقدہ ہاوس کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل سی محمد خورشید عالم کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔ ارکان قانون سازیہ نریش گپتا ، شوکت حسین گنائی اور رومیش اروڑہ نے میٹنگ میں شرکت کی۔کمیٹی نے ریاست کے سرکاری طبی ادارو ں میں فراہم کی جارہی نقلی ادویات کے سلسلے میں کئی معاملات پر تفصیلی غور و خوض ہوا۔سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی و دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔
معزز شہریوں پنشنروں کیلئے طبی امداد
چیف سیکرٹری نے سہولیات کا جائزہ لیا
جموں/چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے معزز شہریوں اور مرکزی حکومت کے پنشنروں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات سے متعلق معاملات پر غور وخوض کیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، صنعت و حرفت جنر ل ایڈمنسٹریشن ، سماجی بہبود کے انتظامی سیکرٹری ، سینٹرل گورنمنٹ پنشنرس ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر اور ممبران اور سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سینٹرل گورنمنٹ ہیلتھ سکیم کے تحت متعلقہ مستحقین کو طبی سہولیات سی جی ایچ ایس ویلنس سینٹرس کے ذریعے فراہم کی جار ہی ہے اور ان میں سے ایک مرکز جموںمیں قائم ہے ۔ مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ ایسا ہی ایک ویلنس سینٹر سرینگر میںکھولنے کی منظوری دی جائے ۔میٹنگ کے دوران اولڈ ایج ہوم امپھلا میں مقیم معزز شہریوں کی طبی جانچ سے متعلق معاملات ، سرکاری ہسپتالوں میںمعزز شہریوں کے لئے طبی سہولیات ، مستحقین کو ادویات کی فراہمی ، مقامی دوا فروشوں کی ایمپنلمنٹ جیسے معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔